اتوار, 19 جنوری 2025

 

ایمزٹی وی(پنجاب) پنجاب بھر میں اسموگ کے باعث مختلف ٹریفک حادثات اور بیماریوں کے پھیلنے کے بعد علمائے کرام نے اسموگ کو آسمانی آفت قرار دے دیا۔
میڈیا ذرائع کے مطابق علمائے کرام نے اسموگ کو آسمانی آفت قرار دیتے ہوئے عوام کو توبہ استغفار اور نماز استسقا ادا کرنے کا مشورہ دے دیا ہے۔ علمائے کرام کا کہنا ہے کہ اسموگ ایک آسمانی آفت ہے اور اس سے بچنے کا واحد حل اپنے رب کے حضور توبہ ہے جس کے لئے سارے مسلمانوں کو مصلے پر آنا پڑے گا۔
علما کرام کا کہنا ہے کہ اگرچہ آئندہ کئی روزتک بارش کا کوئی امکان نہیں لیکن نماز استسقا اور توبہ سے بڑی بڑی مصیبتیں ٹل جاتی ہیں اور اس عمل کی بدولت اللہ کی رحمت سے بارش بھی ہوسکتی ہے اورقوم کو درپیش مسائل سے بھی چھٹکارا مل سکتا ہے۔
 
ان کا کہنا تھا کہ جس ملک میں اسلامی نظام کا مذاق اڑایا جائے وہاں اس طرح کی آفات کا وارد ہونا کوئی بڑی بات نہیں، قوم کواپنے اعمال درست کرکے سچی توبہ کرنی چاہئے۔
واضح رہے کہ لاہور سمیت پنجاب بھر میں چھائی اسموگ سے شہری شدید متاثر ہو رہے ہیں، ایک طرف اسپتالوں میں آنکھوں اور سانس کے مریضوں کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے تو دوسری طرف حد نگاہ کم ہونے سے حادثات بھی بڑھ گئے ہیں۔

 

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس)رمیز راجہ نے فخرزمان کو بطور ٹیسٹ اوپنرتیار کرنے کی تجویز پیش کردی۔ ایک انٹرویو میں رمیز راجہ نے کہاکہ فخرزمان کو بطور ٹیسٹ اوپنرتیار کیا جا سکتا ہے، آسٹریلوی ڈیوڈ وارنر اور بھارتی شیکھر دھون جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے حریف کو ابتدا میں ہی دباؤ کا شکار کردیتے ہیں،فخر زمان ردھم میں ہوں تو بہترین کارکردگی پیش کرتے ہیں،ان کی تکنیک پر تھوڑا کام کرلیا جائے تو پاکستان کا یہ تجربہ کامیاب اور ٹیسٹ اوپننگ کا مسئلہ حل ہوسکتا ہے۔
رمیز راجہ نے کہاکہ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میں قومی ٹیم کی کارکردگی میں وہی جارحانہ پن نظر آنے لگا جو جدید کرکٹ کی ضرورت سمجھا جاتا ہے،البتہ ٹیسٹ کرکٹ میں درست کمبی نیشن کیلیے مزید کام کرنے کی ضرورت ہوگی، انہوں نے کہا کہ یونس خان اور مصباح الحق اپنے ٹمپرامنٹ کی وجہ سے کریز پر زیادہ قیام کرتے ہوئے حریف کو اپنی حکمت عملی تبدیل کرنے پر مجبور کردیتے تھے لیکن نوجوان بیٹسمین مسائل کا شکار نظر آتے ہیں، اظہر علی اور اسد شفیق کا بیٹنگ آرڈر تبدیل کرنے سے بھی ٹیم تھوڑا اپ سیٹ ہوئی،بابر اعظم کی ٹیسٹ کرکٹ میں فارم کا مسئلہ حل اور بہتری کیلیے تھوڑا کام کرنے کی ضرورت ہے،اس حوالے سے اہم فیصلے کرتے ہوئے مستقبل کی پلاننگ کرنا ہوگی۔
سابق کپتان نے کہا کہ تمام تر خامیوں کے باوجود ڈومیسٹک کرکٹ سے نیا ٹیلنٹ سامنے آہی جاتا ہے،اسے نکھارنے اور سنوارنے کیلیے مناسب رہنمائی اور محنت کی ضرورت ہے، قدرتی صلاحیتوں سے مالا مال چند کرکٹرز کو ڈومیسٹک کرکٹ کی بھٹی سے گزارنے کی بھی ضرورت نہیں ہوتی، شاداب خان اس کی مثال ہیں، پوری امید ہے کہ پاکستان کو ایسے نوجوان کرکٹرز ضرور مل جائیں گے جو سینئرز کا خلا پُر کرسکیں۔

