ایمزٹی وی(اسلام آباد/ تعلیم)پاکستان میں تعلیم کے لیے کام کرنے، مہم چلانے، تعلیمی اداروں میں خرابیوں کی نشاندہی کرنے اور ان کا حل تلاش کرنے والی سماجی تنظیم ’’الف اعلان ‘‘کی جانب سے صوبہ سندھ کے نظام تعلیم کے حوالے سے رپورٹ2017 جاری کردی گئی۔
سماجی تنظیم ’’ الف اعلان ‘‘ کی رپورٹ کے مطابق تعلیمی معیار (اسکور) میں گزشتہ سال صوبہ سندھ چھٹے نمبر پر تھااس سال ایک درجہ تنزلی کے بعد ساتویں نمبر پر آگیاہے، صوبہ سندھ میں اسکولوں کی کل تعداد 38ہزار 132 ہے جن میں سے16ہزار سے زائد اسکول بجلی سے محروم ہیں،17ہزار 280 اسکول میں پینے کا پانی میسر نہیں ہے ، 23 ہزار239 اسکول ایسے ہیں جہاں صرف ایک بیت الخلا کی سہولت موجود ہے،15 ہزار 769اسکول چار دیواری سے محروم ہیں جبکہ 25ہزار 5سو 88 اسکولوں کی عمارتوں کی صورتحال تسلی بخش نہیں۔
کراچی کے6اضلاع میں ضلع شرقی کے اسکولوں کی حالت اسکور میں سب سے زیادہ بہتر رہی، ضلع ملیرکے اسکول بدترین صورتحال سے دوچار ہیں ،سماجی تنظیم الف اعلان نے پاکستان کی تعلیمی صورتحال پر ضلعی درجہ بندی کی رپورٹ 2017 پیش کردی،الف اعلان 5 سال سے تعلیمی رپورٹ پیش کررہی ہے۔
تعلیمی معیار (اسکور) میں آزادجموں وکشمیر پہلے نمبر اسلام آباد دوسرے نمبر، پنجاب کا تیسرا نمبر ہے،گلگت بلستان چوتھے نمبر پر، کے پی کے کا پانچواں نمبر، بلوچستان چھٹے اور سندھ ساتویں نمبر پر ہے محکمہ تعلیم سندھ نے الف اعلان کی رپورٹ پر عدم اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
محکمہ تعلیم کے حکام کا کہنا ہے کہ الف اعلان کی رپورٹ پر افسوس ہوا ہے جب ہم سے بریفنگ لی گئی تو صوبہ سندھ کو نمبر ایک بتایا گیا لیکن جب رپورٹ دی گئی تو سندھ کو ساتویں نمبر پر ظاہر کیا گیا۔
الف اعلان کے نمائندوں نے ہم سے رابطہ کیا تو کہا کہ2020 کے اہداف میں صوبہ سندھ کو تمام صوبوں کے مقابلے میں برتری حاصل ہے ہم نے پہلے ہی بتادیا تھا کہ سندھ میں 1500 اسکول غیر متحرک ہیں انھیں بند ہی سمجھا جائے جبکہ نئی پالیسی کے تحت 2000 سے زائد اسکول کھولے جاچکے ہیں جنھیں جاکر چیک کیا جاسکتا ہے۔
ایمزٹی وی(نئی دہلی)بھارت میں 3طلاق کو قابل گرفت جرم قرار دیئے جانے والا بل اگلے ہفتے لوک سبھا میں پیش کیا جائے گا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پارلیمانی امور کے وزیر مملکت ارجن رام میگھوال نے ایوان میں 27دسمبر سے شروع ہونیوالی کارروائیوں کی تفصیلات بتائیں۔انہوں نے بتایا کہ مسلم خواتین (شادی کا تحفظ بل ) 2017 اگلے ہفتے ایوان میں پیش کیا جائیگا۔ مجوزہ بل میں 3طلاق دینے والے افراد کو 3سال قید کی سزا اور متاثرہ بیوی کو نان نفقہ دینے کا بھی بندوبست کیا گیا ہے۔
ایمزٹی وی(سیہون)انڈس ہائی وے پر چھچر بس اسٹاپ کے قریب کراچی سے لاڑکانہ جاتے ہوئے مخالف سمت سے آنے والی 2 کوچز اور مسافر بردار سوزوکی میں تصادم ہوا جس کے نتیجے میں سوزوکی میں سوار 10 افراد جاں بحق اور 15 زخمی ہوگئے، مرنے والوں میں 5 بچے اور 5 خواتین شامل ہیں جن کی شناخت جمال، کامل، جمشید، احمد، جمیل، ریشمہ، سائرہ، اجوا، اقرا اور صائمہ کے نام سے ہوئی ہے اور ان کا تعلق لاڑکانہ کے علاقہ شیخ محلہ سے بتایا جاتا ہے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوع پر پہنچ گئی اور تمام لاشوں کے ساتھ زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے پولیس موبائلوں میں مانچھر اور جامشورو کے اسپتال روانہ کیا گیا جہاں ڈاکٹرز کے مطابق زخمی ہونے والے 15 افراد میں سے 5 کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا تاہم دونوں کوچز کے ڈرائیور جائے وقوعہ سے فرار ہو چکے تھے
