پیر, 20 جنوری 2025

 

 

ایمزٹی وی(انٹرٹینمنٹ)مس ورلڈ 2017 کا تاج بھارت کی 21 سالہ حسینہ مانوشی چھلر نےاپنے سر سجا لیا۔
چین کے شہر سائنا سٹی ایرینا میں منعقد ہونے والے 66 ویں مس ورلڈ مقابلے میں ایک سو آٹھ سے زائد ممالک کی حسینائیں شریک تھیں۔
مقابلے میں بھارت کی 21 سالہ مانوشی چھلر نے مس ورلڈ 2017 کا تاج اپنے سر سجا لیا، دوسرے نمبر پر میکسیکو جبکہ انگلینڈ کی حسینہ تیسرے نمبر پر رہیں۔
مانوشی کو 2016 میں مس ورلڈ بننے والی پورٹو ریکو کی حسینہ اسٹیفین ڈیل ویلی نے تاج پہنایا۔ مانوشی کا تعلق بھارتی ریاست ہریانہ سے ہے اور وہ رواں سال مس انڈیا کا ایوارڈ بھی اپنے نام کرچکی ہیں۔
مانوشی چھلر 16 سال بعد پہلی بھارتی حسینہ ہیں جو مس ورلڈ بنی ہیں اور اس سے قبل 2000 میں پریانکا چوپڑا نے یہ اعزاز حاصل کیا تھا۔

 

 

 

