پیر, 07 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

 


ایمزٹی وی(اسلام آباد) پاک بحریہ میں رئیر ایڈمرل وسیم اکرم کو وائس ایڈمرل کے عہدے پر ترقی دے دی گئی ہے۔
ترجمان پاک بحریہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق رئیر ایڈمرل وسیم اکرم کو وائس ایڈمرل کے عہدے پر ترقی دیدی گئی ہے تاہم وسیم اکرم فی الوقت کمانڈر کوسٹ کی ذمہ داریاں سر انجام دے رہے ہیں۔
وائس ایڈمرل وسیم اکرم نے 1982میں آپریشنزبرانچ میں کمیشن حاصل کیا جب کہ وہ پاکستان نیوی وار کالج،ترکش اسٹاف کالج اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے گریجویٹ ہیں، وسیم اکرم کو ہلا ل امتیاز(ملٹری) اور ستارہ بسالت سے بھی نوازا جا چکا ہے۔

 

 


ایمزٹی وی(اسلام آباد) اسلام آباد میں وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس ہوا، اجلاس میں مشیرخارجہ سرتاج عزیز، مشیرقومی سلامتی ناصرخان جنجوعہ، آئی ایس آئی چیف لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں وزیراعظم کو سرتاج عزیز، طارق فاطمی، ناصرجنجوعہ اورڈی جی آئی ایس آئی رضوان اخترنے وادی نیلم میں بس پرحملے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

اجلاس میں کنٹرول لائن پرسیز فائرکی خلاف ورزیوں پر بھی غور کیا گیا جب کہ اجلاس میں بس وادی نیلم اورایمبولینس پرحملے کی مذمت کی گئی اورکشمیریوں کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا اورجب کہ اجلاس میں سرحدوں کی حفاظت کیلیے جان دینے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ بھارت مقبوضہ کشمیرکی صورتحال سے توجہ ہٹانے کی کوشش کررہا ہے اس لیے عالمی برادری کنٹرول لائن پر بڑھتی ہوئی کشیدگی میں کمی کیلئے کردارادا کرے۔ اجلاس میں یہ اعلان بھی کیا گیا کہ بھارت جان لے پاکستان کشمیریوں کی حمایت سے پیچھے نہیں ہٹے گا جب کہ شرکا کی جانب سے کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے کا عزم کا اظہار کیا گیا۔

وزیراعظم نوازشریف کا اجلاس کے دوران کہنا تھا کہ پاکستان ایل اوسی پرمسلسل خلاف ورزی کے باوجود تحمل کا مظاہرہ کررہا ہے اور ہم خواتین اوربچوں سمیت شہریوں پردانستہ حملے برداشت نہیں کرسکتے ہیں۔

اجلاس کے شرکا نے کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اوراخلاقی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فورسزمقبوضہ کشمیرمیں معصوم انسانوں کے قتل عام، دیگرجرائم میں ملوث ہے، بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سےتوجہ ہٹانا چاہتاہے، مسافربس اورایمبولینسز پر حملہ عالمی انسانی قوانین کی خلاف ورزی ہے، عالمی برادری بھارت کے انسانی آبادی کو جان بوجھ کر نشانہ بنانے کا نوٹس لے اور ایل اوسی پرکشیدگی کم کرنےمیں کرداراداکرے۔

 

 


ایمزٹی وی (پشاور) پشاور کے علاقے جہانگیر آباد میں باپ نے غیرت کے نام پر بیٹی اور نوجوان کو قتل کر دیا ۔

ذرائع کے مطابق جہانگیر آبا دمیں ایک شخص نے شک کی بنا پر بیٹی اور نوجوان پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں دونوں جاں بحق ہو گئے ۔ فائرنگ کے بعد ملزم نے گرفتاری دیدی

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ فائرنگ کرنے والے شخص نے خود ہی گرفتاری پیش کر دی ہے جس نے بتایا ہے کہ اس نے شک کی بناءپر اپنی بیٹی اور نوجوان کو قتل کیا تاہم واقعے کی تحقیقات جاری ہیں ۔

 

 


ایمزٹی وی(کراچی)ایئر چیف مارشل سہیل امان کا کہنا ہے کہ بھارتی عزائم سے بخوبی واقف اور پاک فضائیہ دشمن کو منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔
کراچی میں آئیڈیا 2016 نمائش میں شرکت کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے سربراہ پاک فضائیہ کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ کی تربیت اعلی معیار کی ہے اور ہماری صلاحیتوں پر کسی کو شک نہیں ہونا چاہیئے۔ ان کا کہنا تھا کہ آپریشن ضرب عضب دہشت گردوں کے خلاف ایک جنگ ہے جس میں فضائیہ بھی شامل ہے۔

