ایمزٹی وی(تعلیم/ کراچی)اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے انٹرمیڈیٹ گیارہویں جماعت کے سالانہ امتحانات برائے 2018ء کے تمام گروپس کے لئے امتحانی فارمز منگل 2جنوری 2018ء سے جمع کروانے کے پروگرام کااعلان کیا ہے۔
پروگرام کے مطابق سائنس پری میڈیکل، پری انجینئرنگ، سائنس جنرل، کامرس، آرٹس اور ہوم اکنامکس گروپس کے سالانہ امتحانات برائے 2018ء میں شرکت کے اہل گورنمنٹ کالجوں اور ہائر سیکنڈری اسکولوں کے ریگولر امیدوار اپنے امتحانی فارم بروز منگل 2جنوری 2018ء سے30جنوری 2018ء تک اپنے تعلیمی اداروں میں جمع کرواسکتے ہیں، کالجز اور ہائیر سیکنڈری اسکولز یہ فارمز 31جنوری اور یکم فروری 2018ء کو بورڈ آفس میں جمع کروانے کے پابند ہوں گے، یاد رہے کہ رواں سال وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت کے مطابق تمام گورنمنٹ کالجز اور ہائر سیکنڈری اسکولوں کے طلبہ کی امتحانی فیس معاف کردی گئی ہے، لہٰذا گورنمنٹ تعلیمی اداروں کے طلبہ بغیر کسی فیس کے امتحانی فارمز اپنے کالجوں اور ہائیر سیکنڈری اسکولوں میں جمع کرواسکتے ہیں،تاریخ گزرنے کے بعد امتحانی فارم قبول نہیں کیے جائیں گے۔
اسی طرح سائنس پری میڈیکل، پری انجینئرنگ، سائنس جنرل، کامرس، آرٹس اور میڈیکل ٹیکنالوجی کے سالانہ امتحانات 2018ء میں شرکت کے اہل پرائیویٹ کالجوں اور ہائر سیکنڈری اسکولوں کے امیدوار اپنے امتحانی فارم بروز منگل 2 جنوری سے بروز جمعرات 18جنوری تک اپنے تعلیمی اداروں میں جمع کرواسکتے ہیں، پرائیویٹ کالجز اور ہائر سیکنڈری اسکولز یہ امتحانی فارمز بمع فیسوں کے پے آرڈرز بروز پیر22جنوری 2018ء تک بورڈ آفس میں جمع کروانے کے پابند ہونگے۔
ایمزٹی وی(کراچی)کراچی پریس کلب پر مستقلی اور ترقیو ں کیلئے احتجاج کرنیوالے اساتذہ اور کمشنر کراچی کے درمیان گزشتہ روز ہونیوالے مذاکرات بے نتیجہ رہے جبکہ سال2012ءمیں بھرتی ہونیوالے اساتذہ کا معاملہ ایجنڈے میں شامل نہ ہونے پر واپس بھیج دیا گیا ۔
کمشنر کراچی نے آئندہ ہفتہ نوٹیفکیشن جاری کرنے کی نویدسنائی مگر اساتذہ نے مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کیا اورمطالبات نہ ماننے کی صورت میں وزیر اعلیٰ ہاؤس کا گھیراؤکا عندیہ بھی دیدیا ۔
ایمزٹی وی(تعلیم/کراچی)فیکلٹی آف انجینئرنگ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ہمدرد یونیورسٹی کے زیر اہتمام پروجیکٹ نمائش و مقابلے کا انعقاد کیا گیا جس میں کراچی کے این ای ڈی یونیورسٹی، عثمان انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی، اقراء یونیورسٹی، پی اے ایف، کراچی انسٹیٹیوٹ آف اکنامک اینڈ ٹیکنالوجی اور سرسید انجینئرنگ یونیورسٹی کے 250 سے زائد طلبہ نے انجینئرنگ اینڈ سائنسز کے 4 موضوعات میں مقابلے کے لیے حصہ لیا۔