ایمزٹی وی(ایبٹ آباد)ایبٹ آباد میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ 2013 میں ملک میں لوڈشیڈنگ سمیت دیگر بحرانوں میں گھیراہوتھا اور ہرروز دہشتگردی کے واقعات رونما ہوتے تھے ،آج لوڈشیڈنگ ملک کو خداحافظ کہہ رہی ہے اور دہشتگردی ختم ہو رہی ہے ،آج پاکستان ترقی کی منازل کی طے کر رہا ہے۔میاں نوازشریف کا کہناتھا کہ مائنس نوازشریف کہنے والوں کو پتہ نہیں کہ آج نوازشریف ایک نظریہ کا نام ہے اور پاکستا ن کے عوام نواز شریف کا نظریہ ہے،انہوں نے کہا کہ میں ہارنے والا شخص نہیں ہوں ،اگر میں ہارنے والا شخص ہوتا توآپ کو چھوڑ کر چلا جاتا ،انہوں نے کہا کہ جس پٹیشن کوفضول سمجھ کر خارج کیا گیاتھا اسے مقدس قراردےدیاگیا،اور ہیروں پر مبنی ایسی جے آئی ٹی بنی جس کے سامنے ہمارا پورا خاندان پیش ہوا
ایک وقت آئے گا جب اس جے آئی ٹی کی پوری کہانی عوام کے سامنے آجائے گی،انہوں نے کہاکہ پوری دنیا کے سیر وسپاٹوں کے باوجود جے آئی ٹی کو نوازشریف کیخلاف کوئی کرپشن کا ثبوت نہیں ملا جب ساری کوششیں ناکام ہو گئی تو کہا گیا کہ آپ نے بیٹے سے تنخواہ وصول نہیں کی اس لئے نااہل قراد دیا جاتا ہے اورمیں نے فیصلہ پر عمل میں تاخیر نہیں کی اور وزیراعظم ہاﺅس چھوڑ کر آگیا لیکن ایبٹ آباد کے عوام بتاﺅ کیا آپ نے یہ فیصلہ تسلیم کیا ہے ،کیا چند لوگ 20 کروڑ کے عوام کا فیصلہ کر سکتے ہیں میری اصل عدالت پاکستانی عوام ہیں۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں جمہوریت باربار پٹڑی سے اترتی رہی، اصل سوال تو یہ ہے کہ آپ کے ووٹ لینے والے منتخب نمائندوں سے کیا سلوک کیا جاتا رہا اور آئین کو روندتے والوں سے کیا سلوک کیا جا تا رہا ،کیااس سوال کا جواب یہ منصف دے سکتے ہیں،انہوں نے کہا کہ بہت کھیل کھیلے جا چکے ہیں لیکن اب زمانہ بدل چکا ہے ،خلق خدا جاگ چکی ہے وہ اندھے بہرے نہیں وہ ایک ایک چیز کا حساب لیں گے ۔
انہوں نے کہا کہ میں نے آج تک ایک ایک پائی کو عوام کی امانت سمجھا اور کبھی خیانت نہیں کی اس لئے عوام نوازشریف سے محبت کرتی ہے، آج ملک میں ترقی کا دور آ رہا تھا لیکن پھر ملک کوایک فیصلے سے غیر مستحکم کردیا گیا جو عوام کو منظور نہیں ،آج کا جلسہ عوامی ریفرنڈم ہے ،نوازشریف نے کہا کہ میں نہ جیل سے ڈرتا ہے نہ موت سے ،آپ نے مجھے زندگی دی ہے، میراوعدہ ہے زندگی بھر آپ کی خدمت کریں گے آپ وعدہ کریں کہ اپ میرے ساتھ قدم کے ساتھ قدم ملا کر چلیں گے ۔
سابق وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ شعبدہ باز کہتے تھے کہ ہم 90 دن میں کرپشن ختم کریں گے اور سستے بجلی پیدا کریں گے وہ ایک واٹ بھی بجلی پیدا نہیں کر سکتے، اگر آج بجلی کا بحران ختم کیا ہے تو نوازشریف نے کیا ہے وہ کہتے تھے کہ اربوں درخت لگیں گے لیکن اربوں درخت تو لگے نہیں لیکن اربوں روپے کھا گئے ،انہوں نے کہا کہ ان لوگوں کو اپنی کرتوتوں کا حساب دینا ہوگا،انشاءاللہ 2018 کے الیکشن میں پھر آپ کے پاس آﺅں گا اور نئے وعدے کروں گا بتاﺅ نوازشریف اپنے وعدے پورا کرتا ہے یا نہیں،کیا آپ ووٹ کے تقدس کو بحال کرانے میں میرا ساتھ دو گے۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)نیشنل ڈیٹا بیس رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے گزشتہ چار ماہ کے دوران بغیردستاویزات کے حامل 3 لاکھ 70 ہزار افغان مہاجرین کو رجسٹر کرلیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق نادرا کے ترجمان کا کہنا ہے کہ افغان مہاجرین کی رجسٹریشن کے عمل کو تیز کردیا گیا ہے۔ترجمان کے مطابق سب سے زیادہ مہاجرین صوبہ خیبرپختونخوا میں رجسٹر ہوئے ہیں جہاں 2 لاکھ 30 ہزار افغان مہاجرین کو رجسٹر کیا گیا۔نادرا کا 16 جنوری 2018 تک دس لاکھ مہاجرین کی رجسٹریشن کا ہدف ہے جبکہ اس سے قبل یہ مہم 31 دسمبر 2017 تک مقرر کی گئی تھی۔
خیبرپختونخوا میں 11 سینٹرز سمیت مجموعی طور پر نادرا کے 21 سینٹرز بنائے گئے تھے۔افغان مہاجرین کی رجسٹریشن کا عمل نادرا کے علاوہ افغان کمشنر، مہاجرین اور ان کی وطن واپسی کے لیے افغانستان کی وزارت کی جانب سے مشترکہ طور پر چلائی جارہی ہے۔
اقوام متحدہ کی مہاجرین کی ایجنسی یو این ایچ سی آر کے مطابق ملک میں 15 لاکھ مہاجرین رجسٹرڈ ہیں جو دنیا کی سب سے زیادہ آبادی میں سے ایک ہے جبکہ ایک اندازے کے مطابق دس لاکھ سے زائد مہاجرین کی رجسٹریشن نہیں ہوئی۔پاکستان میں دہشت گردی کی ایک لہر کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے غیررجسٹرڈ افغان مہاجرین کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کیا تھا۔
مہاجرین کیلئے قائم ایک بین الاقوامی تنظیم اور دنیا بھر میں مہاجرین کی نقل وحرکت پر نظر رکھنے والی تنظیم کی رپورٹ کے مطابق پاکستان سے 2016 میں دستاویزات نہ رکھنے والے 2 لاکھ 48 ہزار 189 افغان شہری واپس جاچکے ہیں یا بھیج دئیے گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے پناہ گزین (یو این ایچ سی آر) نے کہا ہے کہ 2018 میں افغان پناہ گزینوں کی اپنے گھروں کو واپسی کاعمل کم رہنے کا امکان ہے جبکہ پاکستان میں آئندہ سال ہونے والے عام انتخابات پر افغان پناہ گزینوں کی جانب سے پڑھنے والے اثر کو کم نہیں کرسکتا۔رپورٹ کے مطابق پاکستان میں 13 لاکھ سے زائد افغان مہاجرین رجسٹر ہیں، جن میں سے وطن واپس جانے والے پناہ گزینوں کی تعداد 2016 میں تقریباً 3 لاکھ 70 ہزار تھی جو 2017 کی اوائل تی تیسری سہ ماہی میں 50 ہزار تک رہی۔

 

