منگل, 21 جنوری 2025

 

ایمزٹی وی(کراچی)حکومت سندھ نے بینظیر بھٹو کی برسی پر عام تعطیل کی منظوری دے دی۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بینظیر بھٹو کی 10 ویں برسی پر عام تعطیل کی منظوری دے دی ہے۔ محکمہ سروسز سندھ کی جانب سے چھٹی کی سمری ارسال گئی جسے وزیراعلیٰ سندھ نے منظور کرلیا۔
کل بدھ کو سندھ حکومت اور اس کے ذیلی اداروں میں عام تعطیل ہوگی۔ واضح رہے کہ بے نظیر بھٹو دو بار ملک کی منتخب وزیراعظم رہیں اور 27 دسمبر 2007ء کو راولپنڈی کے لیاقت باغ میں بم دھماکے میں جاں بحق ہوگئی تھیں

 

 

ایمزٹی وی(گوجرانوالہ)گوجرانوالہ میں ختم نبوت کانفرنس ﷺ سے خطاب کرتے ہوئے آستانہ عالیہ سیال شریف کے سجادہ نشین پیر حمید الدین سیالوی نے پنجاب حکومت کو مستعفی ہونے کے لیے 31 دسمبر کی مہلت دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے وزیر قانون رانا ثناء اللہ کے استعفے کا وعدہ پورا نہیں کیا، شہباز شریف 31 دسمبر تک رانا ثناء سے استعفی دلوائیں ورنہ خود مستعفی ہوجائیں۔
پیر حمید الدین سیالوی نے کہا کہ سب مل کر وعدہ کریں کہ کوئی ن لیگ کو ووٹ نہیں دے گا، اگر کوئی معاملہ ہوا تو سب سے پہلے گولی کھاؤں گا، ہمارے جذبات سے نہ کھیلو بھڑک گئے تو ایوانوں تک جاپہنچیں گے، اگر شہباز شریف اپنے ایک نوکر وزیر کو نہیں نکال سکتے تو ملک کیسے چلائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: پیرحمید الدین سیالوی کا حکومت سے علیحدگی کا اعلان
تحریک لبیک کے امیر ڈاکٹر اشرف جلالی نے خطاب میں کہا کہ نواز،عمران اور زرداری سب انگریز کے نوکر چاکر ہیں، عوام بجلی گیس کے مسائل تو برداشت کر سکتے ہیں لیکن ختم نبوت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، حکومت کے گھٹنے ٹیکنے تک تحریک جاری رہے گی جبکہ 4 جنوری کو لاہورداتا دربار سے پنجاب اسمبلی تک مارچ ہوگا۔
سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ ایسی پارلیمنٹ کو نہیں مانتے جہاں عقیدہ ختم نبوت کے خلاف سازش کی گئی، کلمے کی بنیاد پر بنائے گئے ملک میں ختم نبوت کے خلاف سازش نہ ہونے دیں گے، اگر کسی نے ایسا کرنے کی کوشش کی تو کروڑوں عوام دیوار بن جائیں گے، 31 دسمبر تک حکمران استعفے دے دیں، رانا ثناء الله کے بیان پر نواز اور شہباز شریف کیوں خاموش ہیں۔

 

 

