بدھ, 16 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

اسلام آباد: فرشتہ قتل کیس میں پولیس نے شک کی بنیاد پر 3 افراد کو گرفتار کرلیا جبکہ ایس ایچ او شہزاد ٹاؤن کے خلاف بھی مجرمانہ غفلت کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

ننھی فرشتہ قتل کیس میں ایس ایچ او شہزاد ٹاؤن کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، مقدمہ مقتول بچی فرشتہ کے والد کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ واقعہ میں ملوث اہلکاروں اور ایس ایچ او کے خلاف مجرمانہ غفلت برتنے پر کارروائی کی جائے، ایف آئی آر کے بجائے پولیس اہلکار تھانے کی صفائیاں کرواتے رہے جب کہ ایس ایچ او نے بچی کو ڈھونڈنے کے بجائے کہا کہ کسی کے ساتھ بھاگ گئی ہوگی، لواحقین نے بچی کو ڈھونڈنے اور ایف آئی آر کے اندراج کے لیے تھانے کے کئی چکر لگائے۔

دوسری جانب پولیس ذرائع کے مطابق شک کی بنیاد پر 3 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے جن میں 2 افغانی شامل ہیں، حراست میں لیے گئے افراد میں سے ایک شخص کی بیٹی مقتولہ کی سہیلی ہے، حراست میں لیے گئے افراد مقتول بچی کے ہمسائے ہیں۔

 اسلام آباد:  ملک میں ڈالر مہنگا ہونے سے ترقیاتی منصوبوں کی لاگت میں 9 کھرب 45 ارب روپے کا تشویش ناک اضافہ ہوا ہے۔

میڈیا ذرائع نے ترقیاتی منصوبوں کی لاگت میں اضافے کی تفصیلات حاصل کرلیں جن کے مطابق ڈالر کی قدر میں اضافے اور تکنیکی خامیوں سے 134ترقیاتی منصوبوں کی لاگت میں اضافہ ہوا ہے۔

وزارت آبی وسائل کے 22ترقیاتی منصوبوں کی لاگت میں 648ارب21کروڑ روپے، این ایچ اے کے منصوبوں کی لاگت میں135ارب38کروڑ روپے، ایوی ایشن ڈویژن کے منصوبوں کی لاگت میں15 ارب12کروڑ روپے، امور کشمیر و گلگت بلتستان منصوبوں کی لاگت میں14ارب 92کروڑ کا اضافہ ہوا۔

گوادر ایئر پورٹ کی لاگت میں14 ارب 57کروڑ روپے، گولن گو ل ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کی لاگت میں22ارب 4کروڑ، پاکستان ریلوے کے انجن خریداری منصوبے پر 32ارب 79کروڑ اور کیال کھاوڑ ہائیڈرو پاور پروجیکٹ خیبرپختونخواہ پر 19ارب 1کروڑ روپے اضافہ ہوگا۔

دستاویزات کے مطابق پاکستان ریلوے کے منصوبوں پر57 ارب، نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کی لاگت میں 389ارب، کچی کینال منصوبے پر 49ارب 14کروڑ ،منگلا ڈیم توسیع منصوبے میں34ارب 30کروڑ روپے اضافی لاگت آئیگی ۔

اسلام آباد: وفاقی سرکاری تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی تعطیلات کا اعلان کردیا گیا۔

حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق وفاقی سرکاری تعلیمی اداروں میں 3 جون سے 16 اگست تک موسم گرما کی تعطیلات ہوں گی، جب کہ اداروں میں تعلیمی سرگرمیاں 17 اگست سے بحال ہوں گی۔

عموماً ہفتے کے روز تعلیمی ادارے بند ہوتے ہیں لہٰذا عملی طور پر وفاقی تعلیمی اداروں میں 31 مئی آخری دن ہو گا۔

بشکیک: بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے شنگھائی اجلاس میں پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی کے برابر سے جگہ تبدیل کرلی۔
 
بھارتی وزیرخارجہ پاکستان دشمنی میں سفارتی آداب بھول گئیں۔ سشما سوراج نے بوکھلاہٹ و بدتہذیبی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی کے برابر سے جگہ بدل لی۔
 
کرغزستان کے شہر بشکیک میں شنگھائی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کا اجلاس جاری ہے جس میں پاکستان اور بھارت کے وزرائے خارجہ بھی شریک ہیں۔
 
اجلاس کا آغاز ہوا تو گروپ فوٹو کے دوران سشما سوراج بے خیالی میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے برابر میں آکر کھڑی ہوگئیں تاہم پھر انہوں نے شاہ محمود قریشی کو دیکھا تو یکم دم بوکھلا گئیں اور اپنی جگہ چھوڑ کر دوسری طرف جاکر کھڑی ہوگئیں۔
 