تفصیلات کے مطابق اس مقابلے میں 110 منصوبوں کو رجسٹرڈ کیا گیا جن میں سے 7 منصوبوں کو مقابلے کے لیے منتخب کیا گیا اور 50 منصوبوں کو نمائش کے لیے پیش کیا گیا، جیتنے والوں کے لیے مختلف کیٹیگری میں مبلغ ایک لاکھ روپے بھی تقسیم کیے گئے۔ ہمدرد یونیورسٹی کے اس پروجیکٹ نمائش و مقابلہ کا بنیادی مقصد طلبہ کو صنعت کے ماہرین کے ساتھ کام کرنے کا پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے۔ تقریب میں 50 سے زائد معروف صنعت کاروں کو مدعو کیا گیاتھا۔ اس تقریب کی سب سے اہم بات یونیورسٹی کے بورڈ روم میں ہونے والی صنعت کاروں کی وہ غیررسمی گفتگو تھی جو انہوں نے یونیورسٹی کے اساتذہ سے کی۔
اس سیشن میں انڈسٹری کے ماہرین نے انجینئرنگ کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ہمدرد یونیورسٹی سے مستقبل کے تعاون کے لیے رابطے کے فروغ میں اپنی دلچسپی کا اظہار بھی کیا۔ بعد ازاں اس موقع پر تقریب کے مہمان خصوصی اسکائی ٹیک کے ڈائریکٹرنوید انصاری اورمہمان اعزازی انرجی گرڈ کے عرفان احمد نے کامیاب ہونے والے طلبہ میں انعامات اور شیلڈز بھی تقسیم کیں جبکہ ہمدرد یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شبیب الحسن نے مہمانوں کو خصوصی نشان بھی پیش کیا۔ تقریب میں یونیورسٹی کے رجسٹرار ڈاکٹر ولی الدین بھی موجود تھے۔
ایمزٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک)پیغام رسانی کی مقبول ترین ایپلی کیشن واٹس ایپ نے غلطی سے گروپ چیٹنگ میں ’پرائیویٹ رپلائی‘ کا ایک فیچر متعارف کرادیا جسے بعد میں ہٹا دیا گیا۔
معروف چیٹ ایپ ویب بی ٹا انفو کے مطابق واٹس ایپ کا مذکورہ فیچر بی ٹا ورژن میں اچانک شامل ہوگیا اور ڈیویلپرز نے اس غلطی کی تصدیق بھی کی ہے۔ بی ٹا انفو نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ ونڈوز فون کے بی ٹا ورژن 2.17.342 میں غلطی سے پرائیویٹ رپلائی کا فیچر اپ ڈیٹ ہوگیا جو بعدازاں ہٹا دیا گیا۔
یہ فیچر پرائیویٹ رپلائی گروپ چیٹنگ کرنے والوں کے لیے تیار کیا گیا ہے جو ابھی آزمائشی مراحل میں ہے اور مکمل تجزیے کے بعد اسے واٹس ایپ میں اپ ڈیٹ کیا جائے گا اس فیچر کے ذریعے صارف گروپ میسیج کا خفیہ طور پر جواب دے سکے گا۔
قبل ازیں بی ٹا انفو نے آگاہ کیا تھا کہ واٹس ایپ نے اپنے ’واٹس ایپ ویب‘ میں پرائیویٹ رپلائی کی سہولت متعارف کرادی ہے جس کا باقاعدہ اعلان نہیں کیا گیا۔ اس فیچرکے ذریعے گروپ چیٹنگ کے دوران پیغام کا پرائیویٹ جواب دینا ممکن بنایا گیا ہے۔
اس فیچر کے تحت آپ گروپ میں کسی کو میسیج کا پرائیویٹ جواب دینا چاہیں تو پیغام لکھنے کے بعد آپ کے پاس ملٹی پل آپشن ہوں گے جس کے ذریعے آپ گروپ کے دوسرے شخص کو پرائیویٹ جواب دے سکیں گے، پرائیویٹ رپلائی کا آپشن منتخب کرنے کے بعد خود بخود ون آن ون علیحدہ چیٹ کھل جائے گی جس میں بآسانی خفیہ جواب دے سکیں گے۔
