اتوار, 19 جنوری 2025

 

ایمزٹی وی(بھٹ شاہ)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہےکہ آج کے دور میں مزارات تک محفوظ نہیں ہیں،موجودہ دورمیں صوفیائےکرام کاپیغام عام کرنےکی ضرورت ہے۔
بھٹ شاہ میں لطیف ایوارڈ کی تقریب سے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ شاہ لطیف کی پرامن سرزمین سےدہشت گردوں کوامن کاپیغام دیناچاہتے۔
انہوں نے کہا کہ پوری دنیا دہشت گردی کی آگ میں جل رہی ہے،صوفیاکرام کاپیغام عام کیا جائے، شاہ لطیف کے کلام میں خواتین کو خاص مقام بخشا گیا۔

 

 

ایمزٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک)سوشل میڈیا کی مقبول ترین ویب سائٹ فیس بک نے 27 کروڑ جعلی اکاونٹس کا اعتراف کرلیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق فیس بک نے اس بات کو تسلیم کیا ہے کہ سوشل میڈیا کے اس پلیٹ فام کو استعمال کرنے والے صارفین کے 27 کروڑ اکاؤنٹس جعلی ہیں جب کہ جعلی اکاؤنٹس کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے جس پر حکام میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔
رواں ہفتے فیس بک نے مالی سال کے سہ ماہی رپورٹ شائع کی تھی جس میں بتایا گیا تھا کہ گزشتہ سال کی نسبت رواں سال اسی دورانیے میں جعلی اکاؤنٹس کی تعداد میں ہوش ربا اضافہ دیکھا گیا ہے۔
فیس بک کا کہنا ہے کہ اس کے مجموعی صارفین میں سے 10فیصد اصلی اکاونٹ ہولڈر ز ایسے ہیں جو ڈپلیکیٹ اکاؤنٹس چلا رہے ہیں۔ فیس بک انتظامیہ ان جعلی اور ڈپلیکیٹ اکاوؤنٹس کی بھرمار سے پریشان ہے اور وہ قانونی ماہرین سے مذکورہ اکاؤنٹس کے خلاف قانونی کارروائی کا سوچ رہی ہے۔

 

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس)نیوزی لینڈ ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان سوزی بیٹس پاکستانی کرکٹرز کی صلاحیتوں کی معترف ہیں۔
ون ڈے سیریز کے تیسرے میچ میں شکست کے بعد گفتگو کرتے ہوئے سوزی بیٹس کا کہنا تھا کہ گرین شرٹس نے بولنگ سے خاصا پریشان کیا، سیریز جیتنا خوش آئند ہے لیکن ہماری ٹیم بیٹنگ میں توقعات کے مطابق کارکردگی پیش نہ کر پائی،
 
اس کی ایک وجہ شارجہ کی کنڈیشنز بھی ہو سکتی ہیں لیکن میزبان بولرز نے خاص طور پر پہلے اور تیسرے میچ میں حیران کن کارکردگی دکھائی۔

 

 

ایمزٹی وی(تجارت)سینیٹر شاہی سید کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی کااجلاس ہوا۔ کمیٹی نے فیڈرل بورڈ آف رونیو (ایف بی آر) کو موبائل فون کے صارفین سے جمع کردہ ٹیکس کی تفصیلات آئندہ اجلاس میں پیش کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ پاکستان میں ٹیلی فون کے ساڑھے 13 کروڑ صارفین ہیں۔ سینیٹ کمیٹی برائے آئی ٹی نے 5 سو روپے سے کم بیلنس استعمال کرنے والوں سے ٹیکس نہ لینے کی تجویز بھی دی۔
اجلاس کے دوران پی ٹی سی ایل کے ریٹائرڈ ملازمین اور انہیں پنشن کی ادائیگیوں کا معاملہ بھی زیر غور آیا۔ پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن امپلائیز ٹرسٹ (پی ٹی ای ٹی) کے ایم ڈی نے بتایا کہ عدالت نے ریٹائرڈ ملازمین اور ادائیگیوں کی تفصیلات طلب کی ہیں اور پینشنرز کے لیے تمام رقم بھی جمع کرانے کا حکم دیا ہے تاہم پنشنرز کو پنشن مل رہی ہے مسئلہ صرف 20 فیصد اضافہ کا ہے۔

 

