اتوار, 19 جنوری 2025

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد) قومی اسمبلی کے اسپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت تمام جماعتوں کے پارلیمانی رہنماؤں کا اجلاس آج دوپہر دو بجے پارلیمنٹ ہاوٴس اسلام آباد میں ہوگا۔ اجلاس میں 2017ء کی مردم شماری کے نتائج کی روشنی میں قومی اسمبلی کی نئی حلقہ بندیوں پر غور کیا جائیگا۔
ذرائع کے مطابق حکومت نے مردم شماری کے بعد قومی اسمبلی کی نشستوں میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور موجودہ 272 جنرل نشستوں کو صوبوں کے درمیان ازسر نو تقسیم کیا جائیگا۔ نئے فارمولے کے تحت پنجاب سے قومی اسمبلی کی 9 نشستیں کم ہوجائیں گی جس کے بعد مردم شماری کے عبوری نتائج کے مطابق پنجاب سے قومی اسمبلی کی جنرل نشستوں کی تعداد 148 سے کم ہوکر 141 رہ جائے گی، خواتین کی مخصوص نشستیں بھی کم ہوکر 33 رہ جائیں گی۔
خیبرپختونخوا سے قومی اسمبلی کی جنرل نشستیں 35 سے بڑھ کر 39 ہوجائیں گی۔ صوبے سے مخصوص نشستیں بھی 8 سے بڑھ کر 9 ہوجائیں گی۔ بلوچستان سے قومی اسمبلی کی جنرل نشستیں 14 سے بڑھ کر 16 جبکہ خواتین کی مخصوص نشستیں 3 سے بڑھ کر 4 ہو جائیںگی۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی بھی ایک نشست بڑھے گی۔ سندھ اور فاٹا کی جنرل نشستوں میں کوئی کمی بیشی نہیں ہوگی۔
قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے مطابق آج اجلاس میں وزیر قانون زاہد حامد کے علاوہ وزیر داخلہ احسن اقبال، وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کے علاوہ قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ، نوید قمر، شاہ محمود قریشی، ڈاکٹر فاروق ستار، مولانا فضل الرحمان، غوث بخش مہر، محمود اچکزئی، صاحبزادہ طارق اللہ، غلام مرتضیٰ جتوئی، حاجی غلام احمد بلور، چوہدری پرویز الٰہی، آفتاب شیرپاؤ، شیخ رشید احمد، ناصر خان، اعجازالحق، سردار کمال خان بنگلزئی، افتخار الدین اور سید عیسیٰ نوری شامل ہیں۔
تجزیہ کاروں کے مطابق 2017ء کی مردم شماری کے اعداد و شمار کے تناظر میں آئندہ عام انتخابات 2018ء کے حوالے سے نئی حلقہ بندیاں کرانا ازحد ضروری ہے کیونکہ ایک طویل عرصے بعد ہونے والی مردم شماری سے آبادی کے نتائج حد درجہ بدل چکے ہیں۔
اس وقت قومی اسمبلی 342 نشستوں پر مشتمل ہے جس میں سے 272 نشستوں پر اراکین براہ راست انتخاب کے ذریعے منتخب ہوتے ہیں۔ علاوہ ازیں مذہبی اقلیتوں کے لیے 10 اور خواتین کے لیے 60 نشستیں بھی مخصوص ہیں، جنہیں 5 فیصد سے زائد ووٹ حاصل کرنے والی جماعتوں کے درمیان نمائندگی کے تناسب سے تقسیم کیا جاتا ہے

 

 

