بدھ, 09 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

 


ایمزٹی وی(اسلام آباد) 12 سالہ بچے نے ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی کہ یوم پیدائش قائد کی مناسبت سے ایوان صدر میں منعقدہ تقریب میں اس کی تقریر چوری کرکے کسی اور سے پڑھوالی گئی ہے اس لئے اسے نشر ہونے سے روکا جائے۔

ذرائع کے مطابق امتیازی سلوک اوراقرباپروری پر انصاف کے لئے 11 سالہ سبیل حیدر اسلام آباد ہائی کورٹ پہنچ گیا، چھٹی جماعت کے طالب علم نے اپنے وکیل کے ذریعے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی ہے کہ ایوان صدر میں یوم قائد کی تقریب کے لئے ان کی تقریر کامسودہ چراکر کسی اورطالب علم کودے دیا گیا۔

درخواست میں ایوان صدر کے سیکریٹری ،ایڈیشنل سیکریٹری، ڈائریکٹر کالجزاوردیگر کوفریق بنایاگیا ہے، درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ یوم قائد کی تقریر تیار کر کے منظوری کے لیے اسکرپٹ ایوان صدر بھجوایا،والد نے تقریر لکھ کر دی جسے ترامیم کے ساتھ منظور کر کے واپس کیا گیا۔

درخواست گزارنے مزید کہا کہ 22 دسمبر کو تقریب میں تقریر کی ریکارڈنگ کے لیے ایوان صدر پہنچا تودوران تقریب میں آخری لمحے تک تقریب میں اپنی باری کاانتظار کرتا رہا اور میری تقریرعائشہ اشتیاق نامی طالبہ سے کروائی گئی، درخواست گزارنے کہا کہ چوراورپتھردل لوگ معصوم بچوں کے ساتھ بھی سیاست سیاست کھیلتے ہیں، اسکرپٹ چرا کر کسی اورسے تقریرکروانے کا عمل بدنیتی پرمبنی ہے، میرے ساتھ ایوان صدرنے ناانصافی کی ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامرفاروق نے درخواست کے قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔ درخواست گزارنے عدالت سے استدعا کی ہے کہ سیکریٹری ایوان صدرکا عمل غیرقانونی قراردے کرتقریرکونشرکرنے سے روکا جائے۔ طالب علم سبیل حیدراوران کے والد کا کہنا ہے کہ ہمارے ساتھ نا انصافی ہوئی ہے، ایوان صدر معاملہ پر تحریری معذرت کرے۔

دوسری جانب تقریرکے معاملے پر ایوان صدر ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے ابھی لاعلم ہیں، تحقیقات کے بعد جوصورتحال سامنے آئی اس پرآگاہ کیا جائے گا اورذمہ داروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

 

 


ایمزٹی وی(اسپورٹس) ریئل میڈرڈ کے اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے شامی بچوں کو ’’اصل ہیرو‘‘ قرار دے دیا۔
سوشل میڈیا پر جاری کردہ وڈیو میں پرتگیزی ٹیم کے کپتان اور ریئل میڈرڈ کے اسٹار فٹبالر نے جنگ سے متاثرہ شامی بچوں کے حق میں آواز اٹھائی ہے، انہوں نے بچوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ہم سب جانتے ہیں کہ آپ کتنی زیادہ اذیت سے گزر رہے ہیں، اگرچہ میں بہت مشہور پلیئر ہوں لیکن ’’اصل ہیرو‘‘ آپ ہیں، امید کا دامن نہ چھوڑیں، میں آپ کے ساتھ ہوں.

 

انہوں نے بچوں کے تحفظ کی ایک عالمی تنظیم کے توسط سے رقم بھی جاری کی ہے جو متاثرہ شامی خاندانوں کو خوراک، کپڑے اور طبی امداد کی فراہمی پر خرچ کی جائے گی، رونالڈو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر بچوں کیلئے امید کا پیغام بھی جاری کیا۔
واضح رہے کہ یہ پہلی بار نہیں ہے کہ رونالڈو نے شامی بچوں کیلئے آواز اٹھائی ہے، رواں سال مارچ میں انہوں نے اپنے بیٹے رونالڈو جونیئر کے ساتھ 5 سالہ شامی بچے ایمان کی تصویر شیئر کرتے ہوئے شامی بچوں کی مدد کیلئے عالمی تنظیم کا لنک شیئر کیا تھا۔

 

 

 


