بدھ, 09 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

 


ایمزٹی وی(اسلام آباد) پاکستان، چین اور روس کے مابین سیکریٹری سطح کی سہ فریقی مذاکرات 27 دسمبرکوماسکو میں ہوگی۔ ان مذاکرات کاایجنڈا افغانستان میں امن کی بحالی ہے۔

روس کو افغانستان میں داعش کے پھیلاؤ اور اثرورسوخ سے سخت تشویش ہے۔ روس افغانستان کے حوالے سے مختلف فریقین کوایک میز پرلانے کیلیے سرگرم کردار ادا کرناچاہتا ہے۔

ماسکو میں ہونیوالے ان مذاکرات میں پاکستان کی نمائندگی سیکریٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری کریں گے۔ روس کی جانب سے افغانستان کیلیے خصوصی ایلچی ضمیر کابلوف اورچین کے خصوصی ایلچی ڈینگ شی جن ول ان مذاکرات میں شریک ہوں گے۔

 

 

ایمز ٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک) 2016 دنیا کی معلوم تاریخ کا گرم ترین سال قرار پانے کے قریب ہے مگر 2017 بھی اس حوالے سے کچھ زیادہ پیچھے نہیں رہے گا۔

یہ انتباہ برطانوی سائنسدانوں کی جانب سے سامنے آیا ہے۔

برطانوی محکمہ موسمیات کے پروفیسر ایڈم سکافی کے مطابق 2016 گرم ترین سال رہا جس کی وجہ گلوبل وارمنگ اور بحر اوقیانوس میں ایل نینو کی لہر تھی مگر 2017 اس حوالے سے کچھ کم ثابت نہیں ہوگا اور انسانی تاریخ کا تیسرا گرم ترین سال ثابت ہوسکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا ' اگلا سال 2016 کی طرح ریکارڈ شکن تو نہیں ہوگا مگر پھر بھی یہ بہت گرم سال ثابت ہوسکتا ہے'۔

انہوں نے کمپیوٹر ڈیٹا سے تیر کردہ ایک رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ 2017 میں درجہ حرارت میں کچھ کمی سے کسی کو یہ خیال نہیں ہونا چاہئے کہ انسانوں کی وجہ سے آنے والی موسمیاتی تبدیلیاں بہتر ہورہی ہیں بلکہ اس کی وجہ ایل نینو کی لہر ختم ہونا ہوگا۔

برطانوی محکمہ موسمیات کی پیشگوئی ہے کہ 19 ویں صدی کے وسط سے مرتب والے ریکارڈز کے مطابق 2015 اور 2016 کے بعد 2017 تیسرا گرم ترین سال ثابت ہوگا۔

یو ایس نیشنل اسنو اور آئس ڈیٹا سینٹر کے دسمبر کے وسط کے ڈیٹا سے بھی اندازہ ہوتا ہے کہ موسم میں کوئی خاص تبدیلی نہیں آئے گی کیونکہ درجہ حرارت میں اضافے کی علامت آرکٹک اوشین اور انٹار کٹیکا کے گرد سمندری برف کی سطح میں کمی ہے۔

اگلے سال اوسط عالمی درجہ حرارت 0.75 ڈگری سینٹی گریڈ ہوگا جو کہ 1960 سے 1990 کے مقابلے میں زیادہ ہوگا۔

2016 میں اوسط درجہ حرارت 0.86 سینٹی گریڈ رہا اور یہ پیشگوئی برطانوی محکمے کی جانب سے گزشتہ سال ہی کردی گئی تھی جو درست ثابت ہوئی۔

اس وقت ماہرین نے انتباہ کیا تھا کہ درجہ حرارت میں اضافے سے غیر متوقع ایونٹس سامنے آسکتے ہیں جن کے بارے میں قبل از وقت پیشگوئی کرنا ممکن نہیں۔

 

 


ایمزٹی وی(تجارت) فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نے چین سے درآمد ہونے والے الیکٹرک ہیٹر، وائیڈ رینج الیکٹرک ہیٹرز، پیڈسٹل سن ہیٹرز اور فین ہیٹرز پر کسٹمز ڈیوٹی کے تعین کے لیے ویلیو ایشن میں کمی کردی ہے جس کے باعث رواں سردیوں میں چین سے درآمد کردہ الیکٹرک ہیٹرز سستے ہونے کی توقع ہے۔

