ایمزٹی وی(اسلام آباد)چیئرمین نیب جسٹس (ر)جاوید اقبال نے بلوچستان کے جعلی ڈومیسائل پربھرتیوں کانوٹس لے لیا اور سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ سے بلوچستان کے ڈومیسائل پربھرتیوں کاریکارڈطلب کر لیا،
تفصیلات کے مطابق چیئرمین نیب جسٹس (ر)جاوید اقبال نے بلوچستان میں جعلی ڈومیسائل پر بھرتیوں کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ جعلی ڈومیسائل کے اجراسے متعلق تحقیقات کی جائیں اورریکارڈ کے ذریعے جعلی ڈومیسائل تیارکرنے والوں کاتعین کیاجائے۔
چیئرمین نیب نے آغازحقوق بلوچستان پیکج کے تحت وفاقی محکموں میں بھرتیوں کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا کہ پیکج کے تحت کتنی آسامیوں پربھرتی کی منظوری دی گئی؟اورکتنے افرادپیکج کے تحت وفاق اوربلوچستان میں تعینات ہوئے؟۔
ایمزٹی وی(اسلام آباد)ایڈیشنل سیکرٹری الیکشن کمیشن ڈاکٹراختر نذیر کا کہنا ہے کہ آئندہ عام انتخابات کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں لیکن الیکشن میں الیکٹرانک مشین استعمال نہیں کریں گے۔کراچی میں الیکشن کمیشن کے تحت منعقدہ میڈیا ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل سیکرٹری الیکشن ڈاکٹراخترنذیر کا کہنا تھا کہ انتخابات 2018 کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، آئندہ عام انتخابات میں الیکٹرانک مشین استعمال نہیں کی جائے گی جب کہ ووٹرز کے لئے 20 کروڑ بیلٹ پیپرز کی ضرورت ہوگی جن کی طباعت کے لئے ورک آرڈر تیار کرلیا گیا ہے، بیلٹ پیپرز کی طباعت سخت سیکیورٹی میں ہوگی۔ ایڈیشنل سیکرٹری نے کہا کہ عام انتخابات کے لئے 85 ہزار 744 پولنگ اسٹیشنز اور 2 لاکھ 68 ہزار 286 پولنگ بوتھ قائم کئے جائیں گے، ریٹرنگ افسر کو الیکشن کی رات 2 بجے تک نتیجہ لازمی دینا ہوگا، اگر کسی حلقے میں خواتین کے ووٹ کا تناسب 10 فیصد سے کم ہوا تو نتیجہ کالعدم قرار دے دیا جائے گا اور متعلقہ پولنگ اسٹیشن یا حلقے میں پولنگ دوبارہ کرائی جائے گی، اور اگر کسی نے خواتین کو حق رائے دہی سے روکنے کی کوشش کی تو اسے 3 سال قید کے ساتھ ایک لاکھ روپے جرمانہ ادا کرنا ہوگا،
نئے قانون کے تحت الیکشن ایکٹ 2017 میں یہ قانون شامل ہے اور الیکشن کمیشن نے اس ایکٹ کو منظور کرلیا ہے۔ ڈاکٹراخترنذیر کا کہنا تھا کہ کسی بھی صوبائی یا قومی اسمبلی کے حلقے میں اگر 2 امیدواروں کے ووٹ برابر ہوگئے تو دونوں امیدوار ڈھائی ڈھائی سال کے لئے رکن اسمبلی ہوں گے، الیکشن ایکٹ 2017 کے تحت دونوں امیدوار باہمی رضامندی سے پہلے یا بعد میں رکن اسمبلی بننے کا تعین کریں گے۔
ایمزٹی وی(مردان)جمعیت علماءاسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ روس کیخلاف افغانستان میں لڑی گئی جنگ میں جہادی کلچر پیدا کیاگیاجس سے افغانستان کو غیر مستحکم کیاگیااور وہاں15 سال سےخون بہہ رہا ہے،اس سے اندازہ لگانا مشکل نہیں کہ اگلا نشانہ پاکستان ہوگا،
مردان میں علماکنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اب امریکا اور عالمی قوتوں کی ترجیحات بدل گئیں، امریکاکے نزدیک پہلے روس کا خاتمہ ضروری تھا،اب امریکاکے نزدیک اسلام کا خاتمہ ضروری ہوگیاہے،وہ نوجوان مذہبی طبقے کا خاتمہ چاہتے ہیں۔ سربراہ جے یو آئی (ف)مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ دہشتگردی پاکستان کا مسئلہ بنا،اس کا ذمے دار کون ہے، اگر تمام علما ایک پیج پر نہ ہوتے تو دہشتگردی ختم نہ ہوتی،آپ شکر کریں کہ آپ کے ملک میں جمعیت علما موجود ہے اورآج جمعیت علما اس قابل ہے کہ وہ پوری قوم کی رہنمائی کرسکے۔ انہوں نے کہا کہ جب پاناما کامسئلہ چل رہا تھاتوکہاتھا خطرات دیکھ رہا ہوں،
