بدھ, 16 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

کراچی: جامعہ کراچی نے ایم فل اور پی ایچ ڈی کے 52 طلباوطالبات کے لئے اسکالرشپ کی منظوری
 
جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمودعراقی نے ایم فل اور پی ایچ ڈی 2019 ءکے اسکالرشپ کی منظوری دے دی ہے۔مذکورہ پروگرام کے تحت ایم فل کے 36 طلباوطالبات جبکہ پی ایچ ڈی کے 16 طلباوطالبات کو اسکالرشپ دینے کی منظوری دی گئی۔
 
تفصیلات کے مطابق ایم فل کے طلبہ کو 8000 روپے ماہانہ جبکہ پی ایچ ڈی کے طلبہ کو 10000 روپے ماہانہ دیئے جائیں گے۔ایم فل پروگرا م کے اسکالر شپ کا دورانیہ ایک سال جبکہ پی ایچ ڈی کے اسکالرشپ کا دورانیہ دوسال پرمشتمل ہے۔
 
واضح رہے کہ مذکورہ اسکالرشپ کے حصول کے لئے انسٹی ٹیوشنل ایوارڈ اسکالرشپ کمیٹی کے سامنے انٹرویوز23 اپریل 2019 ءکو کلیہ علوم کے کونسل روم میں منعقد ہوئے تھے اور کمیٹی کی متفقہ سفارشات پر مذکورہ ناموں کی منظوری دی گئی۔
کراچی: کراچی کے معروف نجی اسکول سی اے ایس کی جانب سے سپریم کورٹ کے احکام پرعملدرآمدکے بجائے فیسوں میں مزید اضافے کے بعد محکمہ تعلیم کے ذیلی ادارے ڈائریکٹوریٹ پرائیویٹ انسٹیٹیوشنز نے اسکول انتظامیہ کو اظہار وجوہ کا حتمی نوٹس جاری کرتے ہوئے اسے تنبیہ کی ہے کہ 7 روز کے اندراس نوٹس کا جواب نہ دینے کی صورت میں اس کی رجسٹریشن منسوخ کردی جائے گی اور برٹش کونسل کو بھی اس معاملے سے آگاہ کر دیا جائے گا۔
 
واضح رہے کہ کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 8 میں قائم سی اے ایس کیمبرج سسٹم کے تحت چلنے والے شہر کے نامور تعلیمی اداروں میں سے ایک ہے جس کی 3 ماہ کی فیس پہلے ہی 85ہزار روپے سے زائد تھی تاہم اب اسکول کی جانب سے والدین کو بھجوائے گئے فیس واؤچر کے بعد ایک نیا طوفان کھڑا ہوگیا ہے جب والدین کو علم ہواکہ اس بار انھیں تقریباً ڈیڑھ لاکھ روپے تک فیس ادا کرنی ہے۔
 
ڈائریکٹر جنرل پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنز سندھ منسوب صدیقی نے کہاکہ فیس میں مزیداضافے کی شکایات ہمیں موصول ہوئی ہے اسکول کے خلاف کارروائی شروع کر دی ہے، سپریم کورٹ کے احکام پرعملدرآمد اوروالدین کوآسانی پہنچانے کے لیے اسکول کوہرصورت قانون کی پابندی کرنی ہو گی۔
کراچی: جامعہ کراچی نے ایم اے / ڈبل ایم اے پرائیوٹ کے امتحانی فارم جمع کرانے کی تاریخ کا اعلان کردیا
 
جامعہ کراچی کے ناظم امتحانات کے مطابق ایم اے / ڈبل ایم اے پرائیوٹ اور امپرومنٹ آف ڈویژن کے لئے سالانہ امتحانی فارم طلبہ اپنے امتحانی فارم 4300 روپے فیس کے ساتھ 31 مئی 2019 ءتک جمع کراسکتے ہیں۔
 
