پیر, 20 جنوری 2025

 

ایمزٹی وی(کراچی)سپریم کورٹ نے شہر قائد کے مختلف علاقوں میں بے ہنگم کھدائی پر سندھ حکومت اور ڈی ایچ اے پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔
سپریم کورٹ کراچی رجسٹری نے ڈی ایچ اے سمیت مختلف علاقوں میں بے ہنگم کھدائی پر سندھ حکومت اور ڈی ایچ اے پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔ سماعت کے دوران جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیے کہ سارا شہر گندگی میں بدل دیاہے، کراچی کا کیا بنے گا، کیا ہر وقت کھدا رہے گا، کبھی ایسا وقت بھی آئے گا کہ کراچی کے لوگ آسانی سے سفر کرسکیں، کبھی کسی کرنل، بریگیڈیئر کو خواب آئے گا تو معاملہ ٹھیک ہوجائے گا۔
جسٹس سجاد علی نے استفسار کیا کہ گزری فلائی اوور کا کیا فائدہ ہوا، پنجاب چورنگی انڈر پاس سندھ حکومت کا منصوبہ ہوگا اسی لیے تاخیر ہورہی ہے، ڈی ایچ اے الٹا سیدھا کرتا ہے مگر جلدی کام ختم کردیتا ہے تاہم سندھ حکومت تو کام ہی نہیں کرتی نتیجہ کیا نکلے گا، ڈیڑھ سال ہوگیا جگہ جگہ کھدائی کی وجہ سے ادھر اُدھر گھومنا پڑتا ہے، جبکہ پنجاب چورنگی کا پارک ملبے کا ڈھیر بنا ہوا ہے۔ عدالت نے خیابان شمشیر کو ون وے کرنے کا معاملہ الگ کرتے ہوئے اسے تین رکنی بینچ کو بھیجنے کا حکم دے دیا۔

 

 

ایمز ٹی وی (کراچی) پاکستان پبلشر اینڈ بک سیلرزایسوسی ایشن کے تحت پانچ روزہ کراچی عالمی کتب میلے کا آغاز جمعرات 7 دسمبر سے کراچی ایکسپو سینٹر میں ہو گا۔یہ کتب میلہ11دسمبرتک صبح 10سے رات9بجے تکجاری رہے گا۔

پاکستان پبلشر اینڈ بک سیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عزیز خالد نے بتایا کہ کتب میلہ میں ایران‘ بھارت‘ ترکی‘ سنگاپور‘ چین ‘ ملائیشیا‘ برطانیہ اور متحدہ عرب امارات کے پبلشرز سمیت دیگر ممالک کے بین الاقوامی شہرت یافتہ بُک پبلشرز اپنے اشاعت شدہ مواد کی نمائش اس کتب میلے میں کریں گے۔

انھوں نے کہا کہ یہ کتب میلہ کراچی ایکسپو سینٹر کے ہال نمبر 1-2-3 میں لگایا جائے گا۔ کتب میلے میں 330سےزائد اسٹالز لگائے جائیں گے۔ کتب میلے میں ہر موضوع پر کتابیں دستیاب ہوں گی‘ اور عوام کو انتہائی کم قیمت پر فروخت کی جائیں گی۔

 

 

ایمز ٹی وی (صحت) قومی ادارہ برائے امراض قلب (این آئی سی وی ڈی ) کے تحت شہر میں چھٹا چیسٹ پین یونٹ رواں ماہ آئی آئی چندریگر روڈ پر نصب کیا جائے گاجس سےعوام سینے کے درد کی فوری طبی امداد حاصل کر سکیں گے ۔

اس سے قبل گلشن اقبال ، گل بائی ، ملیر ہالٹ ، قیوم آباداور ناگن چورنگی پر چیسٹ پین یونٹ نصب کیے جاچکے ہیں ۔ ناگن چورنگی پر یونٹ اتوار 19نومبر کو نصب کیا گیا جس کا افتتاح بدھ 22نومبر کو کیا جائے گا۔

اس ضمن میں گفتگو کرتے ہوئے این آئی سی وی ڈی کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر ندیم قمر نے بتایا کہ مئی سے شہر میں چیسٹ پین یونٹس لگانے کا سلسلہ شروع کیا گیا جو اب تک جاری ہے اور انشاء اللہ پورے شہر میں چیسٹ پین یونٹس لگائے جائیں گے تاکہ سینے کی تکلیف کی صورت میں عوام ان یونٹس سے رجوع کریں اور امراض قلب ہونے کی صورت میں انہیں قومی ادارہ برائے امراض قلب منتقل کرکے مفت سہولت فراہم کی جائے۔ واضح رہے کہ یہ یونٹس 24گھنٹے فعال رہتے ہیں۔

 

 

