بدھ, 09 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

کورونا وائرس کی وجہ سے سعودی ایئر لائن نے عمرہ زائرین پر31مارچ تک پابندی بڑھادی ہے۔ جب کہ عمرہ ویزا اور وزٹ ویزا والوں تمام ٹکٹیں منسوخ کردی گئیں، سعودی ایئر لائن نے منسوخ کی گئی ٹکٹوں کے ری فنڈ کیلئے ایئر لائن کے سیلز سپورٹ سنٹر سے رابطہ کی ہدایت کردی ہیں اورلاہور، اسلام آباد، کراچی،پشاور اور ملتان ایئر پورٹ کے اسٹیشن مینجرز کو سرکلر جاری کردیا گیا۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پانچویں ایڈیشن کے 17 ہویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کو شکست دے دی۔اسلام آباد یونائیٹڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 198 رنز بنائےاورلاہور کو 199 رنز کا ہدف دیا، لیوک رونکی 48 اور کولن منرو ناقابل شکست 87 رنز بناکر نمایاں رہے۔ جواب میں لاہور قلندرز کی ٹیم 18.5 اوورز میں 127 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی

لاہورکےمحمد حفیظ نے 10، بین ڈنک 25، سلمان بٹ 21، سمت پٹیل 6، محمد فیضان 6، کپتان سہیل اختر 8، سیکوگے پراسانا 8 اور سلمان ارشاد ایک رن بناکر آؤٹ ہوئے۔لاہور قلندرز کے ٹاپ اسکورر عثمان شنواری رہے جنہوں نے 14 گیندوں پر 4 چھکوں کی مدد سے 30 رنز بنائے۔ اسلام آباد کی جانب سے رومان رئیس اور ظفر گوہر نے تین تین، شاداب خان نے دو جبکہ عاقف جاوید اور ڈیل اسٹین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی اوراس طرح مقرارہ اوورز میں لاہور قلندرہدف حاصل کرنے میں ناکام رہا اور اسلام آباد میچ 71 رنز سے جیت گیا۔

پنجاب حکومت نے چینی بحران کے ممکنہ ذمہ دار کین کمشنر پنجاب واجد علی شاہ کو فوری طور پر چارج چھوڑنے کا حکم دے دیا ہے، اور اس حوالے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان کے حکم پر ایف آئی اے نے چینی اور آٹے کے بحران کے ذمہ داروں کا تعین کرنے کی تحقیقات شروع کر رکھی ہیں، اور واجد علی شاہ کے دور میں آٹے اور چینی کا بحران آیا، ان پر الزام ہے کہ انہوں نے حکومتی عہدیداروں اور پی ٹی آئی کے اعلی عہدیدار کو فائدہ پہنچایا، جب کہ کین کمشنر پنجاب واجد علی شاہ پر چینی بحران کے حوالے سے ایف آئی اے حکام کو گمراہ کرنے کا بھی الزام ہے۔

واجد علی شاہ کی جگہ ممبر ریونیو بورڈ پنجاب ندیم عباس بھنگو کو کین کمشنر پنجاب کا چارج لینے کا حکم دے دیا گیا ہے، جب کہ پنجاب حکومت نے واجد علی شاہ کو چینی بحران کے حوالے سے ایف آئی اے کے سامنے جوابدہ ہونے کی ہدایت کردی ہے۔
واضح رہے کہ واجد علی شاہ کو 27 جنوری کو ٹرانسفر کرنے کا احکامات جاری کئے گئے لیکن انہوں نے چارج نہیں چھوڑا تھا، جب کہ ان کے پاس ڈائریکٹر فوڈ پنجاب کا چارج بھی ہے۔

پاکستان فٹ بال فیڈریشن ’بی‘ ڈویژن کلب لیگ کا آغاز 9مارچ سے ہوگا۔ سندھ فٹ بال ایسوسی ایشن نارملائزیشن کمیٹی کے زیر اہتمام 12 ویں پاکستان فٹ بال فیڈریشن‘بی’ ڈویژن لیگ (کلب لیگ) کاابتدائی راؤنڈ 9 مارچ 2020 سے انصار یونین فٹ بال اسٹیڈیم پرکھیلا جائے گا۔سیکرٹری سندھ ریاض احمد کے مطابق کراچی کی 5 ڈسٹرکٹ چمپیئن ٹیمیں معمار اسپورٹس (ڈسٹرکٹ سینٹرل)، اعظم اسپورٹس (ڈسٹرکٹ ایسٹ)، کورنگی بلوچ شرافی (ڈسٹرکٹ ملیر)، ماریپور بلوچ (ڈسٹرکٹ ویسٹ) اورحیدر ی بلوچ (ڈسٹرکٹ ساؤتھ) اور اندرون سندھ سے ٹھٹہ کی جئے لعل ایف سی کوالیفائنگ راؤنڈ میں حصہ لیں گی۔

