منگل, 08 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

 

ایمز ٹی وی( صحت)موسم سرما میں ہماری جلد کو بے شمار مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ سرد اور خشک ہوائیں جلد کو کھردرا اور خشک بنا دیتی ہیں ۔ موسم سرما میں خشک سردی کے باعث خواتین اپنی اسکن کے لیے فکرمند ہوجاتی ہیں، خشک سردی سے بچنے کے لیے انہیں کیا کیا جتن کرنے پڑتے ہیں۔

سردی کے موسم میں اکثر خواتین کو جلد خشک ہونے کی شکایت ہوتی ہے جس سے جلد بری طرح متاثر ہوتی ہے۔

ماہرین نے اس کی وجہ رات کو میک اپ صاف کیے بغیر سوجانا یا پھر غیرمعیاری کاسمیٹکس کا استعمال بتایا ہے۔

فیشن ماڈلز کا کہنا ہے کہ شوبز سے وابستگی کی وجہ چہرے پر ہر وقت میک اپ رہتا ہے اور کام ختم ہونے کے بعد میک اپ واش کرنے کے لیے بھی مختلف چیزیں استعمال کی جاتی ہیں جو جلد پر اثرانداز ہوتی ہیں۔

سردیوں میں جلد خشک ہونے کی ایک وجہ پانی کا کم استعمال بھی ہے، میک اپ آرٹسٹ ایسے میں گلوس میک اپ کو ترجیح دیتے ہیں۔

کبھی کبھار حساس جلد پر یہ خشکی اس قدر ہوتی ہے کہ جلد کی سطح پر اس کی خشک تہہ سی ہوتی ہے جو جھڑنے لگتی ہے۔ نتیجتاً جلد پر خراشوں اور جھریاں بننے کا عمل تیز ی سے بڑھنے لگتا ہے، جلد کی ایسی خراب اور حساس صورت حال میں کسی بھی قسم کا میک اپ کرنا غیر ضروری ہو جاتا ہے۔ اس لیے میک اپ سے پہلے اس بات کا خصوصی خیال رکھیں کہ جلد صحت مند ہو، تاکہ میک اپ کے بعد وہ اچھا تاثر قائم کرے۔

 

 


ایمزٹی وی(اسپورٹس) ہسپانوی فٹبال کلب رئیل میڈرڈ کے پرتگالی فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے چوتھی بار بہترین فٹبالر کا اعزاز اپنے نام کرلیا ہے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق منفرد اسٹائل کے ذریعے فٹبال شائقین کو متوجہ کرنے والے معروف فٹبالر کرسٹینا رونالڈو نے چوتھی بار بیلن ڈی اور ایوارڈ اپنے نام کرلیا ہے۔ رونالڈو نے سخت مقابلے کے بعد اپنے روایتی حریف ارجنٹینا کے لیونل میسی کو مات دے کر یہ اعزاز اپنے نام کیا ہے، لیونل میسی بیلن ڈی اور ایوارڈ 5 بار جیت چکے ہیں اور گزشتہ برس بھی یہ اعزاز ان کے نام ہی رہا تھا تاہم اس بار بیلن اور ایوارڈ کے لئے دنیا بھر کے 173 صحافیوں نے 31 سالہ پرتگالی کھلاڑی رونالڈو کو اس ایوارڈ کا حق دار قرار دیا۔

کرسٹیانو رونالڈو نے گزشتہ سیزن کے چیمپئنز لیگ میں اپنے کلب ریئل میڈرڈ کو کامیابی دلانے میں اہم کردار ادا کیا تھا اور اپنے ملک پرتگال کی یورو 2016 کی فتح میں بھی 3 گول کرکے کلیدی کردار ادا کیا تھا۔

