منگل, 21 جنوری 2025

 

ایمزٹی وی (نئی دہلی)بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج کا کہنا ہے کہ کلبھوشن یادیو سے اہلخانہ کی ملاقات کے دوران وہ تناؤ کا شکار تھا جب کہ اسے جا سکھا پڑھا کر بھیجا گیا وہی بول رہے تھے۔
کلبھوشن سے متعلق پاکستان کے پرخلوص اقدام پر بھارت میں ہرزہ سرائی کا سلسلہ جاری ہے اور اب بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج کی جانب سے الزام عائد کیا گیا ہے کہ پاکستان نے کلبھوشن یادیو اور اہلخانہ کی ملاقات کو پروپیگنڈا کے طور پر استعمال کیا اور ملاقات کی شرائط کی خلاف ورزی بھی کی۔
سینیٹ ( راجیا سبھا) میں پالیسی بیان دیتے ہوئے سشما سوراج نے کہا کہ کلبھوشن کے اہلخانہ کو پاکستان میں ہراساں کیا گیا جب کہ ملاقات سے قبل ان کی والدہ اور اہلیہ کے کپڑے تک تبدیل کروائے گئے۔
سشما سوراج نے کہا کہ ملاقات سے واپسی کے بعد کلبھوشن کی والدہ اور اہلیہ نے انہیں بتایا کہ کلبھوشن کافی دباؤ میں بات کر رہا تھا اور جیسے جیسے بات چیت آگے بڑھی، اس کی بول چال سے پتہ چل رہا تھا کہ اس کے قید کرنے والوں نے اسے جو سکھا پڑھا کر بھیجا تو وہ وہی بول رہے تھے۔
سشما سوراج نے کہا کہ کلبھوشن یادیو کے اہلخانہ کو دوسرے دروازے سے ملاقات کے لئے لے جایا گیا جب کہ بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو کچھ دیر بعد اندر جانے کی اجازت دی گئی۔
بھارتی وزیر خارجہ نے کہا کہ سہاگنوں (شادی شدہ) کو بیواؤں کی طرح پیش کیا گیا اور ملاقات سے قبل دونوں خواتین کے منگل ستر، بندیا اور چوڑیاں تک اتروائیں گئیں، کلبھوشن نے ملاقات کے دوران سب سے پہلے والدہ سے اپنے والد سے متعلق سوال کیا اور والدہ کے گلے میں منگل ستر نہ دیکھ کر وہ سمجھا کہ والد گزر چکے ہیں۔
بھارتی وزیر خارجہ نے کہا کہ کلبھوشن کی والدہ مراٹھی میں بات کرنا چاہتی تھیں لیکن اس کی اجازت نہیں دی گئی اور وہاں موجود پاکستانی خاتون اہلکاروں نے ان کا انٹرکوم بھی بند کیا۔
سشما سوراج نے کہا کہ کلبھوشن کی اہلیہ کے جوتوں میں اگر کیمرا تھا تو پاکستانی حکام میڈیا کو دکھاتے، ایئرپورٹ پر سیکیورٹی چیکنگ کے باوجود دونوں خواتین پاکستان پہنچیں، وہاں جوتوں میں لگی جپ، کیمرا یا کوئی اور چیز کیوں نہیں پکڑی گئی۔ بھارتی وزیر خارجہ نے مزید ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس ملاقات کو انسانی ہمدری کی بنیاد پر دکھا رہا ہے لیکن سچائی تو یہ ہے کہ انسانی ہمدری کی ملاقات میں انسانیت بھی غائب تھی اور ہمدری بھی، جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان کی جانب سے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر پیشکش کے بعد 25 دسمبر کو بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو سے اس کی والدہ اور اہلیہ کی ملاقات دفتر خارجہ میں کرائی۔ دنیا بھر میں سزائے موت کے قیدیوں کی ملاقات کرائے جانے کا طریقہ رائج ہے کہ قیدی اور اہلخانہ کے درمیان جسمانی رابطہ نہیں ہوتا جب کہ پاکستان کی جانب سے بھارت کو پہلے ہی بتادیا گیا تھا کہ ملاقات میں کوئی فزیکل کنٹیکٹ (جسمانی رابطہ) نہیں ہوگا تاہم بھارت میں اس پر بے بنیاد پروپیگنڈا اور پاکستان مخالف جذبات بھڑکائے جارہے ہیں۔

