پیر, 20 جنوری 2025

 

ایمز ٹی وی (کراچی/تعلیم) جامعہ کراچی میں کے ملازمین نے جامعہ کراچی ایمپلائیز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے ساتھ مل کر منگل کو جامعہ کراچی کے انتظامی بلاک کےسامنے دھرنا دیا اور سخت احتجاج کیا

ملازمین کا کہنا تھا کہ ٹی ٹی ایس رجسٹرار اور ریٹائرڈ ڈی ایف کی ہدایت پر موجودہ انتظامیہ نے ان کےوالدین کی میڈیکل کی سہولت ختم کردی ہے۔ شام کے ملازمین کو مستقل کرنے کے بجائے نکالا جارہا ہے ملازمین کےبچوں کا کوٹہ ختم کیا جارہا ہے۔

ملازمین کا کہنا تھا کہ جامعہ کراچی کی انتظامیہ ان کے ساتھ ناانصافی کر رہی ہے ، احتجاجی ملازمین نے بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے جس پر جامعہ کراچی کی انتظامیہ کے خلاف نعرے درج تھے۔

 

 

ایمز ٹی وی (کر اچی) متحد ہ قومی مو ومنٹ پاکستان کے سر براہ ڈاکٹر محمد فاروق ستار نے سینئر سیا ستدان مخدوم امین فہیم کی دوسری بر سی کے مو قع پر انکی سیا سی خد مت کو زبر دست خراج عقید ت پیش کرتے ہو ئے کہا کہ مخدوم امین فہیم نے عوام کے مختلف طبقوں کے مامین ہم آہنگی بھائی چارے کیلئے گر اں قدر خدما ت سر انجام دیں۔ انہوں نے جمہو ریت کی بحا لی اور اس کے اقدارکی سر بلند ی کیلئے اپنی زند گی وقف کر رکھی تھی، ایک سیا سی کا رکن کیلئے ان جیسے رہنما کی سیا سی زند گی قابل تقلید ہے۔

انہو ں نے مز ید کہا کہ مر حوم کی زند گی ایک قومی اثا ثہ ہےان کی وفا ت سے پید ا ہو نے والا خلاء مدتوں پر نہیں کیا جا سکتا ۔

 

 

ایمزٹی وی(ہرارے)37 برس تک زمبابوے کے صدر رہنے والے رابرٹ موگابے نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
 
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق رابرٹ موگابے نے اپنی ہی جماعت کی جانب سے ان کے خلاف مواخذے کی تحریک جمع کرانے کے بعد اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ پارلیمنٹ کے اسپیکر نے موگابے کے استعفے کی تصدیق کردی ہے اور اس کے ساتھ ہی ان کا 37 سالہ دور اقتدار ختم ہوگیا۔
 
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے موگابے نے ملک کے نائب صدر کو برطرف کرکے ان کی جگہ اپنی اہلیہ کو یہ عہدہ تفویض کیا تھا جس کے بعد ملک کی فوج کے سربراہ نے ان پر شدید تنقید کی تھی، رابرٹ موگابے کی جانب سے جواب میں آرمی چیف کے خلاف سخت زبان استعمال کرنے پر فوج نے غیر اعلانیہ طور پر ملک کا کنٹرول سنبھال لیا تھا جب کہ ان کی اپنی ہی جماعت نے ان کے خلاف بغاوت کردی تھی۔

 

 

ایمز ٹی وی (اسلام آباد) سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ عدلیہ کا دُہرا معیار سامنے آرہا ہے، ان کے فیصلے نہ جانے کب آنے ہیں؟ ہمارے فیصلے تو بہت جلدی آجاتے ہیں۔

احتساب عدالت میں پیشی پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ سسیلین مافیا اور گاڈفادر جیسے الفاظ عدالتی فیصلوں میں لکھے گئے،ہمارےلیےکچھ اورمعیارہےاوران کےلیےکچھ اور، رولز آف گیم ایک جیسے ہونے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ دیکھیں ہم کیسے کیسے دور سےگزررہے ہیں، دھرنوں کا سلسلہ 2014سے جاری ہے، میں خاص طور پر پی ٹی آئی کی بات کررہا ہوں،