واضح رہے کہ بیلن ڈی اور ایوارڈ 1956 سے ہر سال دیا جاتا رہا ہے لیکن گزشتہ 6 برسوں سے اس کا اشتراک فیفا کے ساتھ تھا اور 2009 میں اس ایوارڈ کو متعارف کرائے جانے کے بعد سے لے کر اب تک ارجنٹینا کے لیونل میسی اور پرتگال کے کرسٹیانو رونالڈو کے علاوہ کوئی بھی دنیا کا تیسرا کھلاڑی یہ ایوارڈ حاصل نہیں کرسکا۔ کرسٹینا رونالڈو یہ ایوارڈ 2008، 2013 ، 2014 اور 2016 میں اپنے نام کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔

 


ایمزٹی وی(پشاور) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں میں گٹھ جوڑ ہر صورت ختم کریں گے

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کور ہیڈ کوارٹرز پشاور کا دورہ کیا جہاں کورکمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل ہدایت الرحمان نے ان کا استقبال کیا جب کہ پاک فوج کے سربراہ نے کور ہیڈ کوارٹر پشاور میں پورا دن گزارا۔

اس موقع پر انہیں فاٹا، خیبرپختونخوا اور مالاکنڈ ڈویژن میں سیکیورٹی آپریشن پربریفنگ دی گئی۔ ترجمان کے مطابق آرمی چیف نے بارڈر مینجمنٹ پر پیشرفت کا جائزہ لیا جب کہ تعمیراتی کاموں، سرحد پرایف سی کی کارکردگی کی تعریف کی اور ایف سی کی صلاحیتوں میں بہتری لانے کی ہدایت کی۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ آرمی چیف نے اب تک کے آپریشن میں حاصل کامیابیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ علاقے میں قیام امن ، ترقیاتی کاموں کے لیے پاک فوج ، قبائل شانہ بشانہ رہیں گے جب کہ پاک فوج فاٹا بھر میں ترقیاتی کاموں سے متعلق قبائلی عوام کے ساتھ ہے۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے انٹیلی جنس بنیادوں پر کومبنگ آپریشنز جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کے درمیان روابط ختم کرنے کے لیے بہتر بارڈر مینجمنٹ ضروری ہے جب کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں میں گٹھ جوڑ ہر صورت ختم کریں گے۔

آرمی چیف نے پاک افغان بارڈر پر دہشت گردوں کی غیرقانونی نقل وحرکت کو روکنے اور چوکیوں کی تعمیر کا کام تیز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ قیام امن کے لیے پاک افغان بارڈر کے دوسری جانب دہشت گردوں کی سرگرمیوں پر نظر رکھنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ قبائلی علاقوں کے متاثرین کی باعزت اور بروقت واپسی اور متاثرین کی بحالی کے لیے سماجی انفراسٹرکچرمیں بہتری کو یقینی بنایا جائے کیوں کہ فاٹا میں قیام امن اور خوشحالی سے پورے خطے کو فائدہ ہوگا۔

 


ایمزٹی وی(اسلام آباد) حادثے کا شکار طیارے کی تحقیقات کے لئے فرانسیسی ٹیم اسلام آباد پہنچ گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق فرانس کی تحقیقاتی ٹیم حادثے کا شکار ہونے والے طیارے کی تحقیقات کےلئے اسلام آباد پہنچ گئی ہے۔ تحقیقاتی ٹیم 4 رکنی وفد پر مشتمل ہے جو آج حویلیاں کا دورہ کریں گے۔
تباہ ہونے والے اے ٹی آر طیارے کا بلیک باکس اور وائس ریکارڈ فرانس بھیجے جانے کا امکان ہے جہاں بلیک باکس کو ڈی کوڈ کیا جائے گا اور اس سے حاصل ہونے والے مواد کو اینی میشن کی شکل میں ڈھالا جائے گا۔ بلیک باکس اور وائس ریکارڈ کا ڈیٹا حاصل میچ کرکے حتمی رپورٹ تیار کی جائے گی
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے چترال سے اسلام آباد آنے والا پی آئی اے کا اے ٹی آر طیارہ حویلیاں کے قریب گر کر تباہ ہوگیا تھا جس کے نتیجے میں عملے سمیت 47 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

