ایمزٹی وی(ٹیکسلا)ٹیکسلا میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مسلم لیگ(ن) کے رہنما چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ میں حکومت میں نہیں لیکن میری پارٹی کی حکومت ہے اور میں باہر بیٹھ کر تنقید نہیں کرسکتا، اپنی جماعت کے ساتھ ہوں اور ہمیشہ رہوں گا لیکن اداروں سے ٹکراؤ والے بیان پر اب بھی قائم ہوں، محاذ آرائی کی سیاست بند اور عدالتی فیصلوں پر من و عن عمل ہونا چاہئیے۔ حکومت کو اپوزیشن کے علاوہ پارٹی کے اندر سے بھی احتساب کا سامنا ہو تو زیادہ بہتر ہے، پارٹی کی مشاورت سے جو بھی فیصلہ ہو قابل قبول ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ڈان لیکس رپورٹ کو منظر عام پر لایا جانا چاہئے، اس معاملے میں کسی مرحلہ پر مریم نواز کا نام نہیں آیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی شہریت بیچی جاتی ہے اور اس کے لیے وزارت داخلہ کے ملازمین کے علاوہ سیاست دان بھی سفارشیں کرتے رہے ہیں، میں نے اپنی دور وزارت میں 33 ہزار پاسپورٹ منسوخ اور لاکھوں شناختی کارڈز بلاک کیے، کسی مہاجر کو دھکیل کر ان کے وطن واپس نہیں بھیجا جاسکتا، کوشش ہے کہ مہاجرین کو باعزت طریقے سے واپس بھیجا جائے، افغان شہری پاکستان میں مقیم ہیں اور کسی غیر قانونی کام میں ملوث نہیں تو کوئی ابہام نہیں مہاجرین کو پاکستان میں رہنے کا حق حاصل ہے۔
ایمزٹی وی(لاہور)وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ نئی حلقہ بندیوں سے متعلق آئینی ترمیم بروقت نہ کی گئی تو عام انتخابات کی منزل دور جاسکتی ہے۔ جاتی امرا لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ جلسے کرنے والا آدمی بہت جلدی میں ہے جبکہ سیاست کے آئن سٹائن زرداری صاحب اور جلسے والے شخص کو مشورہ ہے کہ گالیاں اور جلسے بعد میں کرلینا پہلے نئی حلقہ بندیوں سے متعلق آئینی ترمیم کرلو، اگر ایسا نہ کیا تو عام انتخابات کی منزل دور جاسکتی ہے، نئی حلقہ بندیوں سے متعلق پی پی پی اور پی ٹی آئی کا مشتبہ رویہ ناقابل فہم ہے، عمران کا ایجنڈا پتہ ہے لیکن زرداری نامعلوم ایجنڈے پر کام کررہے ہیں۔ جنرل (ر) پرویز مشرف کے عدالتوں میں پیش نہ ہونے سے متعلق ایک سوال کے جواب میں سعد رفیق نے کہا کہ شب خون مارکر پاکستان پر قبضہ کرنے والے غاصب حکمرانوں اور ان کے ناجائز اقتدار کو سند دینے والے محترم ججز کے لیے کوئی جواب طلبی کا نظام نہیں، جرنیلوں کو گارڈ آف آنر دے کر رخصت کیا گیا اور انہیں کوئی پوچھنے والا نہیں، معزز جج صاحبان نے حلف سے بے وفائی کرکے غاصب کا حلف اٹھایا اور مارشل لاؤں کو دوام بخشا ان سے بھی حساب نہیں لیا گیا، لیکن ملک کا کسی بھی منتخب وزیراعظم کو عزت سے رخصت نہیں کیا گیا۔ وزیر ریلوے نے کہا کہ یہ تاریخی باتیں ہیں جسے کہنے پر ہم پر محاذ آرائی کا الزام لگایا جاتا ہے اور اگر محاذ آرائی نہ کرنے کا مطلب منہ پر پٹی باندھنا اور مار کھاتے رہنا ہے تو ہم تو ایسا نہیں کریں گے، نوازشریف تحفظات کے باوجود عدالت میں پیش ہورہے ہیں اور آئندہ بھی پیش ہوتے رہیں گے، تاہم مسلم لیگ (ن) کے ساتھ ناانصافی اور قیادت کو ناجائز شکنجے میں جکڑنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ آصف زرداری سے ملاقات سے متعلق سوال کے جواب میں خواجہ آصف نے کہا کہ زرداری سے ملنے کی جلدی نہیں وہ جو لڈو بانٹتے ہیں ہمیں ان کی ضرروت نہیں اوران کے لڈو وہی کھا سکتے ہیں جن کا ہاضمہ اچھا ہے، سیاسی جماعتوں کو کسی بھی صورت باہمی رابطہ ختم نہیں کرنا چاہیے اور جو سیاست دان یہ کہے کہ میں بات نہیں کروں گا وہ کچھ بھی ہوسکتا ہے لیکن سیاست دان نہیں۔