ایمزٹی وی(لاہور)فیصل آباد میں ایک ایسا آرٹسٹ ہے جو گذشتہ 45 سال سے بانی پاکستان کے پورٹریٹ بنا رہا ہے جنہیں دیکھ کر بڑے بڑے آرٹسٹ داد دینے پر مجبور ہوتے ہیں۔ 64 سالہ مصور بابائے قوم کی سالگرہ پر ایک اور خوبصورت پورٹریٹ تیار کر رہا ہے۔ فن کسی کی میراث نہیں ۔ جھال پل کے نیچے فٹ پاتھ پر دنیا و مافیہا سے بے خبر عمر رسیدہ مصور پینسل سے کینوس پر پورٹریٹ کی نوک پلک سنوارتے بابائے قوم کی محبت میں ایسا سرشار دکھائی دیتا ہے کہ ہر پہلو سے انسیت نظر آتی ہے۔
استاد شفیق کا کہنا ہے سکول کے زمانے سے تحریک پاکستان کے ہیروز کو مصوری کے ذریعے اجاگر کرنے کی ٹھان لی تھی۔ بچپن سے بڑھاپے تک کینوس پر دلچسپی قائد اعظم کے پورٹریٹ بنانے میں ہی رہی۔ ضلعی انتظامیہ کے دفاتر ہوں یا حکومتی ایوان ہر جگہ استاد شفیق کےتخلیق کردہ پورٹریٹ آویزاں ہیں۔ استاد شفیق پوٹریٹ بنانے میں مصروف ہوں تو ممکن ہی نہیں یہاں سے گزرنے والے اس نابغہ روزگار مصور کی مہارت کی داد دیے بغیر گزر جائیں۔
 

 

 

ایمزٹی وی(مظفرآباد)ترقی یافتہ اور ترقی پذیر ممالک میں بنیادی فرق دراصل معیار تعلیم کا ہی ہے جس ملک میں معیاری اور اعلیٰ تعلیم دستیاب نہ ہو وہاں قیادت کا فقدان پیدا ہو جاتا ہے
ان خیالات کا اظہار صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے روٹس انٹرنیشنل اسکول مظفرآباد کی طلباء کونسل کی حلف برداری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر روٹس انٹرنیشنل اسکول کی ریجنل ڈائریکٹر مسز الما سید گیلانی نے صدر سردار مسعود خان کا خصوصی شکریہ ادا کیا ۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد) ضلعی انتظامیہ نے پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری کا نام ای سی ایل میں ڈلوانے پر غور شروع کردیا اور اس سلسلے میں انتظامیہ وزارت داخلہ سے جلد رجوع کرے گی۔
میڈیا ذرائع کے مطابق اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے طاہر القادری کے خلاف تمام مقدمات اور عدالتی کارروائی کی رپورٹ مرتب کرلی ہے، ذرائع کا کہنا ہے رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر طاہرالقادری کے خلاف 5 مقدمات درج ہیں، انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت سے طاہر القادری کے دائمی وارنٹ بھی جاری ہوچکے ہیں، خصوصی عدالت نے طاہر القادری کی جائیداد قرق کرنے کا حکم جاری کررکھاہے جب کہ تھانہ سیکرٹریٹ میں درج مقدمات میں پی ٹی آئی کے عمران خان ضمانت کروا چکے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر طاہر القادری نے تاحال ضمانت کے لیے عدالت سے رجوع نہیں کیا جب کہ اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری کا نام ای سی ایل میں ڈلوانے پر غور شروع کردیا اور اس سلسلے میں انتظامیہ وزارت داخلہ سے جلد رجوع کرے گی۔

 

 

