ایمز ٹی وی (کوئٹہ) پاک سر زمین پارٹی کے رہنما مصطفی کمال نے کہا ہے کہ میں نے دوسری زبان ،پارٹی اور مسلک والوں کو دشمن بتا کر اپنے جھنڈے کے نیچے لوگ اکھٹے نہیں کیے۔ ہماری واحد جماعت ہے جو کہتی ہے کہ مخالفین دشمن نہیں ہیں ۔
بلوچستان کے ہائی کورٹ بار میں وکلا ءسے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنے لوگوں کو درس دیا کہ زبان ،پارٹی اور مسلک کی بنیاد پر کوئی بھی آپ کا دشمن نہیں ہے ،اگر کسی سے اختلاف رائے ہے تو اس کی بات سنوں اور اپنی بات بتاﺅ،اگر وہ مان جائے تو بھی گلے لگاﺅ اور اگر نہیں مانتا تو بھی گلے لگا لو ۔
انہوں نے کہا کہ ہم ایسے معاشرے کو پرواز چڑھا رہے ہیں جہاں ایک ساتھ بیٹھنے والے لوگ ،پیپلز پارٹی ،ن لیگ اور پی ایس پی کو ووٹ دیں اور پھر مل کر بیٹھیں ۔مصطفی نے کہا کہ پاکستان میں کوئی بھی سیاسی جماعت ،مسلک یا زبان اتنی کم تعداد میں نہیں کہ اس کی پوری نسل ہی ختم کردی جائے ۔ جب اگلی نسلوں نے ساتھ بیٹھنا ہے تو انہیں خراب کیوں کریں ۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے اختلافات کے باوجود ایک ساتھ جینے کا سلیقہ سیکھنا ہے
ایمز ٹی وی (اسلام آباد) وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین پر امن ہمسائیگی پر یقین رکھتے ہیں اور اسی طریقے سے دونوں ممالک ترقی اور خوشحالی حاصل کر سکتے ہیں۔
ترجمان وزیر اعظم ہاﺅس کے مطابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سے چین کے نائب وزیر خارجہ نے ملاقات کی جس میں وزیر اعظم نے چین پاکستان تزویراتی تعاون کو مزیدمستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا اور دونوں ملکوں کے درمیان قریبی تعاون پراظہاراطمینان کیا۔
اس موقع پر وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ چین پاکستان کاآزمودہ دوست ہے، پرامن ہمسائیگی سے متعلق دونوں ملکوں کاوژن مشترک ہے کیونکہ پر امن ہمسائیگی سے دونوں ملک ترقی اورخوشحالی حاصل کرسکتے ہیں۔
ایمز ٹی وی (اسلام آباد) اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے فیض آباد دھرنا ختم کرانے کے لیے حکومت کو عسکری قیادت سے رابطے کی تجویز دی ہے۔ اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ فوج کو بلانا اور ان سے بات کرنا حکومت کا آئینی اختیار ہے، اس معاملے کو بات چیت کے ذریعے حل کیا جائے جب کہ موجودہ صورتحال کے ذمے دار نوازشریف ہیں۔
خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ سے الیکشن ایکٹ ترمیمی بل منظور کروانے کی پوری کوشش کریں گے تاہم حکومت نے ٹال مٹول سے کام کیا تو دوسرے آپشن موجود ہیں،۔
نااہل شخص پر پارٹی چلنے کے نتائج بہتر نہیں آتے جب کہ حکمران برے ہوسکتے ہیں لیکن پارلیمنٹ نہیں۔ واضح رہے کہ ختم نبوت کے حلف نامے میں تبدیلی کے خلاف اسلام آباد میں دھرنے کو آج 16 روز ہوگئے ہیں جس کے نتیجے میں جڑواں شہروں کے رہائشیوں کو پریشانی کا سامنا ہے
