ایمزٹی وی(انٹرٹینمنٹ)ماہرہ خان کی فلم 'ورنہ' کو پنجاب میں بھی نمائش کی اجازت دے دی گئی۔ وفاق اور سندھ سنسر بورڈ نے فلم کو پہلے ہی نمائش کی اجازت دے دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ماہرہ خان کی فلم "ورنہ"کو پنجاب میں بھی نمائش کی اجازت دے دی گئی۔ اس سے قبل گورنر پنجاب کے بیٹے کی عیاشیوں پر بنائی گئی فلم "ورنہ" پنجاب سنسر بورڈ کی وجہ سے تاخیر کا شکار رہی۔ وفاق اور سندھ سنسر بورڈ نے تو نمائش کی اجازت دے دی تھی لیکن پنجاب سنسر بورڈ دیوار بن گیا تھا تاہم اب پنجاب سیسنربورڈ کے اعلیٰ سطحی اجلاس کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا کہ فلم کوپنجاب میں بھی نمائش کی اجازت ہو گی۔
پنجاب میں فلم کا پرئمیر دوپہر کو دو بجے ہونا تھا جو پابندی کے باعث تاخیر کا شکار ہو گیا، پنجاب میں فلم کا پہلا شو رات 8 بجے ہو گا۔
ایمزٹی وی(تربت)تاجبان کے علاقے سے 5 افراد کی لاشیں ملی ہیں۔ میڈیا ذرائع کے مطابق بلوچستان میں تربت کے علاقے تاجبان سے 5 افراد کی لاشیں ملی ہیں جنہیں گولیاں مار کر قتل کیا گیا ہے۔ لیویز کے مطابق لاشوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں 5 میں سے تین لاشوں کی شناخت ہوگئی ہے۔
مقتولین کے نام عثمان قادر ،دانش علی اور بدرمنیر ہیں جن کا تعلق پنجاب کے شہر گجرات سے بتایا جاتا ہے۔ عثمان قادر کا تعلق پور کلاں ، دانش علی کا رسول پور اور بدر منیر کا تعلق کسوکی سے ہے جب کہ دو افراد کی تاحال شناخت نہیں ہوسکی ہے۔
واضح رہے کہ بدھ کو بھی تربت سے 15 افراد کی لاشیں ملی تھیں جنہیں فائرنگ کرکے ہلاک کیا گیا تھا اور مقتولین کا تعلق پنجاب کے مختلف علاقوں سے تھا۔
ایمزٹی وی(کراچی/تعلیم)کراچی میں اسکول وین اور ڈمپر کے تصادم میں30طالبات زخمی ہو گئیں جن میں 3 کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اسکول وین پکنک کیلئے جا رہی تھی کہ نارورن بائی پاس کے قریب مخالف سمت سے آنے والے ڈمپر سے ٹکر ہو گئی جس کے نتیجے میں30 طالبات زخمی ہو گئیں جن میں 3 کی حالت تشویشناک ہے۔
حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں ،زخمی طالبات کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے ۔
ایمزٹی وی(تعلیم/کراچی)ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نےامتحانی فارم جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کردی۔
ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر سعید الدین کے مطابق سیکنڈری اسکول سرٹیفکیٹ پارٹ ون (نہم جماعت) کے امتحانی فارمز بغیر لیٹ فیس کے24نومبر 2017 تک جمع کروا ئے جا سکتے ہیں۔
ایمزٹی وی(صحت)کمشنر کراچی اعجاز احمد خان نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ 20 نومبر سے شروع ہو نے والی انسداد پولیو مہم کو موثر بنانے کے لئے مربوط کوششیں کریں اور اس بات کویقینی بنائیں کہ مہم کی کارکردگی سے ہر بچہ مستفید ہو۔
وہ پیر سے شروع ہونیو الی چھ روزہ مہم کے انتظامات کا جائزہ لینے والے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میں فیاض جتوئی فرحان غنی خان، ڈاکٹر نصرت علی شریفہ اختر اور دیگر مو جو د تھے۔
