اتوار, 19 جنوری 2025

 

ایمز ٹی وی (لاہور) پنجاب کےوزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کاکہناہےکہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے سیاست کو ہمیشہ عوام کی خدمت کا ذریعہ سمجھا ہے،گزشتہ سوا 4برس کے دوران عوامی خدمت کی نئی مثالیں قائم کی ہیں،مسلم لیگ ن کے دورمیں ہونے والی تیزرفتار ترقی کی مثال نہیں ملتی۔

لاہورسےجاری بیان میں شہبازشریف نےکہا کہ خدمت اور کارکردگی کی بدولت مسلم لیگ ن آج بھی ملک کی مقبول ترین جماعت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آئندہ عام انتخابات میں بھی عوامی خدمت،دیانت ،محنت اورشفافیت کی سیاست کی جیت ہوگی،سیاست کو ذاتی ایجنڈے کی تکمیل کا ذریعہ بنانے والوں کے عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نےکہا کہ ذاتی مفادات کو قومی مفادات پر ترجیح دینے و الے کبھی ملک وقوم کے خیر خواہ نہیں ہوسکتے۔عوام ذاتی مفادات کی سیاست کرنے والے سیاست دانوں کا محاسبہ کریں گے۔

 

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس)سرفراز احمد نے فکسنگ رپورٹ سے اپنے کوچ مکی آرتھر کا دل بھی جیت لیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے اعلامیہ میں کہا گیا تھا کہ پاکستان کے ایک پلیئر کو فکسنگ کی آفر ہوئی جس سے انھوں نے فوری طور پر ٹیم مینجمنٹ کو آگاہ کیا، جس کے بعد آئی سی سی کو بھی مطلع کردیا ہے جس نے معاملے کی چھان بین شروع کردی ہے، اگرچہ بورڈ کی جانب سے پلیئر کا نام ظاہر نہیں کیا گیا تاہم بعد میں یہ بات سامنے آگئی کہ مذکورہ کھلاڑی کپتان سرفراز احمد تھے، جنھوں نے فرض شناسی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فکسنگ رابطے کی فوری رپورٹ کی۔
ہیڈ کوچ بھی کپتان کے طرز عمل سے کافی خوش ہیں، وہ کہتے ہیں کہ حقیقت تو یہ ہے کہ انھوں نے ناقابل یقین طور پر بہترین ردعمل پیش کیا ہے، انھوں نے وہی کیا جو کہ ان کو کرنا چاہیے تھا، جس خوبصورتی سے انھوں نے معاملے کو ہینڈل کیا میں سمجھتا ہوں کہ وہ ہماری ٹیم اور دنیا کے لیے مثال ہے کہ ایک اہم ترین کھلاڑی سے رابطہ کیا گیا جنھوں نے قانون کے مطابق ردعمل ظاہر کرتے ہوئے خود کو کھیل کا ایک سچا سفیر ثابت کیا ہے۔
مکی آرتھر نے مزید کہا کہ میں اپنے کھلاڑیوں سے کافی مطمئن ہوں، وہ غیرمعمولی اور کافی ذہین ہیں، مجھے اس بارے میں کوئی شک نہیں کہ اگر ان میں سے بھی کسی سے کوئی مشکوک رابطہ کرے گا تو وہ بھی اسی طرح فوری طور پر ردعمل دیں گے۔
یاد رہے کہ اینٹی کرپشن قوانین کے تحت کسی بھی فکسنگ یا مشکوک رابطے کی فوری طور پر رپورٹ ٹیم مینجمنٹ یا دیگر متعلقہ افراد کو کرنا لازمی ہے، بعد میں علم ہونے پر مذکورہ کھلاڑی کو پابندی کی سزا بھگتنا پڑسکتی ہے۔
 

 

 

ایمز ٹی وی (اسلام آباد/تعلیم) اسلام آباد کی قائداعظم یونی ورسٹی میں تقریباً تین ہفتوں کے بعد آج سے تدریسی عمل بحال ہوگا۔ جمرات اورجمعہ کی شب ہڑتالی طلبہ، اسلام آباداور یونیورسٹی انتظامیہ کےدرمیان مذاکرات ہوئے، فیسوں میں اضافہ واپس لینے پر 16 روز سے جاری احتجاج ختم کرکے یونی ورسٹی کے دروازے کھول دیے گئے ۔

آج سے باقاعدہ تدریسی عمل بھی بحال ہوجائے گا۔ 45 طلبہ کی بحالی کامعاملہ ابھی حل ہونا باقی ہے۔