طلبہ اپنی امتحانی فیس ایچ بی ایل،یوبی ایل،نیشنل بینک آف پاکستان ،ایم سی بی اور سندھ بینک کی کسی بھی برانچ میں جمع کراسکتے ہیں۔امتحانی فارم اور بینک واﺅچر جامعہ کراچی کی ویب سائٹ سے حاصل کئے جاسکتے ہیں۔
 
واضح رہے کہ ایسے طلباوطالبات جو 2012 ءیا اس سے قبل کی رجسٹریشن کے حامل ہیں انہیں امتحانی فیس کے علاوہ 5000 روپے اضافی چارجز بھی جمع کرانے ہوں گے۔

پشاور: پشاور ہائیکورٹ نے رویت ہلال کمیٹی سے متعلق کیس میں وفاقی حکومت، چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمن کو نوٹس جاری کر دیے۔

پشاور ہائیکورٹ میں ایک درخواست دائر کی گئی ہے جس میں رویت ہلال کمیٹی کو چاند دیکھنے سے روکنے کی استدعا کی گئی ہے ۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ ملک میں چاند کی رویت پر مسائل پیدا ہورہے ہیں دو دو عیدیں منائی جاتی ہیں۔

درخواست کی سماعت چیف جسٹس وقار احمد سیٹھ اور جسٹس عبد الشکور نے کی۔

عدالت نے وفاقی حکومت،چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمن کو نوٹس جاری کرکےجواب طلب کرلیا۔

پاکستان میں ایک طویل عرصے سے عید ین کے چاند کی رویت کے حوالے سے اختلاف پایا جاتا ہے اور ہر سال ملک کے دو عیدیں منائی جاتی ہیں

کراچی : اوپن مارکیٹ میں ڈالر مزید 2 روپے اضافے سے 153 روپے کا ہو گیا جب کہ انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر 1 روپے 36 پیسے مہنگا ہو کر 151 روپے پر پہنچ گیا۔
 
گزشتہ روز انٹربینک میں ڈالر ایک روپے 78 پیسے مزید مہنگا ہوکر 149 روپے 65 پیسے جب کہ اوپن مارکیٹ میں ایک روپے مہنگا ہوکر 152 روپے پہنچا تھا۔
 
ایکسچینج کرنسی ایسوسی ایشن کے مطابق آج صبح اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں 2 روپے کا مزید اضافہ ہوا اور وہ اس وقت 153 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔
 
انٹر بینک میں ڈالرتاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے اور اس وقت 1 روپے 36 پیسے اضافے سے 151 روپے پر ٹریڈ ہو رہا ہے۔
 
گزشتہ چار کاروباری دنوں میں ڈالر کی قدر میں 9 روپے 60 پیسے اضافہ ہواہے جس کے بعد بیرونی قرضوں میں 1000 ارب روپے کا اضافہ ہوا۔
 
ڈالر کی قدر میں اضافے کی ایک وجہ ذخیرہ اندوزی بھی ہے جس کے حوالے سے مفتی تقی عثمانی کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات میں نفع اور ذخیرہ اندوزی کے مقصد سے ڈالر کی خریداری شرعاً گناہ اور ملک سے بے وفائی ہے۔

  کراچی:اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے شرح سود میں 1.5 فیصد اضافہ کردیا جس کے بعد پالیسی ریٹ 12.25 فیصد ہوگیا۔

ذرائع کے مطابق اسٹیٹ بینک نے آئندہ 2 ماہ کے لیے نئی مانیٹری پالیسی کا اعلان کردیا جس کا اعلامیہ بھی جاری کردیا گیا ہے۔ نئی پالیسی میں اسٹیٹ بینک نے شرح سود بڑھادی، شرح سود میں 150 بیسس پوائنٹس کا اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد پالیسی ریٹ 12.25 فیصد ہوگیا۔

