بدھ, 09 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

پاکستانی نوجوان سلمان عقیل بٹ نے امریکا میں تن سازی مقابلے میں سلور میڈل جیت لیا۔امریکا کی ریاست کولمبس میں منعقدہ آرنلڈ کلاسک مقابلوں میں پاکستان کے سلمان عقیل بٹ نے سلور میڈل جیت کر ملک کانام روشن کردیا۔مقابلوں میں رحمان رضا عاصم قیوم نے چوتھی اور فرحان ارشد نے پانچھویں پوزیشن حاصل کی،فیسٹیول میں 80 ممالک کے 22 ہزار کھلاڑیوں نے شرکت کی۔پاکستان کے ریفری جنید اعجاز نے ریفری کے فرائض سرانجام دیے جب کہ قومی ٹیم  ایک ماہ تربیت بھی حاصل کرے گی۔

سعودی عرب میں وزارت سپورٹس کی جا نب سے کوروناوائرس کےحوالے سے احتیاطی تدابیرکے پیش نظراورلوگوں کی سلامتی کو ملحوظ رکھتے ہوئے تمام کھیلوں میں تماشائیوں کے داخلے پر پابندی لگادی ہے۔ سعودی پریس ایجنسی کے مطابق وزارت سپورٹس نے کہا ہے کہ دنیا کے بیشتر ممالک میں کورونا وائرس کے حوالے سے وزارت کو تشویش ہے۔وزارت نے بتایا ہے کہ فیصلہ تاہدایت ثانی نافذ العمل رہے گا تاہم وزارت وقفے وقفے سے اس پر نظر ثانی کرتی رہے گی۔
وزارت سپورٹس نے کہا ہے کہ جن کھیلوں کی ٹکٹیں فروخت ہوچکی ہیں ان کی قیمت واپس کرنے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔ وزارت نے بتایا ہے کہ کھیلوں میں تماشائیوں کی شرکت پر پابندی کورونا وائرس کے انسداد کے لیے کام کرنے والی مشترکہ کمیٹی کی سفارش پر لگائی گئی ہے۔

یاد رہے کہ سعودی عرب نے کورونا وائرس کے سلسلے میں احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات (یو اے ای)، کویت اور بحرین سے زمینی روابط محدود کردیے تھے۔سعودی پریس ایجنسی نے وزارت داخلہ کے حکام کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان 3 خلیجی پڑوسیوں سے صرف کمرشل ٹرکوں کو آنے کی اجازت ہوگی۔خیال رہے کہ چین سے پھیلنے والے نئے کورونا وائرس سے دنیا بھر میں اب تک ایک لاکھ 2 ہزار سے زائد افراد متاثر اور 3 ہزار 400 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ جہاں اس بیماری سے دنیا میں خوف و ہراس پھیل رکھا ہے وہیں اب تک 57 ہزار افراد اس سے مکمل صحت یاب بھی ہوچکے ہیں۔

لاہور قلندرز کے خلاف میچ کی اختتامی تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے عماد وسیم نے کہا کہ پچ بہت اچھی تھی اور بین ڈنک نےاچھا کھیل پیش کیا۔عماد وسیم نے کہا کہ میچ جیتنےہیں تو کیچ پکڑنے ہوں گے، ٹیم بہت مضبوط ہے اور بھرپورکم بیک کریں گے۔

کنگز کے کپتان نے کہا کہ لاہور کے کراؤڈ کا شکریہ انہوں نےبہت سپورٹ کیا، ہم ہوم گراونڈ میں جا کر بہترین کھیل پیش کریں گے۔

یاد رہے کہ پی ایس ایل کی مہم میں کراچی کنگز اگلا میچ لاہور قلندرز کے خلاف 12 مارچ کو کراچی کے میدان پر کھیلے گی جب کہ 14 مارچ کو اسلام آباد یونائیٹڈ سے کراچی میں ہی مدمقابل ہو گی۔پی ایس ایل کے 23 ویں میچ میں لاہور قلندرز نے دلچسپ مقابلے کے بعد کراچی کنگز کو 8 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

