منگل, 15 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

انگلینڈ: ورلڈکپ سے قبل ٹیموں کے وارم اپ میچز کھیلے جارہے ہیں اور اس سلسلے میں پاکستان اپنا دوسرا میچ بنگلادیش کے خلاف آج کھیلے گا۔

پاکستانی وقت کے مطابق دونوں ٹیمیں دوپہر ڈھائی بجے کارڈف میں مدمقابل ہوں گی۔

اس سے قبل افغانستان کے خلاف وارم اپ میچ میں پاکستان کو 3 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

قومی ٹیم کے جارح مزاج بلے باز آصف علی نے ٹیم کو جوائن کرلیا، وہ کینسر میں مبتلا اپنی کمسن بچی کی وفات کے باعث پاکستان آئے تھے۔

قومی اسکواڈ کپتان سرفراز احمد، فخر زمان، امام الحق، بابراعظم، آصف علی، حارث سہیل، شعیب ملک، محمد حفیظ، عماد وسیم، شاداب خان، محمد عامر، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی، محمد حسنین اور وہاب ریاض پر مشتمل ہے۔

بنگلادیشی اسکواڈ کپتان مشرفی مرتضیٰ، تمیم اقبال، لٹن داس، سومیا سرکار، شکیب الحسن، ابو جاوید، مہدی حسن، محمد مٹھن، محمد سیف الدین، محمد اللہ، مصدق حصین، مشفق الرحیم، مستفیض الرحمان، روبیل حسین اور شبیر رحمان پر مشتمل ہے۔

ساؤتھمپٹن : ورلڈ کپ کے دوسرے وارم اپ میچ میں آسٹریلیا نےانگلینڈ کو 12 رنز سے شکست دے دی
 
ساؤتھمپٹن میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، آسٹریلیا نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 297 رنز بنائے۔
 
کینگروز کی جانب سے اسٹیون اسمتھ نے شاندار سنچری بنائی اور 3 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 116 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ ڈیوڈ وارنر 43 رنز بناکر نمایاں رہے۔ انگلش بولر لیام پلنکٹ نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
 
آسٹریلیا کے 298 رنز کے ہدف میں انگلینڈ کی پوری ٹیم آخری اوور میں 285 رنز بناکر ڈھیر ہوئی اور اسے 12 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
 
انگلش ٹیم کی جانب سے جیمز وینس 64 اور جوس بٹلر 52 رنز بناکر نمایاں رہے، آسٹریلیا کے جیسن بینڈروف اور رچرڈسن نے 2، 2 اور نیل کولٹر، زمپا، نیتھن لیون اور مارکس اسٹوئینس نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

انگلینڈ: ورلڈ کپ 2019 کے وارم اپ میچ میں نیوزی لینڈ نے بھارت کو 6 وکٹوں سے ہرادیا۔

اوول میں کھیلے گئے میچ میں بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کافیصلہ کیا جو کہ برا ثابت ہوا اور ابتدائی 4 کھلاڑی 39 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹے اور پوری بھارتی ٹیم 40 ویں اوورز میں 179 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

بھارت کی جانب سے روندرا جدیجہ 54 اور ہاردک پانڈیا 30 رنز بناکر نمایاں رہے جب کہ نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ نے 4 ، جیمز نیشام نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

بھارت کے 180 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کا آغاز اچھا نہیں تھا اور ابتداء میں ہی کیویز کو نقصان اٹھانا پڑا، 39 کے مجموعی اسکور پر دونوں اوپنر آؤٹ ہوئے۔

نیوزی لینڈ نے روس ٹیلر اور ولیمسن کی شاندار بیٹنگ کی بدولت 38 ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کیا، روس ٹیلر نے 71 اور ولیمسن 67 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

بھارت کی جانب سے جسپریت بھمرا، ہاردک پانڈیا، چہال اور جدیجہ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

کراچی : ملک بھرمیں آج بعد نماز عصر سے لاکھوں فرزندان توحید اعتکاف کی سعادت حاصل کریں گے۔

رمضان المبارک کے آخری عشرے میں اللہ کی خاص رحمتیں اور برکتیں سمیٹنے کے لئے ملک بھر کی مساجد میں لاکھوں افراد آج سے اعتکاف میں بیٹھ رہے ہیں۔ اعتکاف کے لیے لوگ 20 رمضان المبارک کو عصر کے وقت مساجد میں داخل ہوتے ہیں اور عیدالفطر کا چاند نظرآتے ہی اعتکاف ختم ہوجائے گا، ہر مسجد کی انتظامیہ نے اعتکاف میں بیٹھنے والوں کے لیے تیاریاں مکمل کرلی ہیں، مساجد کی انتظامیہ اور مخیر حضرات کی جانب سے معتکفین کو سحری اور افطاری فراہم کی جائے گی۔

