اتوار, 19 جنوری 2025

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس)پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی پی ایس ایل تھری کا فائنل کراچی میں کرانے کے خواہاں ہیں، اس حوالے سے حتمی فیصلے کے لئے ڈائریکٹرز سے مشاورت شروع کر دی گئی ہے۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کے دو پلے آف لاہور میں کرانے کی تجویز ہے جب کہ فائنل کراچی میں کرانا چاہتے ہیں، اس سلسلے میں پاکستان سپر لیگ کے ڈائریکٹرز سے مشاورت کاسلسلہ شروع کردیا گیاہے، ویسٹ انڈیز کے دورہ کے شیڈول کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ دورے کا اعلان آئندہ دو چار روز میں کر دیا جائے گا۔ واضح رہے کہ پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن کا فروری میں آغاز ہو گا، اس ٹورنامنٹ کے متعدد میچز پاکستان میں کروانے کا پہلے ہی اعلان کیا جا چکا ہے۔ کراچی کے گزشتہ دورے میں نجم سیٹھی نے اعلان کیا تھا کہ پی ایس ایل کے 4 میچز کراچی میں کروائیں گے تاہم اب چیئرمین پی سی بی پی ایس ایل کا فائنل کراچی میں کروانے کے خواہشمند ہیں۔

 

 

ایمزٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک)سوشل میڈیا کی فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ ’انسٹا گرام ‘ نے ’ سپر زوم‘ اور ہیلووین اسٹیکرز کے فیچر متعارف کرادیے ہیں۔ آج کی نوجوان نسل سوشل میڈیا پر نت نئے تجربات کرتی رہتی ہے اور لوگوں کی توجہ حاصل کرنے کے لیے سوشل میڈیا کی مختلف ایپ کے ذریعے اپنی سیلفیاں، دیگر تقریبات اور ویڈیو دوستوں سے شیئر کرکے داد وصول کرتی ہے یہی وجہ ہے کہ سوشل میڈیا کی مختلف ایپس آئے دن نت نئے فیچرز متعارف کراتی رہتی ہیں تاکہ وہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کی توجہ حاصل کرسکیں۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام نے ’سپر زوم‘ کا نیا فیچر متعارف کرایا ہے جس کے تحت صارفین اپنی عام تصاویر کو دلچسپ بناسکتے ہیں جب کہ بنیادی طور پر اس فیچر کے ذریعے اپنی عام ویڈیو کو ڈرامائی انداز دیا جاسکے گا۔ ویڈیو ریکارڈنگ کے دوران کسی بھی مخصوص چیز کو زوم کرکے فوکس کیے جاسکے گا اور اس میں مزید دلچسپی پیدا کرنے کے لیے بیک گراؤنڈ میوزک بھی شامل کیا جاسکتا ہے۔ انسٹاگرام میں اس فیچر کے شامل ہونے کے بعد کوئی صارف جب بھی موبائل کا کیمرا کھولے گا تو اس میں ’سپر زوم‘ کا آپشن خود ہی نمودار ہوجائے گا، اس فیچر کے استعمال کے لیے سپر زوم کا بٹن دبانے کے بعد ریکارڈ کا بٹن دبانے پر ویڈیو چند سیکنڈز کے لیے خود ہی زوم ہوگی اور اس میں ڈرامائی میوزک شامل ہوگا جو کسی بھی چیز پر فوکس کرکے ریکارڈ کیا جاسکتا ہے۔ دوسری جانب انسٹا گرام ایک اور فیچر بھی متعاف کرا رہی ہے جس کے تحت صارفین کو ہیلوین فیس فلٹرز اور اسٹیکرز دستیاب ہوں گے جس کے ذریعے وہ اپنی تصاویر کو کسی بھی ’زومبی‘ ’ویمپائر‘ یا کسی دوسرے خوفناک یا دلچسپ روپ میں تبدیل کرکے دوستوں سے شیئر کرسکیں گے۔

 

 

ایمزٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک)امراض دماغ کے برطانوی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اسمارٹ فون اور دیگر آلات پر بڑھتا ہوا انحصار انسان کی یادداشت اور معلومات جمع اور مسائل حل کرنے کے لیے سوچ بچار کی صلاحیت شدید متاثر کررہا ہے۔ ان ماہرین کے نزدیک یہی وجہ ہے، اسمارٹ فون کا بے تحاشا استعمال اور اس پر انحصار ہمیں غبی اور کند ذہن بنارہا ہے۔ امراض دماغ کے ماہر، ڈاکٹر سوسن گرین فیلڈ کہتے ہیں کہ ٹیکنالوجی کا بڑھتا ہوا استعمال آج کی نسل کو شدید متاثر کررہا ہے۔خصوصاً ان میں معلومات جمع اور مسائل حل کرنے کی صلاحیت اور محنت میں کمی واقع ہورہی ہے۔ مثال کے طور پر اب نام یاد رکھنا اور سالگرہیں ازبر کرنا صرف ایک کلک کے حوالے کردیا گیا ہے۔حقیقت یہ ہے کہ انسانی دماغ مسلسل مشق سے سیکھتا ہے۔ اس میں حقائق جمع کرنے کی مشق نہ کی جائے تو یادداشت کی دماغی صلاحیت بتدریج کمزور ہو جاتی ہے۔ سوسن گرین فیلڈ نے خبردار کیا ہے کہ نوجوان نسل اصل دنیا میں سیکھنے، کھیلنے اور معاشرے کا حصہ بننے کے بجائے اسکرین میں قید ہوتی جا رہی ہے۔ گویا ہم نے سوچنے سمجھنے کا کام مشینوں اور اسمارٹ فونز کے سپرد کردیا ہے۔ اس طرح تو دھیرے دھیرے زندگی کے پیچیدہ مسائل پر ہماری گرفت کمزور ہوتی جائے گی۔ نوجوان نسل تیزی سے اس جانب بڑھ رہی ہے۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد) اسپیکر قومی اسمبلی کی زیرصدارت پارلیمانی رہنماؤں کا اجلاس ہوا جس میں 2017 کی مردم شماری کے نتائج کی روشنی میں نئی حلقہ بندیوں پر غور کیا گیا اس موقع پر زاہد حامد نے پارلیمانی رہنماؤں کو حلقہ بندیوں کے معاملے پر حکومتی موقف پر بریفنگ دی اور پارلیمانی رہنماؤں سے تجاویز بھی مانگیں۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کا کہنا تھا کہ اجلاس میں بڑی سیر حاصل بحث ہوئی اور نئی حلقہ بندیوں پر اتفاق رائے ہوا، سب پارٹیوں کا متفقہ فیصلہ ہے کہ جمعرات اور جمعہ کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں حلقہ بندیوں سے متعلق بل منظور کرایا جائے گا جس کے بعد بل سینیٹ میں پیش کیا جائے گا۔ نئی حلقہ بندیوں سے نشستیں نہیں بڑھیں گی تاہم بلوچستان، کے پی کے اور اسلام آباد کی ایک سیٹ بڑھے گی۔ نئی مردم شماری کے بعد قومی اسمبلی کی نشستوں میں صوبوں کی نمائندگی کے تناسب کے تعین کے لیے آئینی بل تیار کرلیا گیا ہے جب کہ پارلیمانی رہنماؤں نے بل کی اصولی منظوری بھی دے دی ہے۔ بل کے متن کے مطابق قومی اسمبلی میں پنجاب کی 9 نشستیں کم ہوجائیں گی جن میں7 جنرل اور 2 مخصوص نشستیں شامل ہیں۔ خیبر پختونخواہ کی قومی اسمبلی میں 5 نشستوں کا اضافہ ہوگا جن میں 4 جنرل اور ایک مخصوص نشست شامل ہے۔ بلوچستان میں مجموعی طور پر قومی اسمبلی کی 3 نشستوں کا اضافہ ہوگا جن میں2 جنرل اور ایک مخصوص نشست شامل ہے، اسلام آباد کی ایک نشست کا اضافہ کیا جائے گا جب کہ سندھ کی قومی اسمبلی میں موجودہ نشستیں برقرار رہیں گی۔ واضح رہے کہ اس وقت قومی اسمبلی 342 نشستوں پر مشتمل ہے جس میں سے 272 نشستوں پر اراکین براہ راست انتخاب کے ذریعے منتخب ہوتے ہیں۔ علاوہ ازیں مذہبی اقلیتوں کے لیے 10 اور خواتین کے لیے 60 نشستیں بھی مخصوص ہیں، جنہیں 5 فیصد سے زائد ووٹ حاصل کرنے والی جماعتوں کے درمیان نمائندگی کے تناسب سے تقسیم کیا جاتا ہے۔ اجلاس میں خورشید شاہ، نوید قمر، غوث بخش مہر، غلام احمد بلور، محمود اچکزئی، فاروق ستار چیئرمین نادرا، سیکرٹری الیکشن کمیشن اور محکمہ شماریات کے حکام نے شرکت کی۔

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس)قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر شعیب ملک کو گزشتہ روز بہترین کھیل پیش کرنے پر انعام کے طور پر ہیوی بائیک دی گئی۔ ان کی اہلیہ ثانیہ مرزا نے نئی بائیک جیتنے کے فوری بعد ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا تھا ’’چلیں پھراس پر‘‘ لیکن شعیب نے اہلیہ کو نظرانداز کرکے شاداب خان کو بائیک پر بٹھا لیا، ثانیہ نے کہا کہ’’کوئی بات نہیں میں نے برا نہیں منایا، میرا خیال ہے اس سیٹ پر پہلے ہی قبضہ ہوچکا ہے ۔‘‘ شعیب کو اہلیہ کی ناراضگی بالکل بھی برداشت نہ ہوئی اورانہوں نے کہا کہ جلدی تیارہو جاؤ میں آرہا ہوں۔

 

 