اسٹیٹ بینک کے اعلامیہ کے مطابق  جولائی تا اپریل مہنگائی کی رفتار گزشتہ سال سے دگنی ہوگئی، جولائی اپریل افراط زر کی شرح 7 فیصد تک پہنچ گئی،  مالی سال 2019 میں افراط زر کی شرح 6.5 سے 7 فیصد تک رہے گی جب کہ شرح سود 12.25 فیصد مقرر کر دی گئی۔

لاہور: چیف سلیکٹر انضمام الحق نے آئی سی سی ورلڈ کپ کے لئے 15 رکنی حتمی قومی کرکٹ ٹیم کا اعلان کردیا ہے۔
 
لاہورمیں پریس کانفرنس کے دوران چیف سلیکٹر انضمام الحق نے ورلڈ کپ کے لیے 15 رکنی قومی ٹیم کا اعلان کردیا ہے۔ قومی ٹیم میں محمد عامر، آصف علی اور وہاب ریاض کی واپسی ہوئی ہے جب کہ لیگ اسپنر شاداب خان پہلے سے ورلڈ کپ اسکواڈ پلان کا حصہ ہیں۔
 
لیگ اسپنر شاداب خان کو ورلڈ کپ کے اعلان کردہ ابتدائی اسکواڈ میں شامل کیا گیا تھا تاہم ہیپاٹائٹس کی تشخیص ہونے کی وجہ سے وہ انگلینڈ کے خلاف سیریز نہیں کھیل سکے، ان کی جگہ یاسر شاہ نے پاکستان کی نمائندگی کی ہے
 
ورلڈ کپ اسکواڈ میں سرفرازاحمد، فخر زمان، امام الحق، محمد حفیظ، حارث سہیل، بابراعظم، آصف علی،شعیب ملک، حسن علی، عماد وسیم، محمد عامر، شاداب خان، وہاب ریاض، شاہین آفریدی اور محمد حسنین شامل ہیں۔
 
وہاب ریاض کی ٹیم میں واپسی سے متعلق انضمام الحق نے کہا کہ وہاب ریاض سینیئر اور تجربہ کار بولر ہیں، انہیں فہیم اشرف کی جگہ شامل کیا گیا ہے۔ وہاب ریاض کا انگلینڈ میں گیند کرنے کا بہت تجربہ ہے۔
 
عابد علی کو ڈراپ کئے جانے کے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے انضمام الحق نے کہا کہ عابدعلی کوورلڈ کپ اسکواڈ سے باہر کرنا آسان نہیں تھا، ہمیں لگتا ہے کہ انگلینڈ میں بیٹنگ کے لیے وکٹیں اور بھی اچھی ہو جائیں گی۔ آصف علی کو جارحانہ بیٹنگ اور اچھے اسٹرائیک ریٹ کی وجہ سے منتخب کیا گیا ہے۔
 
ورلڈ کپ سے پہلے پاکستانی ٹیم نے 24 اور 26 مئی کو 2 وارم اپ میچز کھیلنا ہے، 31 مئی کو ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹرینٹ برج میں شیڈول میچ سے پاکستانی ٹیم ورلڈ کپ میں اپنی مہم کا آغاز کرے گی۔
لاہور: پاکستان کے بابراعظم نے ورلڈ کپ کے 10 خطرناک ترین بیٹسمینوں میں جگہ بنا لی ہے۔
 
بین الاقوامی ویب سائیٹ نے ورلڈ کپ کے 10 خطرناک ترین بلے بازوں کی فہرست جاری کی ہے جس میں بھارت کے 2 جب کہ افغانستان، بنگلا دیش، ویسٹ انڈیز، انگلینڈ، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقا اور آسٹریلیا کا ایک، ایک کھلاڑی جگہ بنانے میں کامیاب رہا ہے-
 
