ایمز ٹی وی(بین الاقوامی) بنکاک میں پاکستان اور بھارت کے قومی سلامتی مشیروں کی ملاقات ہوئی جس میں لائن آف کنٹرول اور کشمیر کے مسئلے پر بات چیت کی گئی۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق 25 دسمبر کو بھارتی جاسوس کلبھوشن سے اس کے اہل خانہ کی ملاقات کے ایک روز بعد 26 دسمبر کو پاکستان اور بھارت کے قومی سلامتی مشیروں کی تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک میں خفیہ ملاقات ہوئی۔ جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ اور بھارتی ہم منصب اجیت ڈوول کی ملاقات 2 گھنٹے جاری رہی۔ یہ میٹنگ پہلے سے طے شدہ تھی جس کا کلبھوشن اور اہل خانہ کی ملاقات سے کوئی تعلق نہیں تھا۔
بھارتی میڈیا نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ ملاقات میں لائن آف کنٹرول اور کشمیر کے مسئلے پر بات ہوئی۔ ناصر جنجوعہ نے کشمیر میں بھارتی مظالم کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ایل او سی پر آزاد کشمیر میں بلااشتعال بھارتی فائرنگ سے معصوم شہری شہید ہورہے ہیں۔ دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ اور پاکستانی فوج کو بھی اس ملاقات سے باخبر اور تفصیلات کا علم تھا جبکہ خصوصی طور پر اس میٹنگ کا اہتمام ایک غیرجانبدار مقام پر کیا گیا تھا۔
بعدازاں ناصر جنجوعہ نے جمعرات کو جاتی امرا میں نواز شریف سے 5 گھنٹے طویل ملاقات کی جس میں قومی سلامتی کے امور پر بھی بات چیت ہوئی اور دونوں ممالک میں تعلقات کو بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ سابق وزیراعظم نے بھارت سے دوستانہ تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں۔
ایمز ٹی وی(اسپورٹس) آسٹریلوی کپتان اسٹیون اسمتھ کے بیٹ سے ریکارڈز کا سیلاب امڈ آیا، ایک ایشز سیریز میں سب سے زیادہ سنچریوں میں ڈان بریڈ مین کے ہمسر بن گئے جب کہ ہوم میچزکے دوران کم اننگز میں 3 ہزار رنز کے سنگ میل تک پہنچنے میں جاوید میانداد کوجوائن کرلیا۔
انگلینڈ کے خلاف چوتھے ایشز ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں اسٹیون اسمتھ نے ناٹ آؤٹ 102 رنز بنائے، اس طرح وہ ڈان بریڈ مین کے بعد ایک ایشز سیریز میں تین یا اس سے زائد سنچریاں اسکور کرنے والے پہلے آسٹریلوی کپتان بن گئے ہیں، بریڈ مین یہ اعزاز دو مرتبہ 136-37 اور 1938 میں حاصل کرچکے ہیں۔
یہ اسمتھ کی 23 ویں سنچری ہے جوکہ انھوں نے110اننگزمیں اسکورکی، 23 ٹیسٹ سنچریوں تک پہنچنے میں دو بیٹسمین ان سے زیادہ تیز نکلے جن میں سے ایک ڈان بریڈ مین ہیں جنھوں نے 59 اننگزمیں یہ اعزاز پایا جبکہ بھارت کے سنیل گاوسکر ایک کم سیریز میں 23 ویں سنچری اسکور کرنے میں کامیاب ہوئے تھے۔
یہ اسمتھ کی بطور کپتان اپنی 53 ویں اننگز میں 15 ویں سنچری ہے، صرف چار دوسرے ایسے کپتان ہیں جو اسمتھ سے کم اننگزکھیل کراس مقام پر پہنچے تھے۔ اسمتھ نے اپنے ملک میں 3 ہزار ٹیسٹ رنز بھی مکمل کرلیے ہیں، یہ انکی آسٹریلیا کیلیے49 ویں ٹیسٹ اننگز تھی، صرف بریڈ مین نے ان سے کم اننگز میں اپنے ملک میں 3000 رنز اسکور کرنے کا اعزاز حاصل کیا جبکہ پاکستان کے عظیم بیٹسمین جاوید میانداد نے بھی کوہلی کی جیسی 49 ویں اننگز میں ہوم وینیوز پر 3 ہزار رنزمکمل کیے تھے۔