کراچی میں اعتکاف کا سب سے بڑا اجتماع فیضان مدینہ پرانی سبزی منڈی میں ہوگا جہاں ہزاروں لوگ اعتکاف میں شرکت کریں گے۔
لاہور میں بادشاہی مسجد اور جامع مسجد داتا دربار سمیت اہم مساجد میں اعتکاف کے حوالے سے تیاری مکمل کرلی گئی ہیں، سب سے زیادہ 15 ہزارسے زائد افراد منہاج القرآن کے زیراہتمام شہر اعتکاف میں معتکف ہوں گے۔اسی طرح جامع مسجد داتا دربار میں 2100 سے زائد افراد اعتکاف میں بیٹھیں گے

لاہور:  ملک بھرمیں لاکھوں فرزندان اسلام کل بروز اتوار بمطابق 20 رمضان المبارک اعتکاف بیٹھیں گے۔

صوبائی دارالحکومت لاہورمیں منہاج القرآن کے شہراعتکاف سمیت کئی اہم مساجد میں اجتماعی اعتکاف کیلیے تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، اجتماعی اعتکاف کے دوران معتکفن کیلیے درس قرآن وحدیث اور شرعی مسائل سے آگاہی کیلیے تربیتی نشستوں کا بھی اہتمام ہوگا۔

واضح رہے کہ سب سے زیادہ 25 ہزار افراد منہاج القرآن کے زیراہتمام شہر اعتکاف میں معتکف ہوں گے۔

نئی دہلی: بھارت میں انتہا پسند جماعت بی جے پی کے دوبارہ اقتدار میں آتے ہی مسلمانوں پر مظالم کا سلسلہ شروع ہوگیا۔

بھارتی اخبار کے مطابق بھارت میں بی جے پی کے ایک بار پھر اقتدار میں آتے ہی مسلمانوں پرمظالم کا نہ رکنے والا سلسلہ دوبارہ شروع ہوگیا ہے۔ انتہا پسند حکومت کے حلف لینے سے قبل ہی انتہا پسند ہندووں کے حوصلے بلند ہوگئے۔

بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک خاتون سمیت 3 مسلمانوں کو انتہاپسندوں کے ایک گروہ نے گائے کا گوشت رکھنے کے شبے میں وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا۔

دونوں افراد کو باری باری زبردستی پکڑ کر لاٹھیوں سے مارا گیا، مسلمان نوجوانوں کے معافی مانگنے اور گائے کا گوشت رکھنے سے انکار کے باوجود انہیں ظلم و بربریت کا نشانہ بنایا گیا۔ ایک نوجوان تشدد سے بے ہوش ہوگیا جس کے بعد دوسرے شخص سے زبردستی اس کی بیوی کوجوتیاں مروائی گئیں اور جبراًہندو دیوتا کے نام  کے نعرے لگوائے گئے۔

واضح رہے کہ بھارت میں ہندو انتہا پسند جماعتیں مسلمانوں کے خلاف زہراگلنے اور ان پربے جا تشدد کرنے سے باز نہیں آتی ہیں جب کہ انتہا پسند ہندو گروپ مسلمانوں کودیوار سے لگانے کی کوشش کرتے ہوئے ان پر بلا اشتعال حملے کرتے رہتے ہیں۔

لاپور : چیف سلیکٹر انضمام الحق نے آل ٹائم ورلڈکپ ٹیم میں اپنے مسترد کردہ کامران اکمل کو بھی شامل کرلیا جب کہ اسپاٹ فکسنگ میں سزا یافتہ شرجیل خان کا نام بھی شامل ہے۔

پاکستان کرکٹ کی سب سے بڑی ویب سائٹ ’’www.cricketpakistan.com.pk‘‘ کیلیے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے آل ٹائم ورلڈکپ ٹیم کا انتخاب کیا، انھوں نے 13 نام تجویز کرتے ہوئے عمران خان کو کپتان منتخب کیا، اوپنرز میں ماجدخان اورسعید انور کے ساتھ اسپاٹ فکسنگ میں سزایافتہ شرجیل خان کو بھی شامل کیا۔

انضمام الحق نے مڈل آرڈر میں ظہیر عباس، جاوید میانداد اور محمدیوسف کو جگہ دی،فاسٹ بولرز میں عمران خان، وسیم اکرم اور وقاریونس کے ساتھ شعیب اختر ان کی ٹیم کا حصہ ہیں، انھوں نے کہا کہ اسپن بولنگ میں ثقلین مشتاق اور شاہد آفریدی کی جگہ بنتی ہے، میں وکٹ کیپنگ میں کامران اکمل کو منتخب کروں گا۔

