اتوار, 19 جنوری 2025

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد) حکومت نے اسلام آباد میں رینجرز کی تعیناتی میں تین ماہ کی توسیع کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔
حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق اسلام آباد میں رینجرز کے قیام میں توسیع کردی گئی ہے.
رینجرز کے دو ہزار اور گلگت بلتستان اسکاﺅٹس کے پچاس دستے وفاقی دارالحکومت میں مزید تین ماہ تک تعینات رہیں گے۔

 

 

ایمزٹی وی(ملتان) قندیل بلوچ قتل کیس کے ملزم مفتی عبدالقوی کی درخواست ضمانت کی سماعت 8 نومبر تک ملتوی کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق ماڈل گرل قندیل بلوچ قتل کیس کی سماعت ملتان کی مقامی عدالت میں ہوئی جہاں ملزم مفتی عبدالقوی کو پیش کیا گیا۔
مفتی عبدالقوی کی جانب سے 4 وکلا عدالت میں پیش ہوئے جنہوں نے اپنے موکل کی ضمانت کی درخواست دائر کی۔ عدالت نے مختصر سماعت کے بعد مفتی عبدالقوی کی درخواست ضمانت پر مزید سماعت 8 نومبر تک ملتوی کردی۔
 

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)اسلام آباد میں پاکستان اور امریکا کے درمیان ٹریک ٹو مذاکرات کے چوتھے دور میں اپنے خیالات کا اظہارکرتے ہوئے پاکستان میں امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل کا کہنا ہے کہ پاکستانی قیادت نے افغانستان میں قیام امن کے لیے کوششیں تیز کرنے کا یقین دلایا ہے ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان دہشتگردوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کرے، امریکا نے بھارت پر افغانستان میں اقتصادی سطح پر ڈو مور کامطالبہ کیا جبکہ بھارت پر پاک بھارت تعلقات میں بہتری لانے کے لیے بھی دباؤ ڈالاہے۔
امریکی سفیر کا کہنا تھا کہ ہمیں طالبان پر اس وقت تک دباؤ جاری رکھنا ہے جب تک وہ مذاکرات کی میز پر نہیں آتے، خواتین کا احترام اور اقلیتوں کو تحفظ فراہم نہیں کرتے اس وقت تک دباؤ جاری رکھا جائے گا اور تمام گروہوں کے ساتھ ایک ہی طریقے سے نمٹاجائےگا۔
ڈیوڈ ہیل نے خطے میں امریکی پالیسیز کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کی نئی حکمت عملی علاقائی بنیادوں پر ہے جس کا مقصد دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں کا خاتمہ اور اقتصادی خوشحالی میں اضافہ کرنا ہے۔
 

 

 

