بدھ, 09 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد) واپڈا اور یو ایس ایڈ کے درمیان معاہدے پر دستخط ہوگئے جس کے بعد یوایس ایڈ “کرم تنگی ڈیم” منصوبے کیلئے 81 ملین ڈالر دے گا۔

ذرائع کے مطابق واپڈا اوریوایس ایڈ کے درمیان معاہدے پردستخط ہوگئے، معاہدے پر چیئرمین واپڈا مزمل حسین اور یوایس ایڈ کے مشن ڈائریکٹر جان گروکے نے دستخط کئے، تقریب میں وزیر پانی وبجلی خواجہ آصف اور امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل بھی موجود تھے ۔

معاہدے کے مطابق یو ایس ایڈ کرم تنگی ڈیم منصوبے کے لئے 81 ملین ڈالر دے گا اور اس رقم سے منصوبے کا پہلا مرحلہ مکمل ہوگا، منصوبے کی تکمیل سے 16 ہزارایکڑ اراضی سیراب ہوگی جب کہ 18 میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی۔

تقریب سے خطاب کے دوران خواجہ آصف نے کہا کہ کرم تنگی ڈیم پر امریکی معاونت خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان کیلئے اہم ہے، منصوبے کی تکمیل سے فاٹا کے عوام کا معیار زندگی بلند کرنے میں مدد ملے گی، حکومت دیامر بھاشا، داسو اور کرم تنگی سمیت کئی منصوبوں پر کام کررہی ہے۔

پن بجلی کی پیداوار میں اضافے سے تھرمل بجلی پر انحصار کم ہو گا اور سستی بجلی میسر ہوگی جب کہ وزیرستان میں ترقیاتی منصوبوں سے عسکریت پسندی کو کنٹرول کرنے میں مدد ملے گی۔
واضح رہے کہ یوایس ایڈ کی معاونت سے 2 ہزار410 میگاواٹ بجلی نیشنل گرڈ میں آئی ہے اوریوایس ایڈ توانائی کے شعبے میں اب تک 53 ارب 10 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کرچکا ہے۔

 

 

ایمز ٹی وی (صحت) پہلوانوں کے شہر گوجرانوالہ میں مریض کو ہیپا ٹائٹس کی غلط رپورٹ دینے پر اہل خانہ نے لیب انچارج کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا ۔

زرائع کے مطابق گوجرانوالہ کے علاقے منیرچوک پر عدنان نامی مریض نے اپنا ہپا ٹائٹس کا ٹیسٹ کرایا ۔عدنان جب اپنی ہپا ٹائٹس کی رپورٹ لینے لیب میں آیا تو لیب انچار ج نے اسے شمائلہ نامی خاتون کی رپورٹ تھما دی ۔

جس پر مریض اور لیب انچارج کے درمیان تلخ کلامی ہوئی اور بعد میں عدنان کے رشتے داروں نے لیب انچارج کو شدید تشدد کا نشانہ بنا یا اور اس پر لاتوں اور گھونسوں کی بارش کردی ۔

مریض کے لواحقین نے کہا کہ لیب انچارج نے مریض کی جگہ مریضہ کی رپورٹ دی جبکہ دوسری جانب لیب انچارج کا کہنا تھا کہ غلطی سے بلڈ سیمپل تبدیل ہو گئے تھے جس کے باعث عدنان کو شمائلہ کی رپورٹ دی ۔

 

 


ایمزٹی وی(اسلام آباد) تحریک انصاف نے وزیراعظم نواز شریف کے خلاف قومی اسمبلی میں تحریک استحقاق جمع کرادی ہے۔
ذرائع کے مطابق تحریک انصاف نے قومی اسمبلی میں وزیراعظم نواز شریف کے خلاف تحریک استحقاق جمع کرا دی ہے۔

تحریک انصاف کی رکن قومی اسمبلی شیریں مزاری کی جانب سے جانب سے جمع کرائی گئی قرار داد میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم نے پاناما لیکس کے معاملے پر اسمبلی میں جھوٹ بولا جس سے ایوان کا استحقاق مجروح ہوا لہذا ان کے خلاف کارروائی کی جائے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ہی تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے قومی اسمبلی کا بائیکاٹ ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایوان میں تالیاں بجانے نہیں اپنی بات کرنے جائیں گے۔

