منگل, 21 جنوری 2025

 

ایمزٹی وی(لاہور)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے کہا ہے کہ تحریک عدل کسی کے خلاف نہیں بلکہ انصاف کے حصول کےلئے ہے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق جاتی امرا میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت مسلم لیگ (ن) کا مشاورتی اجلاس ہوا جس میں مریم نواز، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، حنیف عباسی، طلال چوہدری، دانیال عزیزاور پرویز رشید نے شرکت کی۔ مسلم لیگ (ن) کے اعلیٰ سطح کے مشاورتی اجلاس میں آئندہ الیکشن کے حوالے سے حکمت عملی پرغور کیا گیا۔ اجلاس کے دوران ہی 31 دسمبر کو کوٹ مومن میں جلسے اورنواز شریف کی تقریر کے نکات بھی تیار کئے گئے۔
مشاورتی اجلاس میں نواز شریف نے کہا کہ اب گھر پر نہیں بیٹھوں گا، آئین کی حکمرانی اور ووٹ کے تقدس کا پیغام ایک ایک فرد تک پہنچاؤں گا۔ تحریک عدل کسی کے خلاف نہیں بلکہ انصاف کے حصول کےلئے ہے۔ جس کے بعد پنجاب کے بڑے شہروں میں جلسے جلوس کےلئے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اورپارٹی عہدیداروں کو ٹاسک دینے کا فیصلہ کیا گیا۔
واضح رہے کہ نواز شریف نے گزشتہ روز لاہور میں پارٹی کے سوشل میڈیا کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان اور عدلیہ کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

 

 

ایمز ٹی وی(تجارت) انٹربینک اور مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کے مقابلے پاکستانی روپے کی بے قدری کا سلسلہ جاری ہے تاہم اوپن مارکیٹ میں امریکی ایک بار پھر 111روپے کی سطح پر جا پہنچا۔
فاریکس ایسوسی ایشن کے مطابق گزشتہ روز انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر 9 پسے بڑھ گئی جس سے ڈالر کی قیمت خرید 110.41 روپے سے بڑھ کر 110.50 روپے اور قیمت فروخت 110.51روپے سے بڑھ کر 110.60 روپے ہو گئی، اسی طرح مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر20 پیسے مہنگا ہو گیا جس سے ڈالر کی قیمت خرید بڑھ کر 110.70روپے اور قیمت فروخت 110.80 روپے سے بڑھ کر 111 روپے ہو گئی۔
فاریکس رپورٹ کے مطابق یورو کی قدر بھی 30 پیسے بڑھ گئی جس سے یورو کی قیمت خرید 129.50 روپے سے بڑھ کر 129.80 روپے اور قیمت فروخت 131.50 روپے سے بڑھ کر 131.80روپے ہو گئی جبکہ 65 پیسے یا 0.44کے اضافے سے برطانوی پاؤنڈ کی قیمت خرید 145.75 روپے سے بڑھ کر 146.40روپے اور قیمت فروخت 147.75روپے سے بڑھ کر 148.40 روپے پر جا پہنچی۔

 

 

ایمز ٹی وی (اسلام آباد)دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کی اہلیہ کے جوتے میں کوئی مشکوک چیز موجود تھی اس لیے وہ جوتے رکھ کر انہیں متبادل جوتوں کا جوڑا فراہم کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان کی قید میں موجود بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو سے گزشتہ روز ان کی اہلیہ اور والدہ کی ملاقات کروائی گئی، کلبھوشن کی بیوی کے جوتے میں کوئی مشکوک چیز پائی گئی جس پر انہیں متبادل جوتوں کا جوڑا دیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق کلبھوشن کی بیوی کی جیولری اور دیگر ضروری اشیاء واپس کردی گئیں جب کہ ان کے جوتے میں کیا تھا اس بات کی تصدیق کے لیے جوتے لیب بھجوادیے گئے ہیں، کلبھوشن کی بیوی نے موٹے سول والے جوتے پہن رکھے تھے۔
واضح رہے کہ پاکستان نے انسانی ہمدری کے تحت سزائے موت کے منتظر قیدی بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو سے ان کی والدہ آوانتی سودھی یادیو اور بیوی چیتنکاوی یادیو کی ملاقات کرائی تھی جو 40 منٹ تک جاری رہی۔

 

 