گزشتہ دو ایشز سیریز کے دوران اسمتھ نے 15 اننگز میں 5 سنچریاں اسکور کیں، انگلینڈ میں 2015 کی ایشزسیریز میں انھوں نے 85.53 کی اوسط سے رنز اسکور کیے، اس سے قبل اسمتھ نے 831 ایشز رنز 37.77 کی ایوریج سے اسکورکیے تھے۔رواں برس اسمتھ نے 1305 رنز 76.76 کی ایوریج سے اسکور کیے، یہ مسلسل چوتھا برس ہے جب انھوں نے ایک کیلنڈر ایئر میں 1000سے زائد رنز اسکور کیے ہیں۔
ایمز ٹی وی (پنجاب)چکری انٹرچینج کے قریب خوفناک ٹریفک حادثے میں سابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل (ر) خالد شمیم وائیں سمیت 2 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے۔
راولپنڈی چکری انٹرچینج کے قریب موٹر وے پر خوفناک حادثے میں سابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل خالد شمیم وائیں اور ان کے قریبی دوست زبیر جاں بحق جبکہ دو افراد شدید زخمی ہوگئے جن میں جنرل وائیں کا بڑا بیٹا اور ڈرائیور شامل ہے۔
جنرل خالد شمیم وائیں اپنی لینڈ کروزر میں راول پنڈی سے لاہور جارہے تھے کہ راستے میں اچانک ان کی گاڑی کا ٹائر پھٹ گیا۔ تیز رفتاری کے باعث ڈرائیور گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا اور لینڈ کروزر قلابازیاں کھاتی ہوئی دور جاگری۔ گاڑی میں 4 افراد سوار تھے۔ موٹر وے پولیس نے فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ کر زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا اور طبی امداد فراہم کی تاہم زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جنرل وائیں اور ان کا دوست زبیر جاں بحق ہوگیا جب کہ ان کے زخمی بیٹے اور ڈرائیور کی حالت بھی تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔
جنرل خالد شمیم وائیں 8 اکتوبر 2013 کو ریٹائر ہوئے تھے اور ان کی عمر 64 سال تھی۔
ایمز ٹی وی(پنجاب/ ٹیکسلا) ن لیگ کے مرکزی رہنما اورسابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثارعلی خان نے کہا ہے کہ ہزار مشکلات کے باوجود پارٹی نہیں چھوڑوں گا۔
ٹیکسلا کے نواحی علاقے لوہسرشرفو میں پارٹی کارکنوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری نثارعلی خان نے کہا ہے کہ خوشامدیوں اور مفاد پرستوں کی طرح پارٹیاں بدلنے والانہیں تاہم ہزار مشکلات کے باوجود پارٹی نہیں چھوڑوں گا۔
چوہدری نثار نے کہا کہ یہ ن لیگ حکومت کا طرہ امتیازہے کہ اس نے ہمیشہ اپنے دور اقتدار میں مزدوروں کے حقوق کا تحفظ کیا اور ہماری حکومت نے پی اوایف کے ملازمین کیلیے 20 فیصد بونس کا اعلان کیا لیکن ہماری حکومت کے جاتے ہی یہ بونس واپس لے لیاگیا لیکن جب ہم دوبارہ برسر اقتدارآئے توہم نے یہ بونس مزید بڑھاکرمزدوروں کودیا۔
سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف اس علاقے کے اسٹیٹ آف دی آرٹ ’’واہ جنرل اسپتال‘‘ کا آئندہ ماہ افتتاح کریںگے، ہم نے اپنے دور اقتدار میں سیکڑوں نوجوانوں کو روزگار دیا اور اب ایک مرتبہ پھر نوجوانوں کو ملازمتیں دلوائیں گے۔