لاہور میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن کے 23 ویں میچ میں لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے ٹاس جیت کر پہلے کراچی کنگز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

کراچی کنگز نے بیٹنگ شروع کی اور پورے اوور کھیلتے ہوئے 5 وکٹوں کے نقصان پر لاہور قلندر کو جیت کے لیے 188 رنز کا ہدف دیا۔ والٹن نے 45، بابر اعظم نے 38 رنز بنائے جب کہ الیکس ہیلز 80 بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ بالنگ میں لاہور قلندر کی جانب سے معاذ خان نے دو اور سلمان ارشاد نے ایک وکٹ حاصل کی۔

جواب میں لاہور قلندرز نے بیٹنگ شروع کی اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد کراچی کنگز کا دیا گیا ہدف حاصل کرلیا۔ قلندرز نے یہ ہدف 1.19 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔ قلندرز کے کھلاڑی بین ڈنک نے دھواں دھار اننگ کھیلی اور 40 گیندوں پر 99 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔بہتری اننگ کھیلنے پر بین ڈنک کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے راولپنڈی کرکٹ ا سٹیڈیم میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 5 میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز کے درمیان جاری میچ دیکھا۔ پاک فوج کے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ جب میچ دیکھنے کے لیے کرکٹ اسٹیڈیم پہنچے تو پاکستان کرکٹ بورڈ کے اعلیٰ حکام سمیت دیگر نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے (پی ایس ایل) 21 ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو جیت کے لیے 92 رنز کا ہدف دیاتھاجس کے جواب میں جیمس ونس نے اپنی دھواں دھار اننگزکھیلتے ہوئے 24 گیندوں پر 61 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو 7 ویں اوور میں ہی فتح دلوادی۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 5 کے 22 ویں میچ بارش کے باعث تاخیر سے شروع ہوا اور میچ کو 9 اوورز تک محدود کردیا گیا ۔راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

اسلام آباد نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 9 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 91 رنز بنائے۔ یونائیٹڈ کی جانب سے رونکی، کولن منرو اور شاداب خان نے بالترتیب 18، 25 اور 14 رنز بنائے۔
ملتان سلطانز کی جانب سے جنید خان اور عمران طاہر نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں جب کہ معین علی نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا اور 2 کھلاڑی رن آؤٹ ہوئے۔
ملتان سلطانز نے ہدف کے تعاقب میں اپنی اننگز کا آغاز جارحانہ انداز میں کیا۔ملتان کی پہلی اور واحد وکٹ چھٹے اوور میں 68 رنز پر گری جب ذیشان اشرف 16 رنز بنا کر شاداب خان کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔اس موقع پر جیمس ونس نے اپنی دھواں دھار اننگز کا سلسلہ جاری رکھا اور انہوں نے 24 گیندوں پر 61 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو 7 ویں اوور میں ہی فتح دلوادی۔جیمس ونس کی اننگز میں ایک چھکا اور 11 شاندار چوکے بھی شامل تھے۔
سلطانز کے معین علی نے 5 گیندوں پر 14 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے، انہوں نے بھی اپنی مختصر اننگز میں 3 چوکوں کو سہارا لیا۔

34 سالہ خلائی انجینئر جسٹن ہؤپٹ کو اسمارٹ فونز اور اس جیسی دیگر ڈیوائسس بالکل نہیں پسند، اسی لیے انہوں نے پرانے فونز سے مشابہت رکھنے والا ایک ایسا وائرلیس فون بنایا جس میں اسکرین نہیں ہے۔
34 سالہ خلائی انجینئر کو یہ فون بنانے میں 3 سال کا عرصہ لگا جو کہ دکھنے میں پرانے فون کی طرح ہے اور اس میں ایک اینٹینا بھی لگا ہوا ہے۔
جسٹن ہؤپٹ نے فون کا کیس تھری ڈی پرنٹر کا استعمال کر کے بنایا ہے اور اس میں انہوں نے اسپیڈ ڈائل بٹن کو بھی شامل کیا ہے ۔جسٹن ہؤپٹ ابھی بھی اس فون کے ڈیزائن کو مزید بہتر بنانے کے لیے کوششیں کر رہی ہیں۔یہ فون 4 انچ کا ہے جسے سم کارڈ لگا کر استعمال کیا جا سکتا ہے اور اس فون کی بیٹری ایک مرتبہ چارج کرنے کے بعد 24 سے 30 گھنٹے تک چل سکتی ہے۔
جسٹن کے اس فون کو خوب مقبولیت ملی جس کے بعد انہوں نے صارفین کے لیے ایک ایسی کٹ تیار کی ہے جس سے کوئی بھی شخص اپنا فون خود بنا سکتا ہے۔
خلائی انجینئر جسٹن اس فون کو بنانے والی کٹ کو 170 ڈالرز میں آن لائن ویب سائٹ کے ذریعے فروخت کر رہی ہیں۔