اجلا س میں فیصلہ کیا گیا کہ مہم چھ روزہ ہو گی، 20 نومبر سے شروع ہوگی 25 نومبر تک جاری رہے گی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ23لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے ۔
ایمزٹی وی(تعلیم/کراچی)وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سندھ بھر کے میٹرک اور انٹر میں پوزیشن لانے والے طلبہ کو انعام کے طور پر خطیر رقم و سرٹیفکیٹس دینے کی منظوری دیدی ۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری برائے جامعات وبورڈز محمد حسین سید کی جانب سے بھیجی گئی سمری میں تجویز دی گئی ہے کہ سندھ بھر کے میٹرک اور انٹر کے پوزیشن ہولڈر کی حوصلہ افزائی کیلئےانہیں انعام دیا جائے۔
ذرائع کےمطابق پہلی پوزیشن لانے والے کو 3لاکھ، دوسرے پوزیشن ہولڈر کو دو لاکھ اور تیسری پوزیشن لانے والے کو ایک لاکھ روپے فی کس اور سرٹیفکیٹس دیئے جائیں۔ تجویز کے مطابق طلبہ کی تقریب وزیراعلیٰ ہائوس میں رکھی جائے اور وزیراعلیٰ خود پوزیشن ہولڈر طلبہ کو سرٹیفکیٹس اور انعامی رقم دیں۔
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی طر ز پر میٹرک کے پوزیشن ہولڈر طلبہ کو انعام دینے کا سلسلہ پہلے قائم علی شاہ نے سیکرٹری بورڈ وجامعات ممتاز علی شاہ کی سفارشات پر کیا تھا۔ تاہم ممتاز علی شاہ کے جانے کے بعد یہ معاملہ رک گیا تھا اور اس کے بعد آنے والے سیکرٹری بورڈز وجامعات نوید شیخ نے تو معاملے پر بالکل توجہ نہیں دی تاہم مراد علی شاہ نے نہ صرف پوزیشن ہولڈر کے اعزاز میں تقریب کی منظوری دی بلکہ رقم بھی 3 لاکھ، 2 لاکھ اور ایک لاکھ کرنے سے اتفاق کیا۔
ایمزٹی وی(تعلیم/کراچی)داؤد یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے ایڈوانس اسٹڈیز اینڈ ریسرچ بورڈ کا تیسرا اجلاس وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فیض اللہ عباسی کی زیر صدارت ہوا جس میں کیمیکل انجینئرنگ اور الیکٹرونکس انجینئرنگ میں ایم ایس اور پی ایچ ڈی پروگرامز شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور داخلوں کا اعلان آئندہ چند روز میں اشتہار کے ذریعے کردیا جائے گا ۔
اجلاس میں دونوں پروگرامز ایم ایس الیکٹرونکس اورکیمیکل انجینئرنگ اور پی ایچ ڈی کے کورس آؤٹ لائن کی بھی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں پرو وائس چانسلر ڈاکٹر پیر روشن دین شاہ راشدی ، ڈین فیکلٹی آف انجینئرنگ ڈاکٹر عبدالوحید بھٹو ، اکیڈمک کوآرڈینٹر ڈاکٹر دوست علی خواجہ ، ڈائریکٹر پوسٹ گریجویٹ اسٹڈی ڈاکٹر آصف علی شاہ ، ڈاکٹر ذیشان علی، ڈاکٹر شوکت مزاری ، ڈاکٹر راشد ابڑو، ڈاکٹر غلام مجتبیٰ اور ڈاکٹر ارسلان انصاری شریک تھے ۔
ایمزٹی وی(کراچی/ تعلیم)آئی ایس او 9001:2015 سرٹیفیکیشن کے حصول اور کیو ایس ایشیاءیونی ورسٹی رینکنگ 2018 میں این ای ڈی یونی ورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے ایشیا کی ٹاپ جامعات میں شمولیت کی خوشی میں جامعہ میں تقریب منعقد کی گئی ۔
استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کوالٹی انہانسمنٹ سیل (کیو ای سی) کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر آصف احمد شیخ نے بالخصوص تمام شعبہ جات کے سربراہان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کامیابی کو ٹیم کی مشترکہ کاوشوں کا نتیجہ قرار دیا اور آئندہ کے اہداف کا احاطہ کرتے ہوئے بتایا کہ ماسٹرز اورپی ایچ ڈی کے این او سی کے حصول اور اُس کی جانچ پڑتال(ریویو) جب کہ انسٹی ٹیوشن ایلیویشن پروگرام (آئی پی ای) کا حصول بھی اگلے چند ماہ میں ممکن ہوسکے گا۔
