ایمز ٹی وی (اسپورٹس )ہندوستانی کرکٹ کپتان ویرات کوہلی ون ڈے کرکٹ میں تیز ترین 9ہزار رنز مکمل کرنے کے ساتھ سب سے زیادہ ریٹنگ پوائنٹس حاصل کرنے کا اعزاز بھی اپنے نام کرلیا جو اس سے پہلے سابق بیٹسمین سچن ٹنڈولکر کے پاس تھا ۔ہندوستانی کپتان نے نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کے آخری میچ کے دوران کم میچوں میں9 ہزار رنز مکمل کرنے کا عالمی ریکارڈ بھی اپنے نام کر لیا۔کیوی بولر گرینڈ ہوم کی گیند پر چوکے کے ساتھ ہی کوہلی نے اپنے 202 ویں میچ اور 194ویں اننگز میں یہ سنگِ میل عبور کیا۔اس سے قبل یہ ریکارڈ جنوبی افریقہ کے بیٹسمین ابراہم ڈی ویلیئرز کے پاس تھا جنھوں نے 205 اننگز کھیل کر9 ہزار رنز مکمل کئے تھے۔کم سے کم اننگز میں8 ہزار رنز مکمل کرنے کا اعزاز بھی کوہلی کے پاس ہے جو انھوں نے اپنی 175 ویں اننگز میں حاصل کیا تھا۔کوہلی آئی سی سی کی نئی رینکنگ کے دوران سب سے زیادہ ریٹنگ پوائنٹس حاصل کرتے ہوئے سچن ٹنڈولکر کا ایک اور ریکارڈ اپنے نام کیا جو انہوں نے1998میں887پوائنٹس کے ساتھ قائم کیا تھا اب کوہلی کے پوائنٹس کی تعداد889 ہو گئی ہے۔
ایمز ٹی وی (اسپورٹس) آئی سی سی ویمنز کرکٹ ون ڈے چیمپیئن شپ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو ویمنز کرکٹ ٹیم کو دلچسپ مقابلے کے بعد 8 رنز سے ہرا کر 3 میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔ شارجہ میں کھیلے گئے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ ویمنز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 240 رنز بنائے۔نیوزی لینڈ کی اننگز کی خاص بات سوفی ڈیوائن کی سنچری تھی جنہوں نے 103 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ کپتان سوزی بیٹس 36 اور آمیلا کیر 30 رنز بنا کر آوٹ ہوئیں۔پاکستان کی جانب سے ثنا ء میر نے 3 جبکہ سعدیہ یوسف اور جویریہ خان نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔جواب میں پاکستان ویمنز ٹیم مطلوبہ ہدف241رنز تک قریب ترین آکر پوری ٹیم 49 ویں اوور کی تیسری گیند پر 232 رنز بنا کر آوٹ ہو گئی۔جویریہ خان اور ناہیدہ خان نے نصف سنچریاں بنا کر ٹیم کو فتح دلانے کیلئے سرتوڑ کوشش کی تاہم بالترتیب 55 اور 51 رنز کی اننگز کھیلنے والی دونوں کھلاڑی انتہائی کوشش کے باوجود کامیاب نہ ہو سکیں۔پاکستان نے ایک موقع پر 5 وکٹوں کے نقصان پر 217 رنز بنالئے تھے اور فتح قریب نظر ٓرہی تھی لیکن اس موقع پر محض 15 رنز کے فرق سے قومی ٹیم بقیہ 5 وکٹیں صرف 8رنز قبل گنوا بیٹھی۔دیگر کھلاڑیوں میں کپتان بسمعہ معروف نے 41، سدرہ امین نے 33 اور ارم جاوید نے 19 بنائے جبکہ آمیلا کیر نے مسلسل 2گیندوں پر پاکستان کی آخری 2 وکٹیں گرا کر نیوزی لینڈ کو فتح دلادی ۔سوفی ڈیوائن کو شاندار سنچری بنانے پر میچ کی بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔
ایمزٹی وی(انٹرٹینمںٹ) بالی ووڈ کے معروف ہدایت کار روہت شیٹھی کی فلم ’گول مال اگین‘ نے بزنس کے اعتبار سے رواں سال کی سب سے بڑی فلم ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ بالی ووڈ کی مشہور کامیڈی فلم سیریز ’گول مال‘ کے چوتھے سیکوئل نے پہلے ہی دن 30 کروڑ سے زائد اور جلد ہی 100 کروڑ کلب میں شامل ہوکر خوب داد سمیٹی جب کہ فلم کو پہلے ہی سپر ہٹ قرار دیا جارہا تھا مگر اب ’گول مال اگین‘ نے رواں سال کی کامیاب فلم ’جڑواں ٹو‘ کو بھی پیچھے چھوڑتے ہوئے 200 کروڑ کے کلب میں جگہ بنالی ہے۔ بھارتی تجزیہ نگار رمیش بالا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے فلم کے مجموعی کمائی کی 250 کروڑ سے زائد ہونے کی نوید سنائی۔ 100 کروڑ سے کم بجٹ پر بننے والی فلم بھارت سمیت دنیا بھر سے 252 کروڑ کا بزنس کرنے میں کامیاب رہی،جب کہ فلم نے بھارت میں 214 کروڑ سے زائد کا بزنس کیا۔ دوسری جانب فلم کے ہدایت کار روہت شیٹھی نے فلم کی کامیابی پر مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے بہترین موضوع کے انتخاب کے لیے 7 سال انتظار کیا لیکن اس کا بہترین نتیجہ ملنے پر ہم بے حد خوش ہیں۔