اس ضمن میں ایف بی آر کے ماتحت ادارے ڈائریکٹوریٹ جنرل کسٹمز ویلیو ایشن کی جانب سے نئی ویلیو ایشن جاری کردی گئی ہیں جس میں ڈائریکٹوریٹ جنرل کسٹمز ویلیوایشن نے ہیٹرزکی درآمدی ویلیو اور قیمت کا تعین کرنے کے لیے اور ڈیوٹی کے نفاذ کے لیے مختلف کمپنیوں کے ہیٹرزکو 3 کیٹیگریز میں تقسیم کیا ہے، کیٹگری اے میں بلیک اینڈڈیکر،کین ووڈ، فلپس، بران، سانیو، ڈاؤلینس، ڈیلونگی، سائمن، ہٹاچی، مولی نکش اور رینائی کو شامل کیا گیا ہے جبکہ کیٹگری بی میں ویسٹ پوائنٹ، بیسٹر، سپر رعنائی، جیکپاٹ، سیکو، سیک، ڈیورن، ٹورس، سوگو، ڈیپاس سمیت دیگر کمپنیاں شامل ہیں اورکیٹیگری سی میں سیٹر، ناول، پیسکوئے، پرائم، لائن، ایچ ایم، ہاؤس ماسٹر سمیت دیگر شامل ہیں۔

ڈی جی کسٹمز ویلیوشن کراچی کی جانب سے جن الیکٹرک ہیٹرز کی کسٹمز ویلیو ایشن کو تبدیل کیا گیا ہے ان میں 2 راڈز پر مشتمل 800 واٹ، 2 راڈ کے 1200واٹ کے الیکٹرک ہیٹر، ملٹی پل راڈ کے حامل 2 ہزار واٹ کے الیکٹرک ہیٹر، 600 واٹ کے 1 راڈ کے سن ہیٹر ٹیبل، 1راڈ کے ہزار واٹ کے سن ہیٹر ٹیبل، 1 راڈ کے 1500واٹ کے سن ہیٹر ٹیبل، 1ایک راڈ کے ہزار تا 1500 واٹ کے بغیر ریموٹ کنٹرول پیڈسٹل سن ہیٹر، ریموٹ کنٹرول والے 1 راڈ کے ہزار تا 1500 واٹ کے پیڈسٹل سن ہیٹر جبکہ ہزار تا1500 سو واٹ کے ریموٹ کنٹرول اور ریموٹ کنٹرول کے بغیر فین ہیٹرز شامل ہیں۔

ڈائریکٹوریٹ جنرل کسٹمز ویلیو ایشن کی جانب سے جن ہیٹرز کے لیے کسٹمز ویلیو ایشن کا تعین کیا گیا ہے ان کے برانڈ نیم کی بھی تفصیلات دی گئی ہے اور کسٹمز رولنگ تمام کلکٹریٹس سمیت فیلڈ فارمشنز کو بھجوادی ہیں اور کلکٹوریٹس کو ہدایت کی گئی ہے کہ چین سے درآمد کردہ مذکورہ اشیا پر کسٹمز ڈیوٹی کا تعین اس کسٹمز رولنگ میں وضع کردہ کسٹمز ویلیو ایشن پر کیا جائے۔

 

 

ایمز ٹی وی(صحت) قدرت کے کارخانوں میں اصلی درخت اور پتوں کی طرز پر ہالینڈ کے ماہرین نے ایسا مصنوعی پتّہ بنایا ہے جس میں سبز پتوں کی طرح رگیں ہوں گی اور ان میں خام کیمیکل شامل کئے جائیں گے اور پھر سورج کی روشنی سے ان میں تبدیلی ہو کر نئی ادویہ بن سکے گی۔

اس طرح کا مصنوعی پتّہ دوا کا ایک انوکھا کارخانہ بن جائے گا جس سے کئی امراض کا علاج ممکن ہوسکے گا۔ ہالینڈ میں ایندوفن یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کے ماہرین نے ایسا نظام بنایا ہے جو دھوپ سے توانائی حاصل کرکے دوا، کیڑے مار دوائیں اور نئے مفید کیمیکل تیار کرسکے گا۔ اس ایجاد کو ’دوا کی چھوٹی فیکٹری‘ بھی کہا جاسکتا ہے۔

سائنسدانوں نے اس میں سورج کی روشنی جذب کرنے کے لیے ایک خاص مادہ استعمال کیا ہے جبکہ پتہ سلیکانی ربڑ سے بنایا گیا ہے۔ پتے کی باریک نالیوں (رگوں) میں کیمیکل داخل کیا جاتا ہے جو سورج کی روشنی سے کیمیائی ری ایکشن کرتا ہے۔ ایک وقت میں ایک کیمیکل داخل کیا جاتا ہے جو دھوپ کی تمازت سے ری ایکشن سے گزرنے کے بعد کسی مفید کیمیکل ایجنٹ یا دوا میں تبدیل ہوجاتا ہے۔