ایمزٹی وی(اسپورٹس) دوسرے ٹیسٹ سے قبل دہشت گردی کے خطرے سے میلبورن پر خوف کی چادر تن گئی، حکام کی نیندیں اڑ چکی ہیں، سیکیورٹی پلان کا از سر نو جائزہ لیا جانے لگا، ایم سی جی میں اضافی پولیس تعینات کی جائیگی، کرکٹ آسٹریلیا، وکٹوریہ پولیس اور وفاقی سیکیورٹی ایجنسیز کے ہمراہ سیکیورٹی اقدامات یقینی بنانے کیلیے کوشاں ہے۔

چیف ایگزیکٹیو جیمز سدر لینڈ کا کہنا ہے کہ حفاظتی انتظامات کیلیے متعلقہ اداروں سے رابطے میں ہیں، کھلاڑیوں، شائقین اور میچ آفیشلز کی حفاظت کو ہر حال میں ممکن بنائینگے، پاکستانی ٹیم کے منیجر وسیم باری نے کہاکہ انتظامات سے مطمئن ہیں، پوری توجہ کرکٹ پر مرکوز ہوگی، سیریز برابر کرنے کیلیے پُرجوش ہیں۔ دوسری جانب گرین کیپس نے گذشتہ روز 3گھنٹے کا طویل ٹریننگ سیشن کیا، میدان میں موجود کرکٹرز روایتی فیملی ڈے پر بچوں کے ساتھ گھل مل گئے، آٹوگراف بھی سائن کیے، پرستاروں نے گروپ فوٹو اور سیلفیز بنوائیں۔

تفصیلات کے مطابق آسٹریلوی پولیس نے کرسمس کے موقع پر میلبورن میں دہشت گردی کا بڑا حملہ ناکام بناتے ہوئے7 افراد کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا، پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین سیریز کا دوسرا ٹیسٹ 26دسمبر سے میلبورن میں ہی شروع ہوگا، اس سے قبل شہر میں خوف کے سائے منڈلانے لگے اور حکام کی نیندیں اڑ گئی ہیں،سیکیورٹی پلان کا از سر نو جائزہ لیا جا رہا ہے، پولیس کے چیف کمشنر گراہم ایشٹن نے یقین دلایا کہ میلبورن ٹیسٹ سمیت اہم مواقع پر اضافی پولیس تعینات کی جائیگی، انھوں نے کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ آنے والے دنوں میں باکسنگ ڈے ٹیسٹ سمیت کئی اہم ایونٹس منعقد ہونگے، اسی لیے اضافی نفری تعینات کر رہے ہیں، دوسری جانب کرکٹ آسٹریلیا، وکٹوریہ پولیس اور وفاقی سیکیورٹی ایجنسیز کیساتھ مل کر میلبورن گراؤنڈ میں مناسب سیکیورٹی اقدامات یقینی بنانے کیلیے کوشاں ہے۔

چیف ایگزیکٹیو جیمز سدر لینڈ نے کہا کہ ہماری سیکیورٹی ٹیم باکسنگ ڈے ٹیسٹ اور دیگر میچز میں فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیلیے متعلقہ حکام سے رابطے میں ہے، ان ایونٹس کا پُرامن ماحول میں انعقاد ہماری اولین ترجیح ہوگی، کھلاڑیوں، شائقین اور میچ آفیشلز کی سیکیورٹی کو ہر حال میں ممکن بنایا جائے گا۔ یاد رہے کہ گذشتہ سال کے اختتام پر سیکیورٹی انتظامات موثر بنانے کیلیے میلبورن کرکٹ اسٹیڈیم سے20 تا 25میٹر دور ایک باڑ لگائی گئی تھی تاکہ شائقین کو قطار میں گراؤنڈ میں داخلے سے قبل اچھی طرح چیک کیا جا سکے۔