ایمزٹی وی(انٹرٹینمنٹ)بالی ووڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا کا شماران اداکاراؤں میں ہوتا ہے جنہوں نے نہ صرف بالی ووڈ میں کامیابی حاصل کی بلکہ ہالی ووڈ میں کامیابی کے جھنڈے بھی گاڑے اورخوب داد حاصل کی۔ پریانکا چوپڑا کے حصے میں مس ورلڈ، سماجی خدمات پر بین الاقوامی ایوارڈ، دنیا کی سب سے زیادہ آمدنی والی اداکاراؤں کی فہرست میں شامل ہونے سمیت متعدد اعزازات ہیں۔
اداکارہ اب نئے اعزاز پر خوشی سے پھولے نہیں سمارہی ہیں۔ پریانکا کو بھارت کی بریلی انٹرنیشنل یونیورسٹی کی جانب سے ڈاکٹریٹ کی ڈگری سے نوازا گیا ہے۔
اس سے قبل بارہا اداکارہ یہ کہہ چکی ہیں کہ ان کی خواہش رہی ہے کہ وہ ایک بار پھر کالج جائیں اور اپنی گریجویشن کی ڈگری حاصل کریں جو وہ شوبزمصروفیات کے باعث پوری نہیں کرسکیں تھیں۔
ڈاکٹریٹ کی ڈگری ملنے کے حوالے سے پریانکا کی والدہ کا کہنا ہے کہ مجھے بہت خوشی ہے کہ پریانکا کے سماجی خدمات کے حوالے سے کام کو خوب سراہا جارہا ہے اور بیٹی اس اعزاز کی حقدار ہے۔
واضح رہے کہ اداکارہ ہالی ووڈ کے دو نئے پراجیکٹ میں کام کرنے جارہی ہیں جب کہ بالی ووڈ میں بھی سنجے لیلا بھنسالی کے ہمراہ ایک بڑا پراجیکٹ کریں گی۔

 

 

ایمزٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک)فیس بک سروسز میں نمایاں اضافے کے بعد اب صارفین مزید حیران ہونے کے لیے تیار ہوجائیں کہ اس سال فیس بک ویڈیو چیٹس کی تعداد 17 ارب سے بھی تجاوز کرگئی جو سال 2016ء کے مقابلے میں دگنی ہے۔
فیس بک نے سال کے اختتام پر اعداد وشمار جاری کرتے ہوئے کہا کہ چیٹ ایپ پر 17 ارب سے زائد کالز کی گئیں، اس کے بعد فیس بک ویڈیو کال ایپ نے واٹس ایپ اور اسکائپ کو پیچھے چھوڑ دیا اور اسے 2017ء میں 17 ارب سے زائد افراد نے استعمال کیا۔
واضح رہے کہ ابھی مائیکرو سافٹ نے اسکائپ کے اعدادوشمار ظاہر نہیں کیے اور نہ ہی ایپل نے فیس ٹائم ویڈیوز کی تعداد بتائی ہے اسی وجہ سے فیس بک کے دعوے کو دیگر پلیٹ فارم کے مقابلے پر پرکھا نہیں جاسکتا تاہم ایک سال میں فیس بک ویڈیو کی تعداد کا دگنا ہونا ایک اچھی پیش رفت ہے۔
تجزیہ کاروں نے کہا ہے کہ فون پر غلطی سے بھی بار بار ویڈیو چیٹ بٹن دب جاتا ہے جس سے ویڈیو کال لگ جاتی ہے تاہم ان کالز کے باوجود بھی 17 ارب کا ہندسہ ایک معنی رکھتا ہے۔ فیس بک نے اپنے پلیٹ فارم پر اظہار کے دیگر طریقے بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے 500 ارب ایموجی شیئر کیے گئے جن میں خوشی، غمی اور غصے کے اظہار کرنے والے چھوٹے کارٹون نما ایموجی استعمال کیے گئے اس کے علاوہ فیس بک کے صارفین نے 18 ارب جف اور اینی میٹڈ تصاویر شیئر کی ہیں۔
اس کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ فیس بک نے اسی سال میسنجر لائٹ بھی متعارف کرایا ہے جس پر صرف چیٹ کی جاسکتی ہے لیکن اس پر ویڈیو کال نہیں کی جاسکتی۔

 

 