ایمزٹی وی(راولپنڈی) پاکستان میں ایران کے سفیر مہدی ہنردوست نے پاک فوج کے سربراہ جنرل قمرجاوید باجوہ سے ملاقات کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان بہتر تعلقات کے لیے اقدامات جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان میں ایران کے سفیرمہدی ہنردوست نے جی ایچ کیو راولپنڈی میں پاک فوج کے سربراہ جنرل قمرجاوید باجوہ سے ملاقات کی، جس میں پاک ایران بارڈرمینجمنٹ اور دفاعی شعبے میں تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ آرمی چیف سے ملاقات کے دوران ایرانی سفیر نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاک فوج کی کوششوں کو سراہا اور دونوں برادر ملکوں کے درمیان بہتر تعلقات کے لیے کام جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کی

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس)ویسٹ انڈین بیٹسمین کرس گیل نے آسٹریلین فیئرفیکس میڈیا کیخلاف ہتک عزت کا مقدمہ جیت لیا،ان کا کامیابی کے بعد کہنا تھا کہ اچھا شخص ہوں،قصوروار نہیں،پیسوں کی نہیں کردار کی پرواہ تھی۔ ورلڈ کپ دوہزار پندرہ کے دوران سڈنی کے ڈریسنگ روم میں ایک خاتون مساج تھراپسٹ نے کرس گیل پر نازیبا حرکت کا الزام عائد کیا تھا لیکن نیو ساؤتھ ویلز سپریم کورٹ کی چار رکنی جیوری نے ناکافی شواہد کی بنیاد پر کرس گیل کو بری کردیا۔ عدالتی کامیابی کے بعد کرس گیل نے اسے ٹرپل سنچری بنانے کے مماثل قرار دیتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا۔

 

 

ایمز ٹی وی (اسپورٹس )اوگرا نے حکومت کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سفارش کردی ہے۔ عوام پر پیٹرول بم گرانے کی تیاری کرلی ہے اور وزارت پیٹرولیم کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری ارسال کردی ہے۔ سمری کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 2 روپے 49 پیسے، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے 19 پیسے، لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 12 روپے 63 پیسے جب کہ مٹی کا تیل 15 روپے 99 پیسے فی لیٹر اضافے کی تجویز دی گئی ہے۔ واضح رہے کہ حکومت عالمی منڈی کے تناظر میں ماہانہ بنیادوں پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین کرتی ہے۔

 

 

ایمزٹی وی(انٹرٹینمنٹ)آسکر ایوارڈ یافتہ فلم ساز شرمین عبید چنائے نے سوشل میڈیا پر اپنے اوپر ہونے والی تنقید پر خاموشی توڑتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنے موقف پر بدستور قائم ہیں۔ شرمین عبید کی بہن کو کراچی کے نجی اسپتال کے ایک ڈاکٹر نے فیس بک پر فرینڈ ریکوئسٹ بھیجی تھی جسے شرمین عبید نے نا صرف ہراساں کرنا قرار دیا تھا بلکہ یہ بھی کہا کہ غلط خاندان کی غلط عورت سے ٹکر لی ہے۔ اس پر اسپتال کی جانب سے ڈاکٹر کو ملازمت سے فارغ کردیا گیا۔ سوشل میڈیا صارفین نے ناصرف شرمین عبید کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا بلکہ ان کا خوب مذاق بھی اڑایا۔ معروف فلم ساز نے ٹوئٹر پر جاری اپنے طویل وضاحتی بیان میں کہا ہے کہ میں نے غصے میں بعض الفاظ کا غیرموزوں استعمال کیا جس کی وجہ سے لوگوں کو مایوسی ہوئی اور اصل معاملے سے توجہ ہٹ گئی۔ انہوں نے کہا کہ غلط خاندان کی غلط عورت سے میرا مطلب اپنی طاقت اور قوت کا مظاہرہ کرنا نہیں تھا بلکہ میں یہ کہہ رہی تھی کہ میرے خاندان میں عورت مضبوط کردار کی مالک ہوتی ہے جو اپنا دفاع کرسکتی ہے۔

 

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) ایف بی آر نے ٹیکس دہندگان کی سہولت کے لیے منگل کو تمام متعلقہ بینک برانچز اور ٹیکس دفاتر رات دیر تک کھلے رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایف بی آر کے سینئر افسر نے بتایا کہ یہ فیصلہ ٹیکس دہندگان کی سہولت کے لیے کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق رات دیر تک بینک برانچز و ٹیکس دفاتر کھلے رکھنے کے بارے میں فیلڈ فارمشنز کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں، اس کے علاوہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو بھی باضابطہ درخواست کردی گئی ہے تاکہ ٹیکس دہندگان اپنے ٹیکس واجبات جمع کراسکیں گے۔ ذرائع کا کہناہے کہ فیلڈ فارمشنز سے کہا گیا ہے کہ وہ متعلقہ بینک حکام کے ساتھ لائزون رکھیں تاکہ ٹیکس دہندگان کی جانب سے جمع کرائے جانے والے ریونیو کو اسی روز قومی خزانے میں منتقل کرکے اس کی رپورٹ ہوسکے