پاناما کے مسئلے نے صرف پاکستان میں جڑ پکڑی ،پاناما فیصلہ آنے کے ایک ہفتے بعد امریکی صدر کا بیان آیاجس میں امریکی صدر نے پاکستان کیخلاف الزامات لگائے،سربراہ جے یو آئی ف نے کہا کہ پنجاب اورکے پی اسمبلی میں حقوق نسواں کے نام سے بل آئے،لاہورمیں مورچہ لگایا،تمام جماعتوں کوبلایاجس سے یہ پسپا ہوئے،انہوں نے کہا کہ حقوق کی تشریح پراختلاف ہوتا ہے، حکمت عملی سے اختلاف ہوسکتا ہے،لیکن امن کی تلاش مشترکہ خواہش ہے،ہم اختلاف برداشت کرلیں گے،لیکن امن چاہتے ہیں۔
ایمز ٹی وی (اسپوڑٹس) پاکستان کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر دیگر اسٹارز کے ہمراہ سوئٹزرلینڈ میں برف پر کرکٹ کھیلیں گے۔ الپائن ریزورٹ پر آئندہ برس فروری میں دو ٹوئنٹی 20 میچز کھیلے جائیں گے،
وریندرسہواگ، مہیلا جے وردنے، لسیتھ مالنگا، جیک کیلس جیسے کھلاڑی ٹھنڈے ماحول کو اپنے ایکشن سے گرمائیں گے، کھلاڑیوں کو50 ہزار ڈالر تک معاوضہ ادا کیا جائے گا۔ یہ میچز 8 اور 9 فروری کو سینٹ مورٹز کی ایک منجمند جھیل پر کھیلے جائیں گے۔
اس میں شعیب اختر، وریندرسہواگ، محمد کیف، مہیلا جے وردنے، لسیتھ مالنگا، مائیک ہسی، گریم اسمتھ، جیک کیلس، ڈینیئل ویٹوری، ناتھن میک کولم، گرانٹ ایلوئٹ، مونٹی پنیسر اور اویس شاہ جیسے کھلاڑی حصہ لیں گے۔ اس ایونٹ کو سینٹ مورٹز آئس کرکٹ کا نام دیا گیا اور اس کا اہتمام ایک بھارتی اسپورٹس فرم نے کیا، جس کا دعویٰ ہے کہ اس نے آئی سی سی سے اجازت لے لی ہے۔ گذشتہ روز اس ایونٹ کی رونمائی ہوئی جس میں سہواگ بھی شریک تھے،
انھوں نے کہاکہ میں نے برف پر2 میچز کھیلنے کیلیے ہاں کرنے میں دو منٹ بھی نہیں لیے، یہ میرے لیے ایک دلچسپ تجربہ ہوگا۔ واضح رہے کہ یہ میچز سرخ گیند کے ساتھ کھیلے جائیں گے، باقی کرکٹ سامان وہی رہے گا تاہم اسپائیکس کے بجائے عام اسپورٹس شوز پہنے جائیں گے، اسٹار پلیئرز کو 40 سے 50 ہزار ڈالرز جبکہ باقی کو 20 سے 30 ہزار ڈالر معاوضہ ادا کیا جائیگا۔
ایمز ٹی وی (موسم) شمالی اور شمال مشرقی سرد اور خنک ہواؤں کی وجہ سے کراچی میں سردی بڑھنے لگی ،آج جمعرات کو شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 10 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری ہوائیں ماند پڑنے اور دوسری سمت سے مسلسل سرد ہوائیں چلنے کے باعث صبح کے اوقات میں گزشتہ چندروز کے مقابلے میں سردی کی شدت مزید بڑھ گئی ہے، بدھ کے روز شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ آج مزید ایک ڈگری کمی سے شہر کا درجہ حرارت 10 ڈگر ی سینٹی گریڈ تک گرسکتا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان اور ایران کی جانب سے شمالی اور شمال، مشرقی ہواؤں کی وجہ سے شہر ہلکی پھلکی سردی کی لپیٹ میں ہے جس میں صبح اور رات کے وقت شدت دیکھی جارہی ہے،
گزشتہ روز کی طرح آج بھی مطلع صاف اور خشک رہنے کی توقع ہے،دوسری جانب صبح کے وقت ہوا میں نمی کا تناسب 47 فیصد کے قریب ریکارڈ کیا گیا ہوا میں نمی کا تناسب کم ہونے کی وجہ سے شہر کی فضا پر دھند کی کیفیت طاری نہیں ہورہی۔ محکمہ موسمیات کے ریجنل ڈائریکٹر شاہد عباس کے مطابق 2 روز بعد سردی کی موجودہ لہر کا خاتمہ ہوجائے گا اور سمندری ہوائیں جزوی طورپر بحال جبکہ شمالی سرد ہوائیں ماند پڑجائیں گی جس کی وجہ سے خنکی اور سردی کا موجودہ زور ٹو ٹ جائے گا دو روز بعد موسم میں 2 سے 3 ڈگری سینٹی گریڈ اضافے کا امکان ہے معتدل موسم کا سلسلہ ایک سے ڈیڑھ ہفتے تک جاری رہے گا تاہم مغرب کی جانب سے آئندہ بارشوں کا کوئی دوسرا نظام پاکستان میں داخل ہونے کے بعد ایک بار پھر موسم سرد اور خشک ہوجائے گا۔
ایمز ٹی وی (کراچی) سندھ اسمبلی کی تاریخ میں پہلی بار 12 ریبع الاول پر اسمبلی میں محفل میلاد کرائی جائے گی۔ سندھ اسمبلی کے اسپیکر آغا سراج درانی نے 12 ربیع الاول کے موقع پر سندھ اسمبلی میں عید میلادالنبی ﷺ کی تقریب کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے، جس میں اسپیکر سندھ اسمبلی سمیت تمام ارکان شریک ہوںگے، یہ تاریخ میں پہلی بار ہوگا جب سندھ اسمبلی میں 12 ربیع الاول کی محفل سجائی جائے گی۔