کل پاکستان سمیت دنیا بھر میں خواتین کا عالمی دن منایا گیا۔ عورت کائنات میں خدا کی ایسی تخلیق جس کے تصور سے نرمی، محبت، خلوص کا تصور ابھرتا ہے، بقول شاعر کائنات کی رنگینی کی وجہ بھی یہی وجود ہے۔ مردوں کے شانہ بشانہ چلتی خواتین کو ان کے حقوق اور احترام دینے کے لیے 8 مارچ کو دنیا بھر میں عالمی یوم خواتین منایا جاتا ہے۔

گلوکار علی ظفر نے اس موقع پر خواتین کے لیے ’’عورت‘‘کے عنوان سے خوبصورت نظم جاری کی ہے ۔ جس کے الفاظ کچھ یوں ہیں کھلتی اور روشن صبح کا کومل سا روپ ہو تم، کبھی مدھم مدھم چاندنی، کبھی تیکھی دھوپ ہو تم۔

تم نہیں جو میرے ساتھ تو میری حیثیت کیا ہے، بتلاؤ تمہارے عشق کی یہ کیفیت کیا ہے؟ اے عورت! تم بے مثل ہو تمہیں پہنچے میرا سلام ، میری روح تمہاری سلطنت میرا دل ہے تیرا غلام۔
علی ظفر کی اس ویڈیو کو محض چند گھنٹوں میں 45 ہزار سے زائد لوگ یوٹیوب پر نہ صرف دیکھ چکے ہیں بلکہ ان کی اس کاوش کو بے حد سراہ بھی رہے ہیں۔

امریکی صدر نے ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال پر قابو پانے میں ناکامی پر اپنے قائم مقام چیف آف اسٹاف کو عہدے سے ہٹادیا۔
 
عرب خبر رساں ادارے کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کو لے کر حکومتی اقدامات کو دیکھنے کے لیے امریکی نائب صدر مائیک پینس کی نامزدگی سے قبل ٹرمپ کے قائم مقام چیف آف اسٹاف مک ملوینے کورونا وائرس کی صورتحال کے معاملات دیکھ رہے تھے اور انہیں صورتحال پر قابو نہ پانے کی وجہ سے تنقید کا سامنا تھا۔
 
امریکی صدر نے ٹوئٹر کے ذریعے مک ملوینے کی تبدیلی کی اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ ان کی جگہ اب شمالی کیرولینا سے تعلق رکھنے والی سیاسی شخصیت مارک میڈوس کو تعینات کیا گیا ہے جب کہ مک ملوینے شمالی آئرلینڈ میں امریکی نمائندہ خصوصی کی حیثیت سے کام کریں گے۔
 
مک ملوینے ایک سال سے زائد عرصے تک ٹرمپ کے قائم مقام چیف آف اسٹاف رہے۔
 
ٹرمپ نے اپنی ٹوئٹ میں مک ملوینے کا شکریہ ادا کیا اور نئے چیف آف اسٹاف کے حوالے سے کہا کہ وہ مارک میڈوس کو طویل عرصے سے جانتے ہیں، ان کے ساتھ بہترین تعلقات ہیں اور دونوں نے ساتھ کام بھی کیا ہے۔
 
عرب میڈیا کا کہناہے کہ مارک میڈوس کے حوالے سے گزشتہ کچھ عرصے سے خبریں زیرگردش تھیں اور انہوں نے اپنی نشست پر دوبارہ انتخابات نہ لڑنے کا بھی اعلان کیا تھا۔
 