ایمز ٹی وی (اسپورٹس) پاکستانی امپائر احسن رضا نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ کے دوران جب قومی ترانہ بجایا گیا تو ان کی آنکھوں سے آنسو جاری ہو گئے۔ احسن رضا بھی ان افراد میں شامل ہیں جو 2009ءمیں سری لنکن ٹیم کی بس پر دہشت گردوں کے حملے کے دوران زخمی ہو گئے تھے۔ انہوں نے نجی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ”جب میں اسٹیڈیم میں داخل ہو رہا تھا تو کوئی ڈر نہیں تھا۔ جب میں نے قذافی اسٹیڈیم میں قومی ترانہ سنا تو آنکھوں سے آنسو جاری ہو گئے۔“ انہوں نے کہا کہ ”میں اسی ہوٹل میں تھہرا تھا جہاں سری لنکن ٹیم رکھا گیا تھا اور ناشتے کے دوران سری لنکن کھلاڑیوں اور حکام سے ملاقات ہوئی جس دوران سب نے سیکیورٹی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔“ احسن رضا نے کہا کہ ”2009ءکے سانحہ کے دوران میں موت کے منہ سے واپس آیا۔ اس واقعے نے مجھ پر اور میری زندگی پر بہت گہرا اثر کیا ہے۔ بین الاقوامی کرکٹ اب واپس آ رہی ہے جس کا کریڈٹ پاک فوج اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین نجم سیٹھی کو دینا پسند کروں گا۔
ایمزٹی وی(انٹرٹینمنٹ)ایف بی آر نے ٹیکس نہ دینے پر گلوکار راحت فتح علی خان کے بینک اکاؤنٹ منجمد کردیے۔ پاکستان اور بھارت سمیت دنیا بھر میں اپنی آواز کا جادو جگانے والے پاکستان کے نامور گلوکار راحت فتح علی خان مشکل میں پھنس گئے۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے مطابق گلوکار کی جانب سے ٹیکس نہ دینے پر ان کے اکاؤنٹ منجمد کردیے گئے ہیں۔ ترجمان کے مطابق راحت فتح علی خان نے 2015 کا انکم ٹیکس نہیں دیا تھا اور ان کے ذمے 33 لاکھ 48 ہزار روپے واجب الادا تھے جب کہ ایف بی آر نے گلوکار کے اکاؤنٹ سے ایک لاکھ 5 ہزار روپے کی ریکوری کرلی ہے۔
ایمز ٹی وی(اسپورٹس) 8 سال قبل سری لنکن کرکٹرز کی جان بچانے والے پاکستانی بس ڈرائیور مہرخلیل مستقبل میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ساتھ سری لنکا جائیں گے، انھیں اس دورے کی دعوت سری لنکن وزیر کھیل نے دی ہے۔ بس ڈرائیور مہر خلیل نے بی بی سی کو بتایا کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان لاہور میں کھیلے گئے تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کے موقع پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے انھیں خاص طور پر مدعو کیا تھا، اس موقع پر چیئرمین نجم سیٹھی نے ان کی ملاقات سری لنکا کے وزیر کھیل اورکرکٹ بورڈ کے چیئرمین سے بھی کرائی۔مہر خلیل نے کہاکہ اس ملاقات کے دوران سری لنکن وزیر کھیل نے ان سے کہا کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم سری لنکا کے اگلے دورے پر آئے گی تو آپ بھی ساتھ ضرور آئیے گا۔ انھوں نے کہا کہ وزیر نے مذاقاً یہ بھی کہا کہ اس دورے میں آپ کو بس ڈرائیو نہیں کرنی بلکہ مہمان کی حیثیت سے میچز ہی دیکھنے ہیں۔ ڈرائیور خلیل نے بتایا کہ میں نے سری لنکن وزیر سے کہا کہ وہ اپنی ٹیم کو ضرور سپورٹ کریں گے۔ جس پر ان سے پوچھا گیا کہ آپ کی ٹیم کون سی ہے جس پر ان کا جواب تھا سری لنکا۔ انھوں نے کہا کہ میں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلنے کیلیے لاہور آنے والی سری لنکن ٹیم کی بس بھی ڈرائیو کرنا چاہتے تھے لیکن سیکیورٹی کے سخت انتظامات کے پیش نظر یہ خواہش پوری نہیں ہوسکی۔یاد رہے کہ مارچ2009 میں سری لنکن ٹیم کی جس بس پر لاہور ٹیسٹ کے موقع پر دہشت گردوں نے حملہ کیا اس کے ڈرائیور مہر خلیل تھے۔ انھوں نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے بس کو جائے وقوعہ سے نکال کر قذافی سٹیڈیم پہنچایا تھا۔ سری لنکا کی حکومت نے انھیں اسی سال کولمبو مدعو کیا جہاں انعامات سے نوازا گیا تھا جبکہ حکومت پاکستان کی طرف سے بھی مہر خلیل کو تمغہ شجاعت دیا جاچکا ہے،وہ کچھ عرصے اپنے کاروبار کے سلسلے میں مراکش اور جنوبی افریقہ میں بھی مقیم رہے لیکن اب دوبارہ پاکستان آچکے اور لاہور و اسلام آباد روٹ پر چلنے والی بس کی ڈرائیونگ سیٹ سنبھال چکے ہیں۔