 

 


ایمزٹی وی(اسپورٹس)فریال مخدوم کے الزامات اور والدین کے جوابات کے بعد باکسر عامر خان کا کہنا ہے کہ میں اہل خانہ اور بیوی کے اس جھگڑے میں نہیں پڑنا چاہتا۔ دونوں طرف کا رویہ بچگانہ ہے۔ میں بہت برداشت کر چکا ہوں انھیں اب یہ جھگڑا ختم کرنا ہو گا۔ ٹویٹر پر جاری کیے گئے بیان میں عامر خان کا کہنا تھا کہ اہل خانہ میرا نام بدنام کر رہے ہیں۔

دونوں طرف سے جو غلط فہمیاں ہیں وہ گھرمیں ہی رہنی چاہیے تھیں۔ معاملات اس طرف جا رہے ہیں جہاں وہ بیٹا اور شوہر کھو دیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ میں اپنی بیوی کی حمایت کرتا ہوں کیونکہ وہ صحیح ہے۔ گھر والوں نے میری بیوی کے ساتھ ٹھیک سلوک نہیں کیا۔ یاد رہے عامر خان کی بیوی نے اپنے سسرال پر گھریلو تشدد کا نشانہ بنانے کا الزام لگایا تھا

 

 

ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ) بالی ووڈ اداکار ہریتھک روشن نے دنیا کے خوبصورت ترین مردوں کی فہرست میں بڑے بڑے ہالی وڈ اداکاروں کو پچھاڑتے ہوئے تیسرے نمبر پر جگہ بنالی ہے۔

بالی ووڈ اسٹار ہریتھک روشن کا شمار فلم نگری کے صف اول کے اداکاروں میں ہوتا ہے جنہوں نے اب تک متعدد بلاک بسٹر فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں اور جہاں تک ہریتھک کی خوبصورتی کی تعریف کی جائے تو اس میں انہوں نے بڑے بڑے اداکاروں کو پیچھے چھوڑدیا ہے۔

بین الاقوامی ویب سائٹ کی جانب سے دنیا کے خوبصورت ترین مردوں کی فہرست جاری کی گئی ہے جس میں ہریتھک روشن کو دنیا کا تیسرا خوبصورت ترین مرد قرار دیا گیا ہے، فہرست میں ہالی ووڈ کے دل کی دھڑکن کہلائے جانے والے بریڈ پٹ اور جانی ڈیپ کو بھی ہریتھک نے خوبصورتی میں پیچھے چھوڑدیا ہے،فہرست میں پہلے نمبر پر ٹام کروز اور دوسرے پر روبرٹ پیٹیسن ہیں۔

دوسری جانب ہریتھک روشن کا کہنا ہے کہ وہ اس طرح کی تعریفوں پر خوش نہیں ہوتے کیونکہ وہ چہرے کی خوبصورتی سے زیادہ ارادوں اور خیالات پر یقین رکھتے ہیں اور اسی وجہ سے انسان خوبصورت بنتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ویب سائٹ کی جانب سے خوبصورت ترین افراد کی فہرست میں شامل کرنا صرف ایک تعریف ہے نہ کہ کوئی کامیابی۔

 

679286 pryanka 1481699213

ایمز ٹی وی(انٹرٹینمنٹ) بالی ووڈ میں شاندار کامیابی کے بعد اداکارہ پریانکا چوپڑا نے ہالی ووڈ میں بھی خوب داد حاصل کی اور اب بھی وہ مختلف پراجیکٹس میں مصروف ہیں تاہم اب ایک قدم اور آگے بڑھتے ہوئے اداکارہ اقوام متحدہ کے ادارے یونیسیف کی خیرسگالی کی سفیر بن گئی ہیں۔

 

 

یونیسیف کی 70 ویں سالگرہ گزشتہ روز نیو یارک میں منائی گئی، تقریب میں ڈیوڈ بیکھم، لانڈو بلوم، جیکی چین اور ملی بابی براؤن جیسے بین الاقوامی فلمی ستاروں کے ہمراہ اداکارہ پریانکا چوپڑا بھی موجود تھیں۔