 

 

ایمزٹی وی(تعلیم/کراچی)سندھ یونیورسٹی کے تحت شروع ہونے والے بی اے کے امتحانات کا اساتذہ نے بائیکاٹ کردیا جس کے باعث بیشتر امتحانی مراکز پر بی اے سال اول کا انگریزی کا پرچہ ملتوی کردیا گیا۔
سندھ یونیورسٹی کے تحت حیدرآباد، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈوالہ یار، بدین، جامشورو، مٹیاری اور ٹھٹھہ میں بی اے کے سالانہ امتحانات کا آغاز ہوگیا ہے لیکن سندھ پروفیسر لیکچرار ایسوسی ایشن (سپلا) کی اپیل پر اساتذہ نے امتحانات کا بائیکاٹ کیا ہوا ہے۔
اساتذہ کی جانب سے امتحانات لینے سے انکا ر پر بیشتر امتحانی مراکز پر بی اے پارٹ ون انگلش کا پرچہ ملتوی کردیا گیا۔
اساتذہ کی تنظیم ’سپلا‘ کا مطالبہ ہے کہ کالج اساتذہ کی بھی امتحانی کاپی کی چیکنگ فیس یونیورسٹی کے اساتذہ کے برابر کی جائے، یونیورسٹی کی جانب سے طلباء کی انرولمنٹ لیٹ فیس میں اضافہ واپس لیا جائے۔
سندھ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر فتح محمد برفت کا کہنا ہے کہ ایم اے اور بی اے کے امتحانات شیڈول کے مطابق جاری رہیں گے، جن امتحانی مراکز پر پرچے ملتوی ہوئے ہیں وہ امتحانات ختم ہونے کے بعد لئے جائیں گے ۔
دوسری جانب پرچہ ملتوی ہونے پر طلبہ و طالبات سراپا احتجاج ہیں۔ ان کا کہنا ہے ساراسال تیاری کی لیکن آج پیپرہی نہیں ہوا۔

 

 

ایمزٹی وی(صحت)جدید زمانے میں مرد بڑھتے وزن خصوصاً اپنے پیٹ سے بہت پریشان ہیں جو نہ صرف ان کے بدن کی خوبصورتی چھین لیتا ہے بلکہ کئی بیماریوں کی وجہ بھی بنتا ہے۔
جس طرح پیٹ کی چربی راتوں رات نہیں بڑھتی اسی طرح فوری طور پر ختم بھی نہیں ہوسکتی، اسی لیے بہتر ہے کہ اسے ورزش اور دیگر قدرتی طریقوں سے کم کرنے کی کوشش کی جائے جو بہت مشکل عمل ہے
سفید شکر سے دور رہیں
شکر کے مضر اثرات پر بہت تحقیق ہوچکی ہے۔ اب بھی اسے موٹاپے کی ایک بڑی وجہ قرار دیا جاتا ہے۔ چینی میں موجود گلوکوز اور فرکٹوز سادہ کاربوہائڈریٹس ہی ہیں۔ ان کی زیادتی گلائیکوجن میں تبدیل ہوکر چربی میں جمع ہونا شروع ہوجاتی ہے اور مزید چکنائی بڑھاتی ہے۔ اس کے بجائے گڑُ کا استعمال کیجیے یا ہوسکے تو شکر کو پہلے مرحلے پر کم سے کم کردیجیے۔
why white sugar is only type sugar you need your kitchen.1280x600
سبز چائے کے فوائد
سبز چائے کے فوائد آئے دن دریافت ہوتے رہتے ہیں۔ سبز چائے چربی کو ختم کرنے میں بہت مددگار ثابت ہوتی ہے۔ اس میں موجود ایک قسم کے اینٹی آکسیڈنٹس اور قدرتی فینول کا نام کیٹے چن ہے جو میٹابولزم کو تیز کرتے ہیں، جس سے جسم کے اندر کی چکنائیاں تیزی سے گھلتی ہیں۔ اگر سبز چائے استعمال کرکے ورزش کی جائے تو اس کا دوہرا فائدہ ہوگا۔
 
