ایمزٹی وی(اسپورٹس)بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے پاک بھارت کرکٹ سیریز کا امکان مسترد کردیا۔بھارت نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک بار پھر پاکستان کے ساتھ کرکٹ سیریز سے راہ فرار اختیار کرلی اور سرحدی کشیدگی کا بہانہ بناتے ہوئے کرکٹ سیریز کے انعقاد کے امکان کو مسترد کردیا۔ سشما سوراج نے کہا کہ کسی نیوٹرل وینیو پر بھی دونوں ممالک میں سیریز نہیں ہوسکتی۔
سشما سوراج نے الٹا چور کوتوال کو ڈانٹے کے مصداق پاکستان پر سرحدی اشتعال انگیزی کا الزام عائد کردیا۔ انہوں نے کہا کہ سرحدی کشیدگی کی وجہ سے دونوں ممالک میں کرکٹ ڈپلومیسی کے لیے حالات سازگار نہیں۔ سشما سوراج کی زیر صدارت مشاورتی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں پڑوسی ممالک کے ساتھ تعلقات کا جائزہ لیا گیا۔ اس میٹنگ میں بھارتی سیکرٹری خارجہ ایس جے شنکر نے بھی شرکت کی۔
دونوں ممالک میں کشیدگی کم کرنے کے لیے کرکٹ سیریز کے انعقاد سے متعلق وزیر خارجہ سشما سوراج نے کہا کہ انسانیت کے ناطے خواتین اور معمر قیدیوں کی رہائی تو زیر غور ہے لیکن سرحد پر شدید فائرنگ اور گولہ باری کی وجہ سے کرکٹ سیریز کا انعقاد ممکن نہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ سارا سال بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر جنگ بندی معاہدہ کی خلاف ورزی کی جاتی رہی۔ بھارت کی بلااشتعال فائرنگ سے پاکستان میں متعدد معصوم شہری اور فوجی شہید ہوئے۔
ایمزٹی وی(چمن)مال روڈ پر یکے بعد دیگرے 2 بم دھماکوں کے نتیجے میں سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 7 افراد زخمی ہوگئے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق چمن کے مال روڈ پر زیر تعمیر عمارت کے قریب دھماکا ہوگیا۔ دھماکے کے بعد جیسے ہی لوگوں کی بڑی تعداد جائے وقوعہ پر پہنچی تو دوسرا دھماکا ہوگیا۔ دھماکوں کے نتیجے میں سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 7 افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ چند زخمیوں کی حالت انتہائی تشویشناک ہے ، جس کی وجہ سے ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔
واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز کے اہلکار ابطراف کے علاقوں میں سرچ آپریشن کررہے ہیں۔ دوسری جانب دھماکوں کی جگہ سے شواہد بھی اکٹھے کرلئے گئے ہیں، سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے دھماکا خیز مواد ممکنہ طور پر تعمیراتی کام کے سامان میں چھپایا گیا تھا۔
ایمزٹی وی(کوریا)شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان نے کہا ہے کہ جوہری ہتھیار چلانے کا بٹن ہر وقت اُن کے دفتر کی میز پر موجود ہوتا ہے، تاہم جب تک ہم پر جنگ مسلط نہیں کی جائے گی تب تک جوہری ہتھیاروں کا استعمال نہیں کریں گے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق نئے سال کے موقع پر اپنے خطاب میں شمالی کوریا کے رہنما کم جان ان کا کہنا تھا کہ امریکا کی پوری سرزمین شمالی کوریا کے جوہری ہتھیاروں کی دسترس میں ہے اور یہ کوئی دھمکی نہیں ایک حقیقت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شمالی کوریا ایک ذمہ دار جوہری طاقت ہے جو امن سے محبت کرتی ہے، اس لیے جب تک شمالی کوریا پر جنگ مسلط نہیں کی جائے گی ، جوہری ہتھیاروں کا استعمال نہیں کریں گے۔
اپنے خطاب میں مفاہمت پسندانہ لہجہ اخیتار کرنے کے باوجود کم جونگ کا کہنا تھا کہ ان کے ملک کو ‘بڑے پیمانے پر جوہری ہتھیار اور بیلسٹک میزائل تیار کرنے چاہئیں اور ان کی تنصیب میں تیزی لانی چاہیے، انھوں نے اپنی قوم کو ہر طرح کے حالات کا سامنا کرنے کےلئے تیاررہنے کی بھی ہدایت کی ہے۔
واضح رہے کہ متعدد مرتبہ جوہری میزائل تجربے کے سبب اقوام متحدہ اور امریکا کی جانب سے شمالی کوریا پرسخت اقتصادی پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔
ایمزٹی وی(کراچی) نئے سال کی آمد پر شہر قائد گولیوں کی ترتراہٹ سے گونج اٹھا اور ہوائی فائرنگ کے نتیجے میں 24 سے زائد افراد زخمی ہوگئے جب کہ سال کی پہلی گرفتاری بھی عمل میں آگئی۔