ایمز ٹی وی (تعلیم) اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی انٹر سائنس پری میڈیکل سال اول اور میڈیکل ٹیکنالوجی کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان کردیا ہے

 

 

ایمز ٹی وی (کراچی) پاک بحریہ کے چیف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے جنگی بیڑے کا دورہ کیا اور کھلے سمندر میں بحریہ کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے نیول چیف کا کہنا ہے کہ ملک کو درپیش خطرات سے نمٹنے کے لیے تیار رہنا انتہائی ضروری ہے۔

ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے پاک بحریہ کے جنگی بیڑے کا پہلا دورہ کیا، انہوں نے کھلے سمندر میں بحریہ کے مختلف جہازوں کی جنگی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے افسروں اور جوانوں کی پیشہ وارانہ مہارت اور جنگی تیاریوں کو سراہا۔

نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا کہ ملک کو درپیش خطرات سے نمٹنے کے لیے تیار رہنا انتہائی ضروری ہے، پاک بحریہ کے جوان مہارت اور قومی خدمت کے جذبے کو ہمیش برقرار رکھیں۔ انہوں نےمزید کہا کہ بحری سرحدوں کی حفاظت اور مفادات کے تحفظ میں کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

نیول چیف نے بحری جہازوں کے دورے کے دوران افسروں اور جوانوں سے ملاقات بھی کی۔

 

 

ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ) انقلابی شاعر فیض احمد فیض کو دنیا سے رخصت ہوئے 33 برس بیت گئے لیکن وہ آج بھی اپنے مداحوں کے دلوں میں زندہ ہیں۔ انقلابی شاعر فیض کو دنیا سے رخصت ہوئے 33 سال گزرچکے ہیں لیکن وہ آج بھی اپنے مداحوں کے دلوں میں زندہ ہیں، انقلابی شاعری کی تاریخ ان کے تذکرے کے بغیر مکمل ہی نہیں ہوسکتی۔ فیض احمد فیض نے اپنی انقلابی فکر اور عاشقانہ لہجے کوملا کر ایک ایسا لہجہ اپنایا جس سے اردو شاعری میں ایک نئی جمالیاتی شان پیدا ہوگئی، ان کے سیاسی خیالات و افکار آفاقی ہیں ۔اسی لیے ان کی شاعری آج کی شاعری نظرآتی ہے۔ فیض نے ثابت کیا کہ حق گوئی کسی ایک کے لیے نہیں بلکہ ہر خطے اور زمانے کے لیے ہوتی ہے،نقش فریادی، دست صبا، زندان نامہ، دست صبا، شام شہر یاراں اور میرے دل میرے مسافر ان کے کلام کے نادر مجموعے ہیں۔ سارے سخن ہمارے اور نسخہ ہائے وفا ان کے کلیات ہیں۔ فیض احمد فیض 13 فروری 1911کو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے اور 20 نومبر 1984 کو لاہور میں انتقال ہوا، ان کی وفات کے بعد حکومت نے انہیں نشان امتیاز سے بھی نوازا۔

 

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس)مشہور باکسر محمد وسیم نے مالی مشکلات کے باعث پاکستانی شہریت چھوڑنے پر غور کردیا۔
کراچی میں ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے محمد وسیم نے کہا کہ میں مالی مشکلات کا شکار ہوں، اپنے ملک پاکستان کے لیے کھیلنا چاہتا ہوں، تاہم مالی مشکلات کی وجہ سے شہریت ترک کرنے پر غور کررہا ہوں اور کوریا یا امریکا کی شہریت کے لیے درخواست دے سکتا ہوں۔
محمد وسیم نے کہا کہ اسپانسر نہ ہونے کے باعث بہت مسائل کا شکار ہوں، عالمی ٹائٹل کے لیے جلد ایک انٹرنیشنل فائٹ میں حصہ لوں گا جو شاید پاکستان کےلیے میری آخری فائٹ ہو۔ باکسر محمد وسیم کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان کی شہریت ترک کرنا اور ملک کی نمائندگی کو چھوڑنا نہیں چاہتے لیکن مالی مشکلات کی وجہ سے مجبور ہیں۔
واضح رہے کہ محمد وسیم نے 8 پروفیشنلز فائٹ کھیلی ہیں اور سب مقابلوں میں کامیابی حاصل کی ہے۔ اب محمد وسیم ڈبلیو بی سی فلائی ویٹ کی ورلڈ رینکنگ میں نمبر ون پوزیشن برقرار رکھنے کے لیے امریکا روانہ ہورہے ہیں جہاں وہ کولمبیا کے باکسرز سے مقابلہ کریں گے۔

 

 