green tea
ریشے دار غذا
ریشے یا فائبر کو اپنے معمولات میں شامل کیجیے۔ یہ نظامِ ہاضمہ کو اچھا کرتے ہیں، غذا کو جسم کا جزو بناتے ہیں، کولیسٹرول گھٹاتےہیں اور بدن میں چربی کی افزائش روکتے ہیں۔ فائبر مکمل اناج (whole grain) میں پایا جاتا ہے اور دلیہ بھی ایک طرح کا فائبر ہے، اس لیے اس کا استعمال پوری زندگی جاری رکھنا چاہیے۔
 
Choosing whole grain bread resized
غذا میں پروٹین کا استعمال
پروٹین ہماری غذا کا اہم جزو ہے اور اس کے بہت سے فوائد میں سے ایک یہ بھی ہے کہ یہ آسانی سے جان نہ چھوڑنے والی چربی کو کم کرتی ہے۔ پروٹین سے ہمیشہ پیٹ بھرنے کا احساس ہوتا ہے اور باربار کھانا نہیں کھانا پڑتا۔ اس کےلیے آپ دہی، انڈہ، پنیر اور سفید گوشت (مرغی اور مچھلی) استعمال کرسکتے ہیں۔

highproteindiets 1280px 97576cceb35a44cd86625a4d974aa827

 

 

ایمزٹی وی(حیدرآباد) ایس ایس پی پیرمحمد شاہ کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ فنکشنل کی رہنما سائرہ نصیر کا قاتل ان کا اپنا بیٹا ہے۔
ذرائع کے مطابق رواں ماہ فنکشنل لیگ کی رہنما سائرہ نصیر کو بے دردی سے قتل کرنے کے بعد گاڑی سمیت جلا دیا گیا تھا اور 7 اور 8 دسمبر کی درمیانی شب ان کی مسخ شدہ لاش برآمد ہوئی تھی۔ سائرہ نصیر قتل کیس نے اب نیا موڑ لے لیا ہے اور مبینہ طور پر ان کے اپنے بیٹے فہد شاہ کو قتل کا ملزم ٹھہرایا گیا ہے۔
ایس ایس پی حیدرآباد پیر محمد شاہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ سائرہ نصیر قتل کیس ایک چیلنج تھا، اس حوالے سے سیکڑوں لوگوں سے تحقیقات کی گئی اور بد قسمتی سے قتل کے حوالے سے مقتولہ کے گھر میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں سے عکس بند ویڈیو قتل سے ایک گھنٹہ قبل تک کی ہی تھی ۔ ان کا کہنا تھا کہ سائرہ نصیر کے قریبی حلقہ احباب اور پڑوسیوں کو پہلے دن سے ان کے گھر کے افراد پر شک تھا تاہم حکمت عملی کے تحت پولیس کی جانب سے سائرہ نصیر کی فیملی کو تنگ نہیں کیا گیا اور ناہی ان سے تحقیقات کی گئی۔
ایس ایس پی پیر محمد نے بتایا کہ گزشتہ رات تحقیقات کے حوالے سے سائرہ نصیر کے بیٹے فہد شاہ کو تھانے طلب کیا گیا تھا، دوران تفتیش ملزم نے بتایا کہ اس کی اپنی والدہ کے ساتھ آئے روز تلخ کلامی ہوا کرتی تھی اور قتل کی رات بھی تلخ کلامی بڑھ کر ہاتھا پائی تک جاپہنچی۔ ملزم کا کہنا تھا کہ میں والدہ کے کمرے میں قتل کے ارادے سے نہیں گیا تھا لیکن ماں کے ساتھ بیوی کے حوالے سے چپقلش ہوئی جس پر والدہ نے مجھے تھپڑ مارا اور مجھے غصہ آگیا، اسی غصے کے عالم میں کچن سے موصلی لے آیا اور ماں کے سر پر دے ماری، چوٹ کی شدت سے وہ نیچے گر گئی اور تڑپنے لگی اور اس کی موت واقع ہوگئی۔
ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ ملزم کو کئی شواہد ملنے کے بعد گرفتار کیا گیا جس میں سے ایک قریبی گھر سے ملنے والی سی سی ٹی فوٹیج اور سائرہ نصیر کی گاڑی کا ٹریکر تھا جس سے پتہ چلا کہ قتل کی رات 12 بجے کے قریب مقتولہ کی گاڑی کا دروازہ صرف 2 منٹ کے کھلا اور بند ہوگیا اور اس دوران ملزم نے اپنی ماں کی لاش گاڑی کی پچھلی سیٹ پر رکھ دی، رات 2 بجے ملزم گاڑی کو تیزی کے ساتھ ہوسڑی موڑ پر لے گیا اور وہاں جاکر تقریباً 7 منٹ تک ریکی کرتا رہا اور بعد میں پیٹرول چھڑک کر آگ لگا دی۔ پولیس کو مقتولہ کی مسخ شدہ لاش 7 دسمبر کو ملی جسے بالوں اور انگوٹھی کے ذریعے شناخت کیا گیا اور بعد میں ڈی این اے ٹیسٹ سے بھی تصدیق کی گئی۔
 