بالی ووڈ میں جنگلی بلی کے نام سے مشہور اداکارہ پریانکا چوپڑا اب اقوام متحدہ کے ادارے یونیسیف کی خیرسگالی کی سفیرمقررکردی گئی ہیں۔ اداکارہ پریانکا چوپڑا کو بچوں کے حقوق کے پروموشن کے لیے گلوبل ٹیم میں شامل کرلیا گیا ہے۔

اداکارہ نے سوشل میڈیا ویب سائٹ انسٹا گرام پراپنی تصویریں پوسٹ کیں اورکہا کہ یونیسیف کی گلوبل خیرسگالی کی سفیرکے طور پراس گروپ کے ساتھ کام کرنا میرے لیے باعث فخرہے۔

 

 

ایمزٹی وی(تربت) وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناءاللہ زہری نے کہا ہے کہ وزیر اعظم بلوچستان کیساتھ کیے وعدے پورے کر رہے ہیں ،N85 شاہراہ کی تکمیل سے منصوبہ گیم چینجر ثابت ہو چکا ہے ۔وزیرا عظم نے بلوچستان کے عوام کو ترجیع دی ۔

تربت کے علاقے بلنگر میں سوراب ہوشاب شاہراہ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ترقی کے عمل میں شاہراہوں کی اہمیت سے کسی کو انکار نہیں،وزیراعظم نے کہاتھاکہ وہ بلوچستان کیساتھ ہونیوالی ناانصافیوں کاازالہ کریں گے تاہم وزیراعظم کی بارباربلوچستان آمدآپ کی محبت کاثبوت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ شاہراہ سے علاقے کے عوام مستفید اور ترقی کاعمل تیز ہوگا،سی پیک منصوبے میں گوادرکوخصوصی اہمیت حاصل ہے۔مواصلات اور شاہراہوں کاجال بچھانے کو خصوصی اہمیت دی گئی ہے۔

وزیرا علیٰ بلوچستان نے کہا کہ کوئٹہ سے گوادر تک کاسفر 8 گھنٹے تک رہ گیاہے،سڑک کی تعمیر سے علاقائی تجارت میں اضافہ ہوگا۔

 

 


ایمزٹی وی(کراچی)چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاویدباجوہ ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچ گئے۔جہاں انہوں نے مزار قائد پر پھول چڑھائے۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ ایک روزہ دورے پر کراچی گئے ہیں جہاں انہوں نے مزار قائد پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی بھی کی ۔

آرمی چیف کور ہیڈ کوارٹر بھی گئے جہاں انہیں شہر کی سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی گئی

 

 

ایمز ٹی وی (صحت) کیا آپ کو میٹھا کھانا پسند ہے ؟ مگر اس وقت کیا ہو جب چینی کو اپنی غذا سے مکمل طور پر نکال دیں ؟

دنیا بھر میں 80 سے 90 فیصد افراد کے دلوں کو دن میں کم از کم ایک بار میٹھا کھانا ضرور پسند ہے۔

ایک امریکی ماہر طب تمارا ڈیوکر فریومین نے بتایا کہ جب کوئی شخص چینی کا استعمال ترک کرتا ہے یعنی کسی بھی شکل میں اسے جسم کا حصہ نہیں بناتا تو گھنٹوں کے اندر ہی جسم میں تبدیلیاں آتی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ چینی نہ کھانے سے چند گھنٹوں کے اندر ہی ہارمونز کی سطح میں تبدیلیاں آتی ہیں اور انسولین کی سطح کم ہونے لگتی ہے۔

جیسا آپ کو علم ہوگا کہ انسولین جسم کے اندر مٹھاس کو کنٹرول کرنے اور اضافی گلوکوز کو ذخیرہ کرنے کا کام کرنے والا ہارمون ہے۔

اگر جسم میں انسولین کی بہت زیادہ مقدار گردش کررہی ہو تو جسمانی وزن میں کمی اور چربی گھلنے کا امکان بہت کم ہوتا ہے۔