دوسری جانب پاکستانی ٹیم کے منیجر وسیم باری نے کہاکہ کرکٹ آسٹریلیا سیکیورٹی کے حوالے سے بہتر انتظامات کررہا ہے اور ہم اس سے مطمئن ہیں، ’’ایکسپریس ٹریبیون‘‘ سے بات چیت میں انھوں نے کہا کہ مہمان کھلاڑیوں کی پوری توجہ صرف کرکٹ پر مرکوز ہے،انھوں نے اگلے میچ میں میزبان کینگروز کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کیلیے بھرپور تیاریاں جاری رکھی ہوئی ہیں،سب نے ایک طویل نیٹ سیشن میں شرکت کی،برسبین ٹیسٹ میں فائٹ بیک کے بعد تمام پلیئرز پُر اعتماد اور پُرجوش ہیں کہ میلبورن میں فتح کے ساتھ سیریز برابر کرینگے، وسیم باری نے کہا کہ محمد عامر نے بھرپور ٹریننگ کی، وہ دوسرے ٹیسٹ کیلیے دستیاب ہونگے، یاسر شاہ سمیت دیگر تمام کھلاڑی بھی فٹ ہیں۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم نے گذشتہ روز 3گھنٹے کا طویل ٹریننگ سیشن کیا، پہلے روز بیمار ہونے والے سہیل خان بھی شریک ہوئے، وارم اپ کے بعد فیلڈنگ پریکٹس کی گئی، کھلاڑیوں نے گیند فیلڈ کرنے کے بعد اسٹمپس کو نشانہ بنانے اور کیچز تھامنے کی مشقیں کیں، پھر نیٹ میں بیٹنگ اور بولنگ پریکٹس ہوئی، ہیڈ کوچ مکی آرتھر سمیت کوچز مسلسل پلیئرز کو ان کی خامیوں سے آگاہ کرنے کے ساتھ اچھی کوشش پر حوصلہ افزائی بھی کرتے رہے، فیلڈنگ کوچ اسٹیورکسن وکٹ کیپر سرفراز احمد کو الگ سیشن میں ڈائیو لگا کر کیچ لینے کی ٹریننگ کراتے رہے، میدان میں موجود کرکٹرز کھلاڑی روایتی فیملی ڈے پر بچوں کے ساتھ گھل مل گئے، دونوں ٹیموں نے آٹوگراف بھی سائن کیے، پرستاروں نے گروپ فوٹو اور سیلفیز بھی بنوائیں۔

 


ایمزٹی وی(اسپورٹس)اسد شفیق آسٹریلیا کے خلاف باکسنگ ڈے ٹیسٹ میں فتح کے ساتھ سیریز برابر کرنے کیلئے پرعزم ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ ایم سی جی پاکستان کے لئے سازگار ہے اور ہم مثبت سوچ کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔

گاباٹیسٹ کی چوتھی اننگز میں 137 رنز کی شاندار پرفارمنس سے کینگروز کے چھکے چھڑانے والے پاکستان کے مڈل آرڈر بیٹسمین نے کہا کہ اگر ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اچھا مجموعہ ترتیب دینے میں کامیاب ہو گئی تو آسٹریلیا کو ہرانے کا اچھا موقع ہو گا۔ باکسنگ ڈے ٹیسٹ کے حوالے سے بیٹسمین نے کہا کہ یہ ٹیسٹ میچ دیکھتے ہوئے بڑے ہوئے ہیں، میچ کی اہمیت سے پوری طرح واقف ہیں، میلبورن کرکٹ گراؤنڈ کی وکٹ کسی بھی دوسرے وینیو سے زیادہ پاکستان کیلئے سازگار ہے، پہلے ٹیسٹ میں ٹیم کی عمدہ کارکردگی کے بعد ہم مثبت سوچ کے ساتھ میدان میں اتریں گے، گرین شرٹس اپنی سابقہ کارکردگی کے بعد پراعتماد ہیں اور سیریز میں کم بیک کیلئے بھرپور کوشش کریں گے۔

نمبر 6 پر سب سے زیادہ 9 سنچریز کا ریکارڈ رکھنے والے شفیق نے کہا کہ ٹیم مثبت اور اچھی کرکٹ کھیل رہی ہے، پہلے ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں کوئی بھی پاکستان کی طرف سے بھرپور مزاحمت کی توقع نہیں کر رہا تھا، ہم نے بھرپور حوصلہ مندی سے فائٹ بیک کیا، اس طرح کے میچز ہمیشہ ایک ٹیم اور پلیئر کے اعتماد میں اضافہ کرتے ہیں، سیریز کے ابتدائی میچ میں اس طرح کی پرفارمنس کے بعد اگلی گیمز میں پلیئرز کا مورال خود بخود بلند ہو جاتا ہے۔

میلبورن میں کھیلنے کے تجربہ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ تاریخ ساز وینیو پر کھیلنا ہمیشہ ایک اعزاز رہا ہے، اتنے زیادہ کراؤڈ کے سامنے کبھی نہیں کھیلا، ایم سی جی کی ایک تاریخ ہے اور یہاں کھیلنا میرے لئے باعث فخر ہے، یہاں پہلی مرتبہ کھیلنے والوں کیلئے یہ دلچسپی سے بھرپور ہو گا۔ بیٹسمین نے کہا کہ ٹیم پوری طرح متحد ہے اور بقیہ دونوں ٹیسٹ میچز میں اچھے نتائج کیلئے پرامید ہے۔

