ایمزٹی وی(صحت)ہالینڈ کے ماہرین نے انکشاف کیا ہے کہ وہ لوگ جو تنہائی پسند ہوتے ہیں یا زیادہ تر اکیلے رہتے ہیں، انہیں ٹائپ 2 ذیابیطس (شوگر) میں مبتلا ہونے کا خطرہ دوسرے افراد کی بہ نسبت کہیں زیادہ ہوتا ہے۔
ہالینڈ کی ماسٹرخ یونیورسٹی میں اسٹیفانی برنکہیوز اور ان کے ساتھیوں نے ماضی میں ٹائپ 2 ذیابیطس کے بارے میں کیے گئے مختلفطبی مطالعات کا ازسر نو تجزیہ کیا جن میں مجموعی طور پر 2861 افراد شامل تھے جن کی عمریں 40 سے 75 سال کے درمیان تھیں، ان میں سے 33 فیصد افراد کو ٹائپ 2 ذیابیطس کی بیماری لاحق تھی۔
جب مختلف سوالناموں کے ذریعے ان تمام افراد کے طرزِ حیات (لائف اسٹائل) کا جائزہ لیا گیا اور ان کے سماجی رابطوں بشمول حلقہ احباب، میل جول، عزیز رشتہ داروں اور اسی نوعیت کے دیگر مراسم کو کھنگالا گیا تو معلوم ہوا کہ وہ لوگ جن کے دوستوں کی تعداد کم تھی اور جو زیادہ میل ملاپ کے مقابلے میں اکثر اکیلے رہتے تھے، ان میں ٹائپ 2 ذیابیطس میں مبتلا ہونے کی شرح بھی دیگر افراد کے مقابلے میں زیادہ تھی۔
ریسرچ جرنل ’’بی ایم سی پبلک ہیلتھ‘‘ میں شائع شدہ اس تحقیق کے مطابق تنہائی پسند یا اکیلے پن کے احساس میں مبتلا مردوں کی تقریباً 29 فیصد تعداد ٹائپ 2 ذیابیطس کا شکار دیکھی گئی جبکہ خواتین میں یہی شرح اس سے کہیں زیادہ یعنی 49 فیصد پائی گئی۔ اسٹیفانی کہتی ہیں کہ خواتین جذباتی اور سماجی تعلقات وغیرہ میں مردوں کی بہ نسبت زیادہ حساس ہوتی ہیں اور وہ بہت جلد احساسِ تنہائی کا شکار ہوجاتی ہیں، شاید اسی لیے وہ ٹائپ 2 ذیابیطس میں بھی زیادہ مبتلا ہوجاتی ہیں۔
واضح رہے کہ بعض نفسیاتی کیفیات کا اثر اتنا شدید ہوتا ہے کہ وہ جسمانی تکالیف اور بیماریوں کی وجہ بن جاتا ہے جس کی سب سے عام صورت ہاضمے کی خرابی یا غیر متوازن بھوک کی شکل میں ظاہر ہوتی ہے۔ احساسِ تنہائی کی صورت میں ٹائپ 2 ذیابیطس کا حملہ اسی کی ایک تازہ مثال ہے۔
ایمز ٹی وی (کراچی) نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وہاب ریاض نے کہا کہ لوگ مجھ سے اچھی کار کرد گی کی توقعات رکھتے ہیں، بدقسمتی سے پچھلے دنوں میری پرفارمنس بہتر نہ رہی، لیکن میں بھر پور محنت کر رہا ہوں.
