پیر, 20 جنوری 2025

 

ایمز ٹی وی (کراچی) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ نواز شریف اپنا بویا ہوا کاٹ رہے ہیں، ہم سے گلہ کیسا؟ پیپلز پارٹی کے سیکرٹری اطلاعات چودھری منظور سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ میاں صاحب اپنا ماضی دیکھیں پھر ہم سے گلہ کریں۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ نواز شریف سے جب جب ہاتھ ملایا تب تب انہوں نے دھوکا دیا، اے آر ڈی سے سی او ڈی اور ای او ڈی سے مشرف کے مقدمے تک نواز شریف نے دھوکا دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج ناانصافی کی باتیں کرنے والے نواز شریف نے پی سی او ججوں کو تحفظ دیا، افتخار چوہدری کی محبت میں میثاق جمہوریت توڑ دیا تھا۔ چیئرمین پی پی پی کا یہ بھی کہنا تھا کہ نواز شریف نے ہمیشہ ہماری جمہوریت پسندی کو استعمال کیا، ہمیں نون لیگ سے جمہوریت پسندی کا سرٹیفکیٹ نہیں لینا۔

 

 

ایمز ٹی وی (کراچی) کراچی میں نمائش چورنگی پر مذہبی جماعت لبیک یارسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے تحت ہونے والا دھرنا پانچویں روزبھی جاری ہے۔ صبح ہوتے ہی دھرنے کے شرکاء گزشتہ روز کی طرح بیچ سڑک سے ہٹ کر ایم اے جناح روڈ کے کنارے بیٹھ کر دھرنا دینے لگے۔ ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ گرومندر سے نمائش آنے والی سڑک ٹریفک کے لیے کھول دی گئی ہے۔ گزشتہ شام بھی دھرنا مظاہرین نے سڑک کے کنارے سے اٹھ کر سڑک کے درمیان بیٹھ کر دھرنا دے دیا تھا اور سڑک پر ٹریفک کی روانی معطل ہو گئی تھی۔

جس کے بعد اس سڑک سے گزرنے والے ٹریفک کو متصل دیگر متبادل راستے استعمال کرنے پڑے تھے، جبکہ رش ہونے کی وجہ سے کئی علاقوں میں ٹریفک جام کی صورت حال بھی دیکھنے میں آئی تھی۔

کراچی میں مظاہرین نے اسلام آباد میں ہونے والے تحریک لبیک کے دھرنے کے شرکاءسے خیرسگالی کے تحت پانچ روز سے دھرنا دے رکھا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ مطالبات کی منظوری تک دھرنا جاری رکھیں گے۔

 

 

ایمز ٹی وی (صحت) قومی ادارہ برائے امراضِ قلب نے حکومتِ سندھ اور کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کے تعاون سے دل کے مریضوں کی سہولت کیلئے ناگن چورنگی فلائی اوور کے نیچے بھی سینے کے درد کے فوری و مفت علاج کیلئے یونٹ کا آغاز کردیا ہے۔

یونٹ کا افتتاح بدھ کو این آئی سی وی ڈی کے ایگزیگیٹیو ڈائریکٹر پروفیسر ندیم قمرنے کیا اس موقع پر گورننگ باڈی کے اراکین ، ڈاکٹر ، نرسز اور پیرامیڈیکس کی بڑی تعداد موجود تھی ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ندیم قمر کا کہنا تھا کہ سندھ کی عوام کو ان کی دہلیز پہ ہی امراضِ قلب کے علاج کی خدمات فراہم کرنے کے لئے گلشن چورنگی فلائی اوور، گل بائی فلائی اوور ، ملیر ہالٹ فلائی اوور اور قیوم آباد چورنگی فلائی اوور کے بعد اب ناگن چورنگی فلائی اوورکے نیچے بھی چیسٹ پین یونٹ کا آغاز کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مئی 2017سے شروع کی گئی ان سہولیات سے اب تک 12957 سے زیادہ مریض مستفید ہو چکے ہیںجس میں5487 دل کے مریض اور 977 دل کے دورے کے مریض بھی شامل ہیں جن کی زندگیاں بچائی گئی ہیں۔ انہوں نے مزید روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ دل کے مریضوں کو فوری طبّی امداد فراہم کرنے کیلئے یہ یونٹس تیار کیے گئے ہیںاوران تمام یونٹس کی ٹیمیںانسانی زندگیاں بچانے میں24 گھنٹے مصروفِ عمل ہیں۔ پروفیسر ندیم قمر کا کہنا تھا کہ بہت جلداس طرز کے مزید یونٹس کراچی کے مختلف علاقوں اور اندرون سندھ میں قائم کئے جائینگے۔ این آئی سی وی ڈی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے سندھ حکومت اور کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کے تعاون پران کا شکریہ بھی ادا کیا۔