 

 

ایمزٹی وی(لاہور)چئیرمین پیپلرپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ آئندہ عام انتخابات میں کسی کے ساتھ اتحاد ممکن نہیں اور انتخابی میدان میں اپنے نشان کے ساتھ اتریں گے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق چئیرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کی زیرِصدارت مشاورتی اجلاس ہوا جس میں جماعت کی سیاسی حکمت عملی کی تشکیل کے لئے اہم فیصلے کئے گئے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی کی سینئر قیادت سے مشاورت کے بعد انتخابی حکمت عملی کا فیصلہ کیا اور سینئر قیادت کی مشاورت سے ہی فیصلے کی منظوری بھی دی۔
بلاول زرداری نے آئندہ عام انتخابات میں کسی بھی جماعت کے ساتھ اتحاد کی تجویز کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی جماعت کے ساتھ اتحاد کے بجائے آئندہ انتخابات میں اپنے نشان پر الیکشن لڑا جائے گا اور ہر حلقے میں اپنا امیدوار کھڑا کیا جائے گا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ انتخابات کی تیاریاں شروع کردی جائیں گی اور اس حوالے سے اپنے سیاسی حریف عمران خان اور نوازشریف کوسخت جواب دیا جائے گا، عمران خان کی الزام تراشی اورجھو ٹ کو برداشت نہیں کیا جائے گا جب کہ پنجاب میں مسلم لیگ (ن) کے خلاف محاذ کو مزید گرم کرنے اور حکمران جماعت کے طرز سیاست کا جم کر مقابلہ کیا جائے گا۔
 

 

 