ایمز ٹٰی وی (کراچی) شہر قائد میں آئندہ چند روز میں بارشوں کا امکان ہے، رواں سال سردی کی شدت میں اضافے کے ساتھ بارشیں بھی زیادہ ہونے کی توقع کی جارہی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کو شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 12.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ منگل کوشہر کا درجہ حرارت مزید کم ہو کر 12 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرنے کا امکان ہے جس کی وجہ سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔
محکمہ موسمیا ت کا کہنا ہے کہ شمال مشرقی سمت سے چلنے والی ہواؤں کی وجہ سے شہر میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوا۔
محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ اگلے چندر وز میں موسم سرما کی بارش کا دوسرا سلسلہ کراچی میں بھی بارشیں برسا سکتا ہے جبکہ رواں سال موسم سرما میں سردی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ساتھ بارشیں بھی زیادہ ہونے کی توقع ہے۔
ایمز ٹی وی ( لاہور) قومی احتساب بیور ( نیب) نے اراضی اسکینڈل میں لاہور میں وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی اور پنجاب لینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی ( پی ایل ڈی سی) کے ملوث ہونے پر تحقیقات شروع کردیں۔ نیب نے پی ایل ڈی سی کو خط لکھا ہے، جس میں ان کے منصوبوں کے حوالے سے ریکارڈ طلب کیا گیا ہے، جس میں آشیانہ اقبال لاہور کے منصوبے میں پی ایل ڈی سی اور ڈائریکٹر پیراگون ایکسچینچ علی سجاد کی ملکیت انہوئی کنسٹرکشن انجینئرنگ گروپ، چیف ایگزیکٹو پیراگون سٹی ندیم ضیا کی ملکیت بسم اللہ انجینئرنگ کمپنی اور اسپارکو گروپ کے ساتھ ہونے والے معاہدے پر دستخط کرنے سے متعلق تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔ اپنے خط میں نیب نے پی ایل ڈی سی کو مزید ہدایت دی ہیں کہ وہ اپنے ایک متعلقہ افسر کو لاہور دفتر میں 22 نومبر کو پروجیکٹ سے متعلق معاہدے کی کاپیوں اور دیگر دستاویزات کے ہمراہ بھیجیں۔
نیب نے مزید کہا ہے کہ کوارٹر اور گھروں کی تعمیر کے لیے، جس حیثیت میں زمین دی گئی تھی، اس سے متعلق بھی بتایا جائے۔ ذرائع کے مطابق نیب نے پی ایل ڈی سی اور کمپنیوں کے درمیان 3 ہزار کینال کی سرکاری زمین کی غیر قانونی ڈیل سے متعلق شکایات کے بعد وزیر ریلوے کی ہاؤسنگ اسکیم کے خلاف تحقیقات شروع کرنے کا فیصلہ کیا۔
سرکاری ذرائع کے مطابق کچھ سال قبل پی ایل ڈی سی نے بسم اللہ انجینئرنگ اور اسپارکو ( پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی کی کمپنیز) سے ایک ہزار کینال پر 6 ہزار 7 سو اپارٹمنٹ کی تعمیر کا معاہدہ کیا تھا، جس کے بدلے میں ان دونوں کمپنیوں کو کچھ 2 ہزار کینال دیے گئے۔ ذرائع نے مزید کہا کہ ان کمپنیوں کو ان کے تعمیراتی کام کے مطابق زمین دی جانی چاہیے تھی جبکہ بغیر کوئی تعمیراتی کام کے ان کمپنیوں کو زمین کا حصہ دیا گیا۔