نئے سال کی آمد کا استقبال کراچی کے شہریوں نے ہوائی فائرنگ سے کیا جس کے باعث 24 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔ فائرنگ کے واقعات کلری ، لانڈھی ، کورنگی ، سائٹ ایریا ، ناظم آباد، سرسید ٹاؤن ، گارڈن ، بغدادی اور ڈیفنس میں پیش آئے۔ ہوائی فائرنگ سے محمود آباد اور ڈیفنس میں دو افراد، ناظم آباد اور رضویہ سوسائٹی میں دو خواتین، لیاری اور گارڈن میں دو افراد زخمی ہوئے۔
شہر کے مختلف اسپتالوں میں دو درجن سے زائد زخمیوں کو لایا گیا جنہیں طبی امداد فراہم کی گئی۔ عباسی اسپتال میں 5 ، جناح اسپتال میں 8 جبکہ سول اسپتال میں 6 زخمیوں کو لایا گیا۔ سال 2018 کی پہلی گرفتاری بھی عمل میں آگئی۔ عزیز آباد تھانے میں ملزم خالد کے خلاف درج ہوا جو آتش بازی کا سامان فروخت کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا تھا۔
ادھر حیدرآباد میں سال نو کے موقع پر ہوائی فائرنگ سے دوافراد زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کے لیے سول اسپتال منتقل کیا گیا۔ زخمیوں میں 17سالہ حسنین اور تیس سالہ ناصر شامل ہیں۔ دوسری جانب الہ اباد میں نیو ایئر نائٹ پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے تین ملزم گرفتار کرکے ان سے اسلحہ اور 15 لیٹر شراب برآمد کرلی اور مقدمہ درج کرلیا۔
ایمزٹی وی(اسلام آباد)پاکستان نے 457 بھارتی قیدیوں کی فہرست بھارتی ہائی کمیشن کو فراہم کردی۔دفتر خارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق پاکستان نے بھارتی قیدیوں کی فہرست بھارت کو فراہم کردی ہے۔
بھارتی ہائی کمیشن کو فراہم کی گئی فہرست کے مطابق اس وقت پاکستان کی مختلف جیلوں میں457 بھارتی مختلف جرائم کی سزا کاٹ رہے ہیں۔ ان قیدیوں میں سمندری حدود کی خلاف ورزی کرنے والے 399 ماہی گیر اور 58 عام شہری شامل ہیں۔ پاکستان 8 جنوری کو 146 ماہی گیروں کو رہا کردے گا۔
ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان نے بھارتی قیدیوں کی فہرست اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کو فراہم کی ہے جب کہ بھارت پاکستانی قیدیوں کی فہرست نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کو فراہم کرے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان 21 مئی 2008 کے قونصلر رسائی معاہدے کے تحت دونوں ملک ہر سال یکم جنوری اور یکم جولائی کو فہرستوں کا تبادلہ کرتے ہیں۔
ایمزٹی وی(کراچی)پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں 2017 کا سورج اپنی تمام تلخ و شیریں یادوں کے ساتھ غروب ہوگیا جب کہ دنیا میں سال نوکا آغاز نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا سے ہوا،اس موقع پر بڑی تعداد میں شہری سڑکوں پر نکل آئے اور جشن مناکر نئے سال کا استقبال کیا
آکلینڈ شہر کے اسکائی ٹاور پر نئے سال کا آغاز الٹی گنتی سے کیا گیا اور رات کے 12 بجتے ہی آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا جس کے نتیجے میں آسمان رنگ و نور میں نہا گیا۔ لوگوں نے ایک دوسرے کو نئے سال کی مبارک باد دی اور 2018 کا آغاز اس دعا سے کیا کہ یہ سال دنیا بھر میں امن و سلامتی والا ثابت ہو۔ آسٹریلیا میں سڈنی ہاربرپر 2018 کا استقبال کیا گیا اور شاندار آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا جس سے رات میں دن کا سماں لگنے لگا۔
پاکستان میں 2018 کا آغاز ہوتے ہی کراچی، لاہور اوراسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں بڑی تعداد میں شہری سڑکوں پر نکل آئے اورانہوں نے نئے سال کو خوش آمدید کہا جب کہ کراچی، لاہور اور اسلام آباد کے بحریہ ٹاؤن میں آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا۔
ایمزٹی وی(تجارت)پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق جوڈیشل ایکٹوازم پینل کے سربراہ اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی ہے ، جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہیں لیکن ہمارے ملک میں ہر ماہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا جا رہا ہے،