 


ایمزٹی وی(تعلیم/ اسلام آباد)فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن اسلام آباد نے انٹرمیڈیٹ کے ضمنی امتحانات برائے سال2016ء کے نتائج کا اعلان کردیا ہے۔

جس کے مطابق کل 14ہزار10امیدواروں میں سے 49.16فیصد کی اوسط سے 6ہزار887طلباء و طالبات پاس ہوئے ،ترجمان کے مطابق پاس ہونے والوں کی شرح 49.16فیصد رہی، امتحانات میں شرکت کرنے والے طلباء و طالبات کے رزلٹ کارڈ ان کی جانب سے فراہم کردہ پتہ جات پر ارسال کئے جارہے ہیں جبکہ گلگت بلتستان سے متعلقہ امیدواروں کے رزلٹ کارڈ فیڈرل بورڈ کے ریجنل آفس میں بھجوا ئے گئے ہیں ۔

پاس ہونے والے امیدواروں میں سے 151نے اے ون گریڈ ، 326نے اے گریڈ،699نے بی گریڈ،2113نے سی گریڈ،3000امیدواروں نے ڈی گریڈ ،584نے ای گریڈ حاصل کیا ہے

 

 

ایمز ٹی وی( انٹر ٹینمنٹ) بین الاقوامی شہرت یافتہ اور معروف گلوکار عاطف اسلم نے لاہور کے کنسر ٹ میں اپنے مخصوص انداز میں معروف مبلغ مذہبی اسکالر جنید جمشید کواُن کا گا یا ہوا گانا "اعتبار بھی آہی جا ئے گا "گا کر خراجِ عقیدت پیش کیا جسے سن کر کنسرٹ میں موجودلوگ نہ صر ف خوش ہوئے بلکہ عاطف اسلم کے ساتھ گا نا گنگنا نے بھی لگے

۔واضع رہے کے پی آئی اے کے طیارہ پی کے661 کے حادثے میں جان بحق ہونےوالے معروف مبلغ اورمذہبی اسکالر جنید جمشید نے اپنے فنی کیرئیر کا آغاز پاپ موسیقی سے کیا تھا بعد ازاں انھوں نے مکمل طور پر موسیقی کو خیر باد کہہ کر دین کا راستہ اپنا لیا۔

 

 

ایمز ٹی وی(انٹر ٹینمنٹ) سرکاری ٹیلی ویژن لاہور سینٹر غریب ہو گیااداکاروں کو 4ماہ سے معاوضے ادا نہیں کیے گئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق رائٹر ڈاکٹر یو نس بٹ کی ڈرامہ سیریل " نوٹنکی فیملی" میں اداکاری کر نے والے زیادہ تر فنکاروں کو 4ماہ سے معاوضے ادا نہیں کئے گئے ہیں ان فنکاروں میں نسیم وکی، سلیم شیخ ،ثناء،صوبیہ خان ، خواجہ مسعود، ماریہ زاہد اور اشرف خا ن سمیت دیگر اداکار شامل ہیں۔

واضع رہے لاہور سینٹر کے جی ایم بشارت خان نے کہا ہے کے تمام فنکارون کو مکمل معاوضہ جلد ادا کر جائے گااور فنکاروں کی حق تلفی نہیں ہو گی۔

 

 


ایمزٹی وی(واشنگٹن)امریکا کی وزارت دفاع نے پاکستان کو 29 ارب 77 کروڑ روپے کے نائٹ وژن آلات فروخت کرنے کی منظوری دے دی۔
امریکی وزارت دفاع (پینٹاگون) کی جانب سے جاری ایک بیان کے مطابق پاکستان کو 29 ارب 77 کروڑ روپے مالیت کے نائٹ وژن آلات فروخت کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔ امریکی کمپنی لوک ہیڈ مارٹن کے ذریعے کئے جانے والے معاہدے میں نائٹ وژن آلات کی تیاری، ٹارگٹ سسٹم کے سافٹ ویئر میں بہتری اور کوبرا ہیلی کاپٹر میں رات میں دیکھنے کی صلاحیت والے آلات کی تنصیب شامل ہے۔

