منگل, 08 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

ملکی معیشت پر کورونا وائرس کے منفی اثرات ظاہر ہونا شروع ہوگئے اسٹاک مارکیٹ میں شدید مندی اور ڈالر کی قیمت میں تین روپے اضافے نے خطرے کی گھنٹی بجادی۔ بین الاقوامی سطح پر کورونا وائرس کی بڑھتی ہوئی وباء کے سبب عالمی معیشت پر منفی اثرات پاکستانی معیشت پر ظاہر ہونا شروع ہوگئے ہیں، ملک میں ڈالر کی قیمت میں تین روپے کا اضافہ ہوا جب کہ ملکی اسٹاک مارکیٹ میں ساڑھے گیارہ سو پوائنٹ کے لگ بھگ کمی واقع ہوئی جس سے سرمایہ کاروں کو اربوں روپے کا نقصان ہوا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اسٹاک مارکیٹ اور روپے کی قیمت گرنے کی بنیادی وجہ کورونا وائرس سے عالمی سطح پر پیدا ہونے والے اقتصادی بحران اور تیل کی قیمتوں میں خطرناک حد تک کمی ہے اگر یہ رجحان برقرار رہا تو مستقبل میں اقتصادی صورتحال مزید متاثر ہوگی۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم رواں سال جولائی میں انگلینڈ کا دورہ کرے گی جہاں پر وہ میزبان ٹیم کے خلاف تین ٹیسٹ اور تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کھیلے گی۔

انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے رواں سال پاکستان کے خلاف مجوزہ سیریز کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے جس کے تحت آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے سلسلے میں دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ میچز کھیلے جائیں گے، دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 30 جولائی سے 3 اگست تک لارڈز، دوسرا ٹیسٹ میچ 7 سے 11 اگست تک اولڈ ٹریفورڈ، مانچسٹر جبکہ تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 20 سے 24 اگست تک ٹرینٹ برج نوٹنگھم میں کھیلا جائے گا۔

اس کے بعد دونوں ٹیمیں تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں کی سیریز میں آمنے سامنے ہوں گی، دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا میچ 29 اگست کو ہیڈنگلے، لیڈز میں کھیلا جائے گا، دوسرا میچ 31 اگست کو سوفیہ گارڈنر، کارڈف میں کھیلا جائے گا جبکہ تیسرا اور آخری میچ 2 ستمبر کو دی روز بائول، سائوتھمپٹن میں کھیلا جائے گا۔

امریکی ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں کمی کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری ہے اور 2 روز میں امریکی ڈالر 3 روپے 45 پیسے مہنگا ہوگیا ہے۔ گزشتہ روز کی طرح روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں مسلسل دوسرے روز بھی گراوٹ دیکھی جارہی ہے، گزشتہ روز انٹر بینک میں ڈالر 2 روپے 34 پیسے مہنگا ہو کر 156 روپے 58 پیسے پر بند ہوا جب کہ آج انٹر بینک میں ڈالر کی قدر میں مزید ایک روپے 12 پیسے کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد 2 دن میں ڈالر کی قیمت 3 روپے 45 پیسے بڑھ گئی ہے۔

امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی کرنسی کی بے قدری کے بدولت پاکستان پر غیر ملکی قرضوں کے حجم میں بھی اضافہ ہوا ہے اور 2 روز کے دوران قرض 345 ارب روپے بڑھ گیا ہے۔