ایمزٹی وی(اسلام آباد)اسلام آباد میں 6 ملکی اسپیکرز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے کہا کہ امریکی صدر نے افغانستان کے لیے نئی پالیسی کا اعلان کیا جس میں ان کی افغانستان میں شکست نظرآئی، لیکن امریکا افغانستان میں ناکامی کی ذمے داری پاکستان پر ڈال رہا ہے اور اس نے دہشت گردی کے خلاف پاکستانی قربانیوں کو فراموش کیا۔
چیرمین سینیٹ کا کہنا تھا کہ پاکستان کو کسی دوسرے ملک سے نوٹس لینے کی ضرورت نہیں، پاکستان اپنی سالمیت پر ہرگز سمجھوتا نہیں کرے گا، وقت آگیا ایشیا اپنی قسمت کے فیصلے خود کرے ورنہ تاریخ معاف نہیں کریگی، سپر پاورز کی خواہشات کے برعکس واقعات تنازعات بن جاتے ہیں، بیت المقدس سے متعلق امریکی فیصلہ سمجھ سے بالاتر ہے، دنیا نے بیت المقدس سے متعلق امریکی فیصلہ قبول نہیں کیا۔
رضا ربانی نے کہا کہ سی پیک سے خطےمیں نئے معاشی دور کا آغاز ہوگا جس کے خلاف امریکا، اسرائیل اور بھارت کا اتحاد سامنے آیا، تاہم پاکستان ڈائیلاگ اور ہمسایہ ملکوں سے دوستانہ تعلقات پر یقین رکھتا ہے، 6 ملکی اتحاد کو انتہا پسندی اور فرقہ واریت کے خلاف بھی کردار ادا کرنا چاہیے، ہم 6 ملکوں کو حالات کے ہاتھوں یرغمال بننے کی بجائے نئی حکمت عملی طے کرنی چاہیے۔
ایمزٹی وی(اسلام آباد)اسپیکرقومی اسمبلی ایازصادق کا کہنا ہے کہ دنیا میں دہشتگردی سے اب تک 2 لاکھ سے زائد افراد جان کی بازی ہارچکے ہیں جب کہ دہشتگردی سے پاکستان کواب تک 120 ارب ڈالرکامالی نقصان پہنچا ہے۔
اسلام آ باد میں 6 ملکی اسپیکرز کانفرنس ’’دہشت گردی اوربین العلاقائی رابطے‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے اسپیکر ایازصادق کا کہنا تھا کہ گزشتہ 10 سال میں دہشت گردوں سے دنیا کا کوئی خطہ محفوظ نہیں رہا، دنیا میں دہشتگردی سے اب تک 2 لاکھ سے زائد افراد جان کی بازی ہارچکے ہیں، دہشتگردی سے پاکستان کواب تک 120 ارب ڈالرکا مالی نقصان پہنچ چکا ہے، کانفرنس میں شریک تمام ممالک دہشتگردی کوہرشکل میں مسترد کرتےہیں، اسپیکرزکانفرنس کوفورم کی شکل میں ہرسال ہونا چاہیے۔
ایازصادق نے کہا کہ دنیا میں سب سے زیادہ پناہ گزیں پاکستان، ترکی اورایران میں ہیں، پارلیمانی ڈپلومیسی سے چیلنجزکا مقابلہ بہتراندازمیں کیا جاسکتا ہے، آپس کے اختلافات سے ترقی نہیں رکنی چاہیے، عالمی تنظیم مسئلہ کشمیر اورمشرق وسطیٰ کےتنازعات حل کرنےمیں ناکام رہی ہے۔
اس سے قبل کانفرنس میں صدرمملکت ممنون حسین، چیرمین سینیٹ رضاربانی بھی شریک ہوئے۔
ایمزٹی وی(اسلام آباد) ملک بھرمیں مدارس کی تعداد 30 ہزارسے تجاوز کرگئی جس میں سے وفاق کے ساتھ صرف 13400 مدارس کی رجسٹریشن کا عمل مکمل کیا گیا ہے۔
وفاقی حکومت کے مطابق ملک میں مجموعی طور پرچھوٹے بڑے30 ہزارسے زائد قائم مدارس میں گلی محلوں میں نہایت چھوٹے پیمانے پر قائم مدارس بھی شامل ہیں جنھیں وفاقی حکومت نے ریگولیٹ کرنے کی خاطر متعدد اقدامات بھی کیے ہیں۔