ایمزٹی وی(کراچی) پیپلزپارٹی کے رہنما ڈاکٹرعاصم کا کہنا ہے کہ قومی احتساب بیورو کا پنجاب اور سندھ کے لیے الگ الگ رویہ ہے اور نیب کو مشورہ ہے کہ اپنا دہرا معیار ختم کرے۔
احتساب عدالت میں ڈاکٹر عاصم کے خلاف 462 ارب روپے کی کرپشن ریفرنس کی سماعت ہوئی۔ نیب کی جانب سے گواہ محمد اکرم عدالت میں پیش ہوئے۔ ڈاکٹر عاصم کے وکیل نے عدالت سے گواہ کے بیان پر جرح کے لئے مہلت مانگتے ہوئے مؤقف پیش کیا کہ نیب نے جتنا وقت دستاویزات پیش کرنے میں لگایا ہے میں نے اس کا تیسرا حصہ بھی طلب نہیں کیا، عدالت ہمیں تھوڑا وقت دے۔ عدالت نے ریفرنس کی سماعت 15 نومبر تک ملتوی کردی۔
احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر عاصم کا کہنا تھا کہ پنجاب میں نیب کچھ اور سندھ کی کچھ اور ہے، سابق چیرمین نیب قمرزمان اور دیگر نے میرے ساتھ جو سلوک کیا اب اس کا فیصلہ عوام کی عدالت کرے گی، یہ لوگ باز نہ آئے تو اس وقت سے ڈریں جب عوام اپنا حق مانگنے سڑکوں پر نکل آئیں گے اور فیصلے بندر روڈ پر ہوں گے، میں نیب کو دھمکی نہیں مشورہ دے رہا ہوں کہ اسے اپنا دہرا معیار ختم کرنا چاہئے۔ ڈاکٹر عاصم نے کہا کہ پاکستان کی معیشت ختم ہوگئی ہے اور ملک تیزی سے تباہی کی طرف جارہا ہے یہ حکمران ٹولہ ملک کو لے ڈوبے گا۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)اسلام آباد میں جاری پاکستان اور امریکا کے درمیان ٹریک ٹو مذاکرات کے چوتھے دور میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر خارجہ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ خطے میں صورتحال پیچیدہ اور نئی امریکی پالیسی پر اختلاف رائے ہے، ہم ایک مستحکم اور محفوظ افغانستان چاہتے ہیں، ایک تقسیم شدہ معاشرہ مفاہمتی عمل کو مشکل بنا رہا ہے، افغانستان میں حکومت اختلافات کا شکار جب کہ منشیات اور لا قانونیت عروج پر ہے لہذا افغان مسائل کا الزام پاکستان کو نہیں دیا جا سکتا۔
 
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ہمیں آبی، مہاجرین کے مسائل، افغانستان، پاکستان میں دہشت گردوں کی پناہ گاہوں سے نمٹنا ہے تاہم امریکا کی مشروط پالیسی سے افغان مفاہمتی عمل کو دھچکا لگا، افغانستان کو معاشی چیلنجز، پوست کی کاشت، منشیات اسمگلنگ اور دہشت گردی کا سامنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں دہشت گردوں کے محفوظ ٹھکانوں کو ختم کرنا ہو گا جب کہ پاکستان کی قربانیوں کے باوجود پاکستان پر الزام تراشی افسوسناک ہے، دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے انٹیلی جنس تعاون ناگزیر ہے، ہم نہیں چاہتے کہ پاکستان کی سرزمین کسی بھی ہمسایہ ملک کے خلاف استعمال ہو۔
 
وزیرخارجہ خواجہ آصف نے کہا کہ افغانستان میں بھارت کے وسیع تر کردار کے خلاف ہیں، افغانستان کے لیے پاکستان اور امریکا کا کردار اہمیت کا حامل ہے، پاکستان اور امریکا نے سوویت یونین اور القاعدہ کو مل کر خطے سے نکالا، پاکستان اور امریکا کے مابین تناوٴ کی کیفیت اچھی نہیں لہذا دونوں ممالک کو تعلقات کو بہتر بنانے کے لیے کوششیں کرنا ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائی اپنے ملکی مفاد میں کررہے ہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ پاکستان کے دفاع کی جنگ ہے جب کہ پاک بھارت تنازعات کے خاتمے کیلئے امریکی کردار کا خیرمقدم کرتے ہیں۔

