ایمزٹی وی(اسپورٹس)دھرنے کے خلاف آپریشن کے باعث آج نیشنل ٹی 20 میچ کا انعقاد خطرے میں پڑگیا ہے اور ٹیموں کو اسٹیڈیم روانگی کی کلیئرنس نہیں مل سکی ہے۔
اسلام آباد میں دھرنا ختم کرانے کے لیے جاری آپریشن کی وجہ سے قومی ٹی ٹوئنٹی کپ میں شریک لاہور وائٹس اور فیصل آباد کی ٹیموں کو سیمی فائنل کے لیے راولپنڈی اسٹیڈیم روانگی کی کلیئرنس نہ مل سکی۔ کھلاڑیوں کو ہوٹل میں ہی قیام کی ہدایت دی گئی ہے۔
میچ کا آغاز دوپہر بارہ بجے ہونا ہے۔ ذرائع کے مطابق میچ کا انعقاد خطرے میں دکھائی دے رہا ہے۔ اس حوالے سے پی سی بی نے تاحال کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔ واضح رہے کہ دوسرا سیمی فائنل بھی ہفتے کی شام چار بجے لاہور بلوز اور فاٹا کے درمیان ہونا ہے جب کہ فائنل اتوار کو شیڈول ہے۔
ایمزٹی وی(اسلام آباد)اسلام آباد میں دھرنا ختم کرنے کی آخری ڈیڈلائن بھی ختم ہونے کے بعد سیکورٹی فورسز نے آپریشن شروع کردیا جس کے نتیجے میں مظاہرین اور اہلکاروں کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں اور علاقہ میدان جنگ بن گیا۔
آپریشن میں پولیس، رینجرز اور ایف سی حصہ لے رہی ہیں، ایس ایس پی آپریشنز کارروائی کی قیادت جبکہ چیف کمشنر اور آئی جی پولیس مانیٹرنگ کررہے ہیں۔ سیکورٹی فورسز مظاہرین کی بڑی تعداد کو منتشر کرنے میں کامیاب ہوچکی ہیں اور فیض آباد کا وسیع علاقہ کلیئر کرایا جاچکا ہے تاہم احتجاج کے لیے بنایا گیا مرکزی اسٹیج بدستور قائم ہے اور وہاں پر مظاہرین اور ان کی قیادت موجود ہے جن کا سیکورٹی اہلکاروں نے محاصرہ کیا ہوا ہے۔
دھرنے کے اسٹیج پر مرکزی رہنما خادم حسین رضوی اور افضل قادری موجود ہیں اور پولیس کو مظاہرین کی جانب سے پتھراؤ کے باعث شدید مزاحمت کا سامنا ہے۔ جب کہ گرد و نواح کے علاقوں اور گلیوں میں بھی مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں جس کے نتیجے میں جڑواں شہروں میں صورت حال شدید کشیدہ ہے۔
آپریشن کا سن کر راولپنڈی سے مظاہرین کی بڑی ریلی فیض آباد کے لئے روانہ ہوئی تاہم پولیس نے ڈنڈا بردار مظاہرین کو شمس آباد میں روک لیا اور ان پر شیلنگ کی۔ مظاہرین نے سیکیورٹی کے لئے لگائے گئے بیریئر توڑ دئیے اور پولیس پر پتھراؤ کی جارہا ہے جب کہ مری روڈ کو بھی مکمل طور پر بلاک کردیا گیا ہے۔ علاقے میں کشیدگی ہے اور مظاہرین و پولیس میں تصادم جاری ہے۔
جڑواں شہروں کے اسپتالوں میں ہنگامی حالت نافذ ہے۔ تمام تعلیمی ادارے اور کاروباری مراکز بند ہیں۔ ناخوشگوار صورت حال سے نمٹنے کے لیے ہنگامہ حالت نافذ ہے۔ 14 زخمیوں کو پمز اسپتال منتقل کردیا گیا ہے اور زخمیوں میں 2 پولیس اہلکار بھی شامل ہیں جب کہ ایک زخمی پولی کلینک اسپتال میں ہے۔ اسلام آباد اور راولپنڈی کے مختلف مقامات پر مذہبی جماعت کے کارکنوں نے سڑکیں بلاک کردی ہیں۔
آج صبح سویرے سیکورٹی اہلکاروں نے فیض آباد میں مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کی شیلنگ اور واٹر کینن کا استعمال کرتے ہوئے پیش قدمی کی تو مظاہرین نے سامنے سے پتھراؤ شروع کردیا۔ تاہم پولیس کی پیش قدمی جاری رہی اور انہوں نے مظاہرین کے قریب پہنچ کر ان پر لاٹھی چارج شروع کردیا۔