6 ٹیموں کو 3,3 کے دو گروپ میں تقسیم کیا جائے گا۔ ہر گروپ کی ٹاپ ٹیم فائنل کیلئے کوالیفائی کرے گی۔ لیگ کا فاتح 23 مارچ کو لاہور میںکھیلے جانے والے فائنل راؤنڈ میںشرکت کرے گا۔ متعلقہ اضلاع کی مذکورہ ٹیموں کے سکریٹریز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 5 مارچ تک اپنی شرکت کی تصدیق کردیں تاکہ انہیں شامل ڈراز کیا جاسکے۔

 دنیا بھرمیں کورونا وائرس کے باعث سیاحتی صنعت کوماہانہ 47 ارب ڈالرکا نقصان ہورہا ہے۔ورلڈ ٹورزم ٹریول آرگنائزیشن کی رپورٹ کے مطابق کورونا وائرس سے عالمی سیاحتی صنعت شدید نقصان کی زد میں آگئی ہے۔ دنیا بھر سے سیاحوں نے اپنی پروازوں، ہوٹل اوردیگرتفریحی بکنگ منسوخ کرادی ہیں، جس سے سیاحتی صنعت کو ماہانہ 47 ارب ڈالرکا نقصان ہورہا ہے۔ سال 2018 میں سیاحتی صنعت کا حجم 1700 ارب ڈالرتھا۔ اب تک ایئرلائنزکے ریونیو میں 30 ارب ڈالر کا نقصان ہوچکا ہے، سیاحتی صنعت پر انحصارکرنے والے 14 ملک بری طرح متاثرہوئے ہیں، ایشیائی ملکوں میں بڑے بڑے ہوٹل خالی پڑے ہیں، چین کے 85 فیصد، ہانگ کانگ 74 فیصد، سنگاپور49 فیصد اورتھائی لینڈ میں 31 فیصد ہوٹل خالی ہیں۔

سماجی رابطے کی سب سے بڑی ویب سائٹ فیس بک کے سربراہ مارک زکربرگ نے عالمی ادارہ صحت کو کرونا وائرس کے مفت اشتہارات کی پیش کش کردی۔فیس بک کے بانی کا کہنا تھا کہ ’دنیا بھر میں پھیلنے والے مہلک کرونا وائرس سے متعلق افواہوں اور جھوٹی خبروں کو روکنے کے لیے ہم نے مختلف اقدامات کیے‘۔ فیس بک کے بانی نے ڈبلیو ایچ او (عالمی ادارۂ صحت) کو پیش کش کی کہ وہ فیس بک پر مفادِ عامہ سے متعلق اشتہارات کو بالکل مفت شائع کرواسکتے ہیں۔
مارک زکر برگ نے وضاحت کی کہ ’عالمی ادارۂ صحت کو پیش کش کرنے کا مقصد کرونا وائرس سے متعلق درست معلومات لوگوں تک پہنچانا ہے تاکہ لوگ خوف زدہ نہ ہوں‘۔یاد رہے کہ چین کے شہر ووہان سے شروع ہونے والے کرونا وائرس (کووڈ 2019) اب تک دنیا کے 80 ممالک میں پھیل چکا ہے، دنیا بھر میں وائرس کی وجہ سے 3 ہزار 206 اموات ہوئیں جبکہ 93 ہزار کے قریب لوگ متاثر بھی ہوئے۔

انگلینڈ کی ٹیم اس سے قبل دورہ جنوبی افریقہ کے دوران فلو اور گیسٹرو انٹرائٹس کا شکار ہوچکی تھی اب کرونا وائرس کا خدشہ ان کے سر پر منڈلا رہا ہے۔
انگلینڈ ٹیسٹ ٹیم کے کپتان جوروٹ کا کہنا ہے کہ ہمیں اپنی میڈیکل ٹیم کی جانب سے ہدایات ملی ہیں کہ کم سے کم جسمانی رابطے سے، کرونا سمیت دیگر بیماریوں کے جراثیم سے بھی بچا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹیم کی ہدایات کے مطابق ہم ایک دوسرے سے مصافحہ نہیں کر رہے، اس کی جگہ مکے ٹکرا کر ایک دوسرے سے ملیں گے۔جوروٹ کا کہنا تھا کہ ہم باقاعدگی سے ہاتھ دھو رہے ہیں اور صفائی کا خیال رکھ رہے ہیں، مینجمنٹ کی جانب سے ہمیں دیے گئے امیونٹی پیکٹ میں جراثیم کش جیلز اور وائپس موجود ہیں۔خیال رہے کہ انگلینڈ کی ٹیم دورہ سری لنکا کے دوران پہلے 2 پریکٹس میچز کھیلے گی، اس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان 19 مارچ سے کولمبو میں پہلا ٹیسٹ میچ، اور 27 مارچ سے دوسرا ٹیسٹ میچ کھیلا جائے گا۔
سری لنکا میں چند روز قبل ہی کرونا وائرس کے پہلے کیس کی تصدیق کی گئی ہے لیکن جوروٹ کو امید ہے کہ ان کا ٹور شیڈول کے مطابق جاری رہے گا۔