پاکستان کے اعصام الحق اور عقیل خان کی جوڑی نے ورلڈ گروپ ون پلے آف ڈیوس کپ کے مقابلوں میں سلوانیہ کو0-3 سے شکست دے کر گروپ میں پاکستان کی پوزیشن مستحکم کردی۔
اسلام آباد کے پاکستان اسپورٹس بورڈ اسپورٹس کمپلیکس کے گراس کورٹ پر کھیلی جانے والی ٹائی کے ابتدائی تین روز شدید بارش کے باعث مقابلوں کا انعقاد نہیں ہوسکا۔ چوتھے روز کھیلے گئے سنگلز میں سلوانیہ کے نک رابورسیک کو اعصام الحق کے خلاف ابتدائی سیٹ میں کامیابی ملی لیکن اس کے بعد اعصام الحق نے اگلے دونوں سیٹ 5-7 اور 6-7 سے جیت کر پاکستان کو 0-1 کی برتری دلوائی۔
دوسرے سنگل مقابلے میں بھی سلوانیہ کے بلاز کاوسک نے عمدہ آغاز کرتے ہوئے پہلا سیٹ 0-6 سے اپنے نام کرکے عقیل خان پر دباؤ بڑھایا لیکن عقیل خان نے اپنی عمدہ کارکردگی سے دوسرے سیٹ میں 6-7 سے فتح حاصل کی اور اگلے سیٹ میں 4-6 سے کامیابی حاصل کرکے 1-2 سے سنگلز میں فتح اپنے نام کی۔
سنگز میں برتری کے بعد پاکستانی کھلاڑی ڈبلز میں بھی چھاگئے،اعصام اور عقیل نے ڈبلز مقابلے بھی 3-6 اور 6-7 سے جیت کر ٹائی کا اسکور 0-3 کردیا اورگروپ میں اپنی پوزیشن مستحکم کرلی جب کہ سلوانیہ کی ٹیم شکست کے بعد گروپ ٹو میں چلی گئی۔

خیال رہے کہ سلوانیہ کی ٹیم پاکستان آکر ڈیوس کپ ٹائی کھیلنے والی یورپ کی پہلی ٹیم ہے، ڈیوس کپ ورلڈ گروپ ون پلے آف میں پاکستان کی اگلی ٹائی کا اعلان بعد میں کیا جائے گا

کورونا وائرس کے مریضوں میں اضافے کے باعث محکمہ صحت سندھ نے شہر قائد میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے میچز اور عوامی اجتماعات پر پابندی لگانے اور اسکولوں کی تعطیلات میں توسیع کی سفارش کردی۔کراچی میں وزیر صحت و بہبود آباد ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو کی سربراہی میں اجلاس ہوا جس میں اعلیٰ حکام نے شرکت کی اور متعدد اہم فیصلے کیے گئے۔

اجلاس کے اعلامیے کے مطابق محکمہ صحت نے وزیراعلی سندھ کو اسکولوں سمیت تعلیمی اداروں کو طویل عرصے کے لئے بند کرنے اور پی ایس ایل سمیت عوامی اجتماعات پر پابندی عائد کرنے کی سفارش کردی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ محکمہ صحت سندھ کراچی آنے والے تمام مریضوں کی اسکریننگ کے لئے کراچی ایئرپورٹ پر ہیلتھ ڈیسک قائم کرے گا اور اسکریننگ کرے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی میں کورونا وائرس کے مزید 9 کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد ملک میں مریضوں کی مجموعی تعداد16 ہوگئی ہے۔ یہ سارے وہ لوگ ہیں جنہوں نے بیرون ملک سفر کیا تھا اور وطن واپس آئے تھے۔ ان میں سے زیادہ تر نے ایران اور شام کا سفر کیا تھا۔

ترجمان محکمہ صحت سندھ کا کہنا ہے کہ کراچی میں کرونا کے 8 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد سندھ میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 13 ہوگئی اور پاکستان میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد 16 ہوگئی ہے۔
محکمہ صحت سندھ کے مطابق کرونا وائرس کے 5 مریضوں نے شام براستہ دوحہ سفر کیا، کرونا وائرس کے 3 مریضوں نے لندن براستہ دبئی سفر کیا۔
وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ کرونا سے متعلق روزانہ کی بنیاد پر اجلاس ہوتا ہے، بیرون ملک سے آنے والوں کا ڈیٹا اکٹھا کیا ہے، آج رپورٹ ہونے والے افراد ایران سے نہیں آئے، متاثرہ افراد لندن اور دبئی سے آئے ہیں۔
ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ بیرون ملک سے آنے والے افراد کی اسکیننگ ہوتی ہے، ان تمام انتظامات کے باوجود ہم مکمل طور پر مطمئن نہیں ہیں، دبئی سے آنے والی فلائٹس کو ایران یا چین کی فلائٹ کی طرح چیک نہیں کیا جاتا۔