 

 

ایمزٹی وی(لاہور)پنجاب بھر میں آج بھی گہری اسموگ کا راج ہے جس کے نتیجے میں متعدد پروازیں منسوخ ہوگئیں جبکہ فضائی آلودگی کے باعث بننے والی زہریلی دھند سے پھیلنے والی بیماریوں سے شہریوں کی پریشانی میں اضافہ ہوگیا ہے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق لاہور سمیت پنجاب بھرمیں اسموگ بیماریوں کا سبب ہی نہیں باربار بجلی جانے کی وجہ بھی بن گئی ہے۔ ملک میں کئی پاورپلانٹ بندکردئیےگئےہیں ، جس سے شہروں اور دیہات میں گھنٹوں لوڈشیدنگ جاری ہے، متاثرہ علاقوں میں بجلی کی تقسیم کارکمپنیوں نےشہروں اور دیہات کیلئے لوڈشیڈنگ کاشیڈول جاری کردیا۔ ہرگھنٹے بعد ایک گھنٹہ بجلی بند ہو رہی ہے۔ صنعتی اورکمرشل فیڈرزبھی 12،12 گھنٹے بندرکھےجائیں گے جب کہ گزشتہ روز کی طرح آج بھی پروازوں اورٹرینوں کا شیڈول بھی بری طرح متاثرہوا ہے۔
دوسری جانب ہر طرف چھائی فضائی آلودگی کے باعث بننے والی زہریلی دھند سے پھیلنے والی بیماریوں سے شہریوں کی پریشانی بڑھ گئی۔بارش نہ ہونے سے اسموگ کی شدت میں دو ہفتے کے دوران اضافہ ہوا ہے۔ چیف میٹرلوجسٹ نے ایک آدھ بارش کو اسموگ کے خاتمے کیلئے ناکافی قراردے دیا۔
شدید دھند کے باعث پنڈی بھٹیاں میں چنیوٹ روڈ پرتیزرفتار ٹرک بے قابو ہو کر اُلٹ گیا، حادثہ میں 3 افراد شدید زخمی ہوگئے، زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ حافظ آباداور گردو نواح میں بھی حد نگاہ صفر ہو گیا، موٹروے ایم 2 ، ایم 3 ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی۔
ساہیو​ال اور جی ٹی روڈ پر شدید دھند کے باعث حد نگاہ 10 میڑ رہ گئی، شدید دھند کے باعث ٹریفک کو لائنوں میں چلایا جارہاہے۔ موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ عوام غیر ضروری سفر سے پرہیز کریں اور فوگ لائٹس کا استعمال کریں۔ بورے والا اور گردونواح میں رات 12 بجے سے بجلی بند ہے، بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ سے عوام شدید مشکلات کا شکارہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی پنجاب بھر میں اسموگ کا راج تھا جب کہ شدید دھند کی وجہ سے مختلف حادثات میں 2 افراد جاں بحق اور 27 زخمی ہوگئے تھے۔
 

 

 

ایمزٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک) ٹیکنالوجی کی دنیا کی معروف ترین کمپنی ’ایپل‘ کے اثاثوں کی مالیت 1000 ارب ڈالر (10 لاکھ 6 ہزار ارب پاکستانی روپے) کے قریب جا پہنچی ہے۔
معروف سیلولر اورکمپیوٹر ساز کمپنی ’ایپل‘ کے اثاثوں کی مالیت 1000 ارب ڈالر کے قریب ہوگئی ہے، رواں سال کے چوتھی سہ ماہی میں توقع کی جارہی تھی کہ ایپل کا نیا موبائل فون ’’آئی فون ایکس‘‘ مارکیٹ میں آنے کے بعد کمپنی کے اثاثوں میں کمی آسکتی ہے تاہم توقعات کے برعکس کمپنی کے اثاثوں میں حیرت انگیز طور پر اضافہ دیکھا گیا۔
ایپل کمپنی کے ایک حصص کی مالیت 3.7 فیصد اضافے کے بعد بڑھ کر 174.26 ڈالر ہوگئی ہے، مارکیٹ کی سرمایہ کاری میں یہ اضافہ تقریبا 32 ارب ڈالر ہے۔ توقع کی جارہی ہے کہ آنے والے دنوں میں آئی فون ایکس کی فروخت میں تیزی دیکھی جاسکتی ہے کیونکہ کمپنی کا کہنا ہے کہ 2017 میں آئی فون ایکس کے مجموعی طور پر 3 کروڑ سیٹس بنائے جائیں گے۔
تجزیاتی فرم مورگن اسٹینلے کی مینجنگ ڈائریکٹرکیٹی ہوربٹ کا کہنا ہے کہ ایپل کمپنی کی مختلف مصنوعات کو بہت زیادہ پسند کیا جارہا ہے جن میں آئی فون کے مختلف ماڈلز، آئی پیڈ، دی میک اور ایپل واچ بھی شامل ہیں۔

 

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس)90 کی دہائی کے بڑے نام ٹی 10لیگ کے ساتھ جڑ گئے جن میں وسیم اکرم، وقار یونس، انضمام الحق اور مشتاق احمد شامل ہیں۔
رواں سال مختصر ترین فارمیٹ ٹی 10 لیگ متعارف کرانے کا حتمی فیصلہ کیا جا چکا جب کہ مقابلے شارجہ میں 21سے 24دسمبر تک شیڈول ہیں،اس ایونٹ میں پاکستان کے ریٹائرڈ کرکٹرز شاہد آفریدی، مصباح الحق، اسٹارز سرفراز احمد، شعیب ملک، محمد عامر، بابر اعظم، احمد شہزاد اور فخرزمان سمیت کئی کھلاڑی شریک ہوںگے۔
دوسری جانب 90کی دہائی میں کرکٹ کے میدانوں میں ایکشن میں نظر آنے والے کئی کرکٹرز بڑی بے تابی سے اس ٹورنامنٹ کا حصہ بنے ہیں، چیف سلیکٹر انضمام الحق پی سی بی سے ملنے والی تنخواہ کی قربانی دے کر بھائی انتظار الحق کے ساتھ پنجابی لیجنڈز فرنچائز کے شریک خریدار بنے،اس ٹیم کے کپتان مصباح الحق ہیں۔
بورڈ سے اسی طرح کا اجازت نامہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے کوچ مشتاق احمد نے بھی حاصل کیا، وریندر سہواگ کی قیادت میں مراٹھا عریبیئن کی کوچنگ وسیم اکرم نے سنبھال لی ہے، بنگال ٹائیگرز کیلیے یہ ذمہ داری وقار یونس نبھائیں گے، ٹیم کے کپتان سرفراز احمد ہونگے،کیرالہ کنگز کے کوچ سابق ویسٹ انڈین کرکٹر برائن لارا ہیں۔ٹی ٹوئنٹی لیگ کیلیے پلیئرز ڈرافٹ اتوار کو ہونگے جب کہ سرفراز احمد پہلے ہی اس مقصد کیلیے یوای ای پہنچ چکے ہیں۔
تمام فرنچائزز ڈراز کے ذریعے طے کی جانے والی ترتیب کے مطابق باری باری دستیاب پول اپنی ٹیموں کے لیے کھلاڑیوں کا انتخاب کریں گی، پاکستانی اسٹارز سمیت دنیا کے مختلف ملکوں سے تعلق رکھنے والے کرکٹرز کی فہرست پہلے ہی مرتب کی جاچکی ہے،ان میں شکیب الحسن،سنگا کارا،ایون مورگن اور اسٹیون فن جیسے نام بھی شامل ہیں

 

 

ایمزٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک)افغانستان کی حکومت نے سیکورٹی خدشات کے پیش نظر ملک میں سماجی رابطے کی ویب سائٹ واٹس ایپ اور ٹیلی گرام پر عارضی پابندی عائد کردی۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق افغان ٹیلی کام اتھارٹی کے ڈپٹی ڈائریکٹرکا کہنا ہے کہ طالبان اورشدت پسند گروپ اکثرحکومتی تنصیبات اور شخصیات کو نشانہ بنانے کے لیے واٹس ایپ اور ٹیلی گرام کے ذریعے پیغام رسانی کرتے ہیں اس لیے سیکورٹی خدشات کی وجہ سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ واٹس اپ اور ٹیلی گرام سروس کو عارضی طور پر معطل کردیا گیا ہے۔
وزارت مواصلات کے حکام کا کہنا ہے کہ ملک کی خفیہ ایجنسی نے 20 روز کے لیے واٹس ایپ اور ٹیلی گرام پر پابندی لگانے کی تجویز دی تھی جس پر حکومت نے عملدرآمد کرتے ہوئے عارضی طور پر پیغام رسانی کی مذکورہ سروسز کو معطل کردیا ہے تاہم انہوں نے پابندی کی مدت کے حوالے سے کچھ نہیں بتایا کہ یہ پابندی کتنے عرصے کے لیے برقرار رہے گی۔
افغان حکام نے پرائیویٹ ٹیلی کام اتھارٹی کی جانب سے آزادی اظہار رائے کا حق چھیننے سے متعلق الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ سیکورٹی خدشات کے باعث پیغام رسانی کی سروسز بند ہونے سے عوام کا اظہار رائے کی آزادی کا بنیادی اور جمہوری حق محروم نہیں ہوگا۔

 

 

ایمزٹی وی(ریاض)سعودی عرب میں بھی احتساب کی ہوا چل پڑی جہاں کرپشن اور منی لانڈرنگ کے خلاف حکومت نے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے اینٹی کرپشن کمیٹی بنا 11شہزادوں اور 4 وزرا سمیت درجنوں سابق وزرا کو گرفتار کرلیا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق ولی عہد محمد بن سلمان کی سربراہی میں بننے والی کمیٹی نے کرپشن اور منی لانڈرنگ کے خلاف 11 شہزادے، 4 وزرا اور درجنوں سابق وزرا گرفتارکرلئے ہیں، گرفتار ہونے والے سابق اور موجودہ وزرا کی کل تعداد 38 ہے جن کے نام تاحال جاری نہیں کیے گئے ہیں۔ کمیٹی کے ممبران میں چیئرمین مانیٹرنگ کمیشن، چیئرمین نیشنل اینٹی کرپشن اتھارٹی، جنرل آڈٹ بیورو کے سربراہ، اٹارنی جنرل اور ریاستی سیکیورٹی کے سربراہ شامل ہیں۔
احتساب کمیٹی نے 2009 میں جدہ میں آنے والے سیلاب اور کرونا وائرس کی تحقیقات پر فائلیں کھول دیں ہیں اور مبینہ ہیرا پھیری کے خلاف بھرپور ایکشن شروع کردیا ہے۔ احتساب کمیٹی چند گھنٹے پہلے ہی تشکیل دی گئی تھی جس نے بنتے ہی ایکشن شروع کردیا گیا۔
احتساب کے تحت گرفتاریاں تو ایک طرف، سعودی کابینہ میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں بھی ہوئی ہیں۔ سعودی نیشنل گارڈز اور معیشت کے وزیر کو برطرف کردیا گیا ہے۔ سعودی نیوی کے کمانڈر عبداللہ سلطان بھی تبدیل کردیے گئے ہیں اور سعودی نیوی کی کمان فہد الغفلی کو سونپ دی گئی ہے۔

 

 