اس دوران سیکورٹی اہلکاروں اور مظاہرین کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں جس کے نتیجے میں درجنوں افراد زخمی ہوگئے جن میں مظاہرین اور اہلکار دونوں شامل ہیں۔ پولیس کے لاٹھی چارج کے جواب میں مظاہرین نے بھی اہلکاروں پر لاٹھیوں اور ڈنڈوں سے حملہ کیا۔
پولیس نے بڑی تعداد میں مظاہرین کو گرفتار کرلیا ہے۔ اب تک 50 سے زیادہ افراد کو حراست میں لے کر مختلف تھانوں میں منتقل کیا جاچکا ہے۔ آپریشن کے آغاز میں پولیس کو فوری کامیابی حاصل ہوگئی اور انہوں نے 80 فیصد علاقے کو کلیئر کرالیا تاہم پھر مظاہرین کے قدم سنبھل گئے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد میں 20 روز سے مذہبی جماعتوں کا دھرنا جاری تھا اور مظاہرین الیکشن کے کاغذات نامزدگی میں ختم نبوت سے متعلق ترمیم کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کررہے تھے۔ دھرنے کی وجہ سے اسلام آباد اور راولپنڈی کے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ انتظامیہ نے مظاہرین کو دھرنا ختم کرنے کے لیے آج صبح 7 بجے تک کی ڈیڈ لائن دی تھی جو ختم ہونے پر آپریشن کیا گیا۔
اس سے قبل سپریم کورٹ اور اسلام آباد ہائی کورٹ نے متعدد بار دھرنا ختم کرنے کے احکامات جاری کیے تھے تاہم احتجاج ختم نہیں کیا گیا۔ دھرنا ختم کرنے کے لیے حکومت نے اس سے پہلے دو بار ڈیڈلائن دی تھی تاہم دھرنا ختم نہیں کیا گیا جس پر انتظامیہ نے آج صبح 7 بجے تک کی تیسری اور آخری وارننگ دی گئی تھی جو گزرنے پر آپریشن شروع کردیا گیا۔
ایمزٹی وی(کراچی)شہرقائد میں نمائش چورنگی پر مذہبی جماعتوں کی جانب سے گزشتہ سات روز سے جاری دھرنا ختم کرانے کے لیے آپریشن کی تیاریاں شروع کردی گئیں۔
میڈیا ذرائع کے مطابق کراچی کے علاقے نمائش چورنگی پر مذہبی جماعتوں کا دھرنا آٹھویں روز میں داخل ہوگیا ہے۔ اسلام آباد میں فیض آباد دھرنے کے خلاف انتظامیہ کی جانب سے کیے جانے والے آپریشن کے بعد کراچی میں دھرنے کے شرکا کی جانب سے شدید نعرے بازی کی گئی اورکراچی دھرنے کے شرکا نے اسلام آباد دھرنے کے شرکا سے فون پربھی رابطہ کیا ہے۔
نمائش چورنگی پر دھرنے کے شرکا نے ایم اے جناح روڈ پر رکاوٹیں کھڑی کرکے سڑک ٹریفک کے لیے بند کردی ہے۔ جس کے باعث مظاہرین کو منتشر کرانے کے لیے دھرنے کے اطراف مختلف تھانوں کی موبائلیں اور پولیس افسران واہلکار پہنچنا شروع ہوگئے ہیں۔ اب تک دھرنے کے اطراف 6 پولیس موبائلیں اور پولیس اہلکار پہنچ چکے ہیں۔ جب کہ دھرنے کی جگہ پر کسی بھی نا خوشگوار صورتحال سے بچنے کے لیے واٹرکینن بھی پہنچادی گئی ہے۔ تاہم دھرنے کے شرکا نے پولیس کو پر امن رہنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
دوسری جانب ٹریفک پولیس نے کیپری سینما سے نمائش جانے والی ٹریفک کو سولجر بازار کی جانب موڑ دیا ہے اور گرومندر سے نمائش جانے والے ٹریفک کو نوائے وقت چوک سے پیپلزسیکریٹریٹ کی جانب بھیجا جارہا ہے۔
ایمزٹی وی(راولپنڈی)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے خوشحال بلوچستان منصوبے کا آغاز کردیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کوئٹہ کے دورہ پر پہنچے جہاں آرمی چیف کی زیرصدارت سدرن کمانڈ ہیڈ کواٹرز میں اجلاس جاری ہے
COAS at Qta. #KhushHalBln initiative aimed at enduring stability through socio-eco dev & security being launched. High lvl meeting at HQ SC.