امید ہے کہ جلد ہی پاکستان ٹیم میں شامل ہو جاؤں گا کیوں کہ اچھا اور برا وقت ہر کھلاڑی پر آتا ہے، میں بھی بُرے دور سے نکلنے کی کوشش کر رہا ہوں۔
ایک سوال کے جواب میں فاسٹ بولر نے کہا کہ ٹی 10 کرکٹ لیگ کا تجربہ بہت دلچسپ رہا، مجھے اس نئی طرز کی کرکٹ کھیل کر بہت مزا آیا، ٹی 10 کرکٹ میں کھلاڑیوں کو کو اپنی اہلیت اور صلاحیت کا اندازہ ہوجاتا ہے۔
ایمزٹی وی(کراچی)سٹی کورٹ میں وکلا نے غنڈہ گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نجی چینل ایکسپریس نیوز کے سینئر رپورٹر کو بیہمانہ تشدد کا نشانہ بنایا۔
میڈیا ذرائع کے مطابق کراچی سٹی کورٹ میں وکلا نے ایکسپریس نیوز کے سینئر رپورٹر ارشد بیگ کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ عدالت میں سی ویو پر قتل ہونے والے نوجوان ظافر کے کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے مقدمے کے اہم ملزم جنید شاہ کی عبوری ضمانت منسوخ کرتے ہوئے اسے گرفتار کرنے کا حکم دیا لیکن وکلا نے جنید شاہ کو فرار کرا دیا۔
پولیس نے ملزم کو گرفتار کرنے کی کوشش کی لیکن وکلا نے غنڈہ گردی کرتے ہوئے پولیس کو روک دیا اور اس دوران مقدمے کے تفتیشی افسر عامر الطاف اور ایکسپریس نیوز کے سینئر رپورٹر ارشد بیگ کو مارا پیٹا۔ وکلا نے مقدمے کی کوریج کرنے پر صحافی ارشد بیگ سے ان کا موبائل فون بھی چھین لیا اور ایک گھنٹہ تک حبس بیجا میں رکھا۔ واضح رہے کہ ظافر قتل کیس میں ملزم جنید شاہ مقدمے میں عبوری ضمانت پر رہا تھا۔
ایمزٹی وی(کراچی)سیشن عدالت نے شاہ زیب قتل کیس کے مبینہ مرکزی ملزم شاہ رخ جتوئی سمیت تمام ملزمان کی ضمانتیں منظور کرلیں۔
سندھ ہائی کورٹ نے شاہ زیب قتل کیس کے ملزم شاہ رخ جتوئی اور دیگر کی سزائیں کالعدم قرار دیتے ہوئے کیس سماعت کے لئے سیشن جج بھیجنے کا حکم دیا تھا جب کہ عدالت نے مقدمے سے دہشت گردی کی دفعات بھی ختم کردی تھیں۔
کراچی کی ضلع جنوبی کی سیشن عدالت نے 19 دسمبر کو کیس کی ازسر نو پہلی سماعت میں صلح نامہ اور کیس کا ریکارڈ طلب کرتے ہوئے روزانہ کی بنیاد پر سماعت کا فیصلہ کیا تھا۔
مطابق کراچی کی ضلع جنوبی کی سیشن عدالت میں شاہ زیب قتل کیس کی سماعت ہوئی۔ سماعت کے آغاز پر مقتول شاہ زیب کے والد نے صلح کے حوالے سے حلف نامہ جمع کرایا۔
جب کہ انہوں نے ایک اور حلف نامہ جمع کرایا جس میں ملزمان کی ضمانت پر رہائی کے حوالے سے کوئی اعتراض داخل نہیں کیا۔
مقتول شاہ زیب کے والد نے عدالت کے روبرو بتایا کہ بیٹے کے قتل کے بعد ملزمان کے اہلخانہ سے صلح ہوگئی تھی، گھر والوں کی مرضی سے ملزمان کے اہلخانہ سے صلح کی اور شاہ زیب کے قاتلوں کو اللہ کی رضا کے لیے معاف کیا، اس لیے ملزمان کی ضمانت پر کوئی اعتراض نہیں۔
اس دوران مقتول کے والد اورنگزیب نے ملزمان کی ضمانت پر رہائی اور مقدمہ ختم کرنے کی بھی درخواست دائر کی۔عدالت نے درخواست ضمانت پر سماعت کے بعد فیصلہ سناتے ہوئے کیس کے مبینہ مرکزی ملزم شاہ رخ جتوئی، نواب سراج علی تالپور، سجاد تالپور اور غلام مرتضیٰ لاشاری کی ضمانتیں منظور کرلیں۔