سربراہ پاک فضائیہ نے کہا کہ ہماری نظریں سپر مشاق اور جے ایف تھنڈر سے آگے کی طرف ہیں، نائیجریا اور قطر کے ساتھ معاہدہ ہوا اور اب ان کے جہاز پاکستان میں تیار ہو رہے ہیں، ایوی ایشن ریسرچ کرکے اس انڈسٹری کو ترقی دیں گے اور موجودہ حالات بھی اسی بات کے متقاضی ہیں کہ کسی اور پر انحصار کرنے کے بجائے خود کفیل ہونا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی عزائم سے واقف ہیں اور حد سے تجاوز کرنے والوں کو پکڑنا جانتے ہیں، اڑی واقعہ پر الزام تراشیوں کے بعد ہم نے تیاریاں مکمل کرلیں تھیں، ہم بھارت کے ہتھکنڈوں سے دباؤ میں والے نہیں۔

 

 


ایمزٹی وی(آزاد کشمیر)مسلم کانفرنس کے صدر سردار عتیق احمد خان نے وادی نیلم سمیت کنٹرول لائن پر شدید فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے انسانی جانوں کے نقصان پر شدید دکھ کا اظہار کیا ۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بھارت کے جارحانہ عزائم سے جنوبی ایشیا ء شدید خطرات کا شکار ہوگیا ہے ۔ حکومت پاکستان کو فوری طور پر مستقل وزیر خارجہ کا تقرر کرکے دنیا بھر میں ایک جارحانہ سفارتی مہم کا آغاز کرنا چا ہئے ۔

انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں جاری تحریک آزادی سے بوکھلاہٹ کا شکار ہے اور اس کا غصہ کنٹرول لائن پر فائرنگ کے ذریعے اتار رہا ہے ۔ آزاد کشمیر کے عوام کسی بھی جارحیت کے مقا بلہ کیلئے تیار ہو جائیں.

 

 


ایمزٹی وی(آزاد کشمیر) پی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ لائن آف کنٹرول کے علاقوں میں بھارت نے اغیر علانیہ جنگ شروع کر دی ہے ۔بھارت کی طرف سے بھاری توپ خانے کا استعمال کیا جا رہا ہے جس سے سول آبادی بُری طرح سے متاثر ہو رہی ہے ۔

حکومت آزاد کشمیر کی طرف سے متاثرین کیلئے قابل ذکر اقدامات نہیں کئے گئے ۔میرے دور حکومت میں بھی اس طرح کی صورت حال پیدا ہوئی تھی۔بلکہ اس سے بھی صورت حال بد ترین تھی۔ لیکن ہم نے بر وقت لوگوں کی امداد کے لیے ہنگامی اقدامات کئے تھے ۔

ان خیالات کا اظہار اُنھوں نے سماہنی سیکٹر میں فائرنگ سے متاثر ہونے والے زخمیوں کی ڈسٹرکٹ ہسپتال میرپور میں عیادت کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ کنٹرول لائن پر بسنے والے لوگوں کو تمام سہولیات فراہم کی جائیں ۔

 

 


ایمزٹی وی(اسلام آباد) آرمی چیف جنرل راحیل شریف کو آج وزیراعظم ہاؤس میں الوداعیہ دیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق آج وزیراعظم اور آرمی چیف کے درمیان ون آن ون ملاقات ہو گی اور ملاقات میں نئے آرمی چیف کی تقرری کیلئے مشاورت بھی ہو گی۔

واضح رہے آرمی چیف جنرل راحیل شریف 29 نومبر کو اپنے عہدے سے ریٹائر ہو جائیں گے اور آجکل آرمی چیف کی الوداعی ملاقاتوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

 

 


ایمزٹی وی(راولپنڈی) آرمی چیف کی زیر صدرات کور ہیڈ کوارٹر راولپنڈی میں اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں کنٹرول لائن کی صورتحال بالخصوص بس پر بھارتی افواج کی فائرنگ پر غور کیا گیا۔

آرمی چیف کا اس موقع پر کہنا تھا کہ معصوم شہریوں پر فائرنگ ناقابل قبول اور غیر پیشہ ورانہ عمل ہے۔ انہوں نے سرحدی جارحیت کا موثر جواب دینے پر نوجوانوں کی تعریف بھی کی۔

آرمی چیف نے ہدایت کی کہ آئندہ کسی بھی سرحدی خلاف ورزی کا بھرپور اور فوری جواب دیا جائے۔ واضح رہے آج بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ کر کے 3 پاکستانی فوجیوں کو شہید کر دیا جبکہ اس سے قبل بھارتی فوج کی جانب سے نیلم ویلی میں مسافر بس کو نشانہ بنایا گیا جس میں 7 مسافر شہید جبکہ سات زخمی ہو گئے تھے۔

 

 