ایمزٹی وی(واشنگٹن)امریکا نے پاکستانی وزارت داخلہ کو انسداد دہشت گردی آپریشن کے لیے دیے گئے ہیلی کاپٹرز واپس مانگ لیے۔
میڈیاذرائع کے مطابق امریکا نے پاکستان کو بارڈر پیٹرولنگ کے لیے دیے گئے ہیلی کاپٹرز واپس مانگ لیے ہیں، امریکی ساخت کے یہ ہیلی کاپٹرز وزارت داخلہ کے پاس تھے اور یہ انسداد دہشت گردی آپریشن میں بھی استعمال ہوتے تھے جب کہ ان ہیلی کاپٹرز کو مظاہروں کی نگرانی کے لیے بھی استعمال کیا جا تا تھا اور ان کی پرواز سے قبل امریکی سفارت خانہ سے اجازت لی جاتی تھی۔
امریکا کی جانب سے ہیلی کاپٹرز کی واپسی کے مطالبے کے بعد ان کو واپس لے جانے کے لیے کارگو طیارہ پاکستان پہنچ گیا ہے۔
واضح رہے امریکا نے 2002 میں پرویز مشرف کے دور حکومت میں پاکستان کو 9 ہیلی کاپٹرز پاک افغان سرحد کی مانیٹرنگ کے لیے دیے تھے جن میں سے 4 ہیلی کاپٹر امریکا کو پہلے ہی واپس کردیے گئے تھے۔

 

 

 

ایمزٹی وی(کراچی)وزیر قانون سندھ ضیاء لنجار کا کہنا ہےکہ آئی جی سندھ کی تبدیلی کے لیے ایک دو روز میں وفاق کو خط لکھ دیں گے۔
ضیاء لنجارنے کہا کہ پولیس میں ٹرانسفر پوسٹنگ کے معاملے پرعدالت میں اپیل دائر کریں گے کیونکہ پولیس میں ٹرانسفر پوسٹنگ پر حکومت کا کردار ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ہائی کورٹ کی ڈیڈ لائن کے مطابق آئی جی تبدیل کرنے کا معاملہ حل کررہے ہیں، حکومت سندھ اے ڈی خواجہ کو تبدیل کرنے کے لیے دوروز میں وفاق کو خط لکھے گی اور رواں ہفتے آئی جی کی تبدیلی سے متعلق فیصلہ کرلیا جائے گا۔
صوبائی وزیر قانون کا کہنا تھاکہ اس وقت 22 گریڈ اور 3 سال کی سروس کے 2 افسران موجود ہیں لہٰذا حکومت وفاق کو 22 گریڈ کے افسر سردار عبدالمجید کا نام بھیجے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ کابینہ کااجلاس بلانے سے قبل آئی جی کونوٹس بھیجا تھا، آئی جی نے اپنی پریزنٹیشن کابینہ اجلاس میں پیش کی تھی۔

 

 

ایمزٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک) معروف امریکی ٹیلی کام کمپنی کے ایک ملازم نے ممکنہ طور پر دنیا کے پہلے ’’5 جی‘‘ اسمارٹ فون کی تصویر لیک کردی۔
پاکستان میں 5 جی ٹیکنالوجی کا اعلان ہوتے ہی صارفین کو اس کے حصول کا شدت سے انتظار ہے اور آج کل یہ بحث چھڑی ہے کہ کب انٹرنیٹ کی تیز ترین سروس دستیاب ہوگی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ 2019 میں 5جی کی کچھ خصوصیات مرحلہ وار منظر عام پر آنا شروع ہوجائیں گی اور 2020 تک 5جی اسمارٹ فونز مارکیٹ میں دستیاب ہوں گے۔
980084 gtechnology 1509288465 989 640x480
 