ایمزٹی وی(تعلیم/کراچی)کراچی کے علاقے سولجربازارمیں 9 دسمبرکو ڈکیتی مزاحمت پرقتل ہونے والی عنبرین کے قتل کا معمہ حل ہوگیا اوراسکول پرنسپل کے قتل کوڈکیتی مزاحمت کا رنگ دینے والا اسکا شوہرقاتل نکلا، جس کے بعد مقتولہ کے شوہراورایک خاتون ٹیچرسمیت 3 ملزمان گرفتارکرلیئے گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ شوہرعلی عباس نے 2 شادیاں کی ہوئی تھیں، شوہرعلی حسن نے قتل کی واردات کو ڈکیتی کا رنگ دیا، دوسری بیوی سحرشمس بھی اسکول ٹیچرہے اورمقتولہ کی دوست بھی ہے۔ ملزم علی حسن واردات کے بعد سحرشمس کے گھرگیا اوراس کے بھائی شمس الاسلام کو یہ بتایا کہ پہلی بیوی کے قتل کے بعد اب اس کی بہن کوگھر میں لاسکتا ہے۔ پولیس تفتیش کے مطابق جس گاڑی میں عنبرین کا قتل ہوا، اس گاڑی کے کہیں سے بھی شیشے نہیں ٹوٹے، جب کہ گولی انتہائی قریب سے ماری گئی ہے۔
س سے قبل پولیس کی جانب سے یہ بتایا گیا تھا کہ گھرسے کچھ فاصلے پر ہی ملزمان نے ان کی کارکو روکا اورلوٹ مارشروع کردی۔ اسی دوران شوہرکا موبائل فون نیچے گر گیا، جس کو اٹھانے کے لیے وہ جیسے ہی جھکا تو ملزمان نے خاتون کے سر پر گولی ماری اور فرار ہوگئے

 

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس)کرکٹ آسٹریلیا کو بھی اسپاٹ فکسنگ کا خوف بُری طرح ستانے لگا تاہم بگ بیش ٹیموں کو کرپشن کے بڑھتے ہوئے خطرے سے ایک بار پھر خبردار کردیا گیا۔
بورڈ چیف جیمز سدرلینڈ آئی سی سی کے اینٹی کرپشن یونٹ کے سربراہ الیکس مارشل سے مسلسل رابطے میں ہیں، انھوں نے کہاکہ تازہ ترین اسکینڈل کی تحقیقات کے حوالے سے اے سی یو پر مکمل اعتماد ہے۔
جیمز سدرلینڈ نے کہاکہ ہم نے بگ بیش ٹیموں کے ذمہ داران کو واضح پیغام دے دیاکہ اپنے اس ایونٹ کو دنیا کا نہیں تو کم سے کم آسٹریلیا کا سب سے بڑا، بہترین اور صاف ستھرا اسپورٹس ٹورنامنٹ بنانا چاہتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ابتدائی بریفنگ کے بعد میری مارشل سے2 یا تین مرتبہ بات چیت ہوئی، جہاں تک میں جانتا ہوں وہ خود آسٹریلیا نہیں آرہے مگر ان کے کچھ لوگ اپنے طریقہ کار کے تحت کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔
جیمز سدرلینڈ نے اس اسکینڈل کی ٹائمنگ کو اذیت ناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے کھلاڑی ایشز جیسی اہم سیریز کھیلنے میں مصروف اور ان کی توجہ منتشر ہوسکتی تھی مگر انھوں نے ایسا نہیں ہونے دیا۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا آئی سی سی کی جانب سے موجودہ آسٹریلوی کھلاڑیوں کے انٹرویو بھی لیے جائیں گے تو انھوں نے لاعلمی کا اظہار کیا۔
یاد رہے کہ گذشتہ دنوں برطانوی اخبار نے اپنی رپورٹ میں مبینہ بھارتی بکیز کے حوالے سے آسٹریلوی کرکٹ میں بھی فکسنگ کے جراثیم موجود ہونے کا دعویٰ کیا تھا، آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ کے چیف الیکس مارش چیف ایگزیکٹیو کرکٹ آسٹریلیا سدرلینڈ اور انگلش بورڈ چیف ٹام ہیریسن کو اس مواد کے بارے میں بریفنگ دی جو انھیں مذکورہ اخبار سے موصول ہوا تھا جب کہ اس بارے میں کھلاڑیوں کو پرتھ ٹیسٹ کے دوران ہی آگاہ کردیا گیا تھا۔