انہوں نے کہا کہ ابھی ایک مریض کو تھوڑا سا ایشو ہوا تو اسے سرکاری اسپتال منتقل کیا گیا، آج رپورٹ ہونے والے افراد 5 یا 6 مارچ کی فلائٹ سے پہنچے تھے، مریض لندن سے براستہ دبئی سے آئے ہیں، عوام پریشان نہ ہوں یہ وائرس خطرناک نہیں ہے۔ ہم نے اس ایشو کو بہت زیادہ سنجیدگی سے لیا ہے۔
واضح رہے کہ اب تک ملک میں کرونا وائرس کے 16 کیسز سامنے آچکے ہیں جن میں سے کراچی میں 13، اسلام آباد میں 3 جبکہ گلگت بلتستان سے ایک کیس کی تصدیق ہوچکی ہے۔

 

بین ڈنک آسٹریلوی ٹیم کو بھی پاکستانی میدانوں پر ایکشن میں دیکھنے کے خواہاں ہیں۔مڈل آرڈر بیٹسمین کا کہنا ہے کہ کینگروز کے یہاں آکر کھیلنے سے انکار کی کوئی وجہ سمجھ نہیں آتی، لاہور قلندرز پی ایس ایل ٹائٹل جیتنے کیلیے پر عزم ہیں۔ایک انٹرویو میں بین ڈنک نے کہا کہ پاکستان میں اعلیٰ معیارکی سکیورٹی فراہم کی جارہی ہے، میرے خیال میں آسٹریلوی ٹیم کے یہاں آکرکھیلنے میں کوئی امرمانع نہیں ہونا چاہیے۔
بین ڈنک نے کہا اب یہ دونوں بورڈز پر منحصر ہے کہ دورہ کب ہونا چاہیے، انھوں نے کہا کہ میں نے اپنے بچپن میں شعیب اختر اور رکی پونٹنگ کے مابین برتری کے لیے جنگ دیکھی ہے، اسی طرح کی کشمکش پاکستان کے میدانوں پر بھی دیکھنا چاہوں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ قذافی ا سٹیڈیم میں ہوم گراؤنڈ پر لاہور قلندرز کو ملنے والی سپورٹ خوش آئند ہے، شائقین کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرنے کی کوشش کریں گے، ایک اورسوال پر انھوں نے کہا کہ کسی بھی فرنچائز لیگ میں غیر ملکی کھلاڑیوں سے ہمیشہ بڑی توقعات وابستہ ہوتی ہیں، جس بنیاد پر کسی کا انتخاب ہو اس کو درست ثابت کرنے کی کوشش کرنا چاہیے، انھوں نے کہا کہ سہیل اختر گرچہ ایک نوآموز کپتان ہیں مگر ان کو محمد حفیظ اور سمیت پٹیل سمیت کئی تجربہ کار کھلاڑیوں کی خدمات حاصل ہیں۔