واضح رہے کہ جدید آلات سے آراستہ اِن یونٹس میں دل کے دورے کی تشخیص کیلئے مناسب ٹیسٹنگ کی سہولیات موجود ہیں۔ یہ یونٹس مریضوں کو ابتدائی ہنگامی امداد فراہم کرنے کے لئے ڈیزائن کئے گئے ہیں اور فوری طبّی امداد کے بعد مریض کو بلا تاخیر این آئی سی وی ڈی کیتھ لیب منتقل کیا جاتا ہے۔

 

 

ایمزٹی وی(ریاض)برطانوی اخبار نے انکشاف کیا ہے کہ کرپشن کے الزام میں گرفتارسعودی امراکو الٹا لٹکاکر تشدد کر کے تفتیش کی جارہی ہے،کھرب پتی شہزادہ الولیدبن طلال کوبھی الٹالٹکاکرتشددکانشانہ بنایاگیا،برطانوی اخبارکی خصوصی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب میں کرپشن کے الزام میں گرفتار شہزادوں پرامریکی کنٹریکٹرز تشدد کرکے پوچھ گچھ کررہے ہیں،کھرب پتی شہزادہ الولید بن طلال کو بھی الٹا لٹکا کر تشدد کا نشانہ بنایا گیا،فائیواسٹارہوٹل کے باہرسعودی اوراندرنجی سیکیورٹی کمپنی کے اہلکارتعینات ہیں۔
سعودی شہزادے الولید بن طلال کو میٹنگ کاکہہ کرمحل بلایاگیاتھا،انہیںرات پونے3بجے کمرے سے گھسیٹ کرہتھکڑی لگائی گئی اور مجرم کے طور پر پوچھ گچھ کی گئی،برطانوی اخبار کے مطابق شہزادہ الولیدبن طلال کوبتایاگیاکہ دنیاکوتمام الزامات سے آگاہ کردیاگیا ہے۔
برطانوی اخبار کا کہناہے کہ سعودی عرب میں3ہفتے پہلے11شہزادوں اورسینکڑوں امراکوگرفتارکیاگیاتھا،گرفتارافرادکے بینک کھاتوں سے194ارب ڈالرضبط کئے جاچکے ہیں۔
برطانوی اخبارکے مطابق سعودی امرا سے تفتیش کیلئے بلیک واٹر کی خدمات حاصل کی گئی ہیں اور اس کی موجودگی کا عرب سوشل میڈیا اور لبنانی صدر نے ایک ٹوئٹ میں کیا تھا،لیکن بلیک واٹر کے حکام نے سعودی عرب میں موجودگی کی سختی سے تردید کی ہے ۔

 

 

ایمز ٹی وی (سندھ) ’’زرداری بھگاؤ سندھ بچاؤ‘‘ مارچ کرپشن کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا عوام 8دسمبر کو زرداری کی سیاست کا سورج غروب کردیں گے ،گل محمدرند ودیگر 8دسمبرکا ‘‘زرداری بھگاؤ سندھ بچاؤ ’’مارچ کرپشن کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا، پیپلزپارٹی نے آصف زرداری کی قیادت میں سندھ کو تباہ و برباد کرکے کھنڈر بنا دیا ہے ،تعلیم ہے نہ صحت اور نہ ہی روزگار، کوئی بھی بنیادی سہولت عوام کو میسر نہیں ہے ،بس جیالے اورمتوالے اپنے لیڈروں کے ساتھ مل کر کرپشن کا بازار گرم کررہے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف دادو ڈویژن کے صدر گل محمد رند نے ہمدرد ہاؤس میں منعقد ہ تین اضلاع کے اجلاس کے بعد میڈیا کے نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