اس واقعے کی وڈیو بھی آئی جس میں سشما سوراج کو جگہ تبدیل کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
کراچی : انٹربینک میں ڈالرکی قدرمیں ایک بار پھر اضافہ ہوگیا جس کے بعد پاکستانی کرنسی کی بے قدری میں اضافہ ہوگیا۔
 
ذرائع کے مطابق بدھ کے روزانٹربینک میں کاروبارکے آغازمیں ڈالرکی قدرمیں 8 پیسے کا اضافہ ہوا جس کے بعد ڈالر152 کا ہوگیا۔ ڈالرکی قدر میں اضافے اور تکنیکی خامیوں سے 134 ترقیاتی منصوبوں کی لاگت میں اضافہ ہوا۔ دستاویزکے مطابق ترقیاتی منصوبوں کی لاگت میں 9 کھرب 45 ارب روپے کا اضافہ ہوگیا۔
 
گزشتہ روزبھی انٹر بینک میں کاروبار کے اختتام پر ڈالر 2 روپے 27 پیسے اضافے کے بعد 151.92 روپے کا ہوگیا تھا۔
 
واضح رہے کہ گزشتہ 5 روز میں روپے کے مقابلے میں ڈالر10 روپے کے لگ بھگ مہنگا ہوا ہے جس کے باعث پاکستان پر غیر ملکی قرضوں کے حجم میں ایک ہزار ارب روپے سے زائد کا اضافہ ہوا ہے۔
کراچی: شہرقائد کے متعدد علاقے بجلی کے بڑے بریک ڈاؤن سے متاثرہوگئے جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
 
ذرائع کے مطابق کراچی میں بجلی کے بڑے بریک ڈاؤن سے شہرکے مختلف علاقے سحرکے دوران تاریکی میں ڈوب گئے۔  ملیر، قائد آباد، سمن آباد، سہراب گوٹھ، نیو کراچی، ناتھ کراچی، بفرزون، نارتھ ناظم آباد، اورنگی ٹاون، شاہ فیصل کالونی، سہراب گوٹھ، کورنگی 4 ، 5 ، ساڑھے 5 نمبر، سوکوارٹرایریا 36 سی، گلزارہجری اسکیم 33 سمیت صدرکے علاقوں میں مسلسل غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا۔ شدید گرمی میں شہریوں کوشدید مشکلات کا سامنا ہے۔
 
ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ صارفین کے الیکٹرک سے 118 کال سینٹر، سوشل میڈیا، کے ای لائیوموبائل ایپ پررابطہ کر سکتے ہیں۔
نئی دہلی : بھارتی وزارت دفاع نے غلطی سے اپنے ہی Mi-17 ہیلی کاپٹر کو میزائل سے تباہ کرنے والے انڈین ایئر فورس کے آفیسر کے خلاف فوجداری قوانین کے تحت کارروائی کا فیصلہ کرلیا ہے۔
 
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارت نے 27 فروری کو سری نگر میں تباہ ہونے والے ہیلی کاپٹر کے ذمہ دار کیخلاف مجرمانہ غفلت برتنے پر محکمانہ تادیبی کارروائی کا فیصلہ کیا ہے، یہ کارروائی فوجداری قوانین کے تحت کی جائے گی۔ اس سلسلے میں ممکنہ آئینی اقدامات اور قوانین پر غور کیا جا رہا ہے۔
 
کورٹ آف انکوائری کی انویسٹی گیشن کی ابتدائی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا تھا کہ سری نگر میں تباہ ہونے والا Mi-17 ہیلی کاپٹر غلطی سے انڈین ایئر فورس کے زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل کی زد میں آگیا تھا جس پر ایئر آفیسر کمانڈنگ سری نگر ایئر بیس کو عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔
 
اب جب کہ انکوائری مکمل ہونے والی ہے اور یہ واضح ہوچکا ہے کہ ہیلی کاپٹر کو دشمن طیارہ سمجھ کر غلطی سے نشانہ بنایا گیا ہے جس کے نتیجے میں ہیلی کاپٹر میں سوار پانچوں اہلکار ہلاک ہوگئے تھے۔ بھارتی وزارت دفاع نے غفلت برتنے والے انڈین ایئر فورس کے آفیسر کیخلاف تادیبی کارروائی کا فیصلہ کرلیا ہے۔
 