ایمزٹی وی(اسپورٹس)آئندہ سال پاکستان اور زمبابوے کے درمیان ٹیسٹ سیریز ہونے کا امکان ہے، جون اور جولائی میں گرین شرٹس کو زمبابوے میں کھیلی جانے والی ٹرائنگولر سیریز میں شرکت کرنا ہے، تیسری ٹیم آسٹریلیا ہوگی، مجموعی طور پر 7 میچز کھیلے جائیں گے، ہر ٹیم دوسری کے ساتھ 2،2 مقابلوں میں برتری کی جنگ لڑے گی۔ جس کے بعد ٹاپ سائیڈز کے درمیان فائنل ہوگا۔ پی سی بی ذرائع کے مطابق سہ ملکی سیریز کے بعد پاکستان ٹیم کو زمبابوے میں ہی مصروف رکھنے کا پلان بنایا جا رہا ہے، معاملات طے پا گئے تو پاکستان ٹیم 3 ون ڈے اور 2ٹیسٹ میچز کھیلے گی۔
ایمز ٹی وی (آزاد کشمیر)آزادکشمیر کے سابق وزیر طاہر کھوکھر کو گوجر خان پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔ طاہر کھوکھر کو 10 لاکھ کا چیک باؤنس ہونے پر گرفتار کیا گیا۔ زرائع کے مطابق آزاد کشمیر کے سابق وزیرٹرانسپورٹ طاہر کھوکھر کا گوجر خان کے طاہر رفیق کے ساتھ لین دین کا معاملہ تھا جس پر طاہر کھوکر نے دس لاکھ روپے کا چیک دیا تھا جو گزشتہ برس باؤنس ہوگیا ، طاہر رفیق نے گوجر خان پولیس اسٹیشن میں درخواست دی تھی جس پر گوجر خان پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے سابق وزیر کو ان کی رہائش ڈی ایچ اے اسلام آباد سے گرفتار کرلیا گیا۔ واضح رہے کہ طاہر کھوکھر آزاد کشمیر میں ایم کیو ایم کے کنوینئر رہ چکے ہیں جبکہ دو مرتبہ آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے رکن اور وزیرٹرانسپورٹ رہ چکے ہیں۔
ایمزٹی وی(اسپورٹس)آئی سی سی کی جاری کردہ نئی ٹیسٹ رینکنگ میں پاکستان نے ساتویں پوزیشن برقرار رکھی،اظہر علی ٹاپ10 میں ملک کی نمائندگی جاری رکھے ہوئے ہیں، بھارت بدستور پہلے، جنوبی افریقہ دوسرے، انگلینڈ تیسرے، نیوزی لینڈ چوتھے، آسٹریلیا پانچویں اورسری لنکا چھٹے نمبر پر ہیں، ویسٹ انڈیز نے 75 پوائنٹس کے ساتھ آٹھویں پوزیشن بچائے رکھی، زمبابوے کو 2 ریٹنگ پوائنٹ ملنے پر ٹاپ 10 میں جگہ مل گئی، بیٹنگ میں ٹاپ 5 پوزیشنز میں کوئی تغیر رونما نہیں ہوا، اس پر حسب سابق اسٹیون اسمتھ، جوئے روٹ، کین ولیمسن، چتشور پجارا اور راہول ڈریوڈ شامل ہیں، کوہلی چھٹے، ہاشم آملا ساتویں، لوکیش راہول آٹھویں، اجنکیا راہنے نویں اور اظہر علی دسویں نمبر پر ہیں۔ زمبابوے سے دوسرے ٹیسٹ میں سنچریاں داغنے والے کپتان جیسن ہولڈر اور شین ڈوریچ نے بھی ترقی کی منازل طے کیں، ہولڈر5 درجے بہتری ملنے پر 57 ویں نمبر پر آگئے، ڈوریچ نے17 سیڑھیاں طے کرکے 83 ویں پوزیشن پالی،اوپنر کیرین پاول نے 63ویں پوزیشن پائی، انھیں 5 درجے بہتری ملی، ناکام سائیڈ کے ہیملٹن مساکیڈزا 8 درجے ترقی پانے پر41ویں نمبر پر آگئے،پاکستانی نژاد بیٹسمین سکندر رضا نے 12 درجے ترقی پاکر کیریئر بیسٹ 44 ویں پوزیشن پائی، پیٹر مور بھی 77ویں نمبر پر آگئے، انھیں 18 درجے ترقی ملی، ریگس چاکابوا 9 درجے بہتری پر 93ویںنمبر پر پہنچ گئے۔ بولنگ میں شینن گیبرئیل نے ٹاپ 20 میں واپسی اختیار کرلی، 5 درجے ترقی نے انھیں 20 ویں پوزیشن پر پہنچادیا، کیمار روئچ بھی ترقی کے 4 زینے طے کرکے 23ویں نمبرکے حقدار بن گئے، سکند رضا نے 24 درجے کی چھلانگ لگاکر83ویں پوزیشن پائی، جیمز اینڈرسن سرفہرست ہیں، رویندرا جڈیجا نے دوسری پوزیشن سنبھالے رکھی،کیگاسو ربادا تیسرے، ایشون چوتھے اور ہیراتھ پانچویں درجے پر ہیں، ٹاپ 5آل رائونڈرز میں شکیب الحسن، رویندراجڈیجا، ایشون، بین اسٹوکس اور معین علی شامل ہیں۔