ایمز ٹی وی (انٹرٹیمینٹ)بھارتی فلم انڈسٹری کے دبنگ اداکار سلمان خان 52 ویں سالگرہ اپنے دوستوں اور اہلخانہ کے ہمراہ اپنے پنویل فارم ہاؤس میں منائیں گے جس میں اداکارہ کترینہ کیف بھی خصوصی طور پر شرکت کررہی ہیں۔
سلومیاں کی زندگی کا نیا سال ان کے لیے دوہری خوشیاں لے کر آیا ہے۔ سالگرہ کے موقع پر سلمان خان کی خوشیاں فلم ’ٹائیگر زندہ ہے‘کی شاندار کامیابی اورغیرمعمولی بزنس کی وجہ سے دوبالا ہوگئی ہیں۔ فلم کی کامیابی اور اپنی سالگرہ کا جشن منانے کے لیے سلمان خان نے اپنے پنویل فارم ہاؤس کا رخ کیا ہے جب کہ اداکارہ کترینہ کیف بھی ان کے ہمراہ فارم ہاؤس گئی ہیں۔
اس خبرکوبھی پڑھیں: ’’ٹائیگر زندہ ہے‘‘نےکامیابی کے جھنڈے گاڑ دئیے
سلمان خان کی سالگرہ کے موقع پر بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان نے بھی ان کے لیے خوبصورت پیغام دیا ہے۔ گزشتہ روز شاہ رخ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے سلمان خان کو سالگرہ کی مبارکباد دہتے ہوئے کہا ’تم جیو ہزاروں سال‘اور زندگی میں خوب ترقی کرو۔ شاہ رخ نے مزید کہا کہ میرے بچے یہاں موجود ہیں اور میں ان کے ساتھ وقت گزاروں گا لہٰذا میں سلمان کی سالگرہ کے دن ان سے مل نہیں پاؤں گا لیکن جب سلمان اپنے فارم ہاؤس سے واپس آجائیں گے توہم مل کر جشن منائیں گے۔
حال ہی میں سلمان خان اور کترینہ کیف کی ریلیز ہونے والی فلم’ٹائیگرزندہ ہے‘نے کامیابی کے کئی ریکارڈ توڑنے کے ساتھ کئی ریکارڈ قائم بھی کیے ہیں۔ بھارتی تجزیہ نگار ترن آدرش کے ٹوئٹ کے مطابق فلم نے چار دنوں میں ڈیڑھ کروڑ سے زائد کا بزنس کرکے غیرمعمولی کامیابی حاصل کی ہے۔
ٹائیگرزندہ ہے‘کی کامیابی کے ساتھ سلمان خان بالی ووڈ کے وہ پہلے سپر اسٹار بن گئے ہیں جن کی 12 فلمیں 100کروڑ کلب میں شامل ہوگئی ہیں۔ اس سے قبل سلمان خان کی فلم دبنگ، دبنگ2، سلطان، بجرنگی بھائی جان، کک، پریم رتن دھن پایو، ایک تھا ٹائیگر، باڈی گارڈ، ٹیوب لائٹ، جے ہواور ریڈی 100 کروڑ کلب میں شامل تھیں۔
واضح رہے کہ اسی سال سلمان خان کی فلم ’ٹیوب لائٹ‘100 کروڑ کا ہندسہ عبور کرنے میں تو کامیاب رہی تھی لیکن فلم کے میگا بجٹ کے باعث اسے باکس آفس پر ناکام قراردیاگیا تھا۔ فلم کی ناکامی نے سلمان خان کو مایوس کردیا تھا لیکن انہوں نے اپنی ساری امیدیں ’ٹائیگرزندہ ہے‘کے ساتھ وابستہ کرلی تھیں اور مداحوں سے وعدہ کیا تھا کہ ان کی آنے والی فلم ’ٹیوب لائٹ‘کی ناکامی کا غم بھلا دے گی اورایسا ہی ہوا۔ فلم ’ٹائیگرزندہ ہے‘نے ریلیز ہوتے ہی باکس آفس پر دھوم مچادی جب کہ فلم مسلسل کامیابی کی جانب بڑھ رہی ہے۔

 

 