عدالت نے چاروں ملزمان کو 5،5 روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔سیشن عدالت نے کیس کےمبینہ مرکزی ملزم شاہ رخ جتوئی کی غیر قانونی اسلحہ کیس میں بھی ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کرلی۔
عدالت کی جانب سے ضمانت منظور کیے جانے کے بعد ضمانتی مچلکے جمع کرانے پر ملزمان کی رہائی کا حکم جاری کردیا جائے گا۔ بعد ازاں عدالت نے کیس کی مزید سماعت 26 دسمبر تک ملتوی کردی۔
خیال رہے کہ 20 سالہ نوجوان شاہ زیب خان کو دسمبر 2012 میں ڈیفنس کے علاقے میں شاہ رخ جتوئی اور اس کے دوستوں نے معمولی جھگڑے کے بعد مبینہ طور پر گولیاں مار کر قتل کر دیا تھا۔
کراچی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے جون 2013 میں اس مقدمہ قتل کے مبینہ مرکزی ملزم شاہ رخ جتوئی اور نواب سراج علی تالپور کو سزائے موت اور دیگر ملزمان بشمول گھریلو ملازم غلام مرتضٰی لاشاری اور سجاد علی تالپور کو عمر قید کی سزا سنائی تھی۔
ایمزٹی وی(تعلیم/کراچی)کراچی اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ نے انٹرکامرس کے نتائج کااعلان کردیا۔
اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کی جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق انٹر کامرس ریگولر کے نتائج کا اعلان منگل 26 دسمبر کو ڈھائی بجے ہوگا۔
ایمزٹی وی(انٹرٹینمنٹ)ملکہ ترنم نور جہاں کو دنیا سے گزرے 17 سال بیت گئے لیکن ان کی آواز آج بھی مداحوں کے کانوں میں رس گھولتی ہے۔
ملکہ ترنم نور جہاں 21ستمبر 1926 کوعظیم صوفی شاعر بلھے شاہ کی دھرتی قصور میں پیدا ہوئیں۔ اُن کا نام اللہ وسائی رکھا گیا۔ میڈم نور جہاں نے 9 سال کی عمرمیں گلوکاری کا آغاز کیا۔
قیام پاکستان سے قبل نور جہاں نے ممبئی میں کئی فلموں نادان، نوکر، لال حویلی، دل، ہمجولی اور جگنو وغیرہ میں کام کیا۔ قیام پاکستان کے بعد وہ لاہور منتقل ہو گئیں جہاں پرانہوں نے اداکاری اورگلوکاری کا سلسلہ جاری رکھا۔ نور جہاں نے دوپٹہ، گلنار، انتظار، لخت جگر، کوئل اور انار کلی میں کام کیا۔ میڈم نورجہاں نے ایک ہزار فلموں کے لئے گیت گائے۔
ملکہ ترنم کے دل میں پاکستان کی محبت کوٹ کوٹ کر بھری ہوئی تھی اور انہوں نے 1965 کی جنگ کے دوران کئی ملی نغمے گائے اور ان گیتوں سے پاکستانی فوج اورعوام کا حوصلہ بلند ہوا۔
میڈم نور جہاں 23دسمبر 2000 کو دل کا دورہ پڑنے سے74 برس کی عمر میں کراچی میں انتقال کر گئیں لیکن آج بھی ان کے گائے گیت عوام میں بے پناہ مقبول ہیں۔ انہیں شاندار پرفارمنس کے باعث صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی اور تمغہ امتیاز سے بھی نوازا گیا۔
ایمزٹی وی(تعلیم/کراچی)ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے دسویں جماعت سائنس وجنرل گروپ (ریگولر اور پرائیویٹ) ضمنی امتحانات سال 2017کے نتائج کا اعلان کر دیا ہے۔ چیئرمین میٹرک بورڈ ڈاکٹر سعید الدین نے بتایا ہے کہ سائنس گروپ میں 29ہزار 786امیدواروں نے رجسٹریشن کروائی تھی،29ہزار624امیدوار امتحانات میں شریک ہوئے جبکہ ان امیدواروں میں سے15ہزار 452 نے کامیابی حاصل کی،اس طرح کامیاب ہونے والے امیدواروں کی مجموعی طور پر شرح 52.16 فیصد رہی۔