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس)آئی سی سی ویمنز ون ڈے رینکنگ میں پاکستان ایک پوائنٹ کے اضافے کے ساتھ بدستور ساتویں نمبر پر موجود ہے جب کہ بولنگ میں ثناءمیر ٹاپ 10 میں شامل ہو گئی ہیں۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین تین میچوں کی ون ڈے سیریز کے بعد نئی ویمن ون ڈے رینکنگ جاری کی گئی ہے، ٹیم رینکنگ میں آسٹریلیا بدستور سرفہرست ہے، پاکستان کے ہاتھوں تیسرے ون ڈے میں شکست کے بعد نیوزی لینڈ کے 2 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ 116 پوائنٹس ہو گئے ہیں جبکہ پاکستان ایک پوائنٹ کے اضافے کے ساتھ 73 پوائنٹس کے ساتھ بدستور ساتویں نمبر پر موجود ہے۔ بیٹنگ کے شعبے میں ٹاپ 10 کھلاڑیوں میں کوئی پاکستانی پلیئر شامل نہیں، قومی کپتان بسمہ معروف ترقی کرتے ہوئے 21 ویں، جویریہ ودود 22 ویں جبکہ ناہیدہ بی بی 33 ویں پوزیشن پرآ گئی ہیں۔
بولنگ میں قومی آل راﺅنڈر اور سابق کپتان ثناءمیر سیریز میں 7 وکٹیں حاصل کرتے ہوئے 8 درجے کے بڑی چھلانگ کے ساتھ 7 ویں جبکہ سعدیہ یوسف 8 درجے بہتری کے ساتھ 17 ویں پوزیشن پر آ گئی ہیں۔ آل راﺅنڈرز میں الائس پیری پہلے، سارہ ٹیلر دوسرے، ڈی وین نیکرک تیسرے، ماریزانے کیپ چوتھے اور سوزی بیٹس پانچویں نمبر پر ہیں۔

 

 

ایمزٹی وی(لاہور)قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیرمین جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کہا ہے کہ ارباب عالمگیر، عاصمہ ارباب اور اسلم رئیسانی کیخلاف تحقیقات جلد مکمل کی جائیں گی۔
زرائع کے مطابق چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے سابق وفاقی وزیر ارباب عالمگیر، ان کی اہلیہ و سابق رکن قومی اسمبلی عاصمہ ارباب اور سابق وزیراعلیٰ بلوچستان اسلم رئیسانی کیخلاف تحقیقات جلد مکمل کی جائیں گی۔ ملزمان کیخلاف آمدن سے زائد غیرقانونی اثاثے بنانے اور گوادر میں زمینوں کی ناجائز الاٹمنٹس کے الزامات ہیں۔
جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کہا کہ بدعنوانی کا خاتمہ میری اولین ترجیح ہے، کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے گا اور تمام نیب تحقیقات کو قانون و ٹھوس شواہد کی بنا پر جلد پایہ تکمیل تک پہنچا دیا جائے گا۔

 

 

ایمزٹی وی(کراچی)سابق وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے اپنی گرفتاری کو احتساب عدالت میں چیلنج کردیا۔
سابق صوبائی وزیر شرجیل میمن اور دیگر ملزمان کو محکمہ اطلاعات سندھ میں پونے 6 ارب روپے کی کرپشن کے کیس کی سماعت کے لیے کراچی کی احتساب عدالت میں پیش کیا گیا۔ شرجیل میمن نے احتساب عدالت میں اپنی گرفتاری کو چیلنج کردیا۔ ملزم نے عدالت سے استدعا کی کہ اس کی گرفتاری کو غیر قانونی اور حبس بے جا قرار دیا جائے کیونکہ 23 اکتوبر کو اس کی گرفتاری کے لیے کوئی وارنٹ جاری نہیں ہوا تھا۔ احتساب عدالت نے شرجیل میمن کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کرتے ہوئے کیس کی سماعت 18 نومبر تک ملتوی کردی۔
دوران سماعت ملزم کے وکیل عامر رضا نقوی نے کہا کہ نیب نے شرجیل میمن و دیگر ملزمان کی گرفتاری ظاہر کرنے میں عدالت کو گمراہ کیا اور جھوٹ بولا گیا کہ ملزمان کو پاسپورٹ آفس سے گرفتار کیا گیا حالانکہ گرفتاریاں عدالتی حدود سے ہوئیں۔ شرجیل میمن کے وکیل نے کہا کہ نیب نے سندھ ہائی کورٹ کے حکم سے متعلق بھی غلط بیانی کی جس پر اس کے خلاف کارروائی ہونی چاہیئے اور نیب کے بیان کی رو سے دیگر ملزمان کی گرفتاری غیرقانونی ہے، جبکہ ملزمان کو جیل میں بی کلاس کی سہولت دی جائے۔
دوسری جانب سے نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ کیس میں نا قابل ضمانت وارنٹ جاری ہوچکے تھے اور عبوری ضمانت ملنے پر وارنٹ عارضی طور پر معطل ہوا تھا جو ضمانت کی مدت ختم ہونے پر دوبارہ بحال ہوگیا۔

