بدھ, 09 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

فلو سے مشابہ وائرس کا دنیا بھر میں پھیلاؤ جاری ہے، اموات کا سلسلہ بھی نہیں روکا جا سکا، وائرس سے متاثرین کی تعداد 90,932 ہو گئی جب کہ تین ہزار ایک سو انیس انسان مہلک وائرس کا شکار ہو کر ہلاک ہو چکے ہیں۔ چین سے باہر کے ممالک میں تقریباً 40 افراد کرونا وائرس کا شکار ہو کر ہلاک ہوئے، جب کہ چین کے اندر اس دوران 31 افراد ہلاک ہوئے۔اب تک دنیا بھر کے 76 ممالک اور علاقوں تک یہ وائرس رسائی کر چکا ہے، اور اس کا پھیلاؤ بدستور جاری ہے، شمالی افریقی مسلمان ملک تونس میں بھی کرونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آ گیا ہے۔ سعودی عرب نے بھی پہلے کیس کا اعلان کر دیا ہے، کرونا کا شکار سعودی شہری ایران سے براستہ بحرین سعودی عرب پہنچا تھا۔امریکا میں وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد 6 ہو گئی ہے، جب کہ مریضوں کی تعداد 103 ہو گئی.

،طوفانی بارش برسانے والا سسٹم کل کے پی کے کے راستے پاکستان میں داخل ہو رہا ہے جو6 مارچ تک جاری رہے گا،اس کی شدت بہت زیادہ ہے، شمالی پنجاب، وسطی پنجاب مشرقی پنجاب، خیبر پختونخواہ، اسلام آباد، راولپنڈی، کشمیر، شمالی بلوچستان میں شدید بارش کا امکان ہے، جنوبی پنجاب اور شمالی سندھ میں بھی اچھی بارش ہوگی۔

 

موسم کی پیشگوئی کے مطابق دونوں شہروں سمیت پنجاب اور گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے، بدھ کو لاہور میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کا میچ شیڈول ہے، جمعرات کو راولپنڈی میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کی ٹیمیں مقابل ہوں گی۔

جمعے کو لاہور میں کراچی کنگز اور ملتان سلطانز کا میچ ہے، ہفتے کو راولپنڈی میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی جبکہ لاہور میں لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی،موسم میں تبدیلی میچز شیڈول کو متاثر کرسکتی ہے  

جرمنی کے وزیر نے جان لیوا کرونا وائرس کے خوف سے جرمن چانسلر انجیلا مرکل سے ہاتھ ملانے سے انکار کردیا۔
جرمن چانسلر انجیلا مرکل کابینہ کے اجلاس میں شرکت کے لیے پہنچیں تو وزیر داخلہ کی جانب مصافحے کے لیے ہاتھ بڑھایا تاہم جرمن وزیر نے ہاتھ ملانے سے انکار کردیا۔
وزیر کے اس عمل پر کانفرنس ہال قہقہوں سے گونج اٹھا، انجیلا مرکل بھی برا منائے بغیر ہنس کر اپنی نشست پر جا بیٹھیں۔

سندھ گورنمنٹ کی جانب سے اسکول بند رکھنے کے فیصلے کی خلاف ورزی کرنے والے نجی اسکولز کیخلاف ڈی جی پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنز نے کارروائی کرتے ہوئے ان کی رجسٹریشن معطل کردی ہے۔ ڈی جی پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنزکی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق رجسٹرار پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنز رفیعہ جاوید نے انسپکشن ٹیم کے ہمراہ لیاری، کورنگی، گلشن حدید، لانڈھی، جیکب لائن سمیت مختلف علاقوں کے اسکولوں کا دورہ کیا اور کھولے جانے والے تمام اسکولوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ان کی رجسٹریشن معطل کردی ہے۔ڈی جی پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنز نے ان تمام اسکولوں کے خلاف کارروائی کے لیے چیئرمین بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن کو بھی سفارش کی ہے۔ ان تمام اسکولوں کے سربراہاں کو آج ڈی جی پرائیویٹ انسٹیٹیوشنز کے دفتر میں طلب کیا گیا ہے اور اسکولوں کی رجسٹریشن کی منسوخ اور سیل کرنے کے حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا۔

 وزیرتعلیم سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ تعلیمی اداروں میں کورونا وائرس پھیلنے کا خدشہ تاحال موجود ہے، دو ہفتوں کے بعد مزید چھٹیاں نہیں دی جائیں گی۔ مزید کہا کہ ایران سے واپس آنے والے افراد کی تعداد 14 ہزار کے قریب ہے، زیارتوں سے واپس آنے والوں میں زیادہ ترکاتعلق سندھ سے ہے، کرونا وائرس کی تشخیص کے لئے دو ہفتوں کی ضرورت ہے۔

خیال رہے پاکستان میں کروناوائرس کے کیسز کی تعداد پانچ ہونے پر حفاظتی اقدامات مزید سخت کر دئیے گئے ہیں ، سندھ بھر میں تمام تعلیمی ادارے مزید دو ہفتے بند رکھے کا اعلان کیا گیا اور کہا گیا سندھ بھر کےتمام کوچنگ سینٹرزبھی13مارچ تک بندرہیں گے۔وزیر اعلی سندھ نے تمام اضلاع کی انتظامیہ کو اقدامات کی ہدایت جاری کردی ہیں،جبکہ کوچنگ سینٹرز کھولنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