 

 


ایمز ٹی وی ( انٹرٹینمنٹ) اگر تو آپ فاسٹ اینڈ فیوریس فلم سیریز کے پرستار ہیں تو اچھی خبر ہے کہ اس کی اگلی فلم کا پہلا مکمل ٹریلر ریلیز کردیا گیا ہے جو دلوں کی دھڑکنیں تیز کردے گا۔

جیسا گزشتہ دنوں یہ بات سامنے آئی تھی کہ فاسٹ اینڈ فیوریس سیریز کی 8 ویں فلم کو فیٹ آف دی فیوریس کا نام دیا گیا ہے جس کی شوٹنگ نیویارک میں ہوئی۔

ویسے تو کسی فلم کا 8 واں حصہ آرہا ہو تو لوگوں کے اندر اس کے لیے تھرل نہیں ہوتا جبکہ اسٹار پاور بھی ماند پڑتی نظر آتی ہے مگر فاسٹ اینڈ فیوریس سیریز کے معاملے میں ایسا نہیں۔

اب مکمل ٹریلر میں اس کی کہانی کی جھلک بھی سامنے آئی ہے جس کو دیکھ کر لگتا ہے کہ جیسے اس بار ڈوم (ون ڈیزل) ولن جیسے کردار میں نظر آئیں گے۔

اس فلم میں ڈوم کے دیگر ساتھی ایک پراسرار خاتون (آسکر ایوارڈ یافتہ چارلیز تھیرون) کے مدمقابل آئیں گے جبکہ ون ڈیزل اپنے ہی دوستوں کا سامنا کریں گے۔

فلم کے آفیشل پلاٹ کے مطابق ایک پراسرار خاتون ون ڈیزل کو جرائم کی دنیا میں لے کر آتی ہے اور اسے باہر نکلنے کا راستہ نہیں ملتا، جبکہ ڈوم کی دغا بازی کے باعث دیگر ساتھیوں کو ایسی آزمائش کا سامنا ہوتا ہے جو پہلے کبھی سامنے نہیں آئی تھی۔

یہ فلم 14 اپریل 2017 کو دنیا بھر میں ریلیز کی جائے گی، جس میں چارلیز تھیرون اور ون ڈیزل کے ساتھ ساتھ ڈیوائن دی راک جانسن اور جیسن اسٹاٹم اہم کرداروں میں نظر آئیں گے۔

خیال رہے کہ فاسٹ اینڈ فیوریس 7 نے دنیا بھر میں ڈیڑھ ارب ڈالرز سے زائد کا بزنس کیا تھا۔

 

 


ایمزٹی وی(اسلام آباد) ترجمان پمز نے کہاہے کہ فرانزک ماہرین نے جنید جمشید کی میت کی شناخت کر لی ہے۔
ذرائع کے مطابق ترجمان پمزنے میڈیا سے گفتگو میں جنید جمشید کی میت شناخت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ فرانزک ٹیم کے ماہرین نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے جنید جمشید کی لاش کی شناخت کر لی ہے جبکہ ابھی تک ماہرین کی جانب سے 13میتوں کی شناخت ہوچکی ہے۔

 

 