ایمزٹی وی(جدہ)پاکستان اورسعودی عرب کی خصوصی افواج کی مشترکہ فوجی مشقیں ’’ شہاب 2‘‘ جلد ریاض میں شروع کی جائیں گی۔
سعودی عرب کی سرکاری نیوزایجنسی کے مطابق دارالحکومت ریاض میں منعقدکی جانے والی عسکری مشقوں کے حوالے سے گفتگوکرتے ہوئے سعودی افواج کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل مفلحہ بن سالم القطیبی کا کہنا تھاکہ مشترکہ فوجی مشقوں کا بنیادی مقصد دہشتگردی کےخلاف جنگ میں پیشہ وارانہ مہارت کا تبادلہ جبکہ دونوں برادرممالک کے درمیان دہشتگردی کےخلاف مؤثر حکمت عملی سے افواج کی مہارت میں بھی اضافہ ہوگا۔
واضح رہے کہ دونوں ملکوں کے مابین خصوصی افواج کی عسکری مشقوں کا اعلان ایک ایسے وقت پر سامنے آیا ہے جب دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سعودی سربراہی میں 41 اسلامی ممالک کی اتحادی افواج کے وزائے دفاع کا اجلاس بھی طلب کیا گیا ہے۔

 

 

ایمزٹی وی(لاہور)حکومتی وفد اور دھرنا قیادت کے درمیان پنجاب ہاؤس میں مذاکرات ہوئے تاہم ڈیڈلاک بدستور برقرار ہے۔
اسلام آباد میں دھرنے کے مسئلے کے حل کے لیے حکومتی وفد اور تحریک لبیک کے رہنماؤں کے درمیان پنجاب ہاؤس میں ڈھائی گھنٹے تک مذاکرات ہوئے۔ حکومت اور انتظامیہ کی جانب سے مذاکرات میں راجا ظفرالحق، خواجہ سعد رفیق ، وزیر قانون زاہد حامد، کیپٹن صفدر، رانا ثناء اللہ، انوشہ رحمان، چیف سیکرٹری پنجاب ،آئی جی پنجاب اور کمشنر نے شرکت کی۔ جب کہ تحریک لبیک کے نمائندہ وفد میں ڈاکٹر شفیق امینی ،پیراعجاز اشرفی ،عنایت الحق شاہ اور مولانا ظہیر نور شامل تھے۔
ذرائع کے مطابق وزیر قانون زاہد حامد کے استعفے کے معاملے پر ڈیڈلاک برقرار رہا اور مذاکرات میں کوئی پیش رفت نہ ہوسکی۔ حکومت نے استعفے کا مطالبہ ماننے سے انکار کردیا ہے۔ حکومت اور دھرنا قیادت کے درمیان مذاکرات کا یہ چھٹا دور ناکام ہوا ہے۔
مذاکرات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ دھرنے کے شرکاء سے اپیل ہے اتنا راستہ دے دیں کہ مقامی لوگ آ جا سکیں، دھرنا ختم کرنے سے متعلق ہائی کورٹ کا فیصلہ آ چکا ہے جس پر عمل درآمد کرنا ہوگا۔ سعد رفیق نے کہا کہ ختم نبوت کے حلف نامے میں تبدیلی کی تحقیقات سے پہلے زاہد حامد کے استعفے کا کوئی جواز نہیں اور راجہ ظفرالحق کی سربراہی میں کمیٹی معاملے کا جائزہ لے رہی ہے۔
واضح رہے کہ دھرنے دینے والے مذہبی کارکنان قانون میں ختم نبوت سے متعلق ترمیم کے ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی اور وزیر قانون زاہد حامد کے استعفے کا مطالبہ کررہے ہیں۔ حکومت کا موقف ہے کہ ختم نبوت سے متعلق حلف نامے اور تمام شقوں کو بحال کردیا گیا ہے اس لیے دھرنا بلاجواز ہے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے حکومت کو دھرنا ختم کرنے کا حکم دیا ہے

 

 

ایمزٹی وی(کراچی)شہر قائد میں چند روز کے دوران 15 سے زائد شہری لاپتہ ہوگئے۔ذرائع کے مطابق کراچی میں شہریوں کے گمشدگی میں ایک بار پھر اضافہ ہوگیا ہے اور چند روز میں 15 سے زائد شہری لاپتہ ہوگئے ہیں۔ سندھ ہائی کورٹ میں لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے دائر درخواستوں کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے لاپتہ شہریوں کو بازیاب کراکر 20 دسمبر تک پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ درخواستوں میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ لاپتہ شہریوں کو پولیس، سادہ لباس اہلکار اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے حراست میں لیا، عدالت سے استدعا ہے کہ انہیں بازیاب کرایا جائے۔ لاپتہ شہریوں میں فیضان خان، انوار، معراج الدین، احسان، عرفان علی اور دیگر شامل ہیں۔ یہ شہری لیاقت آباد، عزیزآباد، شاہ فیصل، جوہرموڑ، کورنگی اور دیگر علاقوں سے لاپتہ ہوئے۔