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس)قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے دورئہ نیوزی لینڈ پر نگاہیں مرکوز کرلیں۔میڈیا سے گفتگو میں انھوں نے کہا کہ حالیہ فتوحات خوش آئند ہیں، سری لنکا کیخلاف ٹیسٹ سیریز میں شکست ہوئی لیکن محدود اوورز کی کرکٹ میں گرین شرٹس درست سمت میں گامزن رہے،آئندہ سیریز نیوزی لینڈ میں ہے، کیویز کا ہوم کنڈیشنز میں مقابلہ کرنے کے لیے تیاریاں بھی خاص کرنا ہوں گی۔
ہمیں بہترین کمبی نیشن کے ساتھ میدان میں اترتے ہوئے اچھی پلاننگ سے میچزکھیلنا ہوں گے،اگر ہم ایسا کرنے میں کامیاب ہوگئے تو ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ٹرافیز جیت کر لاسکتے ہیں، تیاری کے لیے ہمیں فٹنس اور پریکٹس پر مزید کام کرنا ہوگا،
سرفراز احمد نے مزید کہا کہ ڈومیسٹک ٹورنامنٹ میں کھلاڑیوں کو فٹ اور فارم میں رہنے کے لیے مدد مل رہی ہے لیکن مزید محنت کرنے کی ضرورت ہوگی،کیویز کا گھر میں شکار ہمیشہ مشکل ہوتا ہے لیکن بھرپورتیاری کریں تو میزبان کو زیر کرسکتے ہیں۔
کپتان نے کہا کہ میرے غصے کی بہت بات ہوتی ہے لیکن تمام کھلاڑی میرے مزاج اور ٹیم کی ضرورت کو سمجھتے ہیںکوئی بُرا نہیں مناتا، ڈریسنگ روم کا ماحول انتہائی خوشگوار ہے۔انھوں نے کہا کہ پی ایس ایل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 2بار فائنل کھیل کرٹائٹل نہ جیت پائی، اس بار کامیابی حاصل کرنے کے لیے پُر عزم ہیں، انہوں نے بتایا کہ معین خان کے بیٹے اعظم خان کا انتخاب میرٹ پر ہوا، وہ ٹی ٹوئنٹی کے لیے خاص طورپر موزوں بیٹسمین ہیں، میدان میں اتریں گے تو تنقید کی گنجائش نہیں رہے گی۔

 

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس)افغانستان نے انڈر19 ایشیا کپ میں پاکستان کو 185 رنز سے شکست دے دی۔
ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور میں ہونے والے انڈر19 ایشیا کپ کے فائنل میں افغانستان نے پاکستان کو 185 رنزسے شکست دے دی، جس کے بعد افغانستان انڈر 19 ایشیا کپ کا چیمپئن بن گیا۔ افغانستان کے 248 رنز کے تعاقب میں قومی ٹیم 63 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
افغانستان کے مجیب نے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ہدف کے تعاقب میں پاکستان کے صرف دو بلے باز ڈبل فگر میں داخل ہو سکے جب کہ محمد طحہٰ 19 رنزبنا کرنمایاں رہے۔ اس سے پہلے گروپ مرحلے کے میچ میں بھی افغانستان نے پاکستان کو شکست دی تھی۔

 

 

ایمزٹی وی(لاہور)تحریک انصاف سے خارج کردیئے جانے والے رکن قومی اسمبلی داوڑ کنڈی کا کہنا ہے کہ پارٹی صرف عمران خان کی نہیں بلکہ ہم سب کی ہے۔
لاہور میں میڈیا سے خصوصی بات کرتے ہوئے تحریک انصاف کے ممبر قومی اسمبلی داوڑ کنڈی کا کہنا تھا کہ عمران خان نہ تو ملک کے قانون کو مانتے ہیں اور نہ ہی پارٹی کے آئین کو تسلیم کرتے ہیں، مجھے سچ بولنے کی سزا دی گئی اور عمران خان نے شوکاز نوٹس سے پہلے ہی پارٹی سے نکالنے کا اعلان کردیا، یہ ان کا اندھا قانون ہے۔
داوڑ کنڈی نے کہا کہ تحریک انصاف عمران خان کی پارٹی نہیں ہم سب کی جماعت ہے اور اس کے آئین کے مطابق مجھے پہلے شو کاز نوٹس جاری ہونا چاہئے اس کے بعد مجھے خارج کرنے کا اعلان کیاجاتا لیکن مجھے ابھی تک کوئی شوکاز نوٹس نہیں ملا، عمران خان کی بنیاد کمزور ہے وہ مجھے شوکاز نوٹس بھی جاری نہیں کرسکتے۔
واضح رہے کہ داوڑ کنڈی نے پی ٹی آئی کے صوبائی وزیر امین گنڈاپور پر ڈی آئی خان میں لڑکی کی بے حرمتی کے واقعے میں ملوث ہونے کا الزام لگایا تھا جس پر عمران خان نے انہیں پارٹی سے نکال دیا۔