اس کے لئے ضروری ہے کہ پتے میں داخل کیا جانے والا خام کیمیکل پہلے ہی لیبارٹری میں تیار شدہ ہو اور اس کی خصوصیات کا تعین ہوچکا ہو۔ مختلف دوائیں بنانے کے لئے مختلف کیمیکلز کی ضرورت رہے گی اور ایک وقت میں ایک ہی دوا بنائی جاسکے گی۔

مصنوعی پتے پر کام کرنے والے سائنسدان ٹموتھی نوئیل کا کہنا ہے کہ خواہ آپ کو جنگل میں ملیریا کی دوا بنانی ہو یا پھر مریخ پر پیراسیٹامول تیار کرنی ہو۔ اس کے لیے صرف دوا کی چھوٹی فیکٹری ساتھ رکھیں اور دھوپ سے ری ایکشن کے بعد مفید دوا حاصل کریں۔

 

 


ایمزٹی وی(تجارت) سندھ میں ٹائٹ گیس کے ذخائر کے حوالے سے قوم کو آئندہ سال کے دوران بڑی خوشخبری مل سکتی ہے، سندھ میں ٹائٹ گیس کی تلاش کے مثبت نتائج مل رہے ہیں اور سوئی گیس فیلڈ کے مقابلے میں 3 سے 4 گنا بڑے ٹائٹ گیس کے ذخائر سامنے آ سکتے ہیں جس کے لیے پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ 10کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کررہی ہے۔

گمبٹ ساؤتھ بلاک میں یومیہ 50ایم ایم ایس سی ایف گیس پروسیسنگ سہولت (جی پی ایف۔II) کے باقاعدہ افتتاح کے موقع پر پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ کے ایم ڈی و سی ای او سید وامق بخاری نے خطبہ استقبالیہ میں میں کہاکہ پی پی ایل رواں مالی سال کے دوران 28 کنویں کھودے گی، ملک میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری کے بعد ایسے علاقوں میں بھی تیل و گیس کی تلاش کی سرگرمیاں شروع کی جائیں گی جہاں اب تک کوئی کام نہیں ہو سکا، اس مقصد کے لیے پی پی ایل آئندہ سال کے دوران بلوچستان میں 5نئے کنویں کھودے گی جن کی تعداد کو آئندہ مرحلے میں 12تک بڑھایا جائے گا۔
سندھ میں ٹائٹ گیس کے ذخائر کے حوالے سے قوم کو آئندہ سال کے دوران بڑی خوشخبری مل سکتی ہے، صوبے میں ٹائٹ گیس کی تلاش کے مثبت نتائج مل رہے ہیں اور سوئی گیس فیلڈ کے مقابلے میں 3 سے 4 گنا بڑے ٹائٹ گیس ذخائر سامنے آسکتے ہیں جس کے لیے پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ 10 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کر رہی ہے، سوئی گیس فیلڈ میں گیس کے 13ٹریلین کیوبک فٹ ذخائر ہیں جبکہ سندھ میں ٹائٹ گیس کے 30سے 50ٹریلین کیوبک فٹ ذخائر دریافت ہوسکتے ہیں۔

سید وامق بخاری نے بتایا کہ گمبٹ میں دوسرا گیس پروسیسنگ پلانٹ اپنی مکمل صلاحیت پر کام کررہا ہے اور یومیہ 35 ایم ایم ایس سی ایف پائپ لائن کے معیار کی فروخت ہونیوالی گیس، 680 بیرل کنڈنسیٹ اور 12 ایم ٹی ڈی ایل پی جی کی پیداوار دے رہا ہے جو سالانہ2.3 سے زائد ایم ایم بی او ای کے برابر ہے جس کے نتیجے میں سالانہ105 ملین ڈالرکے زر مبادلہ کی بچت ہو گی۔

 

 

ایمز ٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک) دنیا بھر میں کئی کمپنیوں میں وزن اٹھانے والے کارگو کواڈ کاپٹر ڈرون پر کام جاری ہے لیکن ناروے کی ایک کمپنی نے ایسا میگا ڈرون تیار کیا ہے جو ایک انسان کواٹھا کر30 سے 45 منٹ تک سفر کرسکتا ہے۔