ان کا کہنا تھا اب وقت آگیا ہے کہ سندھ کے عوام اپنے حقوق کے لئے جابر حکمرانوں سے اپنی جان چھڑائیں۔ اجلاس میں جامشورو کے ضلعی صدر ملک پہاڑ خان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف پوری تیاری سے اس بار الیکشن میں بھرپور حصہ لے گی اور کامیاب ہو کر کرپٹ سیاستدانوں کا احتساب کریگی، نوشہروفیروز کے صدر قاضی ارمان ،نوابشاہ کے صدر مجید مگسی ودیگر نے کہا کہ ہم آج کے اجلاس میں کپتان کے ‘‘زرداری بھگاؤ سندھ بچاؤ مارچ’’ کو حتمی شکل دے چکے ہیں انشااللہ لوگوں کا سمندر نکلے گا اورزرداری کی سیاست کا سورج غروب ہو جائے گا۔

 

 

ایمزٹی وی(دبئی)پاکستان مسلم لیگ ن فارورڈ بلاک گلف ریجن کے صدر کیپٹن عاصم ملک نے کہا ہے کہ 2 دسمبر کو متحدہ عرب امارات کا قومی دن دھوم دھام سے منایا جائے گا۔ ہر سال 2 دسمبر کو یو اے کی لوگ یہ دن ملی و قومی جوش و جذبہ کے تحت مناتے ہیں جبکہ ہم بھی اماراتی بھائیوں کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہیں۔ ا
مارات اور پاکستان کی دوستی روز اول سے ہے جس کی مضبوطی میں دن بدن اضافہ ہورہا ہے اور دونوں ممالک ایک دوسرے کے مزید قریب آرہے ہیں۔ ہمیں بھی انفرادی اور اجتماعی طور پر دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مضبوط کرنے کے لئے کوشش کرنی چاہیے۔
کیپٹن عاصم ملک نے کہا کہ مسلم لیگ ن فارورڈ بلاک اسی سلسلہ عظیم الشان پروگرام ترتیب دے رہی ہے جس میں ہر طبقہ فکر کے لوگوں کو شرکت کی دعوت دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امارات پاکستانیوں کا دوسرا گھر ہے۔
ہمیں اس کی مزید قدر کرنی چاہیے اور اپنا خلوص و پیار اس پر نچھاور کرنا چاہیے۔ کیپٹن عاصم ملک نے مزید کہا کہ دو دسمبر کے نیشنل ڈے کو بھرپور انداز میں منانے اور اماراتیوں کے ساتھ اظہار یک جہتی کرنے کے لئے ہر پاکستانی کواپنا اپنا کردار ادا کرنا چاہیے تاکہ امارات کے ساتھ ہمارا حق دوستی بطریق احسن اداہوسکے۔

 

 

ایمز ٹی وی (کراچی) 2 لاکھ ٹن کچرے کا بیک لاگ ختم کرنابحریہ ٹاؤن اوربلدیہ وسطی کا کارنامہ ہے حکومت کے ساتھ شہری بھی ذمہ داریاں پوری کریں،وسیم اختر کاخطاب میئرکراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ کراچی کو کچرے سے نجات دلانا اولین ترجیح ہے ،