— Maj Gen Asif Ghafoor (@OfficialDGISPR) November 23, 2017
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے خوشحال بلوچستان منصوبے کا آغاز کردیا ہے جس کا مقصد سماجی و اقتصادی ترقی اور امن وامان کا قیام ہے۔
ایمزٹی وی(اسپورٹس)بھارتی کرکٹ کے مایہ ناز کھلاڑی ظہیر خان اور بالی ووڈ اداکارہ ساگریکا گھاٹکے شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ظہیر خان کچھ عرصہ قبل ساگریکا گھاٹکے کی زلفوں کے اسیر ہوئے تھے جب کہ ساگریکا بھی ظہیر خان کی سحر انگیز شخصیت سے بچ نہیں پائی تھیں اور ان پر اپنا دل ہار بیٹھی تھیں۔ گزشتہ ایک برس سے بھارتی میڈیا میں دونوں کی شادی کی افواہیں گردش کررہی تھیں، دونوں کی جانب سے کبھی بھی ان افواہوں کی تردید نہیں کی گئی تھی اور اب اچانک دونوں کی شادی کی خبروں نے ان کے مداحوں سمیت پورے بھارتی میڈیا کو خوشگوار حیرت میں مبتلا کردیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ظہیر خان اور ساگریکا گھاٹکے 23 نومبر 2017 کوکورٹ میرج کرکے شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔ شادی تو دونوں نے کورٹ میں سادگی سے کی ہے تاہم دونوں اپنی شادی کی اسقبالیہ تقریب 27 نومبر کو ممبئی کے تاج محل ہوٹل میں نہایت شاندار طریقے سے منائیں گے جس میں بالی ووڈ کی نامور شخصیات کے ساتھ کرکٹ اسٹار ز بھی شرکت کریں گے۔
ایمزٹی وی(انٹرٹینمنٹ)ستارہ امتیاز اور لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ پانے والےاپنے وقت کے نامور چاکلیٹی ہیرو وحید مراد کی آج 34 ویں برسی منائی جارہی ہے۔
2 اکتوبر 1938 کو پیدا ہونےوالے پاکستان کے چاکلیٹی ہیرو وحید مراد نے ابتدائی تعلیم میری کلاسواسکول سے حاصل کی بعد ازاں انہوں نےانگلش ادب میں ایم اے کی ڈگری حاصل کی۔
وحید مراد نے اپنے فلمی کیرئیر کا آغاز 1959 میں فلم’’ساتھی‘‘سے کیا۔ 1962 میں انھیں ایس ایم یوسف کی فلم ’’اولاد‘‘ میں ایک اہم رول کے لیے کاسٹ کیا گیا اس فلم نے گولڈن جوبلی کا اعزاز حاصل کیا۔ وحید مراد کی شہرت میں فلم ’’ہیرا اور پتھر‘‘ سے مزید اضافہ ہوا۔ انہیں پاکستان کی پہلی پلاٹینیم جوبلی فلم ’’ارمان‘‘ کے لیے بیک وقت فلم ساز، مصنف اور ہیرو ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔
وحید مراد نے’’ اولاد‘‘ سے لے کر’’ زلزلہ‘‘ تک کل 125 فلموں میں کام کیا اور ان کا ہر کردار جانداررہا۔ ’’ اکیلے نہ جانا‘‘ سے لے کر دیگر گانوں نےانہیں لازوال شہرت دی۔ اُن کی پہلی فلم ’’اولاد‘‘ اورآخری ریلیز شدہ فلم ’’زلزلہ‘‘ تھی۔
انھوں نے ایک پشتو فلم ’’پختون پہ ولایت کے‘‘ میں بھی کام کیا، یہ اداکار آصف خان کی ذاتی فلم ’’کالا دھندا گورے لوگ ‘‘کا پشتو ورژن تھا۔ وحید مراد بیک وقت فلم ایکٹر، فلم پروڈیوسر اور اسکرپٹ رائٹر بھی تھے۔ وحید مراد کی بہترین فلموں میں ’’ دل میرا دھڑکن تیری‘ ،’ہیرا اور پتھر‘ ،’ارمان‘ ،’عندلیب‘ ،’مستانہ ماہی‘، ’انسانیت‘ ،’دیور بھابھی‘وغیرہ شامل ہیں۔