ایمزٹی وی(کراچی)ملک میں نئے سال کاآغاز یخ بستہ ہواؤں اور سرد لہروں سے ہو گا۔ گلگت سے کراچی تک ٹھنڈی ہوائیں تمام علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لیں گی۔ مزید ایک ہفتے تک میدانی اور وسطی علاقوں میں بارش کا امکان نہیں ، بارشیں کم ہونے سے میدانی علاقوں میں شدید دھند بنے گی۔
چیف میٹرولوجسٹ ڈاکٹر محمد حنیف نے پیش گوئی کی ہے کہ سال کا آغاز پاکستان میں کولڈ ویو سے ہو گا، گلگت سے کراچی تک یخ بستہ ہوائیں تمام علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لیں گی۔
ملک کے بیشتر حصوں میں موسم ان دنوں سرد اور خشک ہے، دن کے وقت درجہ حرارت معمول سے کچھ زیادہ ، راتیں سرد ہیں، بارشیں معمول سے کم ہونے کے باعث میدانی علاقوں میں دھند کا راج ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ویک اینڈ پر کولڈ ویو ملک کے زیادہ تر حصوں کو اپنی لپیٹ میں لے گی ، یخ بستہ ہوائیں ملک کے طول و عرض میں چلیں گی۔
ڈاکٹر محمد حنیف نے بتایا کہ کولڈ ویو کا ز یادہ فوکس بلوچستان میں رہے گا ،دو روز بعد کوئٹہ سمیت بلوچستان میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے گر جائیں گے ،کراچی سمیت سندھ کی ساحلی پٹی اور تمام میدانی علاقوں میں ٹھنڈی ہواؤں کا سلسلہ داخل ہو گا ، پاکستان کے بالائی علاقے بھی کولڈ ویو کے زیر اثر آئیں گے۔
چیف میٹرولوجسٹ کے مطابق جنوری میں معمول سے کم بارشیں ہو گی، بارشیں کم ہونے سے کولڈ ویو اور دھند بنتی ہے،مزید ایک ہفتے تک میدانی اور کراچی سمیت سندھ کی ساحلی پٹی پر موسم خشک رہے گا ،8 سے 10 روز بعد پنجاب اور کے پی کے بارانی علاقوں میں بارش ہو سکتی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارشیں کم ہونے سے میدانی علاقوں میں شدید دھند بنے گی،، دھند سے موٹر وے اور جی ٹی روڈ متاثر ہو گا ، شہری محتاط رہیں ۔
ایمزٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک)برطانوی ماہرین کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا مثلاً فیس بک، ٹوئٹر اور دیگر پلیٹ فارمز انسانی موڈ اور مزاج کو سمجھنے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔
اس ضمن میں اپنی نوعیت کا ایک بہت بڑا تجزیہ کیا گیا ہے جس میں یونیورسٹی آف برسٹل کے ماہرین نے 24 گھنٹے تک 80 کروڑ سے زائد ٹویٹر پیغامات کا جائزہ لیا اور مختلف موسموں میں بھی ٹویٹر پیغامات جمع کیے ہیں۔ بعد ازاں اس ڈیٹا کو مشین لرننگ سے گزار کر چیک کیا گیا۔
اس ڈیٹا کی مشین لرننگ اور تجزیئے کا سارا کام ڈاکٹر فیبن زوگینگ نے کیا ہے جبکہ مرکزی تحقیق ایک دماغی ماہر ڈاکٹر اسٹیفرڈ لائٹ مین نے کی ہے اور مصنوعی ذہانت (آرٹی فیشل انٹیلی جنس) کا سارا کام یونیورسٹی کے شعبہ انجینئرنگ میتھمیٹکس نے کیا ہے۔ اس تحقیق کے نتائج ’’برین اینڈ نیوروسائنس ایڈوانسز‘‘ نامی جریدے میں شائع ہوئی ہیں۔
