بدھ, 09 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

 

ایمز ٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک) فیس بک نے اپنی میسنجر ایپ میں نیا کیمرہ فیچر متعارف کرا دیا ہے جو آپ کے لکھے ہوئے الفاظ کو مصورانہ انداز کے فلٹرز میں بدل دے گا۔

فیس بک میسنجر کا آرٹسی نیو کیمرہ نامی فیچر کسی بھی قسم کے ٹیکسٹ کو فلٹرز میں بدل دیتا ہے۔

بس آپ کو کیمرہ رول اوپن کرکے تصویر یا ویڈیو بنانی ہے اور اس کے اوپر کچھ بھی ٹائپ کریں جو جدید ٹیکنالوجی کی بدولت آرٹ فلٹرز کی شکل اختیار کرلے گا اور تصویر یا ویڈیو کے اوپر اسے کہیں بھی رکھا جاسکے گا۔

اسی طرح کیمرہ میں موجود augmented رئیلٹی سیلفی لینسز، ہالیڈے تھیم ماسکس، پرزما جیسے اسٹائل ٹرانسفر اور دیگر بہت کچھ فیس بک میسنجر کو کسی بھی دوسری ایپ کے مقابلے میں مختلف بنادیتے ہیں۔

فیس بک میسنجر کے سربراہ ڈیوڈ مارکوس کے مطابق لوگوں کے درمیان اکثر گفتگو کا آغاز تصاویر سے ہوتا ہے، تو ہم چاہتے تھے کہ انھیں ویژول پیغامات کا بہترین تجربہ فراہم کریں اور قدرتی طور پر اس کے لیے ایک اچھے کیمرے کی ضرورت ہوتی ہے جو اس نئے فیچر میں موجود ہے۔

یہ فیچر آئی او ایس اور اینڈرائیڈ صارفین کے لیے کل تک پیش کردیا جائے گا جبکہ اس کے ہالیڈے ایفیکٹس 21 دسمبر تک سب کو دستیاب ہوں گے۔

اس نئے کیمرے میں میسنجر آرٹ، فیس بک کیمرہ 2.0، اسٹائلز شٹر بٹن، شوٹ فرسٹ، پک فرینڈز لیٹر، سیلفی ماسکس، اسٹائل ٹرانسفر اور ایفیکٹس، آرٹ پکر، پروگرام فریمز، بلینک کینوس اور بہت کچھ شامل ہے۔

 

 


ایمزٹی وی(پشاور) سانحہ آرمی پبلک اسکول پشاور کے شہدا کی دوسری برسی آج منائی جارہی ہے۔ اس موقع پر مختلف تنظیموں کی جانب سے تقریبات منعقد کی گئیں جن میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شہید اور زخمی ہونے والوں کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔

آج ملک بھر میں سکیورٹی الرٹ کردی گئی،2 سال گزرنے کے باوجود شہدا کے لواحقین کے زخم نہ بھر سکے، پشاور بھر میں سرکاری پرائیویٹ تمام اسکول کالج اور جامعات آج بند رہیں گی جبکہ لاہور سمیت ملک بھر کے تعلیمی اداروں اور دیگر مقامات پر خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا جارہا ہے جس میں شہدا کی روح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ اور قرآن خوانی کی گئی ہے۔

اس موقع پر شہدا کی قربانی کو بھرپور خراج عقیدت بھی پیش کیا گیا،نماز جمعہ کے اجتماعات میں بھی شہدا کیلئے خصوصی دعا کی جائے گی ،پولیس سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کسی بھی نا خوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے سکیورٹی کے فل پروف انتظامات کئے ہیں۔ اس دن کی مناسبت سے لاہور سمیت ملک بھر کے تعلیمی اداروں اور دیگر مقامات پر خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ حساس قرار دئیے گئے تعلیمی اداروں کی سکیورٹی کو انتہائی سخت کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ 16 دسمبر 2014 کو پشاور کے آرمی پبلک اسکول پر حملے کے نتیجے میں اسکول کے بچوں اور اساتذہ سمیت 142 افراد شہید جبکہ درجنوں زخمی ہوئے تھے ۔علاوہ ازیں مرکزی تقریب آج آرمی پبلک اسکول میں منعقد ہوئی جس کیلئے تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں جبکہ مرکزی تقریب میں آرمی چیف نے بھی شرکت کی۔