میڈیا رپورٹس کے مطابق موبائل فونز اور ٹیلی کمیونی کیشن کے حوالے معروف امریکی کمپنی ’’کوالکوم‘‘ کے ہینا نامی ایک ملازم نے ٹوئٹر پر 5 جی ٹیکنالوجی والے اسمارٹ فون کی تصویر شیئر کی اور لکھا کہ مجھے یقین نہیں آرہا ہے کہ دنیا کا پہلا 5 جی اسمارٹ فون میرے ہاتھ میں ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ مذکورہ تصویر دیکھ کر لگتا ہے کہ یہ فون ’’5 جی‘‘ کی آزمائش کےلیے بنایا گیا ہے اور تجرباتی مراحل سے گزارنے کے بعد اسے مارکیٹ میں لایا جائے گا۔ ممکنہ طور پراس فون میں فرنٹ اور بیک کیمرے کے ساتھ ساتھ ڈبل فلیش کی سہولت بھی ہوگی جب کہ یہ 3 جی اور 4 جی کو بھی سپورٹ کرے گا۔
واضح رہے کہ دنیا بھر کی سیلولر اور موبائل فون کمپنیاں ’’5 جی‘‘ ٹیکنالوجی پر کام کررہی ہیں اور ماہرین کا دعوی ہے کہ 2020 تک 5 جی موبائل نیٹ ورک آجائیں گے۔

 

 

ایمزٹی وی(اترپردیش)بھارتی ریاست اتر پردیش میں بی جے پی کی نظریاتی اتحادی تنظیم ہندو یووا واہنی کے رہنما ناگیندر پرتاب نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارت میں مسلمانوں کی آبادی اسی طرح بڑھتی رہی تو 10 برس بعد ملک پر ان کا قبضہ ہوجائے گا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اترپردیش میں ہندو یووا واہنی نامی ہندو انتہا پسند تنظیم کے رہنما ناگیندر پرتاب تومار نے کارکنوں سے خطاب کے دوران کہا کہ جس تیزی کے ساتھ بھارت میں مسلمانوں کی آبادی میں اضافہ ہورہا ہے اس سے محسوس ہورہاہے کہ 2027 تک بھارت ایک مسلم ملک کے طور جانا جائے گا، یہ مسلمانوں کی ایک منظم سازش ہے جس کے تحت وہ بھارت پراپنا مکمل قبضہ کرنا چاہتے ہیں۔
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ اترپردیش یوگی ادتیا شدت پسند تنظیم ہندو یووا واہنی کے سربراہ ہیں جو ماضی میں بھی مسلمانوں کے خلاف متعدد اشتعال انگیز اور متنازع بیانات جاری کرچکے ہیں جس پر ہندوستان کے لبرل،سیکولر،عوام اور میڈیا کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے, یوگی ناتھ ادتیا بھارت میں ایک متنازع سیاستدان کے طورپربھی جانے جاتے ہیں.

 

 

ایمزٹی وی(تعلیم/اسلام آباد)نیب کی تحقیقاتی ٹیموں نے نیشنل ٹیسٹنگ سروس (این ٹی ایس) کے 2 دفاتر پر چھاپہ مار کر ادارے کے سی ای او ڈاکٹر شیر زادہ سمیت دیگر ملازمین کو حراست میں لے لیا۔
میڈیا ذرائع کےمطابق بدعنوانیوں اور پرچے لیک ہونے کی شکایت پر چئیرمین نیب نے نوٹس لیا تھا اور نیب کی تحقیقاتی ٹیمیں تشکیل دی تھیں۔ آج نیب کی تحقیقاتی ٹیمیں اسلام آباد میں این ٹی ایس کے دو دفاتر میں پہنچ گئیں اور این ٹی ایس کے ریکارڈ کا جائزہ لینے کے بعد قبضے میں لیا۔ نیب نے این ٹی ایس کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ڈاکٹر شیر زادہ اور ایڈمن انچارج سمیت 5 افراد کو حراست میں لے لیا۔
نیب حکام نے این ٹی ایس کے عملے سے پوچھ گچھ بھی کی۔ نیب کی ٹیموں کے ہمراہ ایف بی آر کا عملہ بھی موجود ہے ۔ واضح رہے کہ گزشتہ چند ماہ سے این ٹی ایس کی جانب اعلیٰ سرکاری یونیورسٹیوں میں داخلے کے لیے انٹری ٹیسٹ کے پرچے آؤٹ ہورہے تھے۔ جس کی وجہ سے ان امتحانات کی ساکھ بری طرح متاثر ہوئی تھی اور چیئرمین نیب نے اس کا نوٹس لیا تھا۔