اسی طرح جنرل گروپ ریگولر میں3ہزار312امیدواروں نے رجسٹریشن کروائی،3ہزار309امیدوارشریک ہوئے۔ ان امیدواروں میں سے1ہزار 595امیدواروں نے کامیابی حاصل کی،مجموعی طور پر کامیاب امیدواروں کی شرح48.2فیصد رہی۔اسی طرح جنرل گروپ پرائیویٹ امیدواروں کے اعداد و شمار کے مطابق 1ہزار 904نے رجسٹریشن کروائی ،1ہزار 874امیدوار شریک ہوئے ۔ان طلبا و طالبات میں سے 835 امیدواروں نے کامیابی حاصل کی، مجموعی طور پرکامیابی کی شرح 44.55فیصد رہی۔
ایمزٹی وی(کراچی)شاہ زیب قتل کیس میں مقتول شاہ زیب کےوالد نے ملزمان کے اہل خانہ سے صلح کے حوالے سے حلف نامہ عدالت میں جمع کرادیا۔
سندھ ہائی کورٹ نے شاہ زیب قتل کیس کے ملزم شاہ رخ جتوئی اور دیگر کی سزائیں کالعدم قرار دیتے ہوئے کیس سماعت کے لئے سیشن جج بھیجنے کا حکم دیا تھا جب کہ عدالت نے مقدمے سے دہشت گردی کی دفعات بھی ختم کردی تھیں۔
کراچی کی ضلع جنوبی کی سیشن عدالت نے 19 دسمبر کو کیس کی ازسر نو پہلی سماعت میں صلح نامہ اور کیس کا ریکارڈ طلب کرتے ہوئے روزانہ کی بنیاد پر سماعت کا فیصلہ کیا تھا۔ ذرائع کےمطابق کراچی کی ضلع جنوبی کی سیشن عدالت میں شاہ زیب قتل کیس کی سماعت ہوئی۔
سماعت کے آغاز پر مقتول شاہ زیب کے والد نے صلح کے حوالے سے حلف نامہ جمع کرایا۔ جب کہ انہوں نے ایک اور حلف نامہ جمع کرایا جس میں ملزمان کی ضمانت پر رہائی کے حوالے سے کوئی اعتراض داخل نہیں کیا۔
مقتول شاہ زیب کے والد نے عدالت کے روبرو بتایا کہ بیٹے کے قتل کے بعد ملزمان کے اہلخانہ سے صلح ہوگئی تھی، گھر والوں کی مرضی سے ملزمان کے اہلخانہ سے صلح کی اور شاہ زیب کے قاتلوں کو اللہ کی رضا کے لیے معاف کیا، اس لیے ملزمان کی ضمانت پر کوئی اعتراض نہیں۔
اس دوران مقتول کے والد اورنگزیب نے ملزمان کی ضمانت پر رہائی اور مقدمہ ختم کرنے کی بھی درخواست دائر کی۔ بعد ازاں عدالت نے کیس کی مزید سماعت 26 دسمبر تک ملتوی کردی۔
ایمز ٹی وی(اتجارت) گزشتہ برسوں کی طرح اس سال بھی حکومت غیر ملکی قرضوں کے حصول کا ریکارڈ بنانے کی طرف جا رہی ہے جب کہ رواں مالی سال کے پہلے 5 ماہ میں ہی 5.2 بلین ڈالر کا قرضہ حاصل کر لیا گیا ہے جو سالانہ اندازے سے دو تہائی زیادہ ہے۔
وزارت خزانہ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ 2 بانڈز کی مالیت یعنی 2.5 بلین ڈالر اس میں سے نکال دیے جائیں تب بھی جولائی سے نومبر 2017 تک حکومت نے 2.7 بلین ڈالر کا قرضہ لیا ہے، مجموعی طور پر قرض کی مالیت رواں مالی سال کے پہلے 5 ماہ میں 5.22 بلین ڈالر بنتی ہے۔ رواں مالی سال 2017-18 کے لیے حکومت نے 7.7 بلین ڈالر کے غیر ملکی قرضوں کا اندازہ لگایا تھا لیکن ایسا لگتا ہے کہ گزشتہ مالی سال کی طرح اس سال بھی یہ حد پہلے ہی عبور کر لی جائے گی۔
اس صورتحال کا بڑا سبب ن لیگ کی وفاقی حکومت کی جانب سے معاشی صورتحال کے حوالے سے موثر پالیسیاں نہ بنانا ہے، موجودہ حکومت کے پہلے 4 سال میں برآمدات میں کمی ہوئی اور براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں کمی دیکھنے میں آئی جب کہ وزارت خزانہ میں موجود ذرائع نے ایکسپریس ٹریبیون کو بتایا کہ معاشی معاملات کو چلانے کے لیے آئندہ مہینوں میں مزید قلیل المدتی قرضے لیے جانے کا امکان ہے۔