ایمزٹی وی(تعلیم) قومی احتساب بیورو نے ضلع حیدرآباد میں 2012ءکے دوران محکمہ تعلیم میں غیرقانونی بھرتیوں کی تحقیقات کا فیصلہ کرلیا ہے اور اس ضمن میں حکومت سندھ سے ریکارڈ بھی طلب کرلیا ہے جبکہ ضلع اکاؤنٹس آفس میں 2010ءسے 2012ءتک کی گئی تقرریاں و تبادلے کا بھی تفصیلات فراہم کرنے کے لئے وزارت خزانہ کو لیٹر جاری کردیا گیا ہے۔

نیب ترجمان کے مطابق غیرقانونی بھرتیوں کے حوالے سے نیشنل اکاؤنٹیبلٹی آرڈیننس 99ءکے تحت حکومت سندھ کو تفصیلا ت فراہم کرنے کو لکھا گیا ہے جبکہ ذرائع کے مطابق نیب حکام کے نوٹس کے بعد بیشتر اساتذہ و محکمہ تعلیم کے بالا افسران میں کھلبلی مچ گئی ہے اور انہوں نے کسی بھی قسم کی قانونی چارہ جوئی سے بچنے کے لئے سرگرمیاں تیز کردی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق حکومت سندھ کے گزشتہ سیٹ ا پ میں محکمہ تعلیم کے اندر اساتذہ سمیت افسران اور چھوٹے گریڈ ملازمین کی لاتعداد غیرقانونی بھرتیاں کرنے کے انکشافات ہوتے چلے آ رہے ہیں جبکہ تحقیقاتی اداروں کی جانب سے تاحال انکوائریاں بھی جار ی ہیں دوسری جانب قومی احتساب بیورو ( نیب ) نے حکومت سندھ کے وزارت خزانہ کو لیٹر لکھ کر 2012ءکو ضلع حیدرآباد میں ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کے اندر بوگس اور غیرقانونی بھرتیوں کا ریکارڈ دینے کا کہا ہے۔

لیٹر میں کہا گیا ہے کہ نیب اساتذہ اور دیگر ملازمین کی غیرقانونی بھرتیوں کے معاملے کی جانچ کررہی ہے‘ اس ضمن میں ادارے کو تمام تر کاغذات فراہم کئے جائیں۔ نیب کے مطابق یہ حقیقت ہے کہ محکمہ تعلیم ضلع حیدرآباد کے افسران اور اکاؤنٹینٹ غیرقانونی بھرتیاں کرنے میں ملوث ہیں جنہوں نے نان گزیٹیڈ اساتذہ کی بھرتیاں کیں جبکہ 2009ءسے 2012ءتک ضلع میں بھرتی کئے گئے عربی‘ ڈرائنگ‘ سندھی‘ پرائمری‘ ورکشاپ انسٹرکٹرز‘ اسسٹنٹ ورکشاپ انسٹرکٹر اور دیگر نان گزیٹیڈ ملازمین کی تفصیل دی جائے اور اس عرصے کے دوران اکاؤنٹینٹ جنرل سندھ نے جو بھی لکھت پڑھت کی ہے اس کی بھی تفصیلات فراہم کی جائیں۔

دوسری جانب محکمہ ایجوکیشن ضلع حیدرآباد کے ایک ذمہ دار افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ نیب کی جانب سے غیرقانونی بھرتیوں کی تحقیقات کے فیصلے کے بعد ملازمین کو پریشانی کے عالم میں مبتلا کیا ہوا ہے جو ملازم ویزے پر چلے گئے تھے ان میں سے بیشتر نے تو کرسیاں سنبھال لی ہیں جبکہ دیگر ملازمین تاحال ڈیوٹیوں سے غائب ہیں اور وہ گھر بیٹھے یا بیرون ملک جاکر قومی خزانے سے تنخواہ اٹھا رہے ہیں۔ افسر نے مزید کہا کہ بوگس اور گھوسٹ ملازمین نے تحقیقات سے بچنے اور اپنی ملازمتیں بچانے کے لئے سیاسی پناہ گاہوں کا رخ کرلیا ہے۔

 

 


ایمزٹی وی(اسلام آباد)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے فواد چوہدری کو پارٹی کا ترجمان تعینا ت کر دیا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق عمران خان نے فواد چوہدری کو پارٹی کے ترجمان کے عہدے پر تعینات کر دیا ہے جبکہ نعیم الحق مرکزی سیکریٹر ی اطلاعات رہیں گے اور اپنی خدمات سرانجام دیتے رہیں گے۔دوسری جانب جیونیوز نے ذرائع کا کہنا ہے کہ فواد چوہدری کو پاناما لیکس کیس میں ترجمان تعینات کیا گیاہے ۔

واضح رہے کہ اس سے قبل تحریک انصاف کے پانامالیکس کیس میں وکیل حامد خان نے بھی عمران خان سے لیکس کی پیروی کرنے سے معذرت کر لی تھی اور کہا تھا کہ وہ میڈیا ٹرائل کا سامنا نہیں کر سکتے