حکومت کو چین کے ساتھ کام نہیں کرنے دیا گیا، دھرنوں کے باوجود ملک نے ترقی کی۔

 

 

ایمز ٹی وی (لاہور) سپریم کورٹ بار کی سابق صدر عاصمہ جہانگیر کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کے پارٹی صدر بننے سے عوام کی جیت ہوئی ہے، اب سب کو مل کر فیصلہ کرنا ہے کہ حکومت فوج یا عدلیہ کرے گی یا پھر عوام کو حکومت کرنا ہے۔

عاصمہ جہانگیرنے لاہور ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ بے نظیر بھٹو این آر او سےخوش نہیں تھیں، مسلم لیگ ن کا ماضی بہت خراب ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جمہوری قوتوں کو اکٹھے ہونا چاہیے تھا، مگرافسوس کہ جمہوری قوتوں نےاپنا کردار ادا نہیں کیا۔ عاصمہ جہانگیر نے کہا کہ وزیر ِقانون کو عہدے سے ہٹانے کا کوئی جواز نہیں، کل کو یہ لوگ کہیں گے کہ وزیرِ قانون کو پھانسی دی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ احتساب سب کا برابری کی سطح پر ہونا چاہیے، مگر ایسا ہو نہیں رہا، بلکہ احتساب صرف ایک شخص کا ہو رہا ہے۔

 

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس)ورلڈ بلائنڈ ٹی ٹوئنٹی کپ 2021ء کی میزبانی انگلینڈ کرے گا۔ورلڈ بلائنڈ کرکٹ کونسل کا اجلاس بنگلادیش کے شہر ڈھاکہ میں صدر مہانتیش جی کے کی صدارت میں ہوا، اجلاس میں 10 ممالک میں سے 9 ممبر ممالک نے شرکت کی جبکہ پاکستان کی طرف سے ورلڈ بلائنڈ کرکٹ کونسل کے ڈائریکٹر ٹیکنیکل یوسف ہارون نے اسکائپ کے ذریعے شرکت کی۔
اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ ٹوئنٹی20 عالمی بلائنڈ کرکٹ کپ 2021 میں انگلینڈ میں ہو گا۔ اس کے علاوہ بلائنڈ کرکٹ کے قوانین میں تبدیلی کرتے ہوئے بی ون کھلاڑی (ٹوٹل بلائنڈ) پھینکنے والے اوورز 40کی بجائے 30فیصد کوٹہ کردیا گیا ہے۔
اجلاس میں ون ڈے میچ کے پاور پلے کو دو حصوں پر تقسیم کیا گیا، پہلے ایک روزہ میچ میں پاور پلے میں 16 اوور پر مشتمل ہوتا تھا تاہم اس میں تبدیلی کرتے ہوئے پہلا پاور پلے 16 کی بجائے 10 اوورز پر مشتمل ہو گا جبکہ دوسرا پاور پلے 6 اوورز پر بیٹنگ پاور پلے ہو گا، اجلاس میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات میں ہونے والے ایک روزہ عالمی کرکٹ کپ کے گرائونڈز اور غیر ملکی کھلاڑیوں کے رہائشی انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے۔

 

 