ضلع وسطی سے کچرا اٹھانے کے بعد اب ضلع کورنگی سے کچرا اٹھانے کا آغاز کریں گے جہاں گزشتہ آٹھ برس سے لاکھوں ٹن کچرا جمع ہے ۔ سرکاری و نجی شعبے سے جو بھی تعاون کا ہاتھ بڑھائے گا اسے خوش آمدید کہیں گے حکومت کے ساتھ ساتھ شہری بھی اس حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں، ہم سب مل کر اپنے شہر کوصاف ستھرا اورسرسبز بنائیں گے ، یہ بات انہوں نے بحریہ ٹاؤن کے تعاون سے بلدیہ وسطی میں جاری صفائی مہم کے اختتام پر بلدیہ وسطی کی جانب سے منعقدہ تقریب اظہار تشکر سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی،

اس موقع پر چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی، وائس چیئرمین شاکر علی، جنرل منیجر بحریہ ٹاؤن ذوالفقار میمن، کموڈور ریٹائرڈ نعیم اور دیگر افسران بھی موجود تھے ۔ میئر کراچی نے کچرے کی صفائی پر ضلع وسطی کے مکینوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ڈیڑھ مہینے کی قلیل مدت میں بلدیہ وسطی کی حدود سے 2 لاکھ ٹن کچرے کا بیک لاگ ختم کرنابحریہ ٹاؤن اوربلدیہ وسطی کا بڑا کارنامہ ہے ، اس میں کوئی شک نہیں کہ ملک ریاض اور بحریہ ٹاؤن ہمیشہ پاکستان کی ترقی کے لئے تگ و دو کرتے ہیں اور اس کارخیر کی ذمہ داری اٹھانا بھی اس بات کا ثبوت ہے ۔ بحریہ ٹاؤن کے کموڈور(ر) نعیم نے حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بحریہ ٹاؤن کے روح رواں ملک ریاض نے جو ہدایت کی اْس پر خلوصِ نیت سے بلدیہ وسطی کے چیئرمین کی خواہش کے مطابق عمل کیا تاکہ ضلع وسطی کو صاف ستھرا ضلع بنادیا جائے ۔

 

 

ایمز ٹی وی (اسلام آباد) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ میں جمع ایک بھی دستاویز غلط ثابت ہوئی تو میں سیاست چھوڑ دوں گا۔ کوہاٹ میں میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ لندن فلیٹ بیچ کر پیسہ قانونی طور پر ملک میں لایا اور اس کی 60 صفحات کی ۔ دستاویزات سپریم کورٹ میں جمع کرائی ہیں تاہم اس میں سے ایک بھی چیز غلط ثابت ہوئی تو خود سیاست چھوڑ دوں گا۔ عمران خان کا کہنا تھا ' اگر نواز شریف منی ٹریل دیتے تو کیوں نکالا نہ کہتے پھرتے اور نہ ہی یہ کہتے کہ عوام میرا احتساب کرے گی بلکہ عوام احتساب نہیں کرتی، کارکردگی پر ووٹ دیتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف 30 سال سے عوام کو بیوقوف بنا رہے ہیں، انہوں نے 300 ارب ملک سے باہر بھیجے جب کہ سپریم کورٹ میں ان کی جانب سے جمع کرایا گیا قطری خط بھی فراڈ نکلا ہے۔ قومی اسمبلی میں نااہل شخص کے پارٹی سربراہ بننے پر پابندی کا بل مسترد ہونے کے حوالے سے عمران خان نے کہا کہ نااہل شخص کو پارٹی چیئرمین بنانے والے 160 ارکان قومی اسمبلی شرم سے ڈوب مریں، قوم کا پیسا چوری کرنیوالے نااہل آدمی کوکون اپنا سربراہ بناتا ہے؟ انہوں نے کہا کہ ہم پولیس میں کسی قسم کی سیاسی مداخلت نہیں ہونے دیتے اور ہمارا کام بہترین آئی جی کو صوبے میں لگانا تھا۔

عمران خان کا کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس کی کارکردگی میں بہتری آئی ہے جس سے لوگوں کو فائدہ ہو رہا ہے اور رواں سال پچھلے 10 سال میں سب سے پرامن سال رہا ہے۔