سعودی خبر رساں ویب سائٹ کے مطابق وزیر تعلیم نے ملک بھر میں تمام نجی و سرکاری تعلیمی اداروں سمیت ٹریننگ انسٹی ٹیوشنز بھی پیر کے روز سے بند کرنےکا حکم دیا جو تا حکم ثانی بند رہیں گے۔سعودی وزارت تعلیم کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہےکہ 9 مارچ سے ملک بھر میں تمام تعلیمی سرگرمیاں، نجی و سرکاری تعلیمی ادارے، ایجوکیشن انسٹی ٹیوشنز اور ووکیشنل ٹریننگ سینٹرز بھی غیر معینہ مدت کے لیے بند رہیں گے۔
وزارت تعلیم نے اسکولوں کی تعطیلات کے دوران تعلیمی عمل کو جاری رکھنے کے لیے آن لائن اسکولنگ کی بھی ہدایات جاری کی ہیں اور اس کے لیے وزارت کی جانب سے پلیٹ فارم فراہم کیا گیا ہے جب کہ وزارت کے افسران کو اس سلسلے میں فوری طور پر کام شروع کرنے اور والدین کی تشیویش پر بھی جواب دینے کی ہدایات دی گئی ہیں۔سعودی وزارت تعلیم کا کہنا ہےکہ ملک میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے بعد متعلقہ کمیٹی نے یہ اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا۔
اس سے قبل سعودی وزارت داخلہ نے مشرقی صوبے قطیف سے 11 کورونا وائرس کے کیسز سامنے آنے کے بعد حفاظتی اقدامات کے تحت صوبے کی مکمل ناکہ بندی کردی۔واضح رہےکہ سعودی عرب نے کورونا وائرس کی روک تھام کے سلسلے میں عمرہ زائرین کے داخلے پرپابندی کے ساتھ اپنے شہریوں کے بھی عمرہ کرنے پر پابندی عائد کررکھی ہے جب کہ گزشتہ روز حرم شریف میں زائرین کو کورونا سے محفوظ رکھنے کو یقینی بنانے کی خاطر صفائی کی گئی اور جراثیم کش ادویات ڈالے گئے جس کی وجہ سے صحن شریف میں طواف کا عمل روک دیا گیا۔

8 مارچ کو یومِ نسواں کے موقع پر صدر طیب اردگان نے اپنے خصوصی بیان میں کہا ہے کہ خواتین قربانیوں، محنتوں اور محبتوں کے ذریعے آئندہ نسلوں کی تربیت کر کے پہلی معلم اور درس گاہ کی حیثیت سے دنیا کے مستقبل کو سنوارتی ہیں۔ ایک خاتون ایک کنبے کو تشکیل دیتی ہے جو معاشرے کا بنیادی ستون ہے۔ تعلیم و تربیت کیساتھ کیساتھ پیشہ وارانہ زندگی اور سیاست تک ہر شعبے میں خواتین کی شمولیت ضروری ہے۔ تعلیم یافتہ، خود اعتماد اور بہادر خواتین ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتی ہیں۔

صدر طیب اردگان نے جنس کی بنیاد پر امتیازی سلوک پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہر قسم کے امتیازیت پر قابو پانا معاشرے کے ہر طبقے کا فریضہ ہے۔ ترک صدر نے ملک کے لیے اپنی جانیں قربان کرنے والی اور مختلف واقعات میں ہلاک ہونے والی خواتین کے لئے دعائے مغفرت بھی کی۔

فیڈریشن آف آل پاکستان یونیورسٹیز اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشن (فپواسا)کے مرکزی صدر ڈاکٹر سہیل یوسف، نائب صدر ڈاکٹر نعمت اللہ لغاری ،جنرل سیکرٹری ڈاکٹر کلیم اللہ بڑیچ و دیگر نے انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد کے اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشن کے صدر میڈیا اینڈ کمیونی کیشن کے شعبے کے سربراہ ڈاکٹر ظفر اقبال کے غیر قانونی غیر آئینی برخاستگی کے آرڈر کی واپسی کو خوش آئندہ قرار دیتے ہوئے اسے حق کی فتح قرار دیا ہے اور اس عزم کا اظہار کیا کہ اسلامک یونیورسٹی، گومل اور ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ کےدیگر غیر قانونی طور پر برخاست کیے گئے اساتذہ کی بحالی تک جدوجہد جاری رہے گی۔ رہنمائوں نے تمام اساتذہ کو فوری طور پر بحال کرنے کا مطالبہ کیاہے۔