 

 

ایمزٹی وی(تجارت) نیشنل بینک کو رواں سال کے ابتدائی9 ماہ کے دوران 9.6 فیصد اضافے سے 14.7 ارب روپے کا خالص منافع ہوا ہے۔
رواں سال کے ابتدائی9 ماہ کے دوران 9.6 فیصد اضافے سے نیشنل بینک کو 14.7 ارب روپے کے خالص منافع ہوا ہے جس کے نتیجے میں فی حصص آمدنی6.91 روپے ہوگئی جو گزشتہ مالی سال کے اسی مدت میں 6.31 روپے فی حصص تھی۔
اس دوران بینک آپریٹنگ آمدنی 61.3 ارب روپے رہی جبکہ سودی آمدنی 2.4 فیصد کمی سے 38.3 ارب روپے رہی۔ غیرسودی آمدنی 10فیصد بڑھ کر 23 ارب روپے تک پہنچ گئی۔ بینک کی بیلنس شیٹ دسمبر2016 کے مقابلے میں 2.22 ٹریلین روپے ہوگئی۔
واضح رہے کہ بینک ڈپازٹس گزشتہ مالی سال کے اسی مدت کے مقابلے میں 18.9فیصد اضافے سے 1684 اعشاریہ 8 ارب روپے اور ایڈوانسز 8.2 فیصد کے اضافے سے 797 اعشاریہ 4 ارب روپے تک پہنچ گئے

 

 

ایمزٹی وی(تجارت)پیپلزپارٹی اوردیگر اپوزیشن جماعتوں سے تعلق رکھنے والے 23 سینیٹرز نے گورنر اسٹیٹ بینک طارق باجوہ کی تقرری کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا ہے۔
حکومت پاکستان کو بذریعہ سیکریٹری خزانہ فریق بناتے ہوئے درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ گورنر اسٹیٹ بینک کی تقرری میں مروجہ طریقہ کار اور ضابطوں کو نظر انداز کیا گیا اور آئین کے آرٹیکل 4اور 25 کی خلاف ورزی کی گئی۔
واضح رہے کہ سینیٹ نے16اگست 2017ء کو گورنر سٹیٹ بینک کی تقرری کیخلاف قرارداد بھی منظورکی تھی ۔یہ درخواست فرحت اللہ بابر، سسی پلیجو، فاروق نائیک اور دیگرسینیٹرز نے دائرکی ہے۔
دوسری جانب سوشل میڈیا پرگستاخانہ مواد کے کیس میں وزارت داخلہ کے اسپیشل سیکریٹری نے اپنی سربراہی میں بنائی جانے والی اعلیٰ سطح کی کمیٹی کی رپورٹ پیش کر دی۔جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے ریمارکس دیے کہ حساس ادارے اگر توہین رسالتؐ کے معاملے پرکارکردگی نہیں دکھا سکتے توکسی کام کے نہیں ہیں۔
فاضل جج نے وزارت داخلہ کو حکم دیا کہ توہین رسالتؐ کے معاملے میں جو شخص یا ادارے شامل ہیں ان کا چہرہ بے نقاب کریں۔پاکستان کی سلامتی ناموس رسالتؐ کے تحفظ سے وابستہ ہے،اس معاملے میں قومی مفاد کو نہیں دیکھیں گے۔ توہین رسالتؐ کے مرتکب افرادکیخلاف ابھی تک ریاست خاموش ہے، ہم کس بات کی ایٹمی طاقت ہیں۔ ایف آئی اے کی جانب سے توہین رسالتؐ کے مجرم کیخلاف چالان کی کاپی بھی پیش کردی گئی جبکہ عدالت نے سماعت دس نومبر تک ملتوی کر دی۔
ادھر اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے سابق وفاقی وزیر مخدوم شہاب الدین کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے مقدمہ میں ڈی جی اے این ایف کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا ہے۔ مخدوم شہاب الدین کی طرف سے الیاس صدیقی پیش ہوئے اوراستدعا کی کہ مخدوم شہاب علاج کیلیے بیرون ملک جانا چاہتے ہیں۔ درخواست کے جواب میں اسسٹنٹ اٹارنی جنرل چوہدری حسیب نے وزارت داخلہ کا جواب جمع کرادیا۔