اس کےلیے ماہرین نے جسمانی گھڑی (باڈی کلاک) کا جائزہ لیا جو دن اور رات کے لحاظ سے بدن کے معمولات کنٹرول کرتی ہے۔ اس کےلیے دماغ کا ایک چھوٹا سا حصہ ہپوتھیلمس ایک اہم کردار ادا کرتا ہے جس کے اندر ’’سپرا کیاسمیٹک نیوکلیئس‘‘ (ایس سی این) نامی گوشہ جسمانی گھڑی کا مرکز بھی ہے۔ واضح رہے کہ جسمانی گھڑی انسانی مزاج اور موڈ پر بھی اثر انداز ہوتی ہے۔
ایس سی این دن اور رات یا سورج نکلنے اور غروب ہوتے عمل میں حساس کردار ادا کرتا ہے۔ اسی مناسبت سے ایس سی این دماغ اور بدن کو ضروری سگنل، پیغامات اور ہارمونز بھیجتا ہے۔
سائنس دانوں نے جن 80 کروڑ ٹویٹس کا تجزیہ کیا، وہ چار سال کے عرصے میں کی گئی تھیں۔ ان ٹویٹس میں خوشی، شادی، حیرت انگیز، مبارک باد ، ایسٹر اور کرسمس وغیرہ کے الفاظ نظرانداز کیے گئے تاکہ ڈیٹا پر اثر نہ پڑے۔ اس کے بعد منفی اور مثبت الفاظ والے ٹویٹس کی ایک فہرست بنائی گئی جو 24 گھنٹے کے موڈ کو ظاہر کرتی ہے۔
صبح کے وقت غصہ سب سے کم نوٹ کیا گیا جبکہ دن کے ساتھ ساتھ یہ ٹویٹس میں بڑھتا رہا اور شام تک موڈ خراب ہوکر غصہ اپنے عروج پر دکھائی دیا۔ دوسری جانب اداسی صبح 6 بجے کم دیکھی گئی اور صبح 8 بجے اپنے عروج پر تھی۔ اسی طرح تھکاوٹ صبح 8 بجے عروج پر تھی جو بقیہ دن میں درجہ بہ درجہ کم دیکھی گئی۔ ماہرین نے بڑے غور سے وہ الفاظ چنے ہیں جو اداسی، رنج یا غصے کی کیفیات کو ظاہر کرتے ہیں۔
بدلتے موسموں کا ٹویٹس میں غصے اور تھکاوٹ پر کوئی خاص اثر نہیں ہوا جبکہ بدلتے موسموں نے مزاج (موڈ) اور اداسی پر اپنا اثر ڈالا۔ یعنی موڈ اور اداسی پر موسم کا گہرا اثر ہوتا ہے۔
ماہرین نے تحقیق کے بعد کہا ہے کہ دن کے مختلف اوقات منفی اور مثبت موڈ پر اثر ڈالتے ہیں جبکہ موسمیاتی تبدیلی موڈ اور تھکاوٹ پر اثر انداز نہیں ہوتیں۔ اس لحاظ سے سوشل میڈیا انسانی مزاج سمجھنے میں نہایت اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔ اس کی بدولت انسانی اندرونی گھڑی کو بھی سمجھا جاسکتا ہے۔
ایمزٹی وی(اسکردو)سیاچن سیکٹر میں برفانی تودے کی زد میں آکر پاک فوج کے 5 جوان لاپتہ ہوگئے ہیں۔میڈیا ذرائع کے مطابق دنیا کے بلند ترین محاذ جنگ سیاچن میں برفانی تودہ گرنے سے پاک فوج کے 5 جوان دب گئے ہیں جن کی تلاش کے لئے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
لاپتہ ہونے والے جوانوں کی تلاش کے لئے پاک فوج کے دستے سمیت علاقائی باشندے بھی مصروف ہیں جب کہ بھاری مشینری کا بھی استعمال کیا جارہا ہے تاہم تاحال کسی زخمی یا شہادت کی اطلاعات موصول نہیں ہوئیں۔