ایمز ٹی وی(لاہور) مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے مخالفین کبھی امپائر کی انگلی، کبھی نیب تو کبھی دھرنوں کے پیچھے چھپتے ہیں لیکن ان کی حیثیت ٹشو پیپر سے زیادہ نہیں۔
لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رہنما مسلم لیگ (ن) مریم نواز کا کہنا تھا کہ ایک سازش کے تحت نوازشریف کے خلاف بار بار کیس چلتا ہے اور ہمارے کیس میں بادی النظر کی بات کی جا تی ہے، نیب کے مقدمے میں گواہوں کی بات سن کے انہیں ہنسی آتی ہے، نوازشریف کے خلاف جن گواہوں کو پیش کیا گیا انہیں یہ بھی پتہ نہیں ہوتا کہ وہ کس چیز کی گواہی دینے آئے ہیں، گواہ کہتے ہیں انھیں یہ کاغذ پکڑائے گئے ہیں اور جب ان سے سوال کیے جاتے ہیں تو وہ کہتے ہیں ہمیں نہیں پتہ کاغذات میں کیا لکھا ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ نوازشریف کے والد جدی پشتی کاروباری شخص تھے، کیا وہ فلیٹ نہیں خرید سکتے تھے، سب جانتے ہیں اقامہ صرف ویزا لینے کے لیے ہوتا ہے، کیا کبھی کسی باپ نے اپنے بیٹے سے تنخواہ لی، لیکن ایک اقامے کے باعث وزیراعظم کو نااہل کردیا جاتا ہے۔ یہ کیسی نا اہلی ہے کہ ایک دوسرے کا چہرہ نہ دیکھنے والے مخالفین کو بھی اکٹھا بیٹھنا پڑ رہا ہے۔
رہنما مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ سابق وزیراعظم کے خوف سے اتحاد بن اور ٹوٹ رہے ہیں، رائے ونڈ میں بیٹھے نوازشریف نے مخالفین کی نیندیں حرام کی ہوئی ہیں، نواز شریف کے مخالفین کی حیثیت ٹشو پیپر سے زیادہ نہیں، کبھی امپائر کی انگلی، کبھی نیب تو کبھی دھرنوں کے پیچھے چھپتے ہیں۔ مخالفین بے چاروں کی بے چینی دیکھیں انہیں بات کرنے کو کوئی موضوع نہیں ملتا، عمران خان گزشتہ 4 سال سے رو رہے ہیں اور وہ آئندہ بھی روتے رہیں گے، جیسےجیسے (ن) لیگ اورنوازشریف آگے بڑھیں گے ان کا رونا تیز ہوتاجائے گا۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ عمران خان سپریم کورٹ میں بار بار اپنا مؤقف بدلتے ہیں، عدالتی کمیشن نے سوال پوچھےتو کہتے ہیں سر پرچوٹ لگی تھی میں بھول گیا، لندن کا فلیٹ نیازی کمپنی نے ہی خریدا اور اسے بیچا بھی، لیکن ان سے کہا جاتا ہے نہیں نہیں یہ اثاثے تمہارے نہیں، عمران خان کا ہیلی کاپٹر تو کے پی حکومت کے خرچے پرچلتا ہے جب کہ نواز شریف کی تین نسلوں کی چیزیں کھنگال لی گئیں
دوسری جانب وزیر قانون پنجاب رانا ثنااللہ نے ایک بیان میں کہا کہ عوامی تحریک کی کل جماعتی کانفرنس کا مقصد سانحہ ماڈل ٹاؤن کو بنیاد بنا کر ن لیگ کی سیاست کو ختم کرنا ہے، جب کہ اے پی سی میں بیٹھے لوگوں کے خود آپس میں اختلافات ہیں۔ رانا ثنا نے کہا کہ عوامی تحریک کے سربراہ طاہرالقادری لاشوں پر سیاست کر رہے ہیں اور آل پارٹیز کانفرنس ان کا سیاسی ایجنڈا ہے، جبکہ اے پی سی میں شامل سیاسی جماعتیں نواز شریف سے خوفزدہ ہیں۔
ایمزٹی وی(کراچی/تعلیم)این ای ڈی یونی ورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی اور ڈائس فاؤنڈیشن کے تحت دو روزہ کانفرنس منعقدکی گئی۔
دو روزہ کانفرنس میں پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے طالبِ علموں کا پرووائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد طفیل جوکھیو کے ساتھ گروپ فوٹو۔