ایمزٹی وی(اسلام آباد)بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ کے پاکستان کو 10 ٹکڑے کرنے کے بیان پر وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت کا پاکستان کو ٹکڑے کرنا محض ایک دیوانے کا خواب ہے جو اللہ کے حکم سے کبھی بھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ مودی سرکار نے صرف کشمیرکو ہی نہیں بلکہ پورے بھارت میں اپنے مذموم مقاصد کی خاطر نفرت کی دیوار کھڑی کردی ہے، بھارت میں موجود مسلمانوں کے علاوہ دلتوں عیسائیوں اور دیگر اقلیتوں کے حقوق کا استحصال کیا جاتا ہے اور حقیقت یہ ہے کہ اس وقت بی جے پی کی حکومت کی اقلیت کش پالیسوں سے مسلمانوں سمیت تمام اقلیتں شدید خطرات اور خوف کا شکار ہیں۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ خطے میں دہشت گردی کی وجہ پاکستان نہیں بلکہ وہ ممالک ہیں جہاں انسانی حقوق کی پامالی ، جبر و تشدد اور مذہبی منافرت ریاستی پالیسی کا حصہ ہیں، بھارتی تنظیمیں آج بھی اشتعال انگیزی، مذہبی تعصب اور اقلیتوں کی نسل کشی کو اپنا ایجنڈا سمجھتی ہیں بھارتی حکومت پاکستان پر تنقید اور نقطہ چینی کے بجائے اپنی پرتشدد تنظیموں پر توجہ دے، اور بھارتی حکمران آنکھیں کھول کردیکھیں تو انہیں خود نظر آجائے گا، بھارتی حکمرانوں کی پالیسیوں نے جہاں خود بھارت کو منقسم اور انتشار کا شکار کردیا ہے وہاں پاکستانی قوم کو ان پالیسیوں کے خلاف زیادہ متحد اور منظم کردیا ہے۔

چوہدری نثار نے کہا کہ بھارت بلوچستان اور ملک کے دیگر حصوں میں کھلے عام مداخلت کررہا ہے اور اس کا برملا اظہار و اعتراف کسی سے پوشید ہ نہیں، کل بھوشن یادیو سمیت دیگر بھارتی ایجنٹوں کی گرفتاری بھی پاکستان میں تخریب کاری میں بھارتی ہاتھ کے ملوث ہونے کا منہ بولتا ثبوت ہے، لیکن افسوس ہے کہ بھارت کی اشتعال انگیزی اور پاکستان میں سرعام مداخلت پر عالمی برادری خاموش ہے۔ پاکستان امن چاہتا ہے لیکن بھارت کا تسلط و اجارہ داری اور موجود بھارتی حکومت کی پرتشدد پالیسیاں کسی صورت قبول نہیں کرے گا۔

 

 

ایمز ٹی وی ( انٹرٹینمنٹ) بالی ووڈ کے بادشاہ کیلئے ’رئیس‘ بننا مشکل ہوگیا، شاہ رخ خان نے بھی انتہا پسندی کے سامنے گھٹنے ٹیک دیے، فلم ’رئیس‘ کی ریلیز سے پہلے راج ٹھاکرے سے ملاقات کی، تحفظات دور کیے، آئندہ پاکستانی فنکاروں کو فلم میں نہ لینے کی یقین دہانی بھی کرادی۔

پاکستان فوبیا کا شکار ہندو انتہا پسند ایک بار پھر پاکستانی فنکاروں کے خلاف زہر اگلنے لگے،فلم ’اے دل ہے مشکل‘ کی طرح ماہرہ خان کی فلم ’رئیس‘ کی ریلیز پر بھی دہشت کے سائے منڈلا رہے ہیں، اس دہشت اور انتہا پسندی کے سامنے شاہ رخ خان کو بھی گھٹنے ٹیکنے پڑے ۔

بھارتی میڈیا کے مطابق شاہ رخ خان نے اتوار کی شام راج ٹھاکرے سے ملاقات کی اور فلم کی پروموشن کیلئے ماہرہ خان کے بھارت آنے کی خبروں پر صفائیاں دیں، ساتھ ہی آئندہ پاکستانی فنکاروں کے ساتھ کام نہ کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔

دوسری طرف شیو سینا نے مودی جی کو اچھوتا مشورہ دے ڈالا، ہندو انتہا پسند جماعت کا کہنا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ بال ٹھاکرے سے متاثر تھے، وزیراعظم نریندر مودی ڈونلڈ ٹرمپ سے کچھ سیکھیں، ٹرمپ کی طرح اعلان کریں کہ بھارت میں صرف بھارتیوں کو ہی نوکری ملے گی۔