 

 

ایمز ٹی وی (صحت) چین میں گزشتہ دو ہزار سال سے مختلف بیماریوں کے علاج کے لیے ’’فینگ فو پوائنٹ‘‘ پر برف کا استعمال کیا جارہا ہے جس سے اب تک دنیا بھر کے ان گنت لوگ مستفید ہوچکے ہیں۔

علاج کا یہ طریقہ بہت آسان ہے جس میں گردن کے پچھلے حصے پر برف کا ایک ٹکڑا چند منٹوں کے لیے رکھا جاتا ہے جب کہ یہ عمل پورے دن میں ایک سے دو مرتبہ دوہرایا جاتا ہے۔

واضح رہے کہ وہ جگہ جہاں ریڑھ کی ہڈی کا سب سے اوپر والا مہرہ اور کھوپڑی کا نچلا حصہ آپس میں ملتے ہیں اسے ’’فینگ فو پوائنٹ‘‘ (Feng Fu Point) کہتے ہیں اور برف کا ٹکڑا اسی حصے پر 20 منٹ تک رکھنا پڑتا ہے۔

اس طریقے پر عمل کرنے کے لیے بیٹھ کر گردن جھکالیں یا پھر سینے کے بل لیٹ جائیں۔ ہاتھ میں رومال یا کوئی موٹا کپڑا لے کر اس سے برف کا ٹکڑا پکڑ لیں تاکہ اسے دیر تک فینگ فو پوائنٹ پر رکھ سکیں۔

feng fu 02 1481790240

 

پہلے 30 سے 60 سیکنڈ تک برف کی ٹھنڈک سے تکلیف کا احساس ہوگا لیکن اس کے بعد حیرت انگیز طور پر آپ کو گرمی کی لہریں اپنی گردن کے پچھلے حصے میں اترتی ہوئی محسوس ہونے لگیں گی۔ 20 منٹ تک برف کا ٹکڑا اسی جگہ پر تھام کر رکھیں جسے زیادہ دبانے یا ہٹانے کی ضرورت نہیں، البتہ اتنا ضرور دھیان رہے کہ برف آپ کی گردن کے پچھلے بالائی حصے (فینگ فو پوائنٹ) سے مسلسل مس ہوتی رہے۔
اگر شروع میں پریشانی کا سامنا ہو تو برف کو کسی کپڑے میں بھی لپیٹا جاسکتا ہے تاکہ آپ اسے زیادہ دیر تک فینگ فو پوائنٹ پر برداشت کرسکیں۔

فینگ فو پوائنٹ پر روزانہ دن میں ایک سے دو مرتبہ برف رکھنے سے کئی فائدے ہوتے ہیں جن میں سر کے درد سے چھٹکارا، نزلہ زکام کی علامات کا خاتمہ، نظامِ ہاضمہ میں بہتری، اچھی نیند اور الٹی/ متلی کی کیفیات کا خاتمہ شامل ہیں۔

ان کے علاوہ فینگ فو پوائنٹ پر برف رکھنے سے سر چکرانے کا احساس ختم ہوجاتا ہے، یرقان کی ظاہری علامات میں کمی آتی ہے، دل اور دورانِ خون کا نظام بہتر ہوتا ہے، دمے کی علامات کم ہوتی ہیں اور تھائیرائیڈ گلینڈز سے متعلق صحت کے درجنوں مسائل بھی قابو میں رہتے ہیں۔

 

 


ایمزٹی وی(اسلام آباد)پاکستانی اوررائل عمانی بحری افواج کے مابین شمالی بحیرہ عرب میں ہونے والی مشقیں ثمر الطیب اختتام پذیر ہو گئیں۔ رائل عمانی نیوی کے ٹاسک گروپ میں شامل دو بحری جہازوں السعد اور البشریٰ نے پاکستان نیوی کے جنگی جہازوں کے ساتھ مشترکہ بحری مشقوں میں حصہ لیا۔