 

 

ایمز ٹی وی (اسلام آباد) قائد اعظم یونیورسٹی میں طلبہ کے ایک دھڑے نے کلاسز پر لگے تالوں میں ایلفی ڈال دی جس سے تدریسی کلاسز نہ ہوسکیں جب کہ بسوں کے ٹائروں کی بھی ہوا نکال دی۔
قائد اعظم یونیورسٹی میں طلبہ کا مخصوص دھڑا گزشتہ ایک ہفتے سے احتجاج کررہا ہے تاہم گزشتہ ہفتے پولیس نے حالات پر قابو پاکر تدریسی عمل بحال کرادیا
یونیورسٹی میں آج طلبہ نے سامنے آکر احتجاج تو نہ کیا لیکن طلبہ کے اس مخصوص دھڑے نے انتہائی چالاکی سے یونیورسٹی کی بسوں کے ٹائروں کی ہوا نکال دی اور کلاسز پر لگے تالوں میں ایلفی ڈال دی جس سے یونیورسٹی کی انتظامیہ لاعلم رہی۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ طلبہ نے کلاسز میں لگے تالوں میں ایل فی ڈال دی ہے اور بسوں کی ہوا بھی نکال دی ہے جب کہ طلبہ کا یہ دھڑا روپوش ہے اور ان کے موبائل بھی بند ہیں۔
پولیس اور یونیورسٹی انتطامیہ کا کہنا ہےکہ کل ہر صورت میں تعلیمی سرگرمیاں شروع ہوجائیں گی جب کہ پولیس نے بھاری نفری بھی یونیورسٹی میں تعینات کردی ہے۔
 
واضح رہے کہ رواں ماہ کے اوائل میں قائداعظم یونیورسٹی میں طلبا نے بہتر سہولیات، ہاسٹل اور فیسوں میں اضافہ واپس لینے کے لیے احتجاج شروع کیا تھا جس پر یونیورسٹی انتظامیہ اور طلبا کے درمیان مذاکرات بھی ہوئے جو ناکام ہوگئے۔
 
یونیورسٹی انتظامیہ نے اس معاملے پر تین رکنی کمیٹی بھی بنائی تھی لیکن وہ بھی معاملہ حل نہ کرسکی جس کے بعد طلبا کے احتجاج کےباعث یونیورسٹی تین ہفتے تک بند رہی۔

 

 

ایمزٹی وی(تجارت)عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کے رجحان کے باعث پاکستان میں بھی پٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونے کا امکان ہے۔
عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں اضافے کے سبب اس بات کا امکان ہے کہ حکومت پٹرول کی قیمت میں ڈیڑھ روپے فی لیٹر اور ہائی اسپیڈ ڈیزل میں2 روپے فی لیٹر کا اضافہ کرسکتی ہے۔
واضح رہے کہ صرف ایک ہفتے کے دوران برطانوی خام تیل کی قیمت 2 ڈالر 24 سینٹس کے اضافے سے 60ڈالر 44سینٹس فی بیرل اور امریکی خام تیل کی قیمت 2 ڈالر 43 سینٹس اضافے سے 53 ڈالر 90 سینٹس فی بیرل کی سطح پر پہنچ چکی ہے۔