ایمزٹی وی(انٹرٹینمنٹ)بالی وڈ کے دبنگ اداکار سلمان خان نے حال ہی میں ماضی کے مقبول اداکار دھرمیندر کو سرپرائز دیا اور ان سے ملاقات کے لیے فارم ہاؤس پہنچ گئے، جنہیں دیکھ کر دھرمیندر بہت خوش ہوئے۔
سلمان خان اور دھرمیندر نے ایک ساتھ 1998 میں ریلیز ہونے والی فلم 'پیار کیا تو ڈرنا کیا' میں کام کیا تھا، جس کی کاسٹ میں کاجول بھی شامل تھیں۔
82 سالہ دھرمیندر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ توئٹر پر سلمان خان سے ملاقات کے موقع پر لی گئی تصویر شیئر کی اور ساتھ میں لکھا، 'فارم ہاؤس پر آپ کی سرپرائز آمد نے میرے دل کو چھو لیا ہے، سلمان خان آپ ہمیشہ میرے لیے بیٹے کی طرح رہیں گے'۔
اس تصویر کو سیکڑوں افراد لائیک اور ری ٹوئیٹ کرچکے ہیں۔
دوسری جانب دھرمیندر کے بیٹے بوبی دیول نے بھی یہ تصویر اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کی، جو سلمان خان کے ساتھ فلم 'ریس 3' میں کام کرتے نظر آئیں گے۔
میڈیا رپورٹ رپورٹ کے مطابق اس سے قبل ایک انٹرویو میں دھرمیندر اس بات کا اظہار کرچکے ہیں کہ ان کی سوانح حیات پر بننے والی فلم میں سلمان خان، ان کا کردار ادا کرسکتے ہیں۔
ایمزٹی وی(انٹرٹینمنٹ)بالی وڈ اداکارہ دپیکا پڈوکون کی فلم ’پدماوتی‘ کو بھارتی سنسر بورڈ نے نمائش کی مشروط اجازت دے دی۔
سال 2017 کی سب سے متنازع فلم ’پدماوتی‘ رہی، جس نے بھارت بھر میں بھونچال کی کیفیت طاری کیے رکھی۔ فلم پر ’شری راجپوت کرنی سینا‘ نے تاریخی حقائق مسخ کرنے کا الزام عائد کیا تو وہیں انتہا پسندوں نے فلم کی نمائش روکنے کے لیے پر تشدد مظاہرے کیے۔
دوسری جانب بی جے پی کے انتہا پسند رہنما نے دپیکا پڈوکون اور ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی کے سر کی قیمت 10 کروڑ لگا ڈالی، جس کے بعد پروڈیوسرز نے انتہا پسندوں کے دباؤ میں آکر فلم کی ریلیز یکم دسمبر کو موخر کردی تھی۔
فلم کی اسپیشل اسکریننگ میں سنسر بورڈ کے ارکان کے ساتھ ساتھ تاریخ دان اور رانی پدمنی کے خاندان کے افراد بھی شریک تھے ۔ اجلاس میں طویل مشاورت کے بعد بھارتی سنسر بورڈ نے فلم کو مشروط اجازت دے دی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سنسر بورڈ کا کہنا ہے کہ فلم کا نام تبدیل کرنے اور فلم کے 26 مناظر کو ہٹانے کی شرط پر سرٹیفکیٹ جاری کیا جائے گا، جس پر عمل کیے بغیر فلم کو نمائش کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
بھارتی سنسر بورڈ نے فلم کا نام بھی ’پدماوت‘ تجویز کیا ہے، اس حوالے سے سنجے لیلا بھنسالی اور فلم پروڈیوسرز کی جانب سے کسی قسم کا ردعمل سامنے نہیں آیا۔
ایمزٹی وی(کراچی)سانحہ بلدیہ ٹاؤن کے مرکزی ملزم رحمان بھولا نے اپنے اعترافی بیان سے مُکرتے ہوئے کہا ہے کہ عدالت میں پیش کیا گیا بیان زبردستی لیا گیا ہے۔