ایمز ٹی وی (لاہور) وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ بے بنیاد الزامات لگانے والوں کوعوامی خدمت سے کوئی سروکار نہیں ، جھوٹ کی منفی سیاست عوام میں اپنی ساکھ کھو چکی ہے۔ منگل کوجاری اپنےبیان میں وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے ہر دور میں عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے عملی اقدامات کئے ہیں ،یہی وجہ ہے کہ ن لیگی دور حکومت کے ترقیاتی منصوبے شفافیت اور معیار کے لحاظ سے اپنی مثال آپ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شکست خوردہ عناصر نے ملک وقوم کے روشن مستقبل کو کھوٹا کرنے کی کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ شہباز شریف نے بھارتی پنجاب کے وزیر اعلیٰ کیپٹن (ر) امریندر سنگھ کے نام خط لکھ دیاجس میں انہوں نے امریندر سنگھ کو دعوت دی ہے کہ سموگ اور ماحولیاتی آلودگی کے مسائل سے نبردآزما ہونے کے لیے علاقائی تعاون کے اقدامات کیے جائیں۔ شہباز شریف نے اپنے خط میں کہا ہے کہ گزشتہ برس پاکستانی اوربھارتی پنجاب کو سموگ کے مسلے کاسامنا کرنا پڑا،تاہم رواں سال یہ مسئلہ زیادہ شدت اختیار کر گیا اوراس کاپھیلاؤ بھی زیادہ رہا ۔ انہوں نے اِس مسئلے نے علاقائی صورت اختیار کر لی ہے جس سے نئی دلی تا لاہور اور دیگر علاقے متاثر ہوئے ہیں۔ یہ مسئلہ بنیادی طور پر سائنسی اور معاشی نوعیت کا حامل ہے جس سے کسی دوسرے طریقے سے نبٹا نہیں جا سکتا ۔
شہبازشریف کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ’’خادم پنجاب سکولز پروگرام‘‘ کے تحت سکولوں میں اضافی کمروں کی تعمیرکے منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لیاگیا-وزیر اعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کے ہزاروں سکولوں میں اربوں روپوں سے 36ہزار اضافی کمروں کی تعمیر کے پروگرام پر عملدرآمد جاری ہے اورسکولوں میں اضافی کمروں کی تعمیر سے طلبا ء و طالبات کو بہترین تعلیمی سہولتیں ملیں گی۔ شہبازشریف سے نیدرلینڈ کی سفیر آر ڈی سٹوئس بریکن نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور ،دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلی محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان او رنیدرلینڈ کے مابین اچھے دوستانہ تعلقات موجو د ہیں اورنیدر لینڈ کو زراعت ، لائیوسٹاک، ڈیری فارمنگ اور واٹر مینجمنٹ کے شعبو ںمیں خاص مہارت حاصل ہے۔
انہوں نے کہاکہ توانائی کے شعبے میں بھی نیدرلینڈ کے ساتھ تعاون بڑھانے کے خواہاں ہیں- دونوںممالک کو معاشی تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے۔انہوںنے کہاکہ مسلم لیگ( ن )کی حکومت نے ہزاروں میگا واٹ کے توانائی کے منصوبے ریکارڈ مدت میں مکمل کئے ہیں اور ان منصوبوں کی تکمیل سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہوا ہے-
نیدرلینڈ کی سفیرنے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب کے زرعی شعبے میں تعاون کے بہت مواقع موجود ہیں اورہم پنجاب کے ساتھ لائیوسٹاک اورڈیری ڈویلپمنٹ کے شعبوں میں بھی اشتراک کار کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔ علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ نے لاہور جنرل ہسپتال میں ڈینگی کے فوکل پرسن ڈاکٹراسلام ظفر کے خلاف پیڈاا یکٹ کے تحت کارروائی کا حکم دے دیا ہے جس کیلئے پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر راشد ضیاء کو انکوائری افسر مقرر کر دیا ہے ۔
 

 

 

 

ایمز ٹی وی (اسلام آباد) مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ نوازشریف جھوٹے الزامات پر بھی عدالت میں پیش ہو رہے ہیں، جبکہ ابھی تک ان کےخلاف کوئی ثبوت نہیں مل سکا ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ سابق وزیر اعظم نوازشریف اس لیےعدالت میں پیش ہورہےہیں کہ ملک میں آئین وقانون کی پاسداری ہو۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ نوازشریف عدالت میں اس لیےبھی آرہے ہیں کہ جھوٹے اور ڈاکو لوگ بھی پیش ہوں۔ وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے کہا کہ ن لیگ کےخلاف افواہیں اڑائی جارہی تھی وہ بھی ختم ہوگئی، تاہم اب افواہیں اڑانےوالوں کو جواب مل گی اکہ مسلم لیگ ن ایک گھر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نامعلوم افراد کو بھی جواب مل گیا کہ قائد نواز شریف کے نیچے سب متحد ہیں۔