ایمز ٹی وی(بین الاقوامی) امریکا نے شمالی کوریا کے میزائل پروگرام سے منسلک دو حکام پر نئی پابندیاں عائد کر دی ہیں۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق امریکی محکمہِ خزانہ نے شمالی کوریا کے 2 اعلیٰ ترین حکام کم جونگ سک اور ری پیونگ چول کو پیانگ یانگ کے میزائل پروگرام کا اہم کردار قرار دیتے ہوئے ان پر پابندیاں عائد کردی ہیں۔ پابندیوں کے نتیجے میں اب دونوں افراد امریکا میں کسی قسم کا بھی مالی لین دین نہیں کر سکیں گے اور اگر ان کے امریکا میں کوئی اثاثے ہوئے تو انھیں بھی منجمد کرلیا جائے گا۔
واضح رہے کہ 2017 کے دوران شمالی کوریا نے ایٹم بموں کے علاوہ کئی بیلسٹک میزائلوں کے بھی کامیاب تجربات کئے ہیں، اقوام متحدہ نے بھی شمالی کوریا پر نئی پابندیاں عائد کی تھیں تاہم شمالی کوریا نے اسے مسترد کرتے ہوئے ‘جنگی اقدام’ قرار دیا تھا۔

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) دورۂ نیوزی لینڈ میں فتح کا خواب آنکھوں میں سجائے قومی ٹیم آج اڑان بھرے گی۔
دورئہ نیوزی لینڈ کی تیاریوں کیلیے قومی کرکٹرز کا مختصر تربیتی کیمپ گزشتہ روز ختم ہوگیا، قومی ٹیم آج لاہور سے روانہ ہوگی، بگ بیش لیگ کیلیے آسٹریلیا میں موجود شاداب خان نیوزی لینڈ میں ہی اسکواڈ کو جوائن کریں گے جب کہ کراچی میں قائد اعظم ٹرافی فائنل میچ کھیل کر واپس آنے والے محمد حفیظ اور اظہر علی بھی ٹریننگ میں شریک ہوئے۔
اس موقع پر کھلاڑیوں نے وارم اپ اور فیلڈنگ سیشن کے بعد بولنگ اور بیٹنگ میں بھی اپنی صلاحیتیں نکھارنے کیلیے کام کیا، بیٹسمینوں نے جارحانہ اسٹروکس کھیلے،امام الحق اور فخرزمان کے ساتھ ڈومیسٹک کرکٹ میں طویل فارمیٹ کا میچ کھیل کر آنے والے محمد حفیظ اور اظہر علی نے بھی گیئر تبدیل کیا، شعیب ملک اور حارث سہیل ٹائمنگ بہتر بنانے کیلیے کوشاں رہے۔
کیوی کنڈیشنز کو سامنے رکھتے ہوئے باؤنسرز کا سامنا کرنے کی خصوصی مشق کرائی گئی، بولرز نے سیم اور سوئنگ میں مہارت بہتر بنانے کیلیے بولنگ کوچ اظہر محمود کی رہنمائی میں طویل اسپیلز کیے،اسپنرز محمد نواز اور حارث سہیل کو این سی اے کے ہیڈ کوچ مشتاق احمد نے مفید مشورے دیے۔
یاد رہے کہ نیوزی لینڈ کیخلاف ون ڈے سیریز کیلیے منتخب 15 رکنی اسکواڈ میں کپتان سرفراز احمد، اظہر علی، فخر زمان، امام الحق، بابر اعظم، شعیب ملک، محمد حفیظ، حارث سہیل، فہیم اشرف، شاداب خان، محمد نواز، محمد عامر، حسن علی، عامر یامین اور رمان رئیس شامل ہیں،5ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا مقابلہ6جنوری کو ہوگا،بعد ازاں3ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کا آغاز 22 جنوری کو ہونا ہے جب کہ کیوی کنڈیشنز سے ہم آہنگی کیلیے پاکستانی ٹیم کو قبل از وقت نیوزی لینڈ بھیجا جا رہا ہے جہاں ایک ہفتے کا کیمپ لگے گا۔
میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کپتان سرفرازاحمد نے کہا کہ قومی ٹیم ردھم میں ہے، پلیئرز نیوزی لینڈکے خلاف اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کیلیے پُرعزم ہیں،گرین شرٹس نے ٹیم ورک کی بدولت گزشتہ 9ون ڈے میچز میں اچھا پرفارم کیا،کیویز کیخلاف سیریز میں بھی پوری کوشش کریں گے کہ قوم کو مایوس نہ کریں۔ انھوں نے کہاکہ بولنگ ہمارا اہم ہتھیار رہی لیکن جنید خان، عثمان شنواری اور عماد وسیم کی انجریز سے ٹیم کو دھچکا لگا، امید ہے کہ دیگر بولرز بھی اچھا پرفارم کریں گے،محمد عامر، حسن علی اورعامر یامین غیرحاضر بولرز کی کمی پوری کریں گے جب کہ نیوزی لینڈ میں میچز کے دوران کنڈیشز دیکھ کر 4یا 5 بولرزکو کھلانے کا فیصلہ ہوگا۔
ایک سوال پرکپتان نے کہا کہ محمد حفیظ کی بولنگ پر پابندی لگنا بڑا نقصان تھا، امید ہے کہ پی سی بی کی ٹیم ایکشن کی اصلاح کیلیے کام کرکے انھیں کلیئر کرانے میں کامیاب ہوجائے گی، فی الحال درمیانی اوورز میں محمد حفیظ کی جگہ شعیب ملک سے بولنگ کرانے کا پلان بنایا ہے،ہم حارث سہیل کو آل راؤنڈر سمجھتے ہیں ان کی بیٹنگ زیادہ اچھی ہے، محمد نواز بولنگ آل راؤنڈر ہیں،ضرورت ہوئی تو دونوں کو بھی پلیئنگ الیون میں شامل کرسکتے ہیں،پچز دیکھ کر فیصلہ کریں گے کہ کیا کمبی نیشن بنانا ہے۔
سرفراز احمد نے کہا کہ بیٹسمینوں میں شعیب ملک، محمد حفیظ اور بابر اعظم اچھی فارم میں ہیں،ان سے بڑی توقعات وابستہ ہیں، آل راؤنڈرز بھی باصلاحیت اور فتوحات میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔
کپتان نے کہاکہ ہماری ٹیم مثبت اور اٹیکنگ کرکٹ کھیلے گی۔ نیوزی لینڈ میں جارحانہ کرکٹ نہ کھیلیں تو بولرز حاوی ہوجاتے ہیں، اوپنرز کو بتا دیا کہ وہ اپنا قدرتی کھیل پیش کرتے ہوئے بولرز پر اٹیک کریں، انھوں نے کہا کہ احمد شہزاد کو نظر انداز نہیں کیا گیا تاہم امید ہے کہ ٹی ٹوئنٹی میں انھیں موقع ملے گا جب کہ گزشتہ سیریز میں ان کی کارکردگی بہتر نہ تھی جس کی وجہ سے امام الحق کو موقع دیا گیا، انہوں نے بتایا کہ نوجوان اوپنر اچھا پرفارم کر رہے ہیں، اس لیے احمد شہزاد کو آرام کرایا گیا۔
سرفراز احمد نے کہا کہ کسی ملک کی ہوم کنڈیشنز پر کھیلنا مشکل ہوتا ہے لیکن فخر زمان کے سوا تمام کھلاڑی نیوزی لینڈ میں صلاحیتوں کا اظہار کرچکے ہیں،امید ہے کہ وہاں کھیلنے میں کوئی مشکل نہیں ہوگی، دعا ہے کہ بیٹسمین اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں اور بیٹنگ آرڈر میں تبدیلی نہ کرنا پڑے۔