واضح رہے کہ اسکردو میں برفانی تودہ گرنے کے متعدد واقعات ہوچکے ہیں جن میں پاک فوج کے درجنوں جوان شہید ہوچکے ہیں جب کہ برفانی تودے گرنے کے واقعات میں بھارتی فوج کے اہلکار بھی ہلاک ہوچکے ہیں 2012 میں سیاچن کے گیاری سیکٹر میں بھی 80 فٹ اونچا اور ایک کلومیٹر طویل برفانی تودہ گرنے سے 11 شہریوں سمیت پاک فوج کے 128 فوجی شہید ہو گئے تھے۔
ایمزٹی وی(اسلام آباد)چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے گوادر میں انڈسٹریل اور کمرشل پلاٹوں کی الاٹمنٹ میں بےضابطگیوں کانوٹس لے لیا ہے۔
قومی احتساب بیورو کے سربراہ جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے گوادرمیں صنعتی اور تجارتی اراضی میں ہونے والی بے قاعدگیوں کا نوٹس لے لیا ہے۔ جاوید اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی کے لئے بلوچستان میں معاشی سرگرمیوں کافروغ انتہائی اہمیت کی حامل ہے، گوادر میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھنے والے حقیقی سرمایہ کاروں کایہ حق ہے کہ انہیں قواعد وضوابط کے مطابق سرمایہ کاری کاموقع دیاجائے۔
گوادر میں سرکاری ریکارڈ کےمطابق کمرشل پلاٹوں کی الاٹمنٹ میں قواعدکو نظرانداز کیا گیا، ذاتی پسند اور ناپسند کی بنیاد پر سرکاری اراضی کی الاٹمنٹ سے قومی خزانے کو نقصان پہنچایاگیا، صنعتکاروں اور اہل افراد کی درخواستوں کو ردی کی ٹوکری کی نظر کردیا گیا، حقیقی سرمایہ داروں کو نظرانداز کیا گیا اور اپنوں میں کمرشل پلاٹ بانٹ دیئے گئے، گوادرکی معاشی ترقی داؤ پرلگانےوالوں سےآہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے۔
واضح رہے کہ نیب نے گزشتہ روز پاکستان اسٹیل مل کی بربادی کے ذمہ داروں کا تعین کرکے ان کے خلاف تحقیقات کرنے کا بھی اعلان کیا تھا۔
ایمزٹی وی(انٹرٹینمنت)بالی ووڈ کے دبنگ اداکار سلمان خان کو ان کے مداح فلموں میں بہترین ایکشن اورولن کو پیٹنے کے لیے بہت پسند کرتے ہیں لیکن کیا واقعی سلمان خان ایکشن خود کرتے ہیں اس کا خلاصہ حال ہی میں ہوا جب ان کی جگہ فلموں میں ایکشن سین کرنےوالا شخص منظر عام پر آیا۔
بالی ووڈ ہو یا ہالی ووڈ ہر جگہ فلموں میں اصل اداکاروں کی جگہ ایکشن سین فلمانے کے لیے ان کا باڈی ڈبل ہوتا ہے جو خطرناک اسٹنٹ اور ایکشن سین کرتا ہے لیکن شائقین کو اسکرین پر ایسا لگ رہاہوتا ہے جیسے ولن اور غنڈوں کو اس فلم کا ہیرو ہی ماررہا ہے یا خطرناک اسٹنٹ ہیرو خود ہی کررہا ہے۔
بالی ووڈ کے دبنگ اداکار سلمان خان کو بھی لوگ ان کے ایکشن کی وجہ سے پسند کرتے ہیں اور جب سلمان اسکرین پر غنڈوں کو پیٹتے ہوئے نظر آتے ہیں تو سینما ہال میں موجود لوگ تالیاں اور سیٹیاں بجاکر انہیں داد دیتے ہیں لیکن شاید سلمان کے چاہنے والے یہ نہیں جانتے کہ ان کا پسندیدہ اداکارانہیں دھوکا دے رہا ہے اور ان کی جگہ اسٹنٹ ان کا باڈی ڈبل کررہا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سلمان سے بےانتہا مشابہت رکھنے والا پرویز قاضی نامی شخص سلمان کی ہر فلم میں ان کی جگہ غنڈوں کو پیٹتا ہے اور اگر سلمان کسی وجہ سے شوٹنگ میں حصہ نہیں لے پاتے تو پرویز ان کی جگہ شوٹنگ کرتا ہے۔ اگر پرویز کو حقیقت میں دیکھا جائے تو وہ بالکل سلمان کی طرح نظر آتا ہے جب کہ پیچھے سے دیکھنے پر تو کوئی یقین نہیں کرسکتا کہ یہ سلمان خان نہیں بلکہ ان کا باڈی ڈبل ہے۔