وفاقی حکومت کو آزادکشمیر، گلگت بلتستان اور چاروں صوبائی حکومتوں کی جانب سے بھیجے گئے اعدادوشمارکے مطابق13 ہزار مدارس میں سے7 ہزارمدارس دیہات میں قائم ہیں جبکہ6 ہزار مدارس شہروں میں قائم ہیں، دیہات میں لڑکیوں کیلیے صرف1500مدارس ہیں جبکہ لڑکوں کیلیے 3 ہزار مدارس دیہی علاقوں میں قائم ہیں، باقی مدارس متفرق طور پر قائم ہیں جن میں کم عمر بچے اور بچیوں کو دینی تعلیم دی جاتی ہے مگر یہ متفرق مدارس بہت چھوٹے پیمانے پرکام کر رہے ہیں، جن کا مقصد بنیادی طور پر مقامی سطح پر بچوں کو دینی تعلیم سے روشناس کرانا ہے۔
اسی طرح شہروں میں قائم مدارس کی تعداد6ہزارکے لگ بھگ ہے جس میں سے 1800 مدارس میں لڑکیاں پڑھتی ہیں، 2500 مدارس الگ سے لڑکوں کیلیے قائم ہیں اور 1700 کے قریب ایسے متفرق مدارس ہیں جہاں پر چھوٹے بچوں اور بچیوں کو مشترکہ طور پر محلوں کی سطح پردینی تعلیم دی جاتی ہے۔
ایمزٹی وی(مانسہرہ)نئی نویلی دلہن 18سالہ اقرا کی موت کا معاملہ حل ہو گیا، قبر کشائی کے بعد ڈاکٹرز کی تین رکنی ٹیم نے اقرا کے قتل کی تصدیق کردی، پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق اقرا کی موت گلا دبنے سے ہوئی جبکہ اس کے چہرے، جسم اور گردن پرتشدد کے نشانات بھی تھے۔
تفصیلات کے مطابق خواجگان کے علاقے سے تعلق رکھنے والی اقراءکچھ روز پہلے اپنے کزن حافظ فیضان سے بیاہی گئی تھی۔ شادی کے دوسرے دن (15 دسمبر کو) اقراءاپنے کمرے میں مردہ پائی گئی۔ سسرالیوں نے پہلے دل کا دورہ جبکہ بعدازاں اس کی موت کو خودکشی قراردیاتھا۔ مرحومہ کی نعش پر زخم کے نشانات دیکھ کر والدین نے تھانے میں سسرالیوں کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کروایا۔
والدین کی جانب سے رپورٹ کے بعد مجسٹریٹ نے مرحومہ کی قبرکشائی کے احکامات جاری کیے تھے جس پر عمل کرتے ہوئے ڈاکٹرز کی تین رکنی ٹیم نے مرحومہ کی قبر کشائی کرکے پوسٹ مارٹم کیا جس میں اقرا کے قتل کی تصدیق ہوگئی۔ ڈاکٹرز نے پوسٹ مارٹم رپورٹ پولیس کے حوالے کردی ہے جس کے مطابق مقتولہ کی موت گلا دبانے سے ہوئی جبکہ اس کے چہرے، جسم اور گردن پرتشدد کے نشانات بھی تھے۔پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد مقدمہ درج کر لیا گیاہے جس میں مقتولہ اقرا کے شوہر حافظ فیضان، سسردلدار، دیور بشارت، ساس نعیمہ اور جیٹھانی حاجرہ کو نامزد کیا گیا ہے، ملزمان کے خلاف 34 302.201.202. کی دفعات کے تحت ایف آ ئیں آ ر درج کی گئی ہے۔
ایمزٹی وی(اسلام آباد) پاکستان نے انسانی ہمدردی کے تحت کلبھوشن یادو کی اہلیہ اور والدہ سے ملاقات کی ساری تیاریاں مکمل کرلی ہیں لیکن اب اس ملاقات میں بھارت خود رکاوٹ بن گیا ہے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق دفتر خارجہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ کلبھوشن یادو نے اپنی اہلیہ سے ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا تھا لیکن بھارت نے کہا تھا کہ کلبھوشن کے والد اور والدہ ملنا چاہتے ہیں۔ کلبھوشن یادیو کی والدہ اور اہلیہ سے ملاقات کے لیے 25 دسمبر کا دن طے کیا گیا تھا اور اس کے لیے دونوں کو ویزا بھی جاری کیا جاچکا ہے۔