خیال رہے کہ لینڈ ڈسپوزل ایکٹ کے مطابق 5 مرلے سے زائد زمین کو بغیر نیلامی کے نہیں بیچا جاسکتا لیکن اس معاملے میں اس کی خلاف ورزی کی گئی کیونکہ دونوں کمپنیوں نے کل رقم کی 20 فیصد جمع کرانی تھی جو انہوں نے نہیں کرائی۔ پنجاب حکومت کے محکمہ کالونیز نے بھی اس بات کو خاص طور پر برقرار رکھا ہے کہ اگر اس زمین کو بتائی گئی اسکیم ( آشیانہ اقبال) کے لیے استعمال نہیں کیا جاتا تو اسے محکمے کو واپس دے دیا جائے گا کیونکہ سرکاری زمین کو کسی اور مقصد کے لیے استعمال نہیں کیا جاسکتا۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ یہ معاملے کی نیب کو پہلے سے اطلاع تھی لیکن قمر زمان چوہدری کے تحت کام کرنے والے نیب نے اس پر تحقیقات کوترجیح نہیں دی۔
ایمز ٹی وی (اسلام آباد) وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے صوبائی حکومتوں کے درمیان غیر معمولی مسائل کو حل کرنے کے لیے مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس جمعہ 24 نومبر کو طلب کرلیا۔ واضح رہے کہ وزیر اعظم کی جانب سے وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کی جگہ وزیر داخلہ احسن اقبال کو مشترکہ مفادات کونسل میں شامل کیے جانے کے بعد یہ پہلا اجلاس ہوگا۔
اجلاس میں بین الصوبائی کمیٹی ( آئی پی سی سی) اور مشترکہ مفادات کونسل کی ذیلی کمیٹیوں کی رپورٹس پر غور کیا جائے گا۔ وزیر اعظم کی زیر صدارت اس اجلاس میں تمام صوبوں کے وزراء اعلیٰ اور تین وفاقی وزراء غلام مرتضیٰ جتوئی، ریاض پیر زادہ اور احسن اقبال کے علاوہ، مشترکہ مفادات کونسل کے ارکان، وفاقی وزارتوں اور صوبوں کے سینئر حکام بھی شرکت کریں گے۔ اجلاس میں مشترکہ مفادات کونسل مالی معاہدوں کے لیے کمیٹی کی تشکیل، اولڈ ایج بینیفٹ انسٹی ٹیوشن، ورکر ویلفیئر فنڈ، قومی پانی پالیسی، ایل این جی پالیسی، وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی پیٹرولیم کمپنیوں کی پیٹرولیم پالیسی نافذ نہ کرنے اور حکومت کی جانب سے گزشتہ 60 ماہ یا اس سے زائد عرصے سے سنگل ریسرچ بلاک پیش نہ کرنے کے حوالے سے جائزہ لیا جائے گا
مشترکہ مفادات کونسل بین الصوبائی کمیٹی کے صوبائی پیداوار کو تیل اور گیس کے متعلقہ نتائج کے حصول کے لیے اختیارات دینے کے فیصلے پر غور کرنے کا امکان ہے تاکہ آرٹیکل 158 کو اس کی اصل شکل میں نافذ کیا جاسکے۔ اجلاس میں وزیراعظم چاروں وزراء اعلیٰ کو اس بات پر راضی کریں گے کہ وہ گیس کی افادیت کو فعال کرنے کے لیے گیس سیکٹر اصلاحات پر اپنے اعتراضات ختم کردیں۔ بین الصوبائی کمیٹی میں خیبر پختونخوا، بلوچستان اور سندھ کے ووٹ کی اکثریت شامل ہے اور بین الصوبائی کمیٹی کے وزیر ریاض پیر زادہ کی جانب سے حال ہی میں یہ نتیجہ اخذ کیا گیا تھا کہ آرٹیکل 158 کو اس کی حقیقی روح میں لاگو کرنے کے لیے تیل اور گیس کے پروڈیوسر کو صوبوں میں استعمال کرنے کی ترجیح دینی چاہیے۔ بین الصوبائی کمیٹی نے حکومتی اداروں کو ہدایت کی تھی کہ وہ تین ہفتوں میں تیل، گیس اور بجلی کی صوبوں کے ساتھ پیداواری شراکت کے لیے میکینزم تیار کریں، ساتھ ہی پنجاب اور خیبر پختونخوا کو نیٹ ہائیڈل منافع کی بروقت ادائیگی یقینی بنانے کا پابند کریں۔