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)پاناما لیکس کو منظر عام پر لانے والے صحافیوں پر مشتمل بین الاقوامی کنسورشیم آئی سی آئی جے نے’’پیراڈائز لیکس‘‘ کے نام سے دنیا کی معروف شخصیات کی آف شور کمپنیوں سے متعلق تفصیلات جاری کی ہیں۔
انٹرنیشنل کنسورشیم آف انوسٹی گیشن جرنلسٹس (آئی سی آئی جے) نے پاناما پیپرز جاری کرنے کے ایک سال بعد پیراڈائز پیپرز کے نام سے لیکس جاری کردی ہیں جس میں پاکستان کے سابق وزیراعظم شوکت عزیز سمیت برطانیہ کی ملکہ ایلزبتھ اور امریکی وزیرخارجہ ریکس ٹلرسن ، ممتاز گلوکارہ میڈونا سمیت کئی معروف نام شامل ہیں۔ جن میں ایک کروڑ 34 لاکھ سے زائد دستاویزات سامنے آئی ہیں۔
پیراڈائز لیکس میں 25 ہزار سے زائد آف شور کمپنیوں کا انکشاف کیا گیا ہے جبکہ لیکس کا بڑا حصہ کمپنی ایپل بائی کی دستاویزات پر مشتمل ہے۔ یہ دستاویزات سنگاپور اور برمودا کی 2 کمپنیوں سے حاصل ہوئیں، پیرا ڈائز پیپرز جرمن اخبار نے حاصل کیے اور آئی سی آئی جے کے ساتھ شیئر کیے۔
دستاویزات میں 180 ممالک کی 25 ہزار سے زائد کمپنیاں، ٹرسٹ اور فنڈز کا ڈیٹا شامل ہے جبکہ ان پیپرز میں 1950 سے 2016 کا ڈیٹا موجود ہے۔ اس تحقیقاتی کاوش میں 67 ممالک کے 381 صحافیوں نے حصہ لیا، پیراڈائز پیپرز میں جن ممالک کے سب سے زیادہ شہریوں کے نام آئے ہیں ان میں امریکا 25,414 شہریوں کیساتھ سرفہرست ہے، برطانیہ کے 12,707، ہانگ کانگ کے 6,120 ، چین کے 5,675 اور برمودا کے 5,124 شہری شامل ہیں۔ پیراڈائز لیکس میں جن پاکستانیوں کے نام آئے ہیں ان میں سابق وزیراعظم شوکت عزیز اور این آئی سی ایل کے سابق چیئرمین ایاز نیازی شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق سابق وزیراعظم شوکت عزیز کے 2 ٹرسٹ سامنے آئے ہیں۔ سٹی ٹرسٹ لمیٹڈ سٹی بینک کی جانب سے بہاماس میں قائم کیا گیا۔ شوکت عزیز بطور بینک عہدیدار سٹی ٹرسٹ کے ڈائرکٹر بنے۔ انھوں نے انٹارکٹک ٹرسٹ بھی قائم کیا۔ ان کی اہلیہ رخسانہ عزیز، بچے عابد عزیز، ماہا عزیز اور ان کی بیٹیاں لبنیٰ خان اور تانیہ خان بینی فشری بنے۔
دستاویزات کے مطابق وزیر خزانہ بننے سے کچھ پہلے شوکت عزیز نے ڈیلاویر (امریکا) میں ٹرسٹ قائم کیا جسے برمودا سے چلایا جارہا تھا۔ بطور وزیر خزانہ اور وزیراعظم شوکت عزیز نے کبھی یہ اثاثے ظاہر نہیں کیے۔ شوکت عزیز نے نیویارک سے اپنے وکیل کے ذریعے بتایا کہ انھیں ٹرسٹ پاکستان میں ظاہر کرنے کی ضرورت نہیں تھی کیونکہ وہ ’سیٹلر‘ (Settler) تھے۔ ان کے مطابق ان کے بیوی بچوں کو بھی ظاہر کرنے کی ضرورت نہیں تھی کیونکہ وہ بینی فشری تھے، بینی فشل اونر نہیں تھے۔
ایاز خان نیازی کے برٹش ورجن آئی لینڈ میں چار آف شور اثاثے سامنے آئے ہیں ان میں سے ایک اندلوسین ڈسکریشنری ٹرسٹ نامی ٹرسٹ تھا، باقی3 کمپنیاں تھیں جن کے نام یہ تھے، اندلوسین اسٹیبلشمنٹ لیمیٹڈ، اندلوسین انٹرپرائسز لیمیٹڈ اور اندلوسین ہولڈنگز لمیٹڈ ہیں، ان سب کو 2010 میں اس وقت قائم کیا گیا تھا جب ایاز نیازی این آئی سی ایل کے چیئرمین تھے، ایاز نیازی کے دو بھائی حسین خان نیازی اور محمد علی خان نیازی بینی فشل اونر تھے جبکہ ایاز نیازی، انکے والد عبدالرزاق خان اور والدہ فوزیہ رزاق نے بطور ڈائریکٹر کام کیا، پیراڈائز پیپرز میں شامل سب سے بڑا بین الاقوامی نام برطانیہ کی ملکہ الزبتھ دوئم کا ہے۔
دستاویز کے مطابق ملکہ الزبتھ نے آف شور کمپنیوں میں کئی ڈالروں کی سرمایہ کاری کی، ان کے علاوہ امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن، امریکی وزیر تجارت ولبر راس، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے تیرہ قریبی ساتھی، کینیڈین وزیراعظم کے قریبی ساتھی و مشیران، اردن کی سابق ملکہ نور، یورپ میں نیٹو کے سابق کمانڈر ویزلے کلارک مائیکروسافٹ، ای بے، فیس بک، نائیکی اور ایپل جیسی بڑی کمپنیوں کے حوالے سے بھی اہم انکشافات کیے گئے ہیں جبکہ گلوکارہ میڈونا اور پاپ سنگر بونو کی بھی آف شور کمپنیاں سامنے آئی ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پیراڈائز پیپرز میں دو بھارتی سیاستدانوں سمیت 714 بھارتی شہریوں اور کمپنیوں کے نام ہیں، ان میں ایک رکن پارلیمنٹ راوندر کشور سنہا ہیں جو ایک نیوز ایجنسی ہند سماچار کے چیئرمین بھی ہیں، دوسرے سیاستدان سول ایوی ایشن کے وزیر جے انت سنہا ہیں جب کہ روس کی دو سرکاری کمپینوں نے بھی آف شور کمپنیوں کے ذریعے ٹویٹر اور فیس بک میں سرمایہ کاری کی۔
 