ایمزٹی وی(راولپنڈی)ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ امریکا نے پچھلے دنوں ہمیں دھمکیاں دیں، ہم پیسے کے لیے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں نہیں کر رہے، بہت کچھ کر لیا اب ہم کسی کے لیے نہیں لڑیں گے۔
راولپنڈی میں پریس کانفرنس کے دوران ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ بھارت ایل او سی کی مسلسل خلاف ورزی کررہا ہے، بھارت نہیں چاہتا کہ دہشت گردی کے خلاف ہماری کامیابیاں جاری رہیں تاہم فوج کے کامیاب آپریشنز سے ملک میں دہشت گردوں کے ٹھکانے نہیں رہے، 2017 میں بھارت کی ایل او سی کی خلاف ورزیوں میں تیزی رہی جب کہ اس سال ہمارے فوجیوں کی شہادت 250سے زائد ہوئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پچھلےسال بھارت نے سرجیکل اسٹرائیک کا جھوٹا پروپیگنڈا کیا اور اس سال بھی 25 دسمبر کو جھوٹا پروپیگنڈا کیا گیا، یہ سب پروپیگنڈا ہے جو کہ کشمیر میں آزادی کی تحریک سے توجہ ہٹانے کے لیے ہے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ امریکا نے بھی پچھلے دنوں ہمیں دھمکیاں دیں، ہم پیسے کے لیے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں نہیں کر رہے، بہت کچھ کر لیا اب ہم کسی کے لیے نہیں لڑیں گے، امریکا کو واضح بتادینا چاہتے ہیں کہ ہم دوستوں سے لڑانہیں کرتے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکاکی طرف سے ہمیں جو بھی رقم ملی وہ اخراجات کی مد میں ملی، ہم اپنی ملکی خودمختاری اور عزت پرسمجھوتہ نہیں کریں گے، ملک پر منڈلاتے خطرات ابھی ختم نہیں ہوئے۔
میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ بلوچستان سے متعلق اپنے دشمنوں کو بخوبی جانتے ہیں،سوئٹزر لینڈ نے براہمداغ بگٹی کی درخواست مسترد کی، دوسری جانب خوشحال بلوچستان پروگرام کے تحت کئی منصوبے جاری ہیں جب کہ بلوچستان میں دو ہزار سے زائد فراری قومی دھارے میں واپس آئے۔ ان کا کہنا تھا کہ 2013 کے مقابلے میں آج کا کراچی بہت بہتر ہے اور قانون کی حکمرانی کی صورتحال بھی بہتر ہوئی ہے تاہم کراچی کے حالات مزید بہتر ہوں گے اور اس حوالے سے اپیکس کمیٹی میں کام جاری ہے۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ افواج پاکستان کی ذمے داری سی پیک کو تحفظ فراہم کرنا ہے اور سی پیک کی سلامتی کو خطرات لاحق نہیں ہوں گے، کلبھوشن کے حوالے سے سوال پر ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ کلبھوشن کے معاملے پر کوئی کمپرومائز نہیں کیاجائے گا، کلبھوشن کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر اہل خانہ سے ملاقات کی اجازت دی، اس حوالے سے ہم پر کوئی دباؤ نہیں تھا جب کہ ملاقات سے کیس پر کوئی اثرنہیں پڑے گا۔
صحافی کی جانب سے سوال پر کہ سینیٹ اجلاس کے بعد سعد رفیق نے کہا کہ آرمی چیف نے جمہوریت کے حوالے سے مثبت پیغام دیا تاہم آرمی چیف کا حکم ماننے والے بھی اس کو دیکھیں جس کے جواب پر ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ خواجہ سعد رفیق کا بیان غیرارادی نہیں تھا یہ بیان انتہائی غیر ذمہ دارانہ ہے، پاک فوج ایک ڈسپلن ادارہ ہے، آرمی چیف کے ایک اشارے پر پوری فوج وہاں دیکھنا شروع ہوجاتی ہے جہاں وہ چاہتے ہیں، آرمی چیف کے حکم پر ہم قربانیاں دے رہے ہیں اور اگر ایسا نہ ہو تو ہر کوئی اپنی مرضی سے کام کرنا شروع کردے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ ادارے ایسے ہیں جن کو آئین ہی تحفظ فراہم کرتا ہے لہذا ایسا بیان نہیں آنا چاہیے جو آئین کی بھی خلاف ورزی ہے، ہر آدمی کی ذمے داری ہے کہ آئین اور قانون کا احترام کرے اور اس کے دائرے میں رہے اگر ایسی لائن چھیڑیں گے تو بہت سارے ارتعاش پیدا ہوں گے۔
ایک سوال پر کہ نواز شریف اور مریم نواز مسلسل اپنے خلاف چلنے والے مقدمات کے پیچھے سازش کا اشارہ دے رہے ہیں اور اس میں پاک فوج کو سازشی قرار دے رہے ہیں، ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا یہ ایک سیاسی سوال ہے اور اس پر خاموش ہی رہیں گے تاہم اگر کوئی سازش ہے تو انہیں اس کا ثبوت سامنے لانا چاہیے۔

