ایمزٹی وی(اسلام آباد)وزیر خارجہ خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ امریکا سے تعلقات میں قومی مفادات کا تحفظ کریں گے اور امریکا کے ساتھ تعلقات زیادہ خوشگوار ہونے کی کسی کو خوش فہمی نہیں ہے۔ امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن کے دورہ جنوبی ایشیا پر سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ امریکی پالیسی کا ڈھانچہ ان جرنیلوں نے بنایا جنہوں نے افغانستان میں ہزیمت اٹھائی۔ ان کا کہنا تھا کہ میں نہیں سمجھتا کہ اس مائنڈ سیٹ سے بننے والی پالیسی سے کچھ مقاصد حاصل ہو سکیں گے۔ خواجہ آصف نے کہا کہ میں نے یہ باتیں امریکا میں بھی کیں اور جب امریکی سیکریٹری خارجہ ریکس ٹلرسن پاکستان آئے تو یہاں بھی کیں، جب امریکی حکام پاکستان کو قصوروار ٹھہراتے ہیں تو دراصل وہ اپنی ناکامی پر پردہ ڈال رہے ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے مفادات کا بھرپور تحفظ کرتا ہے اور مستقبل میں بھی امریکا سے تعلقات میں قومی مفادات کو مقدم رکھیں گے تاہم امریکا کے ساتھ تعلقات زیادہ خوشگوار ہونے کی کسی کو خوش فہمی نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے امریکا سے کہا ہے کہ خالی خولی بات نہ کریں، قابل عمل معلومات کا تبادلہ کریں۔خواجہ آصف نے مزید کہا ہم کوشش کر رہے ہیں کہ علاقائی ممالک مل کر حل تلاش کرکے علاقائی امن کو یقینی بنائیں کیونکہ امریکا آج ہے کل یہاں نہیں ہو گا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم علاقائی امن کے لیے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے پلیٹ فام کو بھرپور طریقے سے استعمال کریں گے اور مشترکہ گراؤنڈ ڈھونڈ رہے ہیں جہاں دونوں افغان مسئلے کا حل تلاش کر سکیں۔
ایمزٹی وی(کراچی)سندھ اسپیکر خواجہ اظہار الحسن کی زیرصدارت سندھ اسمبلی کااجلاس ہوا۔ سندھ اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور شرجیل میمن کو عدالتوں پر پورا اعتماد ہے، عدالتیں مقدس ہیں اور ہم ان کے سامنے پیش ہوئے، ہمیں عدالتی فیصلے پر نہیں بلکہ نیب کے دُہرے معیار پر اعتراض ہے۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ شرجیل میمن عدالتوں سے بھاگا نہیں بلکہ انہوں نے ہر فورم پر عدالت کا سامنا کیا، شرجیل میمن کو عدالت کے احاطے سے گرفتار کیا گیا، بہت احترام سے کہتا ہوں یہ سندھ ہائیکورٹ کی تذلیل ہے۔ ان کا کہنا تھا نیب کے آرڈر میں دکھایا گیا کہ شرجیل میمن کو شاہراہ عراق یا کسی اور جگہ سے گرفتار کیا گیا، عدالت سے کہتا ہوں جھوٹ بولنے والوں پر ایکشن لیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ایک ممبر کو اسمبلی کے احاطے سے گرفتار کیا گیا، وہ ہمارا ممبر نہیں تھا پھر بھی ہم نے اس پر شور مچایا۔ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ نیب عدالت نہیں ایک ادارہ ہے اور اسمبلی کی قرارداد کسی عدالتی فیصلے کے خلاف نہیں، قرارداد نیب کے خلاف ہے، قرارداد پر ابھی تک کسی نے بات نہیں کی، قرارداد میں کہیں نہیں کہا کہ شرجیل میمن پر مقدمہ ختم کیا جائے کیونکہ جس پر مقدمہ ہے اس پر مقدمہ چلنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ نیب کو میرے خلاف بھی کیسز بنانے ہیں تو بنالے، ہم کیسز سے ڈرنے والے نہیں ہیں، ہم وہ نہیں کہ دوسال عدالت میں نہ جائیں اور بعد میں معافی مانگیں، جو بھی غلط کام کرے گا چاہے وہ نیب ہی کیوں نہ ہو ہم قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے تنقید کریں گے۔ وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ کیٹرنگ کے ٹھیکوں کی انکوائری میں نے روکی ہوئی تھی لیکن اب وہ میں کراؤں گا، اب بتاؤں گا کہ کس نے کیا کیا ٹھیکے لیے، اب پیچھے نہیں ہٹوں گا۔
ایمزٹی وی(کراچی) ایم کیوایم پاکستان کے رہنما اور سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہار کا کہنا ہےکہ پی ایس پی اور ایم کیوایم کے لوگوں کے آنے جانے سے کچھ نہیں ہوگا اور ایم کیوایم سے جانے والے واپسی کی طرف ہیں جب کہ ایک دوسرے کو کمزور کرنے سے کچھ نہیں ہوگا اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے خواجہ اظہار نے کہا کہ حکومت کی پالیسیوں کے خلاف سب ایک پیج پر ہیں، آئی جی کا معاملہ کورٹ کے تحت حل ہونا چاہیے۔ اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھاکہ نیب نے جس طرح شرجیل میمن کو گرفتارکیا اس کی مذمت کرتے ہیں، نیب کا گرفتار کرنے کا انداز درست نہیں تھا لیکن شرجیل میمن کو عدالتوں کا سامنا کرنا چاہیے اور انہیں عدالتوں کو جواب دینا ہوگا کہ وہ کرپٹ نہیں ہیں۔ منظور وسان کی پیشگوئیوں پر خواجہ اظہار نے کہا کہ منظوروسان کا احترام کرتے ہیں لیکن وہ ہمیشہ غلط پیش گوئیاں کرتے ہیں، منظور وسان ہمیشہ تاخیر سے خواب دیکھتے ہیں، وہ شام میں اخبار پڑھ کر صبح بیان دیتے ہیں