مارک میڈوس ٹرمپ کے اقتدار سنبھالنے کے بعد سے ان کے چوتھے چیف آف اسٹاف ہوں گے۔
x
 
پنجاب کے مختلف استپالوں میں کورونا وائرس کے 5 مشتبہ مریض زیر علاج ہیں۔
 
پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کے ترجمان کے مطابق کورونا وائرس کے 2 مشتبہ مریض نشتر اسپتال ملتان، ایک علامہ اقبال اسپتال سیالکوٹ، ایک ڈی ایچ کیو بھکر اور ایک مشتبہ مریض ڈی ایچ کیو سرگودھا میں زیرنگرانی ہے۔
 
صوبے بھرکے اسپتالوں میں کورونا وائرس کے 59 مشتبہ مریض رپورٹ ہوئے جن میں سے 10 مریضوں کو فوری کلیئر قرار دے دیا گیا جب کہ 44 کو لیبارٹری ٹیسٹ کے بعدکلئیر قراردیا گیا۔
 
5 مشتبہ مریضوں کا ٹیسٹ رزلٹ آنا باقی ہے جب کہ صوبے بھر میں گزشتہ 15 روز کے دوران بیرون ممالک سے آنے والے 3 ہزار663 افراد کی اسکرینگ کی گئی لیکن صوبے میں اب تک کورونا کا کوئی کنفرم مریض سامنے نہیں آیا۔
چین سے دنیا میں پھیلنے والا ’کورونا وائرس‘ اصل میں ہے کیا؟
 
عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے مطابق کورونا وائرسز ایک سے زائد وائرس کا خاندان ہے جس کی وجہ سے عام سردی سے لے کر زیادہ سنگین نوعیت کی بیماریوں، جیسے مڈل ایسٹ ریسپائریٹری سنڈروم (مرس) اور سیویئر ایکیوٹ ریسپائریٹری سنڈروم (سارس) جیسے امراض کی وجہ بن سکتا ہے۔
 
یہ وائرس عام طور پر جانوروں کے ذریعے انسانوں میں منتقل ہوتے ہیں۔ مثال کے طور پر سارس کے حوالے سے کہا جاتا ہے کہ یہ بلیوں کی ایک خاص نسل Civet Cats جسے اردو میں مشک بلاؤ اور گربہ زباد وغیرہ کے نام سے جانا جاتا ہے، اس سے انسانوں میں منتقل ہوا جبکہ مرس کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ ایک خاص نسل کے اونٹ سے انسانوں میں منتقل ہوا۔
اس کی علامات کیا ہیں؟
 
ڈبلیو ایچ او کے مطابق کورونا وائرس کی علامات میں سانس لینے میں دشواری، بخار، کھانسی اور نظام تنفس سے جڑی دیگر بیماریاں شامل ہیں۔
 
اس وائرس کی شدید نوعیت کے باعث گردے فیل ہوسکتے ہیں، نمونیا اور یہاں تک کے موت بھی واقع ہوسکتی ہے۔
یہ کتنا خطرناک ہوسکتا ہے؟
 
ماہرین کے مطابق کورونا وائرس اتنا خطرناک نہیں جتنا کہ اس وائرس کی ایک اور قسم سارس ہے جس سے 3-2002 کے دوران دنیا بھر میں تقریباً 800 افراد جاں بحق ہوئے تھے اور یہ وائرس بھی چین سے پھیلا تھا۔
ماہرین صحت کی ہدایات
 
ماہرین کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس سے ہونے والی بیماری انفلوئنزا یا فلو جیسی ہی ہے اور اس سے ابھی تک اموات کافی حد تک کم ہیں۔
 
ماہرین کے مطابق عالمی ادارہ صحت کی سفارشات کے مطابق لوگوں کو بار بار صابن سے ہاتھ دھونے چاہئیں اور ماسک کا استعمال کرنا چاہیئے اور بیماری کی صورت میں ڈاکٹر کے مشورے سے ادویات استعمال کرنی چاہیئے۔