 

 

ایمزٹی وی(تجارت)نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی نے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمتوں میں 3 روپے 11 پیسےفی یونٹ کی کمی کی منظوری دے دی ہے تاہم اس کا اطلاق کے الیکڑک اور لائف لائن صارفین پر نہیں ہوگا۔
ذرائع کے مطابق نیپرا چیئرمین طارق سدوزئی کی سربراہی میں سینٹرل پاور پرچیز ایجنسی کی جانب سے بجلی کی قیمت میں ردو بدل کی درخواست کی سماعت ہوئی۔ نیپرا نے بجلی کی قیمتوں میں 3 روپے 11 پیسے فی یونٹ کی کمی کی منظوری دے دی ہے۔ بجلی کی قیمتوں میں کمی نومبر کی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کی گئی ہے۔
نیپرا حکام کا کہنا ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں کمی سے صارفین کو ایک ماہ میں 25 ارب روپے سے زائد کا ریلیف ملے گا تاہم کے الیکٹرک، 300 یونٹ استعمال کرنے والے اور زرعی صارفین کو ریلیف نہیں ملے گا۔
 

 

 

ایمزٹی وی(تعلیم/کراچی)شہر قائد کی معروف انجینئرنگ درسگاہ جامعہ این ای ڈی کے شعبہ پٹرولیم انجینئرنگ کے زیرِ اہتمام انسٹی ٹیوشنل کوآپریشن پروگرام کے پروجیکٹ ”اسٹبلیشمنٹ آف نارویجین سینٹر آف ایکسلانس فار پٹرولیم اسٹڈیز“ کی کامیاب تکمیل پر اختتامی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی نے کی۔
تفصیلات کے مطابق نورویجین یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، منسٹری آف پلاننگ، ڈیویلپمنٹ اینڈ ریفارمز اور این ای ڈی یونیورسٹی کے اشتراک سے پٹرولیم انڈسٹری کیلئے ایسا مضبوط ریسرچ پلیٹ فارم قائم کیا گیا تھا، جس کے ذریعے بین الاقوامی سطح پر فیکلٹی اور اسٹاف کا تبادلہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں جامعہ این ای ڈی کو پٹرولیم انڈسٹری کے ماہرین میسر آئے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سروش لودھی نے ناصرف پروجیکٹ کی تکمیل پر پلاننگ، ڈیویلپمنٹ اور ریفارمز کی کاوشوں کو سراہا، بلکہ اسے پاکستان اور ناروے کے مابین نئی شروعات سے تعبیر کیا۔
منسٹری آف پلاننگ، ڈیویلپمنٹ اینڈ ریفارمز کے پروگرام ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد افضل نے اس پروجیکٹ کو پٹرولیم کی صنعت اور اس سے متعلقہ تحقیق کو پاکستان کیلئے سودمند قرار دیا۔ چیئرمین شعبہ پٹرولیم پروفیسر ڈاکٹر عابد مرتضیٰ خان نے دنیا کی سرفہرست جامعات میں شامل ہونے والی نورویجین یونی ورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سے قائم کردہ ان تحقیقی تعلقات سے متعلق پریزنٹیشن میں اس کی افادیت پر زور دیا، جبکہ آئندہ کیلئے بھی ایسے پروجیکٹس میں شمولیت کا عندیہ دیا، جبکہ ڈین سول انجینئرنگ ڈاکٹر میر شبر علی نے ناروے حکومت اور پٹرولیم انڈسٹری سے آئے شرکاء کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس طرز کے پروجیکٹس سے تحقیقی، تخلیقی اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کو نئی جہت ملے گی

 

 

 