 

 

ایمز ٹی وی (لاہور)چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثارنے پبلک سیکٹر یونیورسٹیز کا غیر معیاری پرائیویٹ لا کالجز سے الحاق سے متعلق مقدمے کی سماعت کے دوران ریمارکس دئیے ہیں کہ پاکستان جمہوری ملک ہے جہاں عوام لیڈرزکو چنیں گے اور ہم قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتے ہیں۔
سپریم کورٹ لاہوررجسٹری میں چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے 9 پبلک سیکٹریونیورسٹییزکا غیر معیاری پرائیویٹ لا کالجز سے الحاق کرنے کے خلاف درخواست کی سماعت کی۔ دوران سماعت چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ کسی ملک کی ترقی کے لیے تعلیم، علم اورنالج ضروری ہے، لوگ کہتے ہیں کہ میں اس کام میں لگ کرخیر دین اور محمد دین کے کیس بھول گیا ہوں، پاکستان جمہوری ملک ہے، یہاں عوام لیڈرز کو چنیں گے اور ہم قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتے ہیں، ان یونیورسٹیوں نے کتنے کالجز سے الحاق کیا ہے حلف نامے داخل کریں۔
چیف جسٹس نے لاہور ہائیکورٹ میں زیر سماعت کیس کی فائل بھی سپریم کورٹ منگواتے ہوئے یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز کو طلب کر لیا۔ کیس کی مزید سماعت 20 جنوری کو ہوگی۔