مشترکہ بحری مشقوں میں مختلف آپریشنل نوعیت کی مشقیں کی گئیں جن میں سمندری جنگ کے بیشتر پہلوؤں کو مد نظر رکھا گیا۔ ان مشقوں میں انسداد دہشت گردی، بحری قذاقی کے انسداد، سطح آب اور زیر آب خطرات سے نمٹنے کی صلاحیتوں کوبہتر بنانے کی مشقیں شامل ہیں۔
اس کے علاوہ ہمہ پہلو خطرات کے ماحول میں جہازوں پر نصب ہتھیاروں کی آزمائشی فائرنگ بھی کی گئی۔ ثمر الطیب 16کی حالیہ مشقیں اس سلسلے کی آٹھویں مشقیں ہیں جن میں پاک بحریہ کے تباہ کن بحری جہازوں، فریگیٹس، میزائل بوٹس اور فضائی اثاثوں نے بھی حصہ لیا۔

کمانڈر پاکستان فلیٹ وائس ایڈمرل عارف اللہ حسینی نے مشقوں کے انعقاد اور حصہ لینے والے بحری اثاثوں کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے ثمر الطیب 16میں بھرپور شرکت پر رائل عمانی بحریہ کا بھی شکریہ ادا کیا۔ثمر الطیب 16 میں رائل عمانی بحریہ کے یونٹس کی شرکت سے نہ صرف دونوں ممالک کے مابین کئی دہائیوں پر محیط دوستانہ اور پیشہ ورانہ تعلقات کی مضبوط بنیاد کی عکاسی ہوتی ہے بلکہ مستقبل میں بھی اس نوعیت کے تعاون کی یقین دہانی ہوتی ہے

 


ایمزٹی وی(اسلام آباد)قومی اسمبلی مین جاری اجلاس میں ابتدا سے ہی گرما گرمی عروج پر پہنچی ہوئی ہے۔ اجلاس میں شاہ محمود قریشی کے خطاب کے دوران خواجہ سعد رفیق نے پی ٹی آئی ارکان کو غنڈہ کہہ کر مخاطب کیا جس پر شاہ محمود قریشی نے ان سے معافی کا مطالبہ کردیا۔

تفصیلات کے مطابق شاہ محمود قریشی ایوان میں خطاب کر رہے ہیں اور اس دوران ایوان میں اپوزیشن اور حکومتی ارکان کی جانب سے شدید ہنگامہ آرائی کی جارہی ہے۔ وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے شاہ محمود قریشی کی تقریر کے دوران پی ٹی آئی ارکان کو غنڈہ کہہ کر مخاطب کیا جس پر ایوان میں خوب گرما گرمی ہوئی ۔

پی ٹی آئی جھگڑا اور تنخواہ لینے آتی ہے

شاہ محمود قریشی نے پریس گیلری میں موجود صحافیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’ پوری پریس گیلری سن رہی ہے کہ خواجہ سعد رفیق نے ایوان میں پی ٹی آئی ارکان کو غنڈہ کہا ہے ، خواجہ سعد رفیق نے کہا پی ٹی آئی والے غنڈے ہیں، آپ نے خواتین کو بھی غنڈہ کہا، کیا منتخب ہوکر ایوان میں آنے والے غنڈے ہیں؟‘۔ انہوںنے خواجہ سعد رفیق سے معافی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ جب تک خواجہ سعد رفیق معافی نہیں مانگے گا تب تک انہیں بولنے نہیں دوں گا۔

 


ایمزٹی وی(اسلام آباد) پاکستان تحریک انصاف کا قومی اسمبلی میں کیا جانے والا احتجاج رنگ لے آیا اور حکومت نے پی ٹی آئی ارکان کو اسمبلی میں پہلے بات کرنے کی دعوت دے دی۔

تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت 2 گھنٹے کی تاخیر سے شروع ہوا جس کے شروع میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے تھوڑی دیر بات کی جس کے بعد وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے بات کی اور پی ٹی آئی ارکان کو پہلے بات کرنے کی دعوت دی۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر ہمارے لیے قابل احترام ہیں، اسحاق ڈار سے مختلف لوگوں کی ملاقاتیں ہوئی ہیں جس کے بعد ہم اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ اگر اپوزیشن کل بھی ٹھیک طریقے سے ہمارے ساتھ بات کرتی تو انہیں بولنے کا پوا موقع دے دیا جاتا۔ آج بھی ہم چاہتے ہیں کہ پی ٹی آئی کے ساتھی پہلے بات کرلیں۔

 

 


ایمزٹی وی(اسلام آباد)وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کے اراکین ایوان میں صرف جھگڑا کرنے اور تنخواہیں لینے آتے ہیں۔

پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف والے پارلیمنٹ میں جھگڑا کرنے یا صرف تنخواہوں کے لئے آتے ہیں، یہ جمہوری اصول نہیں کہ ایوان میں ایک ممبر تو بولے اور دوسرے کو اپنا مؤقف پیش نہ کرنے دیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریک استحقاق پر اسپیکر کی رولنگ بالکل ٹھیک تھی، تمام اراکینِ پارلیمنٹ کو چاہیئے کہ ایوان کے تقدس اور اصول کا خیال رکھیں۔

خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ پاناما لیکس پر ہمارا مؤقف وہی ہے جو کل تھا، ہماری کوشش ہے کہ مسئلہ افہام و تفہیم سے حل ہو جب کہ ہم پاناما ایشو پر بات کرنے کے لئے ہر وقت تیار ہیں

وزیرریلوے نے کہا کہ 2017 میں انتخابات کی باتیں کرنا بلی کے خواب میں چھیچھڑوں کے مترادف ہے، انتخابات اپنے وقت پر ہوں گے اور 2018 میں عوام ہی اپنی قیادت کا فیصلہ کریں گے۔a

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس انور ظہیر جمالی کا کہنا ہے کہ آنے والے وقت میں بہتری کی امید نظرنہیں آتی کیونکہ اداروں میں بدعنوانی اوراقربا پروری کا بازار گرم ہے۔
سپریم کورٹ میں چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کے اعزاز میں فل کورٹ ریفرنس کا انعقاد ہوا ، جس میں عدالت عظمیٰ کے تمام فاضل جج صاحبان اور اٹارنی جنرل آف پاکستان کے علاوہ پاکستان بار کونسل اور سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدور نے شرکت کی۔

ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس آف پاکستان انورظہیرجمالی کا کہنا تھا کہ اسلام انسانیت کا علمبردار، محبت اورامن کا مذہب ہے، بدقسمتی سے اسلام کو مختلف وجوہات کی بناپر پوری دنیا میں بدنام کیا گیا، قانون کی حکمرانی کے لیے اداروں میں ہم آہنگی اورمضبوطی ضروری ہے، ملک میں ہرطرف افراتفری، بدانتظامی اورناانصافی کا دوردورہ ہے، آنے والے وقت میں بہتری کی امید نظر نہیں آتی کیونکہ اداروں میں بدعنوانی اوراقرباپروری کا بازار گرم ہے۔

چیف جسٹس انورظہیرجمالی کا کہنا تھا کہ میں نے ناانصافی، اقرباپروری اور بدعنوانی کے تدارک میں کردارادا کرنے کی کوشش کی ، اب وقت بتائے گا میں اپنی کوششوں میں کتنا کامیاب ہوا، بدانتظامی اورافراتفری سے عوام کو ناقابل تلافی نقصان کا سامنا ہے، بے حسی اور ناامیدی کا احساس تباہی کا سبب بن سکتا ہے، ہمیں اپنی توانائیاں ملک کی بہتری کے لیے صرف کرنی چاہیے، حقوق کی بات کرنے والے اپنی ذمہ داریوں سے غافل ہیں جب کہ اکثر سرکاری ادارے اپنے فرائض کی ادائیگی میں ناکام نظر آتے ہیں۔ بطور چیف جسٹس ہر شخص کی جانب سے تعاون پر ان کا شکرگزارہوں، اللہ اس آئینی ادارے کو دوام اوراستحکام بخشے۔