پاکستان کے بابراعظم کی حالیہ بالخصوص انگلینڈ کے خلاف غیر معمولی کارکردگی کو دیکھتے ہوئے انہیں اس فہرست میں شامل کیا گیا ہے،دوسرے کھلاڑیوں میں افغانتستان کے محمد شہزاد، بنگلا دیش کے تمیم اقبال ، ویسٹ انڈیز کے کرس گیل، انگلینڈ کے جوزبٹلر، نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن، جنوبی افریقا کے کوانٹن ڈی کوک، آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر جبکہ بھارت کے ویرات کوہلی اور شیکھر دھون شامل ہیں۔ دوسری جانب سری لنکا کا کوئی بلے باز اس فہرست میں جگہ نہیں بناپایا۔

ہواوے کی جانب سے گزشتہ سال کے پی 20 لائٹ کو پہلے سے بہتر بناکر دوبارہ متعارف کرایا جارہا ہے۔ پی 20 لائٹ 2019 کی لیکس سامنے آئی ہیں جس میں نوچ ڈسپلے کی بجائے پنچ ہول کیمرا دیکر بیزل کو پہلے سے کم کیا گیا ہے جبکہ ایک بڑی تبدیلی بھی کی جارہی ہے۔ جی ایس ایم ایرینا کی ایک رپورٹ کے مطابق پی 20 لائٹ 2019 میں گزشتہ سال کے 5.84 کی بجائے 6.4 انچ اسکرین دی جارہی ہے جس میں 1080x2310 ریزولوشن دیا جاسکتا ہے۔ پنچ ہول سیلفی کیمرا 16 میگا پکسل کا ہے جس میں ایف 2.2 آپرچر دیا گیا ہے۔ گزشتہ سال کے فون کے مقابلے اس بار 33 فیصد بڑی 4000 ایم اے ایچ بیٹری دی جارہی ہے مگر اس بار بھی وائرلیس چارجنگ سپورٹ دیئے جانے کا امکان نہیں۔ گزشتہ سال کے ماڈل میں بیک پر ڈوئل کیمرا سیٹ اپ تھا مگر اس بار یہ 4 کیمرں کا سیٹ اپ ہوگا جس میں سے ایک 24 میگا پکسل مین سنسر ہوگا، دوسرا 8 میگا پکسل شوٹر، جبکہ باقی دونوں کیمرے 2، دو میگاپکسل کے ہوں گے جن میں سے ایک ڈیپتھ سنسر ہوگا مگر چوتھا کیمرا کا مقصد ابھی واضح نہیں۔ اس فون میں اینڈرائیڈ پائی آپرٹینگ سسٹم کا امتزاج کمپنی کے ای ایم یو آئی 9.1 سے کیا جائے گا جبکہ 4 جی بی ریم کے ساتھ 64 سے 128 جی بی اسٹوریج دیئے جانے کا امکان ہے۔ اس فون میں ہواوے کا تیار کردہ کیرین 710 پراسیسر دیا جائے گا جبکہ فنگرپرنٹ ریڈر بیک پر دیا جائے گا، ہائیبرڈ ڈوئل سلاٹ کو مائیکرو ایس ڈی کارڈ کے لیے بھی استعمال کیا جاسکے گا۔ یہ فون آئندہ چند ہفتوں میں متعارف کرائے جانے کا امکان ہے جس کے 64 جی بی اسٹوریج والا فون 280 یورو (46 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) جبکہ 128 جی بی اسٹوریج والا ماڈل 330 یورو (54 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں فروخت کیا جاسکتا ہے۔