 

 

ایمزٹی وی(تعلیم/کراچی)داؤد یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں سال برائے 2017-18ء کیلئے داخلہ ٹیسٹ کا انعقاد گزشتہ روزبیک وقت چار شہروں کراچی ، حیدرآباد ، سکھر اور راولپنڈی میں کیا گیا ۔
داؤد یونیورسٹی کے 9؍ شعبوں میں داخلے کیلئے تقریباً 3؍ ہزار طلبہ و طالبات نے نیشنل ٹیسٹنگ سروس (این ٹی ایس) کے ذریعے لئے جانے والے ٹیسٹ میں حصہ لیا
داخلہ ٹیسٹ صبح ساڑھے 11بجے شروع ہوا جس کا دورانیہ 2؍ گھنٹے تھا ۔ کراچی میں داخلہ ٹیسٹ کا مقام این ای ڈی انجینئرنگ یونیورسٹی تھا جس میں 1948؍ طلبہ و طالبات نے شرکت کی ۔ حیدرآباد ، سکھر اور راولپنڈی میں بالترتیب 505، 487؍ اور 45؍ طلبہ و طالبات نے داخلہ ٹیسٹ دیا۔
وائس چانسلر داؤد یونیورسٹی ڈاکٹر فیض اللہ عباسی ، پرو وائس چانسلر ڈاکٹر پیر روشن دین شاہ راشدی ، ڈین فیکلٹی آف انجینئرنگ ڈاکٹر عبدالوحید بھٹو نے کراچی میں امتحانی مرکز این ای ڈی یونیورسٹی کا دورہ کیا اور داخلہ ٹیسٹ کے انتظامات پر اطمینان کااظہار کیا۔

 

 