شیو سینا نے مودی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ یہ پالیسی نافذ کریں کہ بھارتی فلم انڈسٹری اور ٹی وی میں بھی پاکستانی فنکاروں یا پاکستانی ٹیکنیشنز کو کام نہیں دیا جائے اور جو ایسا کرے گا وہ بھارت کا دشمن کہلائے گا۔

 

 


ایمزٹی وی(بیجنگ) چین نے بھارت کے مولانا مسعود اظہر کو دہشت گرد قرار دلوانے اور نیوکلئیر سپلائیر گروپ میں شمولیت کی ایک بار پھر مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے ان دونوں معاملات پر مؤقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔

بیجنگ میں میڈیا بریفنگ کے دوران چین کے وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ جہاں تک بھارت کا نیوکلئیر سپلائیر گروپ میں شمولیت اور مولانا مسعود اظہر کا نام دہشت گردوں کی فہرست میں ڈالوانے کا تعلق ہے تو چین کا ان دنوں معاملات پر وہی پرانا موقف ہے اور اس میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ اس سے قبل بھی چین نیوکلئیر سپلائیر گروپ میں شمولیت کے حوالے سے بھارت کی مخالفت کرتے ہوئے اسے دوٹوک جواب دے چکا ہے۔

 

 


ایمزٹی وی(نیویارک) پاکستان نے ایک مرتبہ پھر اقوام متحدہ میں نیوکلیئرسپلائر گروپ کی رکنیت کیلئے منصفانہ اورغیرامتیازی رویہ اپنانے کا مطالبہ کیا ہے۔

نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں آئی اے ای اے (انٹرنیشنل ایجنسی برائے ایٹمی توانائی) کی رپورٹ پر اظہار خیال کرتے ہوئے پاکستان کے قائم مقام مستقل مندوب نبیل منیر نے کہا کہ پاکستان نیو کلیئر سپلائر ملک بننے کی پوری اہلیت رکھتا ہے، پاکستان نے این ایس جی، ایم ٹی سی آراورآسٹریلیا گروپ کا معیاراختیار کر رکھا ہے جب کہ پاکستان نے رضا کارانہ طورپراین ایس جی گائیڈ لائنز بھی اپنا رکھی ہیں۔

قائم مقام مستقل مندوب نبیل منیر نے کہا کہ پاکستان امن، ترقی اور خوشحالی کے لئے ایٹمی ٹیکنالوجی کے استعمال کاحامی ہے، پاکستان توانائی، صحت، ادویات، زراعت کے شعبے میں جوہری آپریشنزکا تجربہ رکھتا ہے، دنیا کی چھٹی بڑی آبادی کے حامل ملک کے طورپرپاکستان سماجی واقتصادی ترقی کو اولین ترجیح سمجھتا ہے اور پاکستان 55 سال سے ایٹمی ٹیکنالوجی کوسماجی و اقتصادی ترقی کیلئے استعمال کررہا ہے۔

نبیل منیرنے کہا کہ آئی اے ای اے اپنے ٹیکنیکل تعاون پروگرام کے تحت پاکستان کا شراکت دارہے، پاکستان ایٹمی اور ریڈیالوجیکل تحفظ کے اقدامات سے عالمی ادارے کو باقاعدہ آگاہ کرتا ہے جب کہ پاکستان ایٹمی ریگولیٹری اتھارٹی کے قواعد و ضوابط آئی ا ے ای اے معیار کے مطابق ہیں۔ اس کے علاوہ پاکستان نے جوہری تحفظ کی تربیت کیلئے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف سیفٹی اینڈ سکیورٹی بھی قائم کیا اوراسکول میں تابکاری سے بچاؤ کی تربیت کے لئے اسٹیٹ آف دی آرٹ لیباریٹریاں بنائی گئی ہیں۔