ایمزٹی وی(صحت)سپریم کورٹ آف پاکستان نے دودھ بنانے والی کمپنیوں کو ڈبوں پر وارننگ شائع کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ٹی وائٹنربنانے والی کمپنیاں ڈبوں پر"یہ دودھ نہیں ہے"واضح لکھیں،عدالت نے دودھ بنانے والی 7 کمپنیوں کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں خشک دودھ سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی، چیف جسٹس کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ نے سماعت کی، دوران سماعت چیف جسٹس نے ڈی جی فوڈ سے استفسار کیا کہ کتنی کمپنیاں دودھ فروخت کر رہی ہیں،چائے بنانے والے پاوؤڈرکودودھ کے نام پرفروخت
کیاجارہاہے اورمویشیوں کوزیادہ دودھ کیلئے ٹیکے لگائے جاتے ہیں۔چیف جسٹس آف پاکستان نے کہا کہ پولٹری انڈسٹری میں بھی سٹیرائیڈزکااستعمال کیاجارہاہے۔
 
چیف جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ میں خودسوکھے دودھ کامتاثرہوں،حکیم کے کہنے پرسوکھے دودھ سے چھٹکاراحاصل کیا، عدالت دودھ بنانے والی 7 کمپنیوں کو ڈبوں پر وارننگ شائع کرنے کا حکم دیتے ہوئے جواب طلب کر لیا

 

 

ایمز ٹی وی( انٹرٹینمنٹ) بالی ووڈ اور ڈبل رول کارشتہ بہت پراناہے۔ بھارتی فلم انڈسٹری میں ڈبل رول کا فارمولا ہمیشہ کامیاب ہوتا ہے یہی وجہ ہے کہ ماضی میں ہیرو اور ہیروئن کے ڈبل کرداروں پرمشتمل بہت سی فلمیں بنائی گئیں جن میں رام اورشام، سیتااور گیتا، چالباز، جڑواں، ڈوپلیکیٹ وغیرہ شامل ہیں اور ان تمام فلموں نے باکس آفس پر کامیابی حاصل کی۔
ہدایت کار ڈیوڈ دھون نے رواں سال بھی ڈبل رول کا تجربہ کیا جو کامیاب رہا انہوں نے اپنے بیٹے ورون دھون کو لے کر ماضی کی مقبول ترین فلم ’جڑواں‘کا ری میک ’جڑواں2‘کےنام سے بنایا۔’جڑواں2‘شائقین کو بے حد پسند آئی اور یہ فلم رواں سال کی کامیاب ترین فلموں میں شامل ہوگئی۔ اب ایک بار پھر یہی فارمولا اپنا کر فلم بنائی جارہی ہے جس میں سابق ملکہ حسن اور اداکارہ ایشوریا رائے بچن ڈبل کردار نبھاتی نظر آئیں گی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق فلم پروڈیوسر پریرنا اروڑا نے ایک انٹرویو کے دوران اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ایشوریا اپنے اگلے پروجیکٹ میں ڈبل رول میں نظرآئیں گی۔ انہوں نے کہا ایشوریا رائے ان دنوں فلم ’پھنے خان‘کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جس کے بعد وہ مزید دو پروجیکٹس میں کام کریں گی تاہم فلم میں ان کے مقابل مرکزی کردار کون ادا کرے گا اس کا فیصلہ ابھی تک نہیں ہوسکا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ ایشوریا رائے لیجنڈ اداکارہ نرگس کی 1967 میں ریلیز ہوئی فلم ’رات اور دن‘کے ری میک میں کام کریں گی۔ جب کہ ایشوریا بھی اس فلم میں مرکزی کردار ادا کرنے پر بے حد خوش ہیں۔ پریرنا نے کہا کہ انہوں نے اس فلم کا مرکزی خیال اداکار سنجے دت کے ساتھ شیئر کیا تھا جسے دیکھنے کے بعدانہوں نے فلم کے لیے ایشوریا رائے کا نام دیا۔
واضح رہے کہ ایشوریا رائے ان دنوں فلم’پھنے خان‘کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جس میں ان کے ساتھ اداکار انیل کپور بھی اہم کردار میں نظرآئیں گے۔