 

 

 

ایمزٹی وی(سندھ)برطانوی نشریاتی ادارے کو دیئے گئے انٹرویومیں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پرویزمشرف کوبچانے کے لیے ان کی والدہ کے قتل کے معاملے میں حقائق کوچھپایا جارہا ہے، پرویزمشرف نے بے نظیر بھٹو کو براہِ راست دھمکی دی تھی کہ ان کے تحفظ کی ضمانت تعاون سے مشروط ہوگی ، وہ ذاتی طور پر پرویز مشرف کو ہی بے نظیر بھٹو کے قتل کا ذمہ دارسمجھتے ہیں، ہمارے پاس یہ تفصیل نہیں ہے کہ سابق صدرنے کس کو فون پر اس کی ہدایت دی یا کس کو یہ پیغام دیا کہ بے نظیر بھٹو کا بندوبست کردو اس لیے وہ لوگوں یا اداروں پر خواہ مخواہ الزام تراشی نہیں کریں گے۔
چئیرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ وہ اس لڑکے کو اپنی والدہ کا قاتل نہیں سمجھتے جس نے 27 دسمبر 2007 کی شام راولپنڈی میں حملہ کیا تھا، درحقیقت پرویز مشرف نے صورتحال کا فائدہ اٹھاتے ہوئے میری والدہ کو قتل کروایا، اس دہشت گرد نے شاید گولی چلائی ہولیکن پرویز مشرف نے میری والدہ کی سیکیورٹی کو جان بوجھ کر ہٹایا تاکہ انھیں منظر سے ہٹایا جاسکے۔
بلاول بھٹوزرداری نے بینظیربھٹو کے قتل کے مقدمے میں نامزد ملزمان کی بریت سے متعلق فیصلے پرتنقید کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ریاست میں اتنی طاقت نہیں کہ وہ قانون کے مطابق آمر کا احتساب کرسکے۔ عدالت نے اقوام متحدہ کی تفتیش، فون کالزکی ریکارڈنگ اور ڈی این اے سے ملنے والی شہادتوں کو نظر انداز کیا، اس لیے وہ سمجھتے ہیں کہ بے نظیربھٹو قتل کیس کے فیصلے نے انصاف کا مذاق بنا کر رکھ دیا، ہمارا خیال تھا کہ پرویز مشرف کو بچانے کے لیے ان لوگوں کو قربانی کا بکرا بنا کر سزائیں دی جائیں گی جنھوں نے عدالت کے سامنے اعتراف جرم کیا لیکن ایسا بھی نہیں ہوا۔ عدالت نے پہلے ان پولیس افسران کو سزا دی جنھوں نے جائے وقوعہ دھو ڈالا تھا لیکن پھر ان کی ضمانت بھی منظور ہوئی اور اب وہ واپس اپنی ڈیوٹی پر بھی آچکے ہیں۔
بے نظیربھٹوکی زندگی میں اپنے سیاسی کردارکے حوالے سے چئیرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ والدہ میرے سیاست میں آنے کے بارے میں زیادہ بات نہیں کرتی تھیں، ہماری ساری توجہ یونیورسٹی میں داخلے پر تھی، میرے آکسفورڈ میں داخلہ ملنے پر وہ بہت خوش تھیں۔ آکسفورڈ کے بعد مجھے مزید اعلیٰ تعلیم حاصل کرنا تھی، پھرمجھے نوکری کرنی تھی، پھر شادی اور خاندان سنبھالنا تھا اور اس سب کے بعد اگر میری خواہش ہوتی تو مجھے پاکستان کے سیاسی میدان میں

 

 