اس موقع پر پرُووائس چانسلر پروفےسر ڈاکٹر محمد طفیل جوکھیو کا کہناتھاکہ جامعہ کی خوش قسمتی ہے کہ اس سے وابستہ افراد باصلاحیت اور اپنے کاموں کاموں سے ایمان دار ہیں، کوششوں اور محنت کا صلہ ضرور ملتا ہے، اسی لیے این ای ڈی یونی ورسٹی ترقی کی جانب رواں دواں ہے۔
جبکہ وائس چانسلر پروفےسر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی کا مبارک باد دیتے ہوئے کہنا تھا کہ غلطیوں سے سیکھتے ہوئے آگے بڑھتے رہنااور جدوجہد کرتے رہنا چاہیے۔ جامعہ این ای ڈی سے وابستہ تمام افراد کو سراہتے ہوئے کہا کہ سب نے ادارے کی بہتری کے لیے ساتھ مل کر کام کیا ہے اور یہ کامیابی اسی یکجہتی کانتیجہ ہے۔
یاد رہے کہ 16اکتوبر کو جاری کیے گئے کیو ایس رینکنگ کے معیار کے مطابق 2014 کے مقابلے میں این ای ڈی یونی ورسٹی کے معیار میں 13.9 فی صد اضافے کی بنیا د پر اسے ایشیاءکی ٹاپ2.5 فی صدجامعات میں شامل کیا گیا ہے۔
ایمزٹی وی(تعلیم/لاہر)یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی نے وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال کو ملک کی خدمات کے عوض ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری جاری کردی ہے۔
لاہور میں یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی(یو ای ٹی) کا 24 واں کانوکیشن منعقد ہوا جس میں 2 ہزار 233 طلبہ و طالبات کو ڈگریاں جاری کی گئیں۔ انتظامیہ کے مطابق بی ایس سی انجینئرنگ کے ایک ہزار 645 طلبا اورایم ایس سی اور ایم فل کے 557 طلبا کو ڈگریاں جاری کی گئیں۔
یونیورسٹی کی جانب سے ملک کی خدمات کے بدلے وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال کو بھی پی ایچ ڈی (ڈاکٹریٹ) کی اعزازی ڈگری جاری کی گئی، احسن اقبال کو وائس چانسلر یو ای ٹی ڈاکٹرفضل احمد خان نے ڈگری جاری کی۔
ایمزٹی وی(برطانیہ)برطانیہ میں پاکستانی سفارت خانے کے احتجاج پر لندن کے ٹرانسپورٹ ادارے نے ڈبل ڈیکر بسوں پر لکھے پاکستان مخالف اشتہارات کو ہٹادیا ہے۔
لندن میں پاکستانی سفارت خانے کے ترجمان نے بتایا کہ بسوں پر اشتہارات کا معاملہ ہائی کمیشن کے نوٹس میں لایا گیا تو انھوں نے فوری طور پر ٹرانسپورٹ فار لندن کے سربراہ سے رجوع کیا اور اشتہارت کو ہٹانے کا مطالبہ کیا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ چند ہفتوں قبل لندن کی ٹیکسیوں پر بھی پاکستان مخالف اشتہارات لگوائے گئے تھے جسے پاکستان ہائی کمشنر کے کہنے پر ہٹا دیا گیا تھا، ٹرانسپورٹ فار لندن کے مطابق اشتہارات ہٹانے کا کام جلد مکمل کرلیا جائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان میں متعین برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ برطانیہ پاکستان کی سالمیت اور جغرافیائی سلامتی کا مکمل احترام کرتا ہے، لندن میں بلوچستان کے بارے میں اشتہاری مہم پر پاکستان کے تاثرات کو بخوبی سمجھتے ہیں تاہم برطانوی حکومت کا ان بینرز کی تشہیر سے کوئی تعلق نہیں، بلوچستان پاکستان کا حصہ ہے اور حصہ رہے گا۔