انہوں نے اپنی 23 سالہ فلمی زندگی میں اعلیٰ کارکردگی کی بناء پرمجموعی طور پر 32 ایوارڈ حاصل کیے۔ وحید مراد نے اپنی زندگی کے آخری لمحات اپنی منہ بولی بہن ممتاز ایوب کے گھر کراچی میں گزارے اور یہیں ان کا 23 نومبر 1983 کوانتقال ہوااور وہ خالق حقیقی سے جا ملے۔
ایمزٹی وی(لاہور) ڈیرہ اسماعیل خان میں آپریشن کے دوران شہید ہونے والے پاک فوج کے میجر اسحاق کو مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ روز ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کولاچی میں آپریشن کے دوران شہید ہونے والے پاک فوج کے شہید میجراسحاق کی لاہور کے ایوب اسٹیڈیم میں نماز جنازہ ادا کی گئی، جس میں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف، وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق، کور کمانڈر لاہور عامر ریاض سمیت شہید کے اہلخانہ نے شرکت کی، نماز جنازہ ادا کرنے کے بعد شہید میجر اسحاق کو مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ پاک فوج کے شہدا قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کولاچی میں آپریشن کیا جہاں فائرنگ کے تبادلے میں دھرتی کے ایک اور سپوت میجر اسحاق نے جام شہادت نوش کیا۔ شہید میجر اسحاق کی عمر 28 سال اور خوشاب سے تعلق تھا۔ ان کے پسماندگان میں بیوہ اور ایک سال کا بچہ شامل ہے۔
ایمزٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک) یہ تو اکثر افراد کو معلوم ہے کہ ویب سرچز، پیج ویوز اور پیج اسکرول وغیرہ کا ریکارڈ رکھا جاتا ہے مگر اب یہ انکشاف ہوا ہے کہ اس سے ہٹ کر بھی صارفین پر نظر رکھی جاتی ہے۔
پرنسٹن یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ سیکڑوں ویب سائٹس کی بورڈ کے بٹن دبانے کی آواز اور کسی پیج کو دیکھنے کے دوران کی جانے والی حرکات کو بھی ریکارڈ کرتی ہیں یا یوں کہہ لیں کہ وہ آپ کے کندھے سے سب کچھ دیکھ رہی ہوتی ہیں۔
یہ سمجھنا بہت ضروری ہے کہ یہ پرائیویسی میں مداخلت سے ہٹ کر بھی خطرناک کیوں ہے، کیونکہ ایسا کرنے والی سروسز کی بورڈ پر ٹائپ کیے جانے والے پاس ورڈز تک بھی رسائی حاصل کرسکتی ہیں۔
اسی طرح وہ صارف کی حساس معلومات کو بھی افشا کرسکتی ہیں جیسے کریڈٹ کارڈ نمبرز یا سیکیورٹی کوڈ وغیرہ۔
انٹرنیٹ سیکیورٹی کے ماہرین کے مطابق فکرمندی کی بات یہ ہے کہ لوگوں کی معلومات میں لائے بغیر ان کے کی اسٹروک کو ریکارڈ کیا جاتا ہے اور یہ نفرت انگیز سرگرمی ہی قرار دی جاسکتی ہے، کیونکہ وہ صارف کی علم میں لائے بغیر معلومات اکھٹا کررہی ہوتی ہیں۔
ان ویب سائٹ میں دی گارڈین، سام سنگ، الجزیرہ، رائٹرز اور ورڈ پریس وغیرہ قابل ذکر ہیں، جبکہ مجموعی طور پر 480 سے زائد ویب کمپنیاں یہ کام کررہی ہیں اور اس تیکنیک کو سیشن ری پلے کا نام دیا گیا ہے، جس سے یہ کمپنیاں جاننے کی کوشش کرتی ہیں کہ صارفین کس طرح ویب سائٹس کو استعمال کررہے ہیں۔