ایمزٹی وی(اسلام آباد)وفاقی وزیرداخلہ و منصوبہ بندی ڈاکٹر احسن اقبال نے تھرپارکر میں یونیورسٹی بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے تھر کو ملک کی توانائی کا دارالحکومت قراردے دیا ہے۔
وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ تھر سمیت سندھ کے ضلعی ہیڈکوارٹرز میں یونیورسٹیز قائم کی جائیں گی۔ آج مجھے تھر میں آکے انقلاب اور تبدیلی کو دیکھنے کا موقع ملا ہے اور خوابوں کو حقیقت میں بدلتے دیکھ رہاہوں۔ سی پیک کے ذریعے اس منصوبے کو مالی مدد فراہم کی گئی تاکہ منصوبے کو عملی شکل دی جاسکے۔
احسن اقبال نے کہا کہ تھر کول منصوبہ یہ بات ثابت کرتا ہے کہ اگر وفاقی اور صوبائی حکومتیں تعاون سے کام کریں توملک کی اقتصادی ترقی ناگزیر ہے۔ تھر کول منصوبے میں وفاقی حکومت نے سندھ حکومت نے اور پرائیویٹ سیکٹر نے ایک ٹیم بن کر کام کیا جو کام66 سال سے نہیں کیا جا سکا وہ کام 2 سال میں ہم نے کر دکھایا۔
ایک سوال پر احسن اقبال نے کہا کہ ڈاکٹر ثمر مبارک مندکو اب حکومت فنڈ نہیں دے سکتی۔ تھرکول پر نجی کمپنیاں کام کرنے کے لیے موجود ہیں تو حکومت کیوں اپنے فنڈ لگائے۔ ان کو چاہیے کہ منصوبہ کول گیسیفکیشن اگر کامیاب ہوا ہے تو بجلی کے ٹیرف طے کرکے بجلی سپلائی کی جائے۔ وفاق کے تعاون سے تھر کول بلاک 2سے بجلی قومی گرڈ تک بھیجنے کے لیے لائن لگائی جا رہی ہے۔اس وقت تھر میں کوئلے کی کھدائی کا کام تیزی سے جاری ہے، 2019 میں ہم بجلی پیدا کرنا شروع کردیں گے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ میں اینگرو کی انتظامیہ کو مبارکباد دیتا ہوں کہ انھوں نے بہت تیز رفتاری کے ساتھ اس منصوبے پر عملدرآمد کیا اور یہ منصوبہ اس بات کا ثبوت ہے کہ چائنہ پاکستان اقتصادی راہداری جس کے بارے میں لوگ قوم کو گمراہ کرتے تھے وہ خواب آج حقیقت میں بدل چکا ہے آج پاکستان توانائی کے اندر خود کفالت حاصل کر رہا ہے۔
چیف ایگزیکٹوسندھ اینگرو کول مائیننگ کمپنی شمس الدین احمد شیخ نے وفاقی وزیر کو پروجیکٹ پربریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ مائیننگ کا کام اور330 میگا واٹ کے2 بجلی گھروں پر کام تیزی سے جاری ہے جبکہ تھر فائونڈیشن کے تحت تھر میں صحت، تعلیم، پانی اور روزگار کے منصوبوں پر بھی کام جاری ہے۔
وفاقی وزیر احسن اقبال نے بلاک ٹو پر سندھ اینگرو کول مائننگ کمپنی کی جانب سے ہونے والی اوپن پٹ مائیننگ اور اینگرو پاورجین تھر لمیٹڈ کی جانب سے660 میگاواٹ کے بجلی گھروں کا دورہ کیا۔
مائننگ کے دورے کے دوران بریفنگ دیتے ہوئے ڈائریکٹر سائٹ مرتضیٰ رضوی نے کہا کہ کوئلہ حاصل کرنے کے لیے112 میٹر کھدائی مکمل کرلی ہے۔ 140 میٹر کھدائی کے بعد کوئلہ حاصل ہوگا۔ اس سے قبل وفاقی وزیر سے تھری ڈمپر ڈرائیور خواتین نے بھی ملاقات کی اور وہ تھری خاتون ڈرائیور کے ساتھ ڈمپر میں بھی بیٹھے اور ڈمپر ڈرائیور خواتین کی حوصلہ افزائی کی اور ان کی ہمت کو داد دی۔