اجلاس میں صوبائی حکومتوں کی جانب سے ایل این جی درآمد کی پالیسی پر تحفظات پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ایمز ٹی وی (ٹیکنالوجی) دنیا کی کوئی بھی قدرتی آفت زلزلے سے زیادہ خطرناک نہیں کیونکہ یہ جب آتا ہے تو اس کا علم قبل از وقت نہیں ہوپاتا۔ سمندری طوفان کی پیشگوئی اور ٹریکنگ کئی ہفتوں پہلے کی جاسکتی ہے، جبکہ شدید بارشوں، آندھی طوفان اور دیگر کے اپنے مخصوص موسم ہوتے ہیں مگر زلزلہ بغیر کسی انتباہ کے اچانک نشانہ بناتا ہے۔ اب ایک نئی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ دنیا بھر میں لوگوں کو اگلے سال زیادہ زلزلوں کے لیے تیار ہوجانا چاہیے اور اس خطرے کی وجہ انتہائی غیرمعمولی ہے اور وہ ہے زمین کے گھومنے کی حرکت میں معمولی سی کمی آنا۔ ویسے تو زلزلے کی درست پیشگوئی کرنا تو ناممکن ہے مگر سابقہ ریکارڈز کو دیکھ کر سائنسدان زمین کی اندرونی حرکت کا اندازہ لگانے کی کوشش کرسکتے ہیں۔
کولوراڈو یونیورسٹی اور مونٹانا یونیورسٹی کی مشترکہ تحقیق میں دنیا بھر میں 1900 کے بعد سے آنے والے 7 اعشاریہ یا اس سے زیادہ شدت کے زلزلوں کا ریکارڈ دیکھا گیا۔ ویسے تو اکثر برسوں میں اوسطاً پندرہ بڑے زلزلے دیکھنے میں آئے جن کی شدت بہت زیادہ قرار دی جاسکتی ہے مگر گزشتہ 117 برسوں میں مجموعی طور پر یہ اوسط 25 سے 30 کے درمیان رہی۔ سائنسدانوں نے یہ جانا کہ اتنے برسوں میں زلزلوں کی شرح میں اضافے کے پیچھے زمین کے گھومنے کی رفتار میں کمی آنا ہے۔ سائنسدانوں کے مطابق زمین کی حرکت میں اس طرح کی تبدیلی 2011 میں آئی تھی اور حالیہ واقعات سے عندیہ ملتا ہے کہ اب دوبارہ ایسا ہورہا ہے۔
تحقیق کے مطابق انیس ستمبر کو میکسیکو سٹی میں 7.1 اعشاریہ شدت کا زلزلہ، پھر 12 نومبر کو عراق-ایران سرحد پر 7.3 شدت جبکہ نیو کیلیڈونیا میں 19 نومبر کو 7 سے شدت کا زلزلہ آیا۔ تحقیق میں زلزلوں کی تعداد میں اضافے کی پیشگوئی ہی نہیں کی گئی بلکہ یہ بھی بتایا گیا کہ زیادہ خطرے والے مقامات خط استوا کے قریب ہوں گے۔ محققین کا کہنا تھا کہ یہ کہنا ابھی قبل از وقت ہوگا کہ جغرافیائی لحاظ سے اگلا سال غیر مستحکم ثابت ہوسکتا ہے کیونکہ زلزلے کی درست پیشگوئی کرنا ممکن نہیں۔ تاہم ان نتائج کے حوالے سے دنیا کو زیادہ محتاط رہنے کی ضرورت ہے اور اس طرح کی معلومات مستقبل قریب میں تحفظ کے لیے اہم ثابت ہوسکتی ہے۔
ایمز ٹی وی (لاہور) ترجمان حکومت پنجاب ملک احمد خان کا کہنا ہےکہ نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ نون متحد ہے۔ تھوڑی بہت ناراضی رکھنے والے ارکان بھی آج پارلیمنٹ میں آجائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ چودھری نثاراورریاض پیرزادہ اختلاف رائے رکھنےکےباوجود آج بھی نواز شریف کےساتھ ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مشرف نے آئین میں ترمیم کی کہ عدالت سےسزا یافتہ لوگ پارٹی کے سربراہ نہیں بن سکتے۔