شہریوں سے پیٹرولیم مصنوعات کی مد میں اضافی سیلز ٹیکس وصول کیا جا رہا ہے۔ عدالت سے استدعا ہے کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اضافہ واپس لے کر نئی قیمتیں عالمی منڈی کے مطابق کی جائیں۔
واضح رہے کہ حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 4.06 روپے، ہائی اسپیڈ ڈیزل 3.96 روپے، لائٹ اسپیڈ ڈیزل 6.25 جب کہ مٹی کا تیل 6.79 روپے فی لیٹر مہنگا کردیا ہے۔
ایمزٹی وی(راولپنڈی) پاک فوج نے شہریوں کو نئے سال 2018 کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس موقع پر شہدا کی قربانیوں کو بھی یاد رکھیں۔
پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ ملک بھر میں سال نو کا جشن بحیثیت قوم ہماری کامیابیوں اور عزم کا مظہر ہے۔
The jubilations and celebrations we see across the country tonight are indicative of our achievements and resolve as a nation. We owe it to them who gave their blood and lives for us. Remembering and thanking our ‘Ghazis & Shuhada’ for their noble sacrifices. pic.twitter.com/szJAmzOjzo
— Maj Gen Asif Ghafoor (@OfficialDGISPR) December 31, 2017
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ہمیں یہ خوشیاں شہدا کی قربانیوں کی وجہ سے ملی ہیں، ہمیں نئے سال کے موقع پر شہدا کی قربانیوں کو نہیں بھولنا چاہئے اور ان کا شکریہ ادا کرنے کی ضرورت ہے۔
قبل ازیں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ 2018ء غیر معمولی چیلنجز کے ساتھ انتہائی اہمیت کا حامل ہے جب کہ پاکستان کے عزم کو کوئی شکست نہیں دے سکتا۔
ایمزٹی وی(تعلیم/کراچی)نئے سال کی آمد کے ساتھ ہی بچوں کی چھٹیاں ختم ہوگئیں اور پنجاب کے تمام وفاقی و سرکاری اسکول کھل گئے جس کے ساتھ ہی تعلیمی سرگرمیوں کا آغاز ہوگیا ہے۔ پنجاب کے بیشتر اے کلاس نجی اسکول سات جنوری سے کھلیں گے تاہم کئی پرائیوٹ اسکولز کی انتظامیہ نے آج سے ہی اپنے اسکول کھول دیے ہیں۔
دوسری جانب سندھ کے بھی تمام سرکاری اسکولوں میں موسم سرما کی تعطیلات ختم ہوگئیں۔ محکمہ تعلیم کے مطابق سندھ کے تعلیمی اداروں میں 22 دسمبر سے 31 دسمبر تک چھٹیاں تھیں اور فیصلے کا اطلاق تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں پر تھا۔
مگر کراچی سمیت سندھ بھر میں تمام سرکاری اسکول تو کھل گئے ہیں لیکن پرائیوٹ اسکول کل دو جنوری سے کھلیں گے۔
ایمز ٹی وی(لاہور) آستانہ عالیہ سیال شریف کے گدی نشین پیر حمید الدین سیالوی نے پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری کے احتجاج اور دھرنے میں شرکت سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں۔
تونسہ شریف میں آل پاکستان علما مشائخ کانفرنس ہوئی جس کے ساتھ ساتھ ختم نبوت کے ایجنڈے پر مشاورتی اجلاس بھی ہوا۔ کانفرنس میں پنجاب ، سندھ اور آزاد کشمیر سے تعلق رکھنے والے 15 سے زائد مشائخ شریک ہوئے۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیر خواجہ حمید الدین سیالوی نے کہا کہ ہمارا موقف ختم نبوت اور ناموس رسالت ﷺ ہے جس سے پیچھے نہیں ہٹ سکتا، دنیا کی کوئی طاقت مجھے نہیں ہلاسکتی اورکوئی دولت مجھے نہیں خرید سکتی۔
پیر حمید سیالوی نے طاہر القادری کے احتجاج میں شمولیت سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ میں کسی بھی دھرنے میں شریک نہیں ہوں گا، میری تحریک محض ختم نبوت ہے اور کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں، طاہرالقادری نے ہم سے کوئی رابطہ کیا نہ ہم ان کے دھرنے میں جائیں گے، میں نے رانا ثنااللہ سے متعلق کوئی ڈیڈ لائن نہیں دی، ہم نے ن لیگ کو مہلت نہیں دی بلکہ انہوں نے ہم سے مہلت مانگی ہے۔
حمید الدین سیالوی کا کہنا تھا کہ ہمارا مطالبہ رانا ثنااللہ کا استعفی ہے اور تحریک ختم نبوت اور ناموس رسالت ہے، ہمارا کسی سیاسی جماعت سے تعلق ہے اور نہ ہی سیاست کرنے نکلے ہیں، 9 جنوری کو سیال شریف میں فیصلہ کن کنونشن ہوگا جس میں لاہور میں احتجاج کا فیصلہ کیا جائے گا۔