اوسلو کی “میجک ایئر” کمپنی نے ایک ایسا طاقتور ڈرون بنایا ہے جو 225 کلو گرام تک وزن اٹھا کر اڑنے کی صلاحیت رکھتا ہے جسے “جی آر آئی ایف ایف 300″ میگا ڈرون کا نام دیا گیا ہے اور وہ 75 کلوگرام وزنی ہے۔ میگا ڈرون کو ہنگامی حالات، زراعت، حکومتی اداروں اور مدد کے لیے بہت آسانی کے ساتھ استعمال کیا جاسکتا ہے۔

میگا ڈرون ایک مرتبہ چارج ہونے پر 30 سے 45 منٹ تک سفر کرسکتا ہے۔ کمپنی کے مطابق وہ اب ایسے ڈرون پر کام کررہی ہے جسے ہیلی کاپٹر کی جگہ استعمال کیا جاسکے گا اس سے تحقیق، آبی وسائل، زرعی نگرانی ، ارضیاتی سروے اور لوگوں کی مدد کا کام بھی لیا جاسکے گا۔

جی آر آئی ایف ایف 300 ڈرون خود ایک انسان کی طرح لمبا چوڑا ہے لیکن اسے اسمبل کرنا، اڑانا اور قابو کرنا بہت آسان ہوتا ہے۔ اس پر خاص قسم کے کیمرے لگے ہیں جو کاک پٹ اور کیپٹن چیئر دونوں طرح سے منظر دیکھنے کی سہولت فراہم کرتے ہیں جب کہ ڈرون میں لائیو ویڈیو فیڈ، ٹیلی میٹری اور دیگر اہم سہولیات بھی دستیاب ہیں لیکن خریدار اس میں بہت سی تبدیلیاں اور اضافے بھی کرسکتے ہیں۔

میجک ایئر کمپنی نے مسلسل 2 سال تک اس پر کام کیا ہے اور اب یہ آزمائش کے لئے تیار ہے جب کہ کمپنی کے مطابق اس ڈرون کا اگلا ورژن 800 کلوگرام تک وزن اٹھا سکتا ہے۔

 

 


ایمزٹی وی(اسلام آباد) وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر نے کہا ہے کہ پچھلے تین سال کے دوران آڑو کی برآمد میں کمی ہوئی ہے، حکومت زرعی شعبے کی برآمدات میں اضافے کے لئے اقدامات کر رہی ہے۔

سینیٹ اجلاس میں احمد حسن اور دیگر ارکان کے سوالات کے جواب میں وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر خان نے ایوان کو بتایا کہ حکومت زرعی شعبے کی برآمدات میں اضافے کے لئے اقدامات کر رہی ہے جبکہ ملک میں پچھلے تین سال کے دوران آڑو کی برآمد میں کمی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ ،خیبر پختونخوا، جنوبی پنجاب اور دیگر علاقوں میں درآمدی مشینری اور پلانٹس کی قیمت پر پچاس فیصد تک چھوٹ دی جاتی ہے جبکہ ملک بھر میں نئے پلانٹس اور مشینری کی قیمتوں پر سو فیصد مارک اپ کی چھوٹ ہے

 

 


ایمزٹی وی(اسلام آباد)سپریم کورٹ نے فہد قتل کیس میں ازخود نوٹس نمٹا دیا اور فہد ملک کے وکیل کو ہدایت کی ہے کہ وہ دہشتگردی کے سیکشن 7 اے ٹی اے ختم کرنے کے معاملے پر متعلقہ عدالت میں اپیل دائر کرے یہ حکم جمعہ کے روز چیف جسٹس انور ظہیر جمالی نے ان چیمبر سماعت کے دوران جاری کیا ہے.

اس دوران مقدمے کی سماعت کے وقت مقدمہ کی تفتیشی پولیس افسر نے عدالت کو بتایا کہ فہد قتل کیس میں ملوث ملزمان کے حوالے سے چالان مکمل کرکے متعلقہ عدالت میں جمع کروادیا گیا ہے اور مقدمے کی باضابطہ کارروائی جاری ہے .دوران سماعت فہد ملک کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ مقدمے سے 7 اے ٹی اے کی شق ختم کردی گئی ہے جس سے مقدمہ کمزور ہوا ہے اس لئے اس سیکشن کو بحال کیا جائے.