واضح رہے کہ 27 فروری کو پاک فضائیہ نے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے والے دو بھارتی طیاروں کو مار گرایا تھا جب کہ ایک بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو حراست میں لے لیا گیا تھا۔
اسلام آباد: وزارت سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ قمری کیلنڈر مکمل کر لیا گیا ہے اور اس کے مطابق عید الفطر 5 جون ہوگی۔
 
فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قمری کیلنڈر تیار کرلیا گیا ہے اور اس کے مطابق امسال 29 روزے ہوں گے اور شوال کا چاند 4 جون کو نظر آنے کا امکان ہے۔
 
انہوں نے کہا کہ قمری کیلنڈر جاری کرنے سے قبل مفتی منیب الرحمن اور مفتی شہاب الدین پوپلزئی سے مشاورت کی جائے گی۔ جب کہ فواد چوہدری نے گزشتہ روز قمری سال کا کیلنڈر مکمل کرکے اسلامی نظریاتی کونسل کو بھی بھیجنے کا اعلان کیا تھا۔
 
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ہم ہر بار چاند کے معاملے پر تقسیم نظر آتے ہیں جس سے منفی تاثر ملتا ہےاور قوم کا حوصلہ بھی پست ہوتا ہے اس لیے قمری کیلنڈر بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔
 
واضح رہے کہ فواد چوہدری نے قمری کیلنڈر بنانے کے لیے پانچ رکنی کمیٹی قائم کی تھی جس میں اسپارکو، محکمہ موسمیات اور سائنس اور ٹیکنالوجی کے ماہرین شامل تھے۔
لاہور: آئی سی سی ورلڈ کپ کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کی نئی کٹ منظرعام پر آگئی ہے۔
 
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری کی جانے والی تصاویر میں شرٹ میں ہمیشہ کی طرح سبز رنگ نمایاں ہے، ہلکے سبز رنگ کی پٹیاں بھی اس کی خوبصورتی میں اضافہ کرتی ہے، ایک طرف پیلے رنگ کا ستارہ اور دوسری طرف ورلڈ کپ لوگو بنایا گیا ہے، وسط میں سفید رنگ سے پاکستان کا لفظ نمایاں کیا گیا ہے، پشت پر پاکستان کا پرچم، کھلاڑی کا نام اور نمبر ہے، شرٹ کے علاوہ کیپ میں بھی گہرے اور ہلکے سبز رنگ کا امتزاج ہے۔
 
ورلڈ کپ کا آغاز 30 مئی کو انگلینڈ اور جنوبی افریقا کے مابین میچ کے ساتھ ہوگا، پاکستان ٹیم 31 مئی کو ویسٹ انڈیز کے خلاف میدان میں اترے گی۔

امریکا کی جانب سے چینی کمپنی ہواوے پر پابندی سے اسمارٹ فون صارفین بھی پریشان ہیں اور اس فیصلے سے پاکستان میں بھی ہواوے صارفین متاثرہو سکتے ہیں۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے قومی سلامتی کو خطرہ قرار دیتے ہوئے چینی کمپنی ہواوے کو بلیک لسٹ کرنے کا اعلان کیا جس کے بعد گوگل نے ہواوے سے رابطے ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔ 

اگرچہ یہ پابندی اب 90 روز کے لیے مؤخر کر دی گئی ہے لیکن اگر یہ پابندیاں لگتی ہیں تو ہواوے کے صارفین کو جی میل، گوگل میپس جیسی ایپلی کیشنز تک رسائی نہیں ملے گی۔

ذرائع کے مطابق امریکا سمیت دنیا کے دیگرملکوں کی طرح پاکستان میں بھی لاکھوں ہواوے فون سیٹس گوگل سافٹ وئیر اپ ڈیٹ نہ ہونے سےمتاثر ہوں گے، تاہم پاکستانی صارفین پرانے سافٹ وئیر سے موبائل چلاسکتے ہیں۔

ہواوے کا کہنا ہے دنیا بھر میں اپنے صارفین کو متبادل اور پائیدار سافٹ وئیرسسٹم دیا جائے گا جب کہ موجودہ فون سیٹس کو بعد از فروخت سروس فراہم کرتے رہیں گے۔

لیکن سافٹ وئیر اپ ڈیٹ نہ ہونے سے ہواوے موبائل سیٹس خاص مدت کے بعد ناکارہ ہوسکتے ہیں۔

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کےسینئر حکام نے جیونیوز کو بتایا ہےکہ یہ معاملہ ایک نجی کمپنی ہواوے اور امریکی کمپنی گوگل کےدرمیان ہے،پی ٹی اے یا کسی حکومتی ادارے کا اس معاملے سے تعلق نہیں اور نہ ہی وہ اس سلسلے میں کوئی مداخلت کرسکتے ہیں۔