ایمزٹی وی(اسپورٹس)بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے ایک بار پاکستانی بولرز کی تعریفوں کے پل باندھ دیئے۔ پاکستان اوربھارت کے درمیان کرکٹ روابط نہیں تو کیا ہوا لیکن ویرات کوہلی کی وجہ سے دونوں ممالک کے تذکرے ضرورمیڈیا میں ہورہے ہیں۔ بھارتی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی سے جہاں بھی سوال ہو وہ پاکستانی بولرز کی صلاحیتوں کا کھل کراعتراف کرتے نظرآتے ہیں۔ حال ہی میں انہوں نے شعیب اخترکو خطرناک بالرقراردیا ہے اوراس حوالے سے انہوں نے کہا کہ شعیب اختربہت تیز بالرتھے، میں نے انہیں بال کرتے ہوئے دیکھا ہے وہ بہت تیزبال کراتے تھے جوخطرناک ہوتی تھی جب کہ محمد عرفان کوکھیلنا بھی کم مشکل نہ تھا۔ اس سے قبل بھی ویرات کوہلی نے محمد عامر کو دنیا کا خطرناک ترین بولر قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ دنیا کے خطرناک بولرزمیں وہ شامل ہیں جس پرمحمد عامرنے بھارتی کپتان کی جانب سے اپنی بولنگ پر تعریفی کلمات کا خیرمقدم کیا تھا۔ دوسری جانب ویرات کوہلی نے اداکارہ انوشکا شرما سے دوستی پرفخرکرتے ہوئے کہا کہ دوستی سے میری طبیعت میں ٹھہراؤ آیا
ایمز ٹی وی(اسلام آباد) (اے پی پی) پمس کو شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی سے علیحدہ کرنے کا بل سوموار کوقومی اسمبلی میں پیش کر دیا جائے گا۔ وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری بل قومی اسمبلی میں پیش کریں گے۔ گزشتہ ہفتے کابینہ نے بل کو پارلیمنٹ میں پیش کرنے کی منظوری دی تھی۔ پمز اور میڈیکل یونیورسٹی کی علیحدگی کا معاملہ قومی اسمبلی کی کمیٹی برائے کابینہ کے گزشتہ اجلاس میں بھی زیر بحث آیا جس میں کمیٹی ممبران نے اس عمل کی تائید کی۔
ایمز ٹی وی(کراچی )سندھ ہائی کورٹ نے میڈیکل یونیورسٹیز میں داخلے کے لیئے این ٹی ایس ٹیسٹ کیخلاف درخواست پر حکومت اور ہائیرایجوکیشن کمیشن سمیت دیگر کو نوٹس جاری کردیئے۔ جمعہ کو میڈیکل یونیورسٹیز میں داخلہ کے لئے این ٹی ایس ٹیسٹ کے خلاف درخواست کی سماعت ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے کی۔ عدالت نے درخواست پر صوبائی حکومت، ہائیر ایجوکیشن کمیشن اور دیگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے فریقین کو 8نومبر تک جواب داخل کرنے کا حکم دے دیا۔ دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ میڈیکل کے طلبہ و طالبات پہلے ہی کئی مراحل پر ٹیسٹ دیے چکے۔ این ٹی ایس غیر ضروری ہے۔ نوٹس جاری۔
ایمز ٹی وی(کراچی)وزیر اعلیٰ سندھ کی جانب سے تمام گورنمنٹ اسکولوں کے طلباء و طالبات کی فیسیں معاف کئے جانے کے احکامات پر لبیک کہتے ہوئے ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے تمام سرکاری اسکولوں سے انرولمنٹ اور امتحانی فارم کی فیس نہ لینے کا اعلان کردیا۔ میٹرک بورڈ کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر سعید الدین نے تمام گورنمنٹ اسکولوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے انرولمنٹ اور سالانہ امتحانات 2018کے فارمز بغیر کسی فیس کے پیر 6نومبر سے بورڈ آفس کے متعلقہ سیکشن سے چیک کروانے کے بعد اکاﺅنٹس سیکشن روم نمبر 4 میں جمع کروا سکتے ہیں
ایمز ٹی وی(کراچی)نیشنل ٹیسٹنگ سروس نے اعلان کیا ہے کہ صوبہ سندھ کے میڈیکل کالجوںمیں ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کے انٹری ٹیسٹ کے تمام کلرز کے کوئسچن پیپرز، اآنسر کیز اور کلیم فارمز این ٹی ایس کی ویب سائیٹ پر موجود ہیں۔امیدوار اپنے اعتراضات 4 چار نومبر شام 6چھ بجے تک این ٹی ایس کو ارسال کرسکتے ہیں۔