اس پر عدالت نے کہا کہ وہ اس معاملے میں متعلقہ فورم سے رجوع کریں عدالت نے پولیس کو یہ بھی ہدایت کی کہ مقدمے کو آئین اور قانون کے مطابق ڈیل کیا جائے اور متعلقہ میں ملوث ملزمان کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے بعد ازاں عدالت نے درج بالا ہدایات کے ساتھ ازخود نوٹس کیس نمٹا دیا ۔

 

 


ایمزٹی وی(سوات) وزیراعظم نواز شریف کے مشیر امیر مقام کا سوات میں جلسہ عام سے خطاب کے دوران چیئرمین تحریک انصاف پر تنقید کے نشتر برساتے ہوئے کہنا تھا کہ خان صاحب نے یوٹرن میں پی ایچ ڈی کرلیاہے ان کانہ تو اپنے بیانات سے پھرنے کا پتا لگتا ہے اور نہ ہی اپنے ارادوں سے بدلتے ہوئے،انہی جھوٹوں اور یوٹرنز کی وجہ سے 2018 میں ان کے بلے کے ٹکڑے ٹکڑے ہوجائیں گے، جب ان کے وزیراعلی اور تمام وزرا کی تلاشی لی گئی جو عوام کے سامنے سادھو بنے پھرتے تھے وہ سارے کے سارے چور نکلے،انہوں نے پرویز خٹک کو بھی آڑ ےہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ وزیراعلی خیبر پختونخوا نے کرپشن کے تمام ریکارڈ توڑ دئیے ہیں جبکہ خان صاحب کو بھتہ مل رہا ہے جس کی بناءپر وہ اپنی عیاشیوں میں مگن ہیں۔

امیر مقام نے سی پیک سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ مالاکنڈ ڈویژن کو سی پیک کاحصہ بنایا جائےگا،مردان سے سوات تک 102 کلومیٹرطویل گیس پائپ لائن بچھائی جارہی ہے جس پر 3 ارب روپے کی لاگت آئے گی لیکن صوبائی حکومت نے تو معدنیا ت چوری کرنے کی انتہا کی ہوئی ہے انہیں ترقیاتی منصوبوں پر خرچ ہونیوالی رقم سے کوئی سروکار نہیں کہ رقم کہاں سے آئے گی اور کیسے آئے گی انہیں محض اپنی کرپشن کے پیسے سے بھری ہوئی جیبوں کی فکر ہے

 

 


ایمزٹی وی(تعلیم/ اسلام آباد)جعلی ڈگریوں کے اسکینڈل میں بڑی پیشرفت، 15 ارب سے زائد مالیت کی جعلی ڈگریاں اور سرٹیفکیٹ فروخت کرنے والے ایگزیکٹ گروپ کے نائب صدر عمیر حامد عرف شاہ خان کو امریکہ میں گرفتار کرلیاگیا۔ نیویارک کی عدالت میں دائر کیس میں ملزم عمیر حامد اور اس کے ساتھیوں پر دھوکہ بازی جعلسازی اور شناختی کوائف کی چوری کے الزامات عائد کئے گئے ہیں۔

ایف بی آئی اور دیگر تحقیقاتی اداروں کی جانب سے امریکی محکمہ انصاف میں جمع کروائی گئی رپورٹ کے مطابق ایگزیکٹ کمپنی کے پاس ایسے سافٹ ویئر انجینئر تھے جو جعلی تعلیمی اداروں کی ویب سائٹس کو انٹرنیٹ سرچ انجن پر تلاش کئے جانے والے سرفہرست ادارے بنادیتے تھے، یہ کام اس مہارت سے کیا جاتا کہ گوگل جیسے سرچ انجن پر بھی پہلے ایگزیکٹ کے جعلی اداروں کا نام آتا تھا۔

مقامی اخبار کے مطابق ملزم عمیر حامد پاکستان میں ایگزیکٹ سکینڈل میں ضمانت پر رہا ہے۔ حکام کے مطابق پاکستانی کمپنی ایگزیکٹو کے 30 سالہ اہلکار عمیر حامد نے مبینہ طور پر 140 ملین ڈالر کی جعلی ڈگریاں فروخت کیں۔ پاکستان کی جانب سے گزشتہ برس امریکی حکام سے باقاعدہ طور پر ایگزیکٹ کے معاملہ کی تفتیش میں مدد کی درخواست کی گئی تھی۔ بھاری معاوضہ کے بدلے لوگوں کو دی جانے والی ڈگریاں کاغذ کے ٹکڑوں سے زیادہ کچھ اہمیت نہ رکھتی تھیں۔