ایمزٹی وی(لبنان)لبنان کے وزیراعظم سعد الحریری نے ایران پر خطے میں براہ راست مداخلت کے الزام لگاتے ہوئے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے لبنانی وزیراعظم سعد الحریری نے سعودی ٹی وی پر براہ راست خطاب کے دوران مستعفیٰ ہونے کا اعلان کیا۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ ایران خطے کو تباہی کی طرف دھکیل رہا ہے، لبنان کی تنظیم حزب اللہ مکمل طور پر ایران کی گرفت میں ہے،دونوں لبنان کے علاوہ دیگر عرب ممالک میں بھی عدم استحکام کی وجہ بن رہے ہیں، اگرایران کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ کو نہ روکا گیا توانتشار کی آگ پورے خطے کو اپنی لپیٹ میں لے سکتی ہے۔
سعد الحریری نے کہا کہ ایران خطے کا کنٹرول حاصل کرکے شام و عراق میں اپنی من مانیاں کرنا چاہتا ہے اور اس مقصد کے لیے وہ خطے میں انتشار کی ہوا کو فروغ دے رہا ہے لیکن وہ اپنی ہی دشمنی کی لگائی ہوئی آگ میں خود جل کر راکھ ہوجائے گا۔

 

 

ایمزٹی وی(کراچی) ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے آج لیاقت آباد میں بھرپور سیاسی طاقت کا مظاہرہ کیا جائے گا جس کے لیے تیاریاں عروج پر ہیں۔
ایم کیو ایم پاکستان نے آج لیاقت آباد میں سیاسی طاقت کا مظاہرہ کرنے کے لیے جلسہ کا اعلان کیا ہے جس کے لیے تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں جب کہ جلسہ سہ پہر 3 بجے شروع ہوگا۔ جلسے کے لیے 10 ہزارسے زائد کرسیاں لگائی گئی ہیں جب کہ لیاقت آباد فلائی اوور کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے، سکیورٹی کے لیے پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے اور ٹریفک پولیس بھی متبادل راستوں کی آگاہی کے لیے موجود ہے۔
گزشتہ رات ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے جلسہ کی جگہ کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ مردم شماری کے معاملے پر جو جماعتیں مگرمچھ کے آنسوبہاتی ہیں آج ان کی سیاست کا آخری دن ہے، مردم شماری میں اتنا ظلم ہوا مگرکسی جماعت نے نہ کوئی جلسہ کیا نہ جلوس نکالا، کراچی کی آبادی درست گنی جائے تو پانچ سو یو سیز بنیں گی۔
متحدہ پاکستان کے رہنما کنور نوید جمیل نے بھی رات گئے جلسہ گاہ کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا خواجہ اظہار الحسن نے بھی ناظم آباد میں جلسے کے حوالے پمفلٹ تقسیم کیے۔
دوسری جانب متحدہ پاکستان کے جلسے کے سلسلے میں لگائے گئے استقبالیہ کیمپ پر پی ایس پی اور ایم کیو ایم کارکنان آمنے سامنے آگئے جہاں دونوں جانب سے شدید نعرے بازی کی گئی۔

 

 

ایمزٹی وی(کراچی)میئر کراچی وسیم اختر نے ایم کیو ایم چھوڑ کر پی ایس پی میں شمولیت اختیار کرنے والے ڈپٹی میئر ارشد وہرہ کو حاصل مراعات واپس لے لی ہیں۔ ذرائع کے مطابق کے ایم سی حکام نے میئر کراچی وسیم اختر کے احکامات کی روشنی میں ڈپٹی میئر ارشد وہرہ سے سیکریٹری کی خدمات واپس لے لی ہیں، اس کے علاوہ ارشد وہرہ سے وارڈن کا پروٹوکول واپس لینے کا بھی حکم دے دیا گیا ہے۔ ڈپٹی مئیر کے پروٹوکول میں وارڈنز کی 2 موبائل بھی تھیں، جنہیں ایندھن کی فراہمی بند کردی گئی ہے۔ دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم کی قیادت نے ارشد وہرہ کو ان کی نشست سے ہٹانے کے لیے الیکشن کمیشن میں درخواست کا فیصلہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ ارشد وہرہ نے گزشتہ ہفتے ایم کیو ایم پاکستان چھوڑ کر پاک سرزمین پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی تھی، اس وقت انہوں نے ڈپٹی مئیر کا عہدہ چھوڑنے کی بات کی تھی تاہم اب تک انہوں نے اپنے عہدے سے استعفیٰ نہیں دیا ۔