 

 

ایمزٹی وی(تجارت)وفاقی حکومت نے عوام پربجلی اورایل پی جی بم گرانے کی تیاریاں مکمل کر لیں۔ بجلی کے نرخوں میں اضافہ کرکے عوام پر90 ارب روپے کااضافی بوجھ ڈالنے کافیصلہ کرلیا گیا، حکومت نے ایل پی جی پربھی پٹرولیم لیوی عائدکردی ہے۔
دستیاب دستاویزکے مطابق ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ وزارت توانائی کے پٹرولیم ڈویژن کیجانب سے ملک کے اندرپیداہونیوالی ایل پی جی گیس پربھی4669 روپے فی میٹرک ٹن کی شرح سے پٹرولیم لیوی عائدکردی گئی ہے جس سے آنے والے موسم سرمامیں ایل پی جی کی قیمت میں اضافے کاخدشہ ہے، ایل پی جی پر عائد لیوی کابوجھ بھی عوام پرمنتقل کیاجائیگا۔
ادھر توانائی ڈویژن نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کیلیے سمری وفاقی کابینہ کوارسال کردی ہے۔ بجلی کی تقسیم وترسیل کے نقصانات کی مدمیں10 ارب روپے اور مستقل ڈیفالٹرز کے 14 ارب روپے بجلی صارفین سے وصول کرنیکا فیصلہ کیا گیا ہے۔
سمری کے مطابق وفاقی حکومت کے ذمہ خیبرپختونخوا حکومت کے خالص پن بجلی منافع کے بقایاجات کی مدمیںرقم بھی صارفین سے وصول کرنیکامنصوبہ تیار کیا ہے اورضمن میںبجلی صارفین سے65 ارب روپے کی وصولی کی منظوری بھی دیے جانیکاامکان ہے۔
 

 

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس)ماضی میں نظر انداز قومی کرکٹر فواد عالم پر پی سی بی ایک بار پھر مہربان ہوگیا۔
ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کارکردگی کے باوجود فواد عالم کومسلسل نظرانداز کیا جارہا تھا جس کی وجہ سے میڈیا میں گزشتہ کئی ہفتوں سے قومی سلیکشن کمیٹی پر تنقید ہو رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی کی ذاتی مداخلت کے بعد فواد عالم کو آج طلب کیا گیا ہے جہاں نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ہیڈکوچ مکی آرتھر، چیف سلیکٹر انضمام الحق اوردیگرکوچزنیٹ پر ان کی صلاحیتوں کو پرکھیں گے۔
فواد عالم پاکستان کی جانب سے پہلے ٹیسٹ میں اوپنرکی حیثیت سے سنچری بنانے میں کامیاب رہے تھے، اگر مکی آرتھر نے گرین سگنل دیدیا تو وہ بھی پاکستانی ٹیم کا حصہ بن سکتے ہیں.
اس حوالے سے گزشتہ روز لاہور میں شیڈول ایک تقریب کے دوران چیف سلیکٹر انضمام الحق کا کہنا تھا کہ فواد عالم سمیت کسی بھی کھلاڑی سے ناانصافی نہیں کی جائے گی، انھیں جان بوجھ کر نظر انداز کرنے کا تاثر غلط ہے، انھیں نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں بلا رہے ہیں تاہم چیف سلیکٹر کاکہنا تھا کہ ایک روزہ اور ٹوئنٹی20 طرز کی کرکٹ میں ٹیم سیٹ ہے، البتہ ٹیسٹ کرکٹ میں تبدیلیاں کی جاسکتی ہیں۔
 

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ مردم شماری ہوچکی ہے اور خیبرپختون خوا و بلوچستان کی نشستیں بھی بڑھ چکی ہیں جب کہ پنجاب کی کم ہوگئی ہیں، اس لیے آئندہ انتخابات نئے مردم شماری پر ہی کرانے ہوں گے اور اگر پرانی مردم شماری پر انتخابات ہوئے تو آئینی بحران پیدا ہوجائے گا۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پرانی مردم شماری پر الیکشن سے سیاسی تنازعات سراٹھائیں گے، اس لیے سب جماعتوں کو چاہئے کہ مل کر بیٹھیں اور اتفاق رائے سے حلقہ بندیوں سے متعلق آئینی بل کو منظور کرائیں تاکہ 2018 کے عام انتخابات مقررہ وقت پر ہوسکیں، جمہوری تسلسل کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