 مشن ورلڈکپ میں پاکستان کا دوسرا وارم اپ امتحان کل بنگلا دیش سے ہو گا، افغانستان کے ہاتھوں 3 وکٹ کی شکست نے قومی شاہینوں کو جیت کے لیے پرجوش کر دیا۔

دوسرا میچ بھی پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ڈھائی بجے شروع ہو گا، افغانستان کے پورے اوور نہ کھیلنے، 262 کا کم ٹوٹل بنا کر تین وکٹ سے وارم اپ میچ ہارنے والے کھلاڑیوں کی سخت محنت، بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ میں خوب پسینا بہایا۔

ہیپاٹائٹس کو کلین بولڈ کرنے والے شاداب خان اچھی کارکردگی کے لیے پرعزم ہیں۔ چیمپئنز ٹرافی ہو یا 2015 اور 2011 کا ورلڈکپ پاکستان نے بنگلادیش کے خلاف تمام وارم اپ میچز میں فتح سمیٹی ہے۔

کراچی: محکمہ موسمیات نے کراچی میں رواں ماہ کا دوسرا ہیٹ ویو الرٹ جاری کیا تھا جس کے تحت 25 سے 27 مئی تک شدید گرمی پڑنا تھی، ہفتے سے پیرکے درمیان درجہ حرارت 40 سے 42 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ظاہرکیا گیا تھا۔ تاہم محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہرکے اوپرہائی پریشرایریا موجود نہیں جس سے اب شہرمیں گرمی کی لہردرمیانے درجے کی ہوسکتی ہے اورموسم گرم و مرطوب رہنے کا امکان ہے جب کہ آج اورکل زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 سے 40 ڈگری تک جانے کا امکان ہے اور 27 مئی تک درجہ حرارت 37 سے 39 ڈگری تک پہنچ جائے گا۔
 
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ شہر میں سمندری ہوائیں معطل ہونے کا خدشہ بھی ٹل گیا ہے، دن کے اوقات میں سمندری ہوائیں چلتی رہیں گی۔
دوسری جانب طبی ماہرین نے کہا ہے کہ شدید گرمی کے اثرات سے بچنے کے لیے شہری دن کے اوقات خصوصی طورپرصبح 11 سے سہہ پہر3 بجے کے درمیان باہرنہ نکلیں، اپنا سرگیلے کپڑے سے ڈھانپیں۔ روزے دار حضرات سحر و افطار میں پانی کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں
کراچی: گزشتہ ماہ غلط انجکشن سے جاں بحق ہونے والی نو ماہ کی نشوا کے والد اور دارالصحت اسپتال انتظامیہ میں صلح ہوگئی ہے، بچی کے والد قیصر علی نے مقدمہ واپس لینے پر رضا مندی ظاہرکردی ہے ۔ گزشتہ روز کراچی پریس کلب میں نشوا کے والد قیصر علی نے اپنے وکیل منیر احمد کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ میں نے سب کو اللہ کی رضا کے لئے معاف کردیا ہے ۔ دارالصحت اسپتال کی انتظامیہ سے 3نکاتی معاہدہ کیا ہے جس کے مطابق نشوا کے نام سے دارالصحت اسپتال میں بچوں کا وارڈبنایا جائے گا جس کے لیے اسپتال نے اس کی ڈیڈ لائن بھی دے دی ہے۔
 
50لاکھ روپے سے نشوا ٹرسٹ قائم کیا جائے گا، ہم نے نشوا فاؤنڈیشن رجسٹرڈ کرا لی ہے۔ ٹرسٹ کی سفارش پر سالانہ دو بچوں کو اسکالر شپ دی جائے گی اور اگر کہیں بھی کسی اسپتال کی غفلت کا کیس ہوا تو ہم متاثرین کا ساتھ دیں گے اور علاج کرائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شروع سے ہمارے 3 مطالبات تھے جن میں اسپتال کو سیل کرنا بھی شامل تھا، اسپتال سیل ہوا، جو بعد میں ہائیکورٹ کے حکم پر دوبارہ کھول دیا گیا، ہمارے دیگر 2 مطالبات میں اسپتال انتظامیہ کی گرفتاری اور انکوائری کمیشن بنانا تھا، ہم نے پولیس کو اپنا بیان ریکارڈ کرادیا ہے ۔ ہمارا اب بھی مطالبہ ہے کہ ریٹائرڈ جج کی سربراہی میں کمیشن بنایا جائے۔