سندھ حکومت نے کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر صوبے بھر کے تعلیمی ادارے 13 مارچ تک بند رکھنے کا اعلان کردیا ہے۔

 

وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کورونا وائرس سے متعلق ٹاسک فورس کے چوتھے اجلاس کی صدارت کی ۔

اجلاس میں 13 مارچ تک سندھ بھر کے تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے بند رکھنے کا فیصلہ کیاگیا تاکہ مشتبہ افراد کی آئسولیشن کی مدت پوری کی جاسکے۔ اس کے ساتھ  ہی وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ حفاظتی انتظامات کے پیش نظر تمام کوچنگ سینٹرز اور ٹیوشن سینٹرز بھی 13 مارچ تک بند رکھے جائیںگے۔

تعطیلات کا فیصلہ اساتذہ اور غیر تدریسی عملے پر بھی لاگو ہوگا جبکہ ایسے تعلیمی ادارے جہاں شام کے اوقات میں کوچنگ سینیٹرز موجود ہیں وہاں بھی 13 مارچ تک تعطیلات ہوں گی۔

 واضح رہے کہ گزشتہ روزپاکستان کے وزیرِ مملکت برائے صحت ظفر مرزا نے ملک میں کورونا وائرس کا مزید ایک کیس سامنے آنے کی تصدیق کی ہے۔ جس کے بعد ملک میں متاثرہ افراد کی تعداد 5 ہوگئی ہے۔

معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر پاکستان میں کرونا وائرس کے ایک اور کیس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ملک میں کرونا وائرس کے متاثرین کی تعداد پانچ ہوگئی ہے۔ گلگت کی 45 سالہ خاتون میں کورونا وائرس کی تصدیق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ہوئی۔  متاثرہ خاتون میں کورونا وائرس کی تصدیق نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ میں ہوئی۔ مہلک وائرس کا پانچواں کیس سامنے آنے کے بعد وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے ایک ٹوئیٹ میں اس خبر کی تصدیق کی ہے۔


نیوزی لینڈ نے ٹیسٹ کی ورلڈ نمبر ون ٹیم بھارت کو دو میچوں کی سیریز میں دو صفر سے شکست دیدی۔

کرائسٹ چرچ میں کھیلے گئے آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے دوسرے میچ میں بھارت نے پہلی اننگز میں چتیشور پجارا اور ہنوما وہاڑی کی نصف سنچریوں کی بدولت 242 رنز اسکور کیے۔

جواب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 235 رنز پر آؤٹ ہو گئی اور یوں بھارت کو پہلی اننگز میں 7 رنز کی سبقت ملی۔

یاد رہے کہ نیوزی لینڈ نے پہلے ٹیسٹ میں بھی بھارت کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے 10 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

نیوزی لینڈ نے ٹیسٹ سیریز میں بھارت کو وائٹ واش کر کے آئی سی سی رینکنگ میں دوسری پوزیشن حاصل کر لی اور آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ میں بھی دو درجے ترقی کے بعد کیویز تیسرے نمبر پر آگئے۔

اذلان شاہ کپ ہاکی ٹورنامنٹ ملائیشیا کے شہر ایپو میں 11 سے 18 اپریل تک کھیلا جانا تھا لیکن اب اس ایونٹ کے لیے 24 ستمبر سے 3 اکتوبر تک کی نئی تاریخیں تجویز کی گئی ہیں۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ٹورنامنٹ کے لیے آج ممکنہ کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کرنا تھا جب کہ کیمپ 5 مارچ کو شروع ہونا تھا۔

ہیڈ کوچ خواجہ جنید کا کہنا ہے ہاکی ٹیم کے لیے نئی سرگرمیوں کے بارے میں سوچ بچار کر رہے ہیں اور اگلے ایک دو روز میں نئے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں احساس انڈر گریجویٹ وظائف پروگرام کے آغاز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران نے کہا کہ میرا رول ماڈل ریاست مدینہ ہے، ریاست مدینہ دنیا کاسب سے اچھا نظام تھا،انسانی معاشرہ اپنے کمزور طبقے کا خیال رکھتا ہے، کمزور طبقہ ریاست کی ذمہ داری ہے، ہمارا روڈ میپ ریاست مدینہ کا ہے۔

وزیراعظم عمران نے کہا کہ ثانیہ نشتر کو احساس پروگرام کی مبارکباد دیتا ہوں۔انسانوں اور حیوانوں کے معاشرے میں فرق صرف احساس کا ہے۔

مزید کہا کہ پنجاب میں 60 لاکھ خاندانوں کوصحت کارڈ دے چکے ہیں، ہیلتھ کارڈ کے ذریعے7 لاکھ20 ہزار روپے تک کا علاج مفت ہوگا،  ایک لاکھ 70 ہزار بچوں کو ہنر سکھا رہے ہیں،یہی بچے آئندہ آنے والے سالوں میں پاکستان کو اوپر اٹھائیں گے۔