دوسری جانب نامزد جسٹس انور ظہیر جمالی کی ریٹائرمنٹ کے بعد چیف جسٹس کا عہدہ سنبھالنے والے جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ چیف جسٹس انور ظہیر جمالی صوفی گھرانے سے تعلق رکھتے ہیں، چیف جسٹس کے والد حضرت بابافرید گنج شکر کے مرید تھے، چیف جسٹس انورظہیرجمالی کی خدمات بے مثال ہیں، ان کا منصب امتحانوں اور آزمائشوں سے بھرا پڑا ہے۔ عدلیہ شہریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کی ذمہ دارہے، آزاد عدلیہ جمہوریت کا اہم جزو ہے، عدلیہ کو غیر جانبدار اور دباؤ سے آزاد ہوکرکام کرنا چاہیے، اللہ کے فضل سے پاکستان کی عدلیہ آزاد ہے اورعدلیہ آئندہ بھی اپنی آزادی کو برقراررکھے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ بددیانتی، بے ایمانی سے ہی بدعنوانی پروان چڑھتی ہے جب کہ حکومت اورانتظامیہ کی اختیارات کے استعمال میں کوتا ہی کرپشن ہے۔

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)سپریم کورٹ نے سانحہ کوئٹہ پر انکوائری رپورٹ جاری کر دی ہے ، جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی انکوائری رپورٹ میں 18سفارشات کی گئیں ہیں
۔
تفصیلات کے مطابق رپورٹ میں کہاگیاہے کہ کالعدم تنظیموں پر جلسے جلوس کرنے پر انسداد دہشتگرد ایکٹ کے تحت کارروائی ،دہشتگردی کا شکار افراد کے لواحقین کو فوری معاوضہ دینے ،دہشتگردوں اور انکی تنظیموں کے بیانات، موقف نشرکرنیوالوں کیخلاف کارروائی ،انسداد دہشتگردی ایکٹ کے فوری نفاذ کی سفارش کی گئی ہے ۔

سانحہ کوئٹہ کی 119 صفحات پر مشتمل رپورٹ 54 روز میں مکمل کی گئی۔رپورٹ میں یہ بھی کہا گیاہے کہ وفاقی وزیرداخلہ،صوبائی وزیراعلیٰ اور وزیر داخلہ نے غلط بیانی کی۔واضح رہے کہ کوئٹہ میں ہونے والے دھماکے میں کم از کم 69 افراد ہلاک ہوئے تھے ۔

 

 


ایمزٹی وی(روس)روس کے صدر ولاد میر پیوٹن نے ایک بار پھر دنیا کی بااثر ترین شخصیت کا اعزاز اپنے نام کر لیا ہے۔
امریکی جریدے فوربز نے 2016 میں دنیا کی بااثر ترین شخصیات کی فہرست جاری کی ہے جس میں دنیا کی 10 بااثر ترین شخصیات کے نام بتائے گئے ہیں اور اس فہرست میں روسی صدر ولاد میر پیوٹن نے سب کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

امریکی جریدے کے مطابق امریکی صدارتی انتخابات کے دوران روسی ہیکرز کی وجہ سے خبروں میں رہنے والے روسی صدر ولاد میر پیوٹن فہرست میں سب سے آگے ہیں جب کہ بااثر شخصیات کی فہرست میں نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا دوسرا نمبر ہے۔

جرمن چانسلر انجیلا مرکل دنیا کی تیسری بااثر ترین شخصیت ہیں جب کہ چین کے صدر شی جن پنگ چوتھے اور پوپ فرانسس پانچویں نمبر پر ہیں۔ مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس ساتویں، بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نویں اور فیس بک کے بانی مارک زکر برگ 10ویں نمبر پر ہیں۔

برطانوی وزیراعظم تھریسامے بااثرترین افراد کی فہرست میں 13ویں نمبر پر ہیں جب کہ سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اس فہرست میں 16ویں اور ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای 18ویں نمبر پر ہیں۔ موجودہ امریکی صدر براک اوباما اس فہرست میں 48 ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔
واضح رہے کہ روسی صدر ولاد میر مسلسل چار سال سے دنیا کی با اثر ترین شخصیت قرار دیئے جا رہے ہیں۔