کراچی میں انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت میں سانحہ بلدیہ ٹاؤن سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، سماعت کے دوران واقعے کے مرکزی ملزم رحمان بھولا نے ملزم رضوان قریشی کی جے آئی ٹی کی نقل حاصل کرنے کیلیے درخواست دے دی، جس میں کہا گیا ہے کہ اس نے دفعہ 164 کے تحت کوئی بیان ریکارڈ نہیں کرایا، عدالت میں پیش کیا گیا بیان زبردستی لیا گیا ہے۔
سماعت کے دوران ایم کیوایم رہنما رؤف صدیقی کی درخواست پرفیصلہ محفوظ کرلیا گیا، کیس کی مزید سماعت 3 جنوری کو ہوگی۔
واضح رہے کہ رحمان بھولا کو پولیس نے واقعے کا مرکزی ملزم قرار دیا تھا اور اسے انٹر پول کی مدد سے پاکستان لایا گیا تھا۔
ایمزٹی وی (لاہور)پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری کی زیر صدارت سانحہ ماڈل ٹاؤن پر آل پارٹیز کانفرنس ہورہی ہے۔
لاہور میں عوامی تحریک کے مرکز منہاج القرآن میں کل جماعتی کانفرنس ہوئی کل جماعتی اجلاس کے باقاعدہ آغاز پر طاہر القادری نے کہا کہ اے پی سی میں 40 سے زائد سیاسی جماعتیں شرکت کررہی ہیں، وہ تمام جماعتوں کے قائدین کا شکریہ ادا کرتے ہیں، آج کی اے پی سی کا ایجنڈا سانحہ ماڈل ٹاؤن اور مجھے کیوں نکالا ہے، سیاسی جماعتوں میں بعض معاملات پر اختلافات ہوتے ہیں لیکن سانحہ ماڈل ٹاؤن پر آج تمام بڑی جماعتیں ایک چھت تلےجمع ہیں۔
طاہر قادری نے کہا کہ ماڈل ٹاؤن میں پنجاب حکومت کی درندگی نے سیاسی جماعتوں کو اکٹھا کردیا ہے، سیاسی جماعتیں عدلیہ، فوج اور دیگر اداروں کے ساتھ ہیں، نواز شریف نے ملکی تاریخ میں کرپشن کاآغازکیا، انہوں نے ارکان اسمبلی کو پیسے دے کر رشوت کا آغازکیا، آج نوازشریف کہتے ہیں کہ وہ نظریاتی اور جمہوریت کی جنگ لڑرہے ہیں۔
آل پارٹیز کانفرنس میں پیپلز پارٹی کا وفد شریک ہے جس میں سینیٹر رحمان ملک، قمر زمان کائرہ، میاں منظور احمد وٹو اور لطیف کھوسہ شامل ہیں جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے وفد میں شاہ محمود قریشی ،جہانگیر ترین، شفقت محمود اور چودھری سرور شامل ہیں۔ ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار کی قیادت میں رابطہ کمیٹی کے سینئر ڈپٹی کنوینر عامر خان اور ڈپٹی کنوینر کامران ٹیسوری بھی کانفرنس میں شریک ہیں۔ عوامی مسلم لیگ کے شیخ رشید کا ایک رکنی وفد بھی اے پی سی میں موجود ہے جب کہ مسلم لیگ ق کے چوہدری برادارن، کامل علی آغا اور طارق بشیر چیمہ بھی شرکت کررہے ہیں۔ جماعت اسلامی کی طرف سے لیاقت بلوچ کی سربراہی میں وفد اے پی سی میں نمائندگی کررہے ہیں۔
ایم ڈبلیو ایم کے سید اسد عباس نقوی وفد کے ہمراہ اے پی سی میں شریک ہیں۔ چیئرمین پاک سرزمین پارٹی سید مصطفیٰ کمال بھی کانفرنس میں شرکت کے لئے لاہور پہنچ گئے ہیں۔ سینئر وائس چیئرمین ڈاکٹر صغیر، وائس چیئرمین وسیم آفتاب بھی انکے ہمراہ ہیں۔ ذرائع کے مطابق پاکستان عوامی تحریک نے سانحہ ماڈل ٹاؤن سے متعلق جدوجہد کو فیصلہ کن بنانے کا فیصلہ کرلیا ہے اور کارکنوں کو کم از کم 15 دن کا راشن جمع کرنے اور تیاری کی ہدایات کردی گئی ہیں۔
عوامی تحریک جنوری کے پہلے یا دوسرے ہفتے سے احتجاج کی کال دے سکتی ہے اور احتجاج کی نوعیت اور حتمی تاریخ کا اعلان آج کیا جائیگا۔ اے پی سی میں لاہور سمیت مختلف شہروں میں ایک ہی دن احتجاجی دھرنے دینے کے آپشن پر بھی غور ہوگا۔