ایمزٹی وی(تعلیم/کراچی)حکومت سندھ نے جامعہ کراچی میں پانی اور سیوریج کے نظام کے منصوبے کے لئے 502.01 ملین روپے جاری کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر محمد اجمل خان نے حکومت سندھ اور خصوصاً وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا شکریہ اداکیا اور امیدظاہر کی کہ یہ گرانٹ جلد موصول ہوجائے گی۔جامعہ کراچی میں پہلی مرتبہ پانی اور سیوریج کے نظام کی تشکیل نوکی جارہی ہے ،جس کے لئے جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد اجمل خان نے اپنا عہدہ سنبھالتے ہی ذاتی دلچسپی لی اور اب ان کی کاوشوں کے نتیجے میں ایک کثیر گرانٹ منظورہوچکی ہے۔سندھ حکومت نے پچھلے مالی سال میں 10کروڑ روپے کی گرانٹ منظورکی تھی جو جامعہ کراچی کو موصول ہوچکی ہے۔
شیخ الجامعہ ڈاکٹر محمد اجمل خان نے حالیہ کانووکیشن میں جامعہ کراچی میں میڈیکل کالج اور اسپتال کے قیام کا وعدہ کیا تھا اور اس کے لئے بھر پور اقدامات کئے جس پر وفاقی حکومت جامعہ کراچی میں میڈیکل کالج اور اسپتال کے قیام کی منظوری دے چکی ہے اور بہت جلد اس منصوبے پر عملدرآمد شروع ہوجائے گا۔
واضح رہے کہ صدر مملکت ممنون حسین بھی جامعہ کراچی کو ایک کروڑ روپے کے فنڈز جاری کرچکے ہیں ۔اس موقع پر شیخ الجامعہ نے وفاقی حکومت اور خصوصاً گورنرسندھ محمد زبیر کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ میں جامعہ کراچی کو مالی بحران سے نکالنے کیلئے پوری طرح کوشاں ہوں

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)وفاقی وزیر دفاعی پیداوار راناتنویر حسین نے کہا ہے کہ 2013میں کے پی میں عمران خان کوحکومت خیرات میں دی،2018میں کے پی عمران خان کے ہاتھ نہیں رہے گا،میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا تنویر کا کہناتھا کہ مفادعامہ کے منصوبوں پربلاجوازتنقیدترقی وخوشحالی کیخلاف ہے
ان کا مزید کہنا تھا کہ تبدیلی کاڈھنڈوراپیٹنے والے کااصل چہرہ عوام نے دیکھ لیاہے،احتساب کانعرہ لگانے والے نے کے پی میں احتساب کاادارہ ہی ختم کردیا، عمران خان پشاورمیں میٹرومنصوبہ لاکرن لیگ کی نقل کررہے ہیں،اگروہ 4سال پہلے ن لیگ کے نقش قدم پرچلتے توصوبے کی حالت سدھرچکی ہوتی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی قیادت کے منہ سے کرپشن کیخلاف آوازصدی کابڑاجھوٹ ہے۔

 

 

ایمزٹی وی(صحت)پنجاب فوڈ اتھارٹی صوبے میں شہد کے نام پر شیرا اور جعلی شہد فروخت کرنے والوں کے خلاف بھرپور کارروائی کریگی ۔
ذرائع کےمطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی نے اوپنگ مارکیٹ سیمپلنگ کے لئے 9 نومبر تک تمام کمپنیوں کو رابطے کیلئے نوٹس جاری کردیا ہے جس کے مطابق اتھارتی تمام شہد پراسس کرنے والی فیکٹریوں اور مصنوعات کو چیک کرے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ کمپنیوں کے نمائندوں کی موجودگی میں مارکیٹ سے نمونے لیے جائیں گے جنہیں سرٹیفائیڈ لیبارٹریز سے چیک کروایا جائیگا۔پنجاب فوڈ اتھارٹی اب تک ہزاروں من ناقص، ملاوٹ شدہ اور جعلی شہد تلف کر چکی ہے لیبارٹری تجزیے کے بعد صرف معیاری شہد کی فروخت اجازت ہوگی۔