ایمزٹی وی(ماینٹرنگ ڈیسک)گوگل نے اردو کے عظیم شاعر مرزا اسد اللہ خان غالب کی 220 ویں سالگرہ کے موقعے پر انہیں زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ڈوڈل متعارف کرادیا۔
مرزا غالب 27 دسمبر 1797 کو آگرہ میں پیدا ہوئے۔ 5 سال کی عمر میں والد کی وفات کے بعد غالب کی پرورش چچا نے کی تاہم 4 سال بعد چچا کا سایہ بھی ان کے سر سے اٹھ گیا۔ مرزا غالب کی 13 سال کی عمرمیں امراء بیگم سے شادی ہو گئی جس کے بعد انہوں نے اپنے آبائی شہرکو خیرباد کہہ کر دہلی میں مستقل سکونت اختیارکرلی۔
دہلی میں پرورش پانے والے غالب نے کم سنی ہی میں شاعری کا آغاز کیا۔ غالب کی شاعری کا انداز منفرد تھا جسے اس وقت کے استاد شعرا نے تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ان کی سوچ دراصل حقیقی رنگوں سے عاری ہے۔
دوسری طرف غالب اپنے اس انداز سے یہ باور کرانا چاہتے تھے کہ وہ اگر اس انداز میں فکری اور فلسفیانہ خیالات عمدگی سے باندھ سکتے ہیں تو وہ لفظوں سے کھیلتے ہوئے کچھ بھی کرسکتے ہیں۔ غالب کا اصل کمال یہ تھا کہ وہ زندگی کے حقائق اورانسانی نفسیات کو گہرائی میں جاکر سمجھتے تھے اور بڑی سادگی سے عام لوگوں کے لیے اپنے اشعار میں بیان کردیتے تھے۔
گویا غالب وہ پہلے شاعر تھے جنہوں نے اردو شاعری کو ذہن عطا کیا، غالب سے پہلے کی اردو شاعری دل و نگاہ کے معاملات تک محدود تھی، غالب نے اس میں فکر اور سوالات کی آمیزش کرکے اسے دوآتشہ کردیا۔
اگرچہ نثر کے میدان میں غالب نے کوئی فن پارہ تخلیق نہیں کیا لیکن منفرد انداز سے خط نگاری کی؛ اور یوں ’’غالب کے خطوط‘‘ اپنے لب و لہجے، اندازِ بیان، لفظوں کے انتخاب اور نثر میں شاعرانہ انداز کے باوصف اردو ادب کا وہ شاندار سرمایہ ثابت ہوئے جسے ان کے انتقال بعد یکجا کیا گیا۔
مرزا غالب اگرچہ 15 فروری 1869 کو دہلی میں جہان فانی سے کوچ کرگئے، لیکن جب تک اردو زندہ ہے ان کا نام بھی جاوداں رہے گا؛ اور جب تک اردو شاعری زندہ ہے، غالب کا نام ہی غالب رہے گا۔

 

 

ایمزٹی وی(لاہور) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثارنے نجی میڈیکل کالجوں کی فیسوں سے متعلق تمام درخواستیں سپریم کورٹ منتقل کرنے کا حکم دیا ہے۔

میڈیا ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ لاہوررجسٹری میں چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثارکی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے نجی میڈیکل کالجزمیں زائد فیسوں کی وصولی کے ازخود نوٹس کیس کی سماعت کی۔

سماعت کے دوران نجی میڈیکل کالجزکے چیف ایگزیکٹو اورمالکان عدالت میں پیش ہوئے، فاطمہ میموریل میڈیکل کالج کے چیف ایگزیکٹو اور مالکان پیش نہیں ہوئے، جس پر چیف جسٹس نے برہمی کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ میں نے مالکان اورچیف ایگزیکٹو کو طلب کیا تھا، مجھے آج علم ہوا کہ ہر نجی کالج اپنا میرٹ بنا رہا ہے، پہلے تومیڈیکل کے طالب علم ایک ہی جگہ اسپتال میں مریض دیکھتے تھے۔ چیف جسٹس نے استفسارکیا کہ کیا آپ اب بسوں میں طالب علموں کو لے جا کرمریض دکھاتے ہیں، اب وقت آگیا ہے کہ ہم اس قوم کو کچھ واپس کریں۔

چیف جسٹس نے پورے پاکستان میں جہاں بھی میڈیکل کالج فیسوں کے کیس ہیں وہ سپریم کورٹ منتقل کرنے کا حکم دیتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ آج کے بعد فیس وصولی کا طریقہ سپریم کورٹ طے کرے گی وہی وصول کی جائے گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روزچیف جسٹس پاکستان نے نجی میڈیکل کالجزمیں مہنگی فیسوں پر برہمی کا اظہارکرتے ہوئے پرانی تاریخوں میں داخلوں پر پابندی عائد کردی تھی۔