سنڈیکیٹ اجلاس نے معاملہ حل کرنے کیلئے تین رکنی کمیٹی بنادی جو 15 دنوں میں طلبہ کودی جانےوالی سزاوں کاجائزہ لے گی۔ ذرائع کاکہنا ہے کہ طلبہ کا ایک دھڑا اب بھی احتجاج کیلئے پر تول رہا ہے ۔

 

 

ایمز ٹی وی (لندن) نوازشریف کے پاکستان پہنچنے کا شیڈول تبدیل ایک بار پھر تبدیل ہوا ہے، سابق وزیر اعظم لندن سے سعودی عرب روانہ ہو گئے۔ والدہ کے ساتھ عمرہ ادا کریں گے اور سعودی عرب میں دو روز قیام کے بعد پاکستان پہنچیں گے۔

ذرائع کے مطابق نواز شریف سعودی عرب میں اپنی والدہ سے ملنے کے بعد انہیں جدہ سے مکہ عمرہ ادائیگی کیلئے لائیں گے۔

ذرائع کا مزید بتانا ہے کہ دورہ سعودی عرب کے کوئی سیاسی مقاصد نہیں ہیں۔ واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم کے شیڈول میں تبدیلی اتوار کے روز کی گئی، اس سے قبل نوازشریف کو 24 اکتوبر کو پاکستان واپس پہنچنا طے تھا۔

 

 

ایمز ٹی وی (کراچی/تعلیم) کراچی یونیورسٹی کے شعبہ بین الاقوامی تعلقات کے سربراہ اور بائیں بازو کی طلبا تنظیم ڈیموکریٹک اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے رہنما ڈاکٹر مطاہر احمد شیخ کی یاد میں تعزیتی ریفرنس 24اکتوبر کو شام 5 بجے آرٹس کونسل میں منعقد ہوگا۔

 

 

ایمز ٹی وی (کراچی/تعلیم) انڈس یونیورسٹی کے زیرانتظام موجودہ اور سابق طلبا و طالبات کیلئے جاب فیئر کا اہتمام کیا گیا۔ جاب فیئر کا افتتاح پاکستان میں موجود جاپان کے قونصل جنرل توشیکازو ایسومورا اور ہلٹن فارما کےروح رواں سردار یاسین ملک اور چانسلر خالد امین نے کیا۔ مہمان خصوصی کو طلبا و طالبات نے گلدستے پیش کئے۔

اس موقع پر طلبا و طالبات کو جاب آفر کرنے والے 35 کمپنیوں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر جاپانی قونصل جنرل نے یونیورسٹی کے چانسلر کو مبارک باد دی اور اردو میں بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ جاپان پاکستان کے درمیان باہمی تعلقات انتہائی شاندار ہیں اور مستقبل میں بھی یونیورسٹی انتظامیہ سے مکمل تعاون کیا جائے گا۔ یاسین ملک اور خالد امین نے بھی خطاب کیا۔

 

 

ایمز ٹی وی (کراچی/تعلیم) داؤد یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کی انتظامیہ نے سال برائے 2017-18ء کے داخلوں کیلئے فارم جمع کرانے کی تاریخ میں 3؍ روز کی توسیع کردی ہے ۔

رجسٹرار کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق داؤد انجینئرنگ یونیورسٹی میں داخلہ لینے کے خواہشمند طلبہ و طالبات اور انکے والدین کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے داخلہ فارم جمع کرنے کی آخری تاریخ 22؍ اکتوبر سے بڑھا کر 25؍اکتوبر 2017ء کردی گئی اور اب طلباء اپنے داخلہ فارم بدھ کی رات 12بجے تک آن لائن جمع کراسکیں گے۔

 