ماہر طب کے مطابق جب آپ چینی کا استعمال ترک یا بہت کم کردیتے ہیں تو جسم کے لیے ذخیرہ شدہ چربی تک رسائی اور توانائی کے لیے اسے گھلانا بہت آسان ہوجاتا ہے۔

چینی کا استعمال ترک کرنے کے چند دنوں یا ہفتوں بعد جسم میں لپڈ (شحم چربی) کی سطح بھی گرنے لگتی ہے جو کہ اس لیے بھی اہم ہے کیونکہ یہ خون میں پائے جانے والی چربی کی ایک قسم ٹرائی گلیسیرائیڈز کی مقدار میں کمی لاتا ہے۔

اگر چربی کی یہ قسم خون میں زیادہ ہو تو یہ شریانوں کو سکڑنے یا سخت کرنے کا باعث بنتی ہے جس سے امراض قلب کا خطرہ بڑھ جاتا ہے، جبکہ جسم کے لیے نقصان دہ کولیسٹرول کی سطح بھی گرجاتی ہے۔

ایک اور بڑی تبدیلی جو طویل المعیاد بنیادوں پر دیکھنے میں آتی ہے وہ پیلیٹ یا تالو میں تبدیلی ہے جو چینی کو چھوڑنے کے عمل کو آسان بناتی ہے۔

واضح رہے کہ چند ماہ پہلے کیلیفورنیا یونیورسٹی کی ایک تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ محض نو دن تک چینی کا بہت کم استعمال ہی صحت کو ڈرامائی حد تک بہتر بناسکتا ہے۔

محققین کا کہنا تھا کہ چینی میٹابولزم کے لیے اپنی کیلوریز کے باعث ہی نقصان دہ نہیں بلکہ یہ جسم پر بوجھ بڑھانے کے باعث خطرناک ہوتی ہے۔

تحقیق کے مطابق چینی کا استعمال کم کرنے سے میٹابولک سینڈروم کا خطرہ دور ہوتا ہے جو کہ ایسی علامات کا اجتماع ہوتا ہے جو دل کے امراض، فالج اور ذیابیطس ٹائپ ٹو کا خطرہ بڑھاتی ہیں۔

یہ سینڈروم ہائی بلڈ پریشر، ہائی بلڈ گلوکوز لیول، کمر پر اضافی چربی کے جمع ہونے اور کولیسٹرول لیول میں اضافے کا باعث بھی بنتا ہے۔

تحقیق کے دوران یہ بات معلوم ہوئی کہ چینی کا استعمال کم کرنے سے بلڈ پریشر اور کولیسٹرول کی سطح کم، جگر کے افعال میں بہتری جبکہ انسولین لیول ایک تہائی حد تک کم ہوگیا۔

اس تحقیق کے دوران رضاکاروں کی غذا میں چربی، پروٹین، کاربوہائیڈریٹس اور کیلوریز کی سطح تو یکساں رہی تاہم چینی کی مقدار کو 28 فیصد سے 10 فیصد تک کم کیا گیا اور مختصر وقت میں ان کی صحت میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی۔

اس غذا کے نتیجے میں ان کے جسمانی وزن میں کمی بھی دیکھنے میں آئی اور وہ صحت مند سطح تک پہنچ گیا۔

 

 

 

ایمز ٹی وی( صحت) گرمیوں میں یا سخت جسمانی محنت کے بعد پیاس لگنا تو عام بات ہے کیونکہ پسینے کی شکل میں بہت زیادہ پانی نکل جاتا ہے اور جسم کو اس کی فوری ضرورت ہوتی ہے۔

مگر جب موسم ٹھنڈا ہو یا آرام سے بیٹھے ہیں اور پھر بھی ہر وقت پیاس لگ رہی ہے جس کی وجہ بھی سمجھ نہیں آرہی تو یہ خطرے کی گھنٹی ہوسکتی ہے۔

اگر تو آپ 6 سے 8 گلاس پانی روزانہ پیتے ہیں اور پھر بھی مسلسل شدید پیاس کا احساس ستاتا رہتا ہے تو یہ وقت ہوتا ہے کہ ڈاکٹر سے رجوع کرلینا چاہئے۔