  سعودی عرب میں ایک باہمت بیٹی نے معذور باپ کو بچانے کے لیے اپنی جان قربان کر دی۔ مکہ ریجن کے علاقے رنیہ کمشنری میں ایک گھر میں اچانک آگ بھڑک اُٹھی، اہل خانہ نے گھر سے باہر نکل کر اپنی جان بچائی تاہم اس دوران معذور باپ آگ کے شعلوں کی لپیٹ میں آگیا، بیٹی نے باپ کو شعلوں سے بچانے کے لیے اپنے حصار میں لے لیا اور اس دوران اہل خانہ نے پڑوسیوں کو مدد کے لیے پکارا۔ پڑوسیوں کے پہنچنے تک بیٹی نویر السبیعی بری طرح جھلس گئی، باپ اور بیٹی کو اسپتال لے جایا گیا جہاں بیٹی نے دوران علاج دم توڑ دیا جب کہ باپ کو انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔ سوشل میڈیا پر صارفین نے بہادر بیٹی کے لیے کنگ عبدالعزیز تمغے کا مطالبہ کیا ہے۔
یاد رہے کہ باپ کو بچانے کے دوران اپنی جان قربان کرنے والی بیٹی نویر السبیعی کے شوہر نے بھی گزشتہ برس سمندر میں ڈوبتے ہوئے شخص کو بچانے کے دوران موت کو گلے لگا لیا تھا۔

پاکستان سپر لیگ میچز کے دوران کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر کے طور پر نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں سینیٹائزر لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ذرائع سندھ حکومت کے مطابق صابن بنانے والی کمپنی اسٹیڈیم میں مفت سینیٹائزر نصب کرے گی جب کہ پارکنگ کے مقامات پر بھی سینیٹائزر لگائے جائیں گے۔

سندھ حکومت کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کا کوئی خوف نہیں، اس حوالے سے طبی ماہرین نے بھی کلیئرنس دیدی ہے تاہم احتیاطی تدابیر کے طور پر پی ایس ایل میچز دیکھنے کے لیےآنے والے شائقین کی اسکریننگ کی جائے گی، اسٹیڈیم کے تمام داخلی راستوں پر اسکریننگ کے لیے خصوصی کاؤنٹر قائم کیے جائیں گے جب کہ دروازوں پر پولیس کے ہمراہ طبی عملہ بھی تعینات ہوگا۔

اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکرٹری جنرل کے نمائندہ خصوصی برائے پاکستان اور جموں و کشمیر یوسف ایم الدوبے کی قیادت میں او آئی سی کے اعلیٰ سطح 6 رکنی وفد نے لائن آف کنٹرول کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے چکوٹھی سیکٹر کا دورہ کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق اوآئی سی وفد کو ایل او سی کی تازہ صورتحال،بھارت کی جانب سے شہری آبادی کونشانہ بنانے،سیز فائر لائن خلاف ورزی پربریفنگ دی گئی۔او آئی سی کے وفد نے لائن آف کنٹرول کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کرنے اور لائن آف کنٹرول پر خود صورتحال دیکھنے کا موقع فراہم کرنے پر پاک فوج کا شکریہ ادا کیا ہے۔

لائن آف کنٹرول کے دورہ کے موقع پر او آئی سی کے سیکرٹری جنرل کے نمائندہ خصوصی برائے پاکستان و جموں و کشمیر یوسف ایم الدوبے نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے پاکستان کے دو روزہ دورے کے دوران وزیراعظم عمران خان، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور اعلیٰ حکومتی عہدیداران سے ملاقات کی، اب ہم لائن آف کنٹرول پر موجود ہیں جہاں پر ہمیں عسکری حکام نے سرحد کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا۔
علاوہ ازیں اسلامی تعاون تنظیم کے جموں و کشمیر کے حوالے سے نمائندہ خصوصی یوسف الدوبے نے ایوان صدر مظفرآباد میں آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان سے طویل ملاقات کی اور اُن سے مقبوضہ جموں کشمیر اور بھارت میں ہونے والے واقعات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