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس)سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز میں 4-0 کی برتری کے بعد اب پاکستان ٹیم کی نگاہیں کلین سوئپ پر مرکوز ہوچکی ہیں، کھلاڑی چیمپئنز ٹرافی سے شروع ہونے والا سفر برقرار رکھنے کے خواہاں ہیں، اگرچہ گرین شرٹس کو ایک روزہ سیریز میں فرنٹ لائن بولرمحمد عامرکی خدمات میسر نہیں تھیں، اس کے باوجود کپتان سرفرازاحمد نے بولنگ کو دنیا کا بہترین اٹیک قرار دیا۔
شاداب خان اورحسن علی نے اس سیریزمیں مہمان سائیڈ پر خوب حملے کیے ہیں، بیٹنگ میں بابر اعظم اور امام الحق کے ساتھ مڈل آرڈر میں شعیب ملک کی موجودگی نے استحکام بخشا ہے جبکہ لوئرآرڈرمیں بھی شاداب نے مشکل وقت پر اپنی بیٹنگ کا جلوہ دکھایا ہے، سیریزمیں واضح برتری کی وجہ سے ٹیم مینجمنٹ عثمان خان کو ایک موقع اور دے سکتی ہے جنھوں نے جمعے کو ڈیبیو پر38 رنزکے عوض ایک وکٹ لی تھی،کپتان سرفراز احمد بھی کامیابیوں کا سلسلہ برقرار رکھنے کے خواہاں ہیں۔
دوسری جانب سری لنکا کوسال میں تیسری وائٹ واش کی خفت کا سامنا ہے، وہ فروری میں جنوبی افریقہ کے خلاف اور ستمبر میں بھارت سے پانچواں میچ بھی جیتنے میں ناکام رہا تھا، اب تک پاکستان کے خلاف سیریز میں سری لنکن بولرز پاکستانی بیٹسمینوں کیلیے معاون ثابت ہوئے ہیں جبکہ بیٹسمین بیٹنگ کا بھولا بسرا سبق یاد کرنے کیلیے کو شاں رہے، رواں سیریز میں آئی لینڈرز نے اپنے سارے ہتھیار آزما لیے ہیں، اس لیے آخری میچ میں گذشتہ میچ کی ناکام الیون کے زیادہ تر کھلاڑیوں کو برقرار رکھا جاسکتا ہے۔
شارجہ کی وکٹ پر کبھی کبھارہی300 سے زائد کے مجموعے سامنے آتے ہیں مگر یہاں پر بولرز کو بھی بہت زیادہ مدد نہیں ملتی، اس لیے دونوں کو اپنے اپنے شعبے میں محنت کرنا پڑے گی، دوپہر کے بعد درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ کی رینج کے وسط میں رہنے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ جب سے سرفراز احمد نے ون ڈے فارمیٹ میں قیادت سنبھالی ہے تب سے اس طرز میں گرین شرٹس کی پرفارمنس میں نمایاں بہتری آئی ہے، اب تک ان کی کپتانی میں کھیلے گئے 13 ون ڈے میچز میں سے پاکستان کو 11 میں کامیابی حاصل ہوئی ہے

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ترکی کے جنگی ہیلی کاپٹر ٹی 129 کو اڑا کر تجرباتی پرواز کی۔ زرائع کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ترک ہیلی کاپٹر ٹی 129 کی اڑان بھر کر پاکستانی تاریخ میں اپنا نام سنہرے حروف میں لکھوا دیا ہے۔ وزیراعظم نے ترک ہیلی کاپٹر پر تجرباتی پرواز کی اور ترکی کی دفاعی پیداواری صنعت کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ دفاعی میدان میں کامیابیوں پر رجب طیب اردوان حکومت مباکباد کی مستحق ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ٹی 129 ہیلی کاپٹر کی خریداری کے حوالے سے ترک حکام سے بات چیت جاری ہے اور پاک فوج بھی ہیلی کاپٹر کی خریداری کا جائزہ لے رہی ہے۔ ترک حکام نے بتایا کہ ٹی 129 کم وزن کا جنگی ہیلی کاپٹر ہے جو میزائل اور گنز سے لیس ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ایف 16 جنگی طیارے میں فائٹرپائلٹ کی پچھلی نشست رئیرکاک پٹ میں بیٹھ کر فوجی مشقوں کا جائزہ لیا تھا اور وہ ملکی تاریخ کے پہلے وزیراعظم بن گئے جنہوں نے جہاز میں بیٹھ کر فوجی مشق میں شرکت کی۔

 

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس)فاسٹ بولررومان رئیس انجری کے باعث سری لنکا کے خلاف ٹی 20سیریز سے باہر ہوگئے ہیں۔
میڈیا ذرائع کے مطابق سری لنکا کے خلاف قومی ٹیم میں شامل فاسٹ بولر رومان رئیس بائیں کہنی میں سوجن کے باعث انجری کا شکار ہوکر ٹی 20 سیریز سے باہر ہوگئے ہیں تاہم بہت جلد رومان رئیس کے متبادل کا اعلان کیا جائے گا۔ دوسری جانب نوجوان بیٹسمین بابراعظم بھی فٹنس مسائل کاشکار ہیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ بابر اعظم کی فٹنس پریشان کن نہیں اور وہ 20 سیریز کے لیے دستیاب ہوں گے۔
واضح رہے کہ فاسٹ بولر محمد عامر پہلے ہی انجری کے باعث ٹیم میں شامل نہیں جب کہ ان کی جگہ محمد جنید اور حسن علی ٹیم کا حصہ ہیں۔