اگر آپ کو بہت زیادہ پیاس لگتی ہے تو اس کی چند وجوہات یہ بھی ہوسکتی ہیں۔

:جسم میں پانی کی کمی
اگر جسم میں پانی کی کمی ہونے لگے اور مناسب مقدار میں اس کا استعمال نہ ہو تو پیاس لگنے لگتی ہے، ویسے تو کہا جاتا ہے کہ جسم کو روزانہ آٹھ گلاس پانی کی ضرورت ہوتی ہے تاہم یہ بات ذہن میں رکھنی چاہئے کہ اس میں پانی کے ساتھ ساتھ غذا کی شکل میں جسم کا حصہ بننے والا سیال بھی شامل ہوتا ہے، کچھ لوگوں کو پانی کی زیادہ ضرورت ہوتی ہے تو ان کے لیے آٹھ گلاس بھی کم ہوتے ہیں جبکہ کچھ کے لیے زیادہ بھی ثابت ہوسکتے ہیں، یا یوں کہہ لیں ہر انسان کی جسمانی ضروریات مختلف ہوتی ہیں جس کے حساب سے پانی پینا ہوا ہے، تاہم ہر وقت پیاس لگنے کا مطلب یہ بھی ہوسکتا ہے کہ آپ کے جسم کو پانی کی زیادہ ضرورت ہے خاص طور پر خشک موسم کے دوران۔

:بہت زیادہ نمک کا استعمال
زیادہ نمک والی غذاﺅں لوگوں کی پیاس بڑھاتی ہیں، ہمارے جسم کو نمک اور پانی کے درست توازن کی ضرورت ہوتی ہے، تو جب نمک کا استعمال زیادہ ہوجائے تو خون میں پانی کی سطح گرجاتی ہے جس کے نتیجے میں ہر وقت پیاس لگنے لگتی ہے، خاص طور پر اگر کھانے کے بعد پیٹ پھول جائے یا گیس محسوس ہو کیونکہ جسم پانی کا کچھ حصہ وہاں اکھٹا کردیتا ہے جو کہ دیگر مسائل کا باعث بھی بن سکتا ہے۔

:ادویات
کچھ ادویات منہ کو خشک کرتی ہیں جس سے پیاس کا احساس ہوتا ہے، اگر آپ ادیوات استعمال کرتے ہیں اور پیاس کا احساس زیادہ ہوتا ہے تو ڈاکٹر سے رجوع کیا جانا چاہئے۔

َذیابیطس
ذیابیطس جسم کی مٹھاس کو ٹکڑے اور ذخیرہ کرنے کی صلاحیت کو متاثر کرنے والا مرض ہے، جس کے نتیجے میں خون میں شوگر کی سطح بڑھ جاتی ہے اور پیشاب زیادہ آنے لگتا ہے، جس سے جسم میں پانی کی کمی ہونے لگتی ہے اور پیاس بہت زیادہ بڑھ جاتی ہے، یوں کہہ لیں کہ مسلسل پیاس اور پیشاب کا آنا اس مرض کی دو واضح علامات ہوسکتی ہیں، اگر آپ زیادہ مقدار میں پانی پینے کے باوجود پیاس محسوس کرتے ہیں تو ڈاکٹر سے شوگر چیک کرالیں۔

:آٹو امیون امراض
آٹو امیون امراض کے نتیجے میں آنکھیں اور منہ خشک ہوجاتے ہیں جس سے آپ پیاسے ہوجاتے ہیں، اگر آپ کا منہ ادویات کے استعمال یا بغیر کسی وجہ کے اکثر خشک رہتا ہے اور پیشاب بھی زیادہ نہیں آتا تو یہ آٹو امیون امراض کا نتیجہ ہوسکتا ہے۔

:ہارمون توازن میں گڑبڑ
اگر ہارمونز کا توازن بگڑ جائے تو اس سے نمک اور پانی کی سطح پر اثرات مرتب ہوتے ہیں اور بہت شدید پیاس لگتی ہے، ایسے افراد ہر وقت پیشاب بھی آتا رہتا ہے چاہئے وہ زیادہ پانی نہ بھی پیئے۔