سلمان خان کی حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم’ٹائیگر زندہ ہے‘میں ان کے ایکشن سینز کو بہت زیادہ سراہا جارہا ہے لیکن اس فلم میں بھی متعدد سینز پرویز قاضی نے ہی ادا کیے ہیں۔ ٹائیگر زندہ ہے کے علاوہ پرویز ’دبنگ2‘، ’بجرنگی بھائی جان‘، ’پریم رتن دھن پایو‘، ’ٹیوب لائٹ‘ میں بھی سلمان کے باڈی ڈبل کی جگہ کام کرچکے ہیں جب کہ وہ ’ریس3‘ میں بھی سلمان کی جگہ کام کرہے ہیں۔
دوسری جانب پرویز قاضی اس بات کے لئے خدا کا شکر اداکرتے ہیں کہ ان کے اور سلمان کے چہرے میں بےانتہا مشابہت ہے جس کے باعث وہ سلمان خان کے ایکشن سین کرتے ہیں۔
ایمزٹی وی(نئی دہلی)بھارت نے آبی دہشت گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک اور ڈیم بناکر پاکستان کا پانی روکنے کی تیاری شروع کردی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر میں دریائے اجھ پر پانی ذخیرہ کرنے کے ایک بڑے منصوبے کی تیاری شروع کردی ہے۔ بھارت کے سنٹرل واٹر کمیشن نے مقبوضہ کشمیر کے ضلع کٹھوعہ میں دریائے اجھ پر ڈیم تعمیر کرنے کی تفصیلی رپورٹ جموں و کشمیر حکومت کے پاس جمع کرادی ہے۔ رپورٹ منظور ہوتے ہی فوری طور پر اجھ ڈیم کی تعمیر شروع کردی جائے گی۔
اجھ ڈیم ساڑھے 6 لاکھ ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش کا حامل منصوبہ ہوگا جس کے ذریعے بھارت پانی کا رخ موڑ کر اپنی 30 ہزار ہیکٹر اراضی کو سیراب کرے گا۔ دریائے اجھ دریائے راوی کی ایک شاخ ہے جو کٹھوعہ سے پاکستان میں داخل ہوتی ہے۔
بھارتی میڈیا نے اپنی رپورٹ میں صاف الفاظ میں لکھا ہے کہ اس آبی منصوبے کا مقصد پاکستان کو سبق سکھانا ہے۔ رپورٹ میں ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہا کہ جب تک پاکستان دہشتگردی کرتا رہے گا اس کے ساتھ پانی کے معاملے میں کوئی رعایت نہیں کی جائے گی۔ اور پاکستان کی طرف بہنے والے دریاؤں کا پانی کو روک کر اسے بھارت میں ہی استعمال کیا جائے گا۔
2016 میں انتہا پسند جماعت بی جے پی سے تعلق رکھنے والے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے بین الوزارتی ٹاسک فورسز بنائی تھی جسے سندھ طاس معاہدے کا جائزہ لینے اور پاکستان کی طرف بہنے والے پانی کو زیادہ سے زیادہ استعمال کرنے کا کام سونپا گیا۔
واضح رہے کہ پاکستان کا پانی روکنے کے لیے بھارت طویک عرصے سے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے تمام دریاؤں پر پانی ذخیرہ کرنے کے بڑے ڈیم بنانے میں مصروف ہے۔