لاہور: چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے 15 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کردیا، محمد عامر، آصف علی اور وہاب ریاض ٹیم کا حصہ ہوں گے، چیف سلیکٹر نے کہا کہ آصف علی کوعابد علی پرپاور ہٹنگ کی وجہ سے فوقیت دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق مشن ورلڈ کپ کے لیے پاکستان کی 15 رکنی ٹیم کو حتمی شکل دے دی گئی، پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے ورلڈ کپ 2019 کے لیے سرفرازاحمد کی قیادت میں 15 رکنی قومی ٹیم کا اعلان کردیا۔ چیف سلیکٹرنے نیوزکانفرنس میں کہا کہ فخر زمان، امام الحق، محمد حفیظ، بابر اعظم، سرفراز احمد، حارث سہیل، شعیب ملک، عماد وسیم، شاداب خان، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی اور محمد حسنین اسکواڈ میں شامل ہیں۔ انضمام الحق نے کہا کہ انگلینڈ کے ساتھ جو سیریز ہوئی اس کے بعد قومی ٹیم میں بڑی تبدیلی کا فیصلہ کیا، وہاب ریاض، محمد عامر، آصف علی کو واپس لے لیا، شاداب کی ٹیم میں واپسی ہوئی، ڈاکٹروں نے شاداب کو کلیئر کر دیا ہے، تجربہ کار عامر اور وہاب کو ٹیم میں شامل کیا گیا، فاسٹ بالرز کو ون ڈے سیریز میں کارکردگی کے بعد شامل کیا گیا، انھوں نے کہا کہ عابد علی کو ٹیم میں شامل نہ کرنا ایک مشکل فیصلہ تھا، پاور ہٹنگ کی وجہ سے ان پر آصف علی کو فوقیت دی، وہاب ریاض کو ہم نے نظر انداز نہیں کیا تھا، انھوں نے ڈومیسٹک ٹورنامنٹ میں اچھی کارکردگی دکھائی، 90 کی اسپیڈ جس کی نہیں ہے وہ بھی میچ میں کھیلتے ہیں، برطانوی کھلاڑی کو بھی ویسی مار پڑی ہے جیسے پاکستانی کو۔ انضمام الحق کا کہنا تھا کہ فخر زمان اور امام الحق فارم میں ہیں، حسنین کو اتنا تجربہ نہیں لیکن اللہ کرے ورلڈ کپ میں اچھی پرفارمنس دیں، ان کے پاس اسپیڈ ہے، ٹیم کی ضرورت کے مطابق کوچ اور کپتان سے بات کی، بولنگ کے ساتھ فیلڈنگ کو بھی دیکھنا ہے۔ چیف سلیکٹر نے کہا کہ جنید اور فہیم بھی اچھے بولر ہیں لیکن کنڈیشن میں تجربہ کار کھلاڑی چاہیے، آگے کیا ہوگا میں نہیں بتا سکتا، ٹیم نے انگلینڈ میں فائٹ کی کچھ چیزیں بری تو کچھ اچھی بھی ہیں، ہماری ٹیم ورلڈ کپ میں بہتر پرفارمنس دے گی۔ انضام کا کہنا تھا کہ ٹیم پر زیادہ تنقید اچھی چیز نہیں، اچھا کھیلنے والوں کو بھی سراہنا چاہیے، شعیب اور حفیظ سینئر کرکٹرز ہیں اور تجربہ کار کھلاڑیوں کی ضرورت ہے، ہم 23 مئی تک ٹیم میں تبدیلی کر سکتے ہیں تو فائدہ کیوں نہ اٹھائیں، پاکستان ٹیم کو جس کی ضرورت ہے ہم نے وہ فیصلہ کیا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ہماری ینگ کھلاڑیوں کی ٹیم ہاری بھی ہے لیکن فتح بھی ملی ہے، رضوان، عابد اور فہیم کو انگلینڈٖ ہی میں روک رہے ہیں، اگر کسی کی ضرورت پڑے گی تو ہمارے پاس بیک اپ ہوگا۔ چیف سلیکٹر کا کپتان کے متعلق کہنا تھا کہ سرفراز جتنا اوپر آ کر کھیلتے ہیں اتنی اچھی کارکردگی دیتے ہیں، سرفراز احمد کی کارکردگی انگلینڈ سے سیریز میں بہتر ہے۔