پینٹاگون حکام کا کہنا ہے لوک ہیڈ مارٹن کمپنی ٹارگٹ سائٹ سسٹم فلوریڈا میں تیار کر کے 2022 تک امریکی بحریہ اور پاکستان کے حوالے کرے گی اور پاکستان مجموعی مالیت کا 20 فیصد امریکا کو ادا کرے گا۔ اس سے قبل رواں برس جنوری میں بھی امریکا نے اسی نظام کی پاکستان کو فراہمی کے لیے لوک ہیڈ مارٹن سے 14 ملین ڈالر کا ایک اور معاہدہ کیا تھا جس کے تحت ٹارگٹ سائٹ سسٹم کی پاکستان کو فراہمی آئندہ برس دسمبر میں کی جائے گی۔

واضح رہے کہ نائٹ وژن کے ذریعے رات میں کارروائیوں اور دن میں دشوار گزار پہاڑی علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں مدد ملتی ہے اور یہ سسٹم علاقے کے بارے میں بروقت اور صحیح معلومات فراہم کرتا ہے۔

 

 


ایمزٹی وی(کوئٹہ) بلوچستان حکومت نے کوئٹہ میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی ۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق محکمہ داخلہ بلوچستان نے کرسمس اور نیو ایئر نائٹ کی مناسبت سے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظرکوئٹہ میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر 2ہفتے کیلئے پابندی عائد کر دی ہے جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے ۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ آج سے 7جنوری تک صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری کرنے پر پابندی رہے گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔ پابندی کرسمس اور نیو ایئر نائٹ پر سیکیورٹی خدشات کے باعث لگائی جا رہی ہے

 

 


ایمزٹی وی(اسلام آباد)پاکستان اور چین کی دوستی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں لیکن نوازشریف نے چین سے آئی ہوئی لفٹ وزیراعظم ہاﺅس میں لگانے سے روکدیا اور منظور ہونیوالی چینی ساختہ لفٹ کی بجائے ہدایت کی کہ ویسٹرن لفٹ لگائیں جس کی وجہ سے وی وی آئی پی لفٹ میں ساڑھے ستائیس فیصد یعنی تقریباً ایک کروڑ دو لاکھ روپے اضافہ ہوگیا۔

میڈیا ذرائع کے مطابق وزارت پلاننگ کے اعتراضات کے باوجودحکومت نے وزیراعظم ہاﺅس کی توسیع کے منصوبے کی منظوری دیدی جس کے تحت162فیصد وسعت دی جائے گی ۔ گزشتہ سال جون میں سنٹرل ڈیویلپمنٹ ورکنگ پارٹی نے 113.9ملین روپے کے منصوبے کی منظوری دی تھی لیکن اب منصوبے کی لاگت پر نظرثانی کرتے ہوئے یہ رقم بڑھا کر 298.2ملین روپے کردی گئی ۔

رپورٹ کے مطابق وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے اپنی ہی وزارت کے اعتراضات اور پابندیوں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے چیئرمین سی ڈی ڈبیلوپی کی حیثیت سے منصوبے کی منظوری دیدی جس کے تحت وزیراعظم ہاﺅس میں اضافی کمرے اور کانفرنس روم کی تعمیر شروع کردی گئی تھی جہاں وہ زیادہ وقت بتاتے تھے ۔ منصوبے کا پی سی ون نہایت کمزور ہے اور اس کی لاگت میں مزید اضافہ بھی ہوسکتاہے ، وزارت منصوبہ بندی کی درخواست کے باوجود متعلقہ دستاویزات فراہم نہیں کی گئی جس کی وجہ سے تکنیکی طورپر بھی جائزہ نہیں لیاجاسکتا۔

دستاویزات کے مطابق وزیراعظم نے منظورہونیوالی چینی لفٹ کی بجائے مغربی اسٹائل کی لفٹ کا انتخاب کیا جس کی وجہ سے منصوبے کی لاگت 27فیصدتک بڑھ گئی جبکہ وزارت منصوبہ بندی بھی تکنیکی طورپر ان اخراجات میں اضافے کی تصدیق نہیں کرسکی کیونکہ متعلقہ ایجنسی نے نظرثانی شدہ پی سی ون کیساتھ دستاویزات پیش نہیں کیں۔

یہ بھی انکشاف ہواہے کہ بورڈ سے منظوری لیے بغیر ہی نئے سی سی ٹی وی سسٹم ، ایک ڈیزل جنریٹر اور کئی ایئرکنڈیشنز کی بدلے میں ایک چلر بھی لگادیاگیا۔ رواں سال کے مالی بجٹ میں 47.8ملین روپے اس منصوبے کے لیے رکھے گئے جبکہ سی ڈی ڈبلیو پی نے تفصیلات دیکھے بغیر منصوبے کی تکمیل کیلئے اضافی 232.2ملین روپے کی منظوری دیدی۔