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ یہ نیا خیبر پختونخوا ہے جس میں سیاستدان بلٹ پروف شیشے کے بغیر جلسوں سے خطاب کر رہے ہیں، چند سال پہلے تک اس کا تصور تک نہ تھا، اسفند یار ولی تو صوبہ چھوڑ کر چلے گئے تھے اور آج وہ جلسوں سے خطاب کر رہے ہیں۔ ڈی آئی خان واقعے سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ سیاسی مخالفین نے بہت بڑا ڈرامہ کیا لیکن کیس میں نامزد 9 میں سے 8 ملزمان کو 24 گھنٹے میں گرفتار کیا گیا جب کہ میں نے خود 24 گھنٹے کے اندر آئی جی پولیس کو کال کی اور واقعے کے بارے میں پوچھا۔

 

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس)بنگلہ دیش پریمئیر لیگ میں حسن علی کے بعد جنید خان نے بھی اپنی باﺅلنگ سے مخالفین کو چت کردیا ۔بی پی ایل میں راجشاہی کنگز نے کھلنا ٹائٹنز کے خلاف مقررہ 20اوورز میں8وکٹوںنے نقصان پر 166رنز بنائے ۔راجشاہی کنگز کی جانب سے ڈیوائن سمتھ نے 62، شفیق الرحیم نے 55 اور جیمز فرینکلن 29 رنز بنائے ۔
پاکستانی پیسر جنید خان نے 27رنز دے کر 4کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی ۔جواب میں کھلنا ٹائٹنز نے مطلوبہ ہدف 19.2 اوورز میں 8 وکٹ پر حاصل کرلیا، محمود اللہ نے 56 کی قائدانہ اننگز کھیلی، عارف الحق 43 اور ریلی روسو20 رنز بناکر نمایاں رہے، پاکستانی فاسٹ بولر محمد سمیع نے 29 رنز دے کر3 وکٹیں اڑائیں لیکن ان کی یہ کاوش ٹیم کے کام نہیں آسکی جب کہ کیوی پیسر فرینکلن نے 2 کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا۔

 

 

ایمز ٹی وی (اقوامَ متحدہ ) پاکستان نے عالمی برادری کو افغان جنگ کے خاتمے اور خطے میں استحکام کا حل مذاکرات کے ذریعے نکالنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی جانب سے طاقت کے استعمال سے امن قائم نہیں ہوسکتا۔ اقوامِ متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے جنرل اسمبلی کے اجلاس میں افغان صورتحال پر جاری اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ افغان جنگ کے خاتمے کا حل بات چیت کے ذریعے نکالا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اتحادی افواج، کابل انتظامیہ اور افغان طالبان ایک دوسرے پر طاقت کا استعمال کرکے مسئلے کا حل نہیں نکال سکتے۔

افغانستان میں فوج کی موجودگی کو برقرار رکھنے کے معاملے پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ 16 برس سے دنیا کی طاقت ور فورسز کی جانب سے جنگ لڑنے کے باوجود امن قائم نہیں ہوسکا۔ انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان میں سیاسی اور فوجی حل کے لیے باہمی مطابقت کا فروغ ضروری ہے۔ ملیحہ لودھی نے کہا ’میرے خیال میں عالمی برادری بھی اس بات پر متفق ہے کہ افغانستان میں پائیدار امن صرف مذاکرت کے ذریعے ہی آسکتا ہے‘۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے افغانستان میں صدیوں سے جاری سیاسی معاملات اور تنازعات کے حل کے لیے مسلسل پیش کش کی ہے۔ اپنے خطاب میں پاکستان کی جانب سے مستقل مندوب نے افغان طالبان کو دعوت دی کہ وہ تشدد کو چھوڑ کر مذاکرات کی میز پر آئیں تاکہ امن کے لیے ایک سنجیدہ مذاکرات کیے جاسکیں۔ اس موقع پر انہوں نے افغان امن اور مصالحت کے پلان کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ سیاسی حل کی جانب پہلا قدم ہوگا۔ ملیحہ لودھی نے افغانستان میں طویل مدتی تنازعات کے باعث پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی اور اور معیشت پر اس کے اثرات سے عالمی بعادری کو آگاہ کیا۔