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ اسحاق ڈار کو شریف خاندان کی منی لانڈرنگ کے مزید راز فاش ہونے کے ڈر سے نہیں ہٹایا جارہا۔
سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو نواز شریف کا کٹھ پتلی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ تعجب کی بات ہے کہ نواز شریف کا کٹھ پتلی وزیراعظم شاہد خاقان عباسی شریف مافیا کے فرنٹ مین اور قانون سے بھاگے ہوئے شخص کو عہدے سے نہیں ہٹا سکتا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ شریف مافیا کے دباؤ کے باعث وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو نہیں ہٹایا جا رہا، کیونکہ شریف مافیا کو اسحاق ڈار کی جانب سے منی لانڈرنگ کے مزید انکشافات کا ڈر ہے۔
 
تحریک انصاف کے چیرمین نے کہا کہ اسحاق ڈار کرپشن اور منی لانڈرنگ جیسے کئی مقدمات میں مطلوب مفرور ملزم ہے، اسحاق ڈار نے پہلے بھی نواز شریف کی منی لانڈرنگ کے بارے میں انکشافات کیے تھے اور اب بھی شریف خاندان کی منی لانڈرنگ کے مزید راز فاش ہونے کے ڈر سے انہیں عہدے سے نہیں ہٹایا جارہا۔

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار نے بلوچستان میں 20 افراد کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے 3 روز میں رپورٹ طلب کرلی۔ چیف جسٹس ثاقب نثار نے تربت میں 20 افراد کو گولیاں مار کر قتل کرنے کے واقعے کا ازخود نوٹس لے لیا۔
ترجمان سپریم کورٹ کے مطابق چیف جسٹس نے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) فیڈرل انویسٹی گیشن (ایف آئی اے) اور انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس بلوچستان سے تین روز میں رپورٹ طلب کرلی۔
خیال رہے کہ پہلا واقعہ 15 نومبر کو بلوچستان کے علاقے تربت میں واقع بلیدا گورک میں پیش آیا تھا جہاں 15 افراد کی گولیاں لگی لاشیں برآمد ہوئیں تھیں جن کے بارے میں سیکیورٹی حکام کا کہنا تھا کہ مقتولین کا تعلق پنجاب کے مختلف علاقوں سے ہے۔
اس کے علاوہ ایف سی ذرائع نے تصدیق کی تھی کہ نامعلوم مسلح افراد نے ان 15 لوگوں کو کیچ کے علاقے میں بہت قریب سے گولیاں مار کر ہلاک کیا تھا۔ بعد ازاں گذشتہ روز تربت سے ایک گھنٹے کی مسافت پر واقع پہاڑی علاقے تاجبان میں گولیوں سے چھلنی مزید 5 نامعلوم لاشیں برآمد ہوئی تھیں۔
لیویز ذرائع کے مطابق ان لاشوں کے بارے میں مقامی افراد نے لیویز اہلکار کو آگاہ کیا جبکہ پولیس اور سیکیورٹی اداروں نے اطلاع ملتے ہی لاشوں کو تحویل میں لے کر انہیں تربت کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال (ڈی کیو ایچ) منتقل کردیا جبکہ اس واقعے کی تحقیقات کا بھی آغاز کردیا گیا۔

 

 

ایمزٹی وی(راولپنڈی)پاکستان اور بھارت کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشز (ڈی جی ایم اوز) کا ہاٹ لائن رابطہ ہوا ہے جس میں پاکستان نے ایل او سی پر بھارت کی جانب سے بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانے کا معاملہ اٹھایا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان اور بھارت کے ڈی جی ایم اوز کا مقررہ شیڈول سے ہٹ کر ہاٹ لائن رابطہ ہوا ہے جس میں پاک فوج کے ڈی جی ایم او نے لائن آف کنٹرول پر پاکستانی شہریوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنانے کا معاملہ اٹھایا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے ڈی جی ایم او کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول پر نیزہ پیر، چری کوٹ، اور بٹل سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ کی، بھارتی فوج کا جان بوجھ کر ایل او سی پر معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا غیر پیشہ ورانہ اور غیر اخلاقی ہے، اس طرح کی اشتعال انگیزیاں ناقابل برداشت اور جواب دینے کی متقاضی ہیں۔
واضح رہے گزشتہ روز بھی پاکستان نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو دفتر خارجہ طلب کرکے ایل او سی کے چری کوٹ سیکٹر میں بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا تھا۔