کلبھوشن کی اہلیہ اور والدہ سے ملاقات دفترخارجہ میں رکھی گئی ہے۔ ملاقات کا دورانیہ 15 منٹ سے ایک گھنٹے تک محیط ہوسکتا ہے، بھارتی ہائی کمیشن میں تعینات ایک ہی افسرملاقات کے عمل کے دوران ساتھ ہوگا، میڈیا کوریج کے لئے خصوصی پاسز جاری کئے جائیں گے، میڈیا کلبھوشن کی والدہ اور اہلیہ کی آمد اور روانگی کی کوریج بھی کرسکے گا۔ اس ملاقات کی تصاویر اور وڈیو دفتر خارجہ جاری کرے گا۔
دفتر خارجہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کو کلبھوشن یادو کو والدہ اور اہلیہ سے ملاقات کے لئے دفترخارجہ لانے کے لئے سکیورٹی پلان تشکیل دینا ہوگا جس میں وقت درکار ہے۔ اس کے علاوہ ملاقات کے حوالے سے پاکستان نے بھارت سے کلبھوشن یادو کی اہلیہ اور والدہ کی تفصیلات مانگی تھیں لیکن بھارت نے ابھی تک دونوں خواتین کی سفری تفصیلات کا تبادلہ نہیں کیا اور ناہی بھارتی ایجنٹ کی اہلیہ اور والدہ کے پاکستان آنے کی تصدیق کی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کلبھوشن یادو کے ساتھ ان کے اہلِ خانہ کی یہ آخری ملاقات ہرگز نہیں لیکن پاکستان کو بھارت کے جواب کا انتظار ہے اور اگر ہفتے کی رات تک جواب نہ دیا گیا تو اس ملاقات کا انعقاد مشکل ہوجائے گا
واضح رہے کہ بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے جاسوس کلبھوشن یادیو کو مارچ 2016 میں بلوچستان سے گرفتار کیا گیا تھا،بھارتی نیوی کے حاضر سروس افسر نے پاکستان میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں کا اعتراف کیا تھا جس پر فوجی عدالت نے کلبھوشن کو سزائے موت سنائی تھی۔
ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ)گانا 'ڈسپیسیٹو' رواں برس جنوری میں ریلیز ہوا تھا جسے اب تک یو ٹیوب پر 4 ارب سے زائد بار دیکھا جاچکا ہے۔
گلوکار لوئس فونسی اور ڈیڈی ینکی کے گائے جانے والے اس گانے نے یوٹیوب پر سب سے زیادہ سنے جانے والے جسٹس بیبر کے گانے کو بھی پیچھے چھوڑ دیا تھا۔
جسٹن بیبر کے 2015 میں مشہور ہونے والے گانے 'سوری' کو یوٹیوب پر 4.38 ارب صارفین نے سنا لیکن 'ڈسپیسیٹو' نے ریلیز کے صرف چند ہفتوں میں ہی نہ صرف دنیا کے 100 مقبول ترین گانوں میں جگہ بنائی بلکہ اسے سب سے زیادہ سنے جانے والے گانے کا اعزاز بھی حاصل ہوا ہے۔
تاہم اب یہ گانا امریکی بل بورڈ ہاٹ ہنڈرڈ کے ٹاپ 10 سے باہر ہوچکا ہے اور 2 درجے نیجے آکر نویں سے گیارہویں نمبر پر پہنچ چکا ہے۔
ایمزٹی وی(تجارت) فی اونس سونے کی قیمت4 ڈالر کے اضافے سے1270 ڈالر کی سطح پرپہنچ گئی۔
بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت4 ڈالر کے اضافے سے1270 ڈالر کی سطح پرپہنچنے کے باعث مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی جمعہ کو فی تولہ اور فی دس گرام سونے کی قیمتوں میں بالترتیب300 روپے اور257 روپے کا اضافہ ہوگیا ہے جس کے نتیجے میں کراچی حیدرآباد سکھر ملتان فیصل آباد لاہور اسلام آباد راولپنڈی پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت بڑھ کر54 ہزار 850 اور فی دس گرام سونے کی قیمت بڑھ کر47ہزار 14 روپے ہوگئی.
اسی طرح فی تولہ چاندی کی قیمت5 روپے کے اضافے سے815 روپے اور فی دس گرام چاندی کی قیمت4.29 روپے کے اضافے سے698.57 روپے ہوگئی ہے۔