 

 

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس)محمد عامر نے ورلڈ کپ 2019 میں تہلکہ مچانے کی ٹھان لی۔ محمد عامر نے کہا ہے کہ پابندی کی وجہ سے ورلڈ کپ 2011 اور 2015نہ کھیل پانے کا افسوس ہے،آئندہ ایونٹ میں بھرپور شرکت کرتے ہوئے اپنی کارکردگی سے گہرا تاثر چھوڑنا چاہتا ہوں۔
ایک انٹرویو میں محمد عامر نے کہا کہ میں تینوں فارمیٹ میں اپنی ذمہ داریوں سے انصاف کرنے کیلیے ٹریننگ کے سخت شیڈول پر عمل پیرا رہتا ہوں، 2010میں سامنے آنے والے اسپاٹ فکسنگ کیس میں میرے سزا مکمل کرنے کے بعد کم بیک تک کرکٹ میں انقلابی تبدیلیاں ہوئیں،اس کا انداز یکسر بدل چکا،خاص طور پر محدود اوورز کے کھیل میں بولرز کیلیے مشکلات بڑھ گئی ہیں، ون ڈے میچز میں 300سے زائد رنز عام سی بات ہوگئی، میچز میں بڑے اسکور معمول بن چکے۔
پیسر نے بتایا کہ دائرے کے اندر فیلڈرز کھڑے کرنے کا قانون متعارف کرائے جانے سے بولرز کو اپنی کارکردگی برقرار رکھنے کیلیے نئی ورائٹیز پر کام کرنا پڑا،کھیل میں اس قدر تیزی آنے کی وجہ مختلف ملکوں میں ہونے والی ٹی ٹوئنٹی لیگز بھی ہیں، انہوں نے کہا کہ کرکٹ پہلے سے بہت زیادہ مشکل اور محنت طلب کھیل ہوگیا ہے۔
مکی آرتھر کی طرف سے ٹیسٹ کرکٹ میں شارٹ لینتھ گیندوں کی وجہ سے زیادہ کامیاب نہ رہنے کے سوال پر محمد عامر نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ کم بیک کے وقت زیادہ فرسٹ کلاس میچز نہ ملنے کی وجہ سے میں ابتدا میں شارٹ گیندیں زیادہ کرتا تھا، بعد ازاں بہتری لانے کی کوشش کی اور مثبت نتائج بھی حاصل ہوئے، ویسٹ انڈیز میں زیادہ کامیابی ملی،اس کے ساتھ ایک اور پہلو بھی مد نظر رکھنا چاہیے کہ ایک ڈیڑھ سال میں ٹیسٹ میچز کے دوران میری بولنگ پر 16کے قریب کیچز بھی ڈراپ ہوئے،ایسا نہ ہوتا تو میرا ٹیسٹ ریکارڈ خاصا بہتر نظر آتا،ہم کسی کو الزام نہیں دے سکتے، کوئی فیلڈرنہیں چاہتا کہ کیچ چھوڑ دے۔

 

 

ایمزٹی وی(ڈی آئی خان)ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کولاچی میں آپریشن کے دوران پاک فوج کے میجر اسحاق شہید ہوگئے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کولاچی میں آپریشن کیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں دھرتی کے ایک اور سپوت میجر اسحاق نے جام شہادت نوش کیا۔ شہید میجر اسحاق کی عمر 28 سال اور خوشاب سے تعلق تھا۔ ان کے پسماندگان میں بیوہ اور ایک سال کا بچہ شامل ہے۔
 
میجر اسحاق کی نماز جنازہ ان کے آبائی علاقے میں ادا کردی گئی جس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کے حملے پاک فوج کے حوصلے پست نہیں کرسکتے اور ہم مادر وطن کی حفاظت کا مقدس فریضہ سرانجام دیتے رہیں گے۔