ھفتہ, 18 جنوری 2025

 

ایمزٹی وٹی(کراچی/ تعلیم) کراچی سمیت اندرون سندھ کے سرکاری میڈیکل وڈینٹل کالجوں وجامعات میں داخلے برائے سال2017-18کے لیے پہلی بار بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ماتحت چلنے والے کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کو یکساں داخلہ پالیسی کے تحت انٹری ٹیسٹ میں شامل کرلیا گیا اس سے قبل کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج اور لیاری میڈیکل کالج علیحدہ انٹری ٹیسٹ لیا کرتے تھے جس کی وجہ سے امید واروں کوعلیحدہ انٹری ٹیسٹ کے لیے علیحدہ داخلہ فارم خریدنا پڑتے تھے جس سے والدین اور امید واروں پر اضافی مالی بوجھ پڑتا تھا اور انھیں پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا تھا، کراچی کے تمام سرکاری میڈیکل کالجوں وجامعات میں ایم بی بی ایس اوربی ڈی ایس میں داخلوں کے لیے 22اکتوبر کو این ای ڈی یونیورسٹی میں انٹری ٹیسٹ کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں انٹری ٹیسٹ صبح10بجے شروع ہوگا جو 2گھنٹے تک جاری رہے گا

تمام امیدواروں سے کہا گیا ہے کہ وہ ایڈمٹ کارڈ کے ہمراہ سارھے 8بجے جامعہ این ای ڈی پہنچ جائیں نیشنل ٹیسٹنگ سروسز کے تحت انٹری ٹیسٹ منعقد کیا جائے گا امسال کراچی کے میڈیکل کالجوں میں داخلوں کے لئے ساڑھے 6ہزار سے زائد امید وار انٹری ٹیسٹ میں شرکت کریں گے صوبے بھرمیں مجموعی طور پر 25ہزار امید وار شرکت کریں گےانٹری ٹیسٹ کراچی سمیت لیاقت یونیورسٹی ،بے نظیر بھٹو یونیورسٹی لاڑکانہ، شہید بے نظیر آباد (نوابشاہ )اور سکھر کے میڈیکل کالج میں بیک وقت منعقد کیا جائے گا '

کراچی کے میڈیکل کالجوں میں جناح سندھ میڈیکل کالج 350,ڈاﺅ میڈیکل کالج 350،لیاری میڈیکل کالج 100اور کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج 250نشستیں مختص ہیں،ڈینٹل کالج 100نشستیں ہیں ،ڈاکٹر عشرت العباد اور ڈینٹل میں 75نشستوں پر داخلے دیے جائیں گے،کراچی کے تمام میڈیکل کالجوں میں مجموعی طور پر ایم بی بی ایس کی ایک ہزار 50سیٹیں جبکہ ڈینٹل کالجوں میں 275سیٹیں مختص ہیں ، کراچی میں ان تمام سیٹوں پر 6ہزار سے زائد امیدواروں نے درخواستیں دی ہیں جن کے انٹری ٹیسٹ 22اکتوبر کو کراچی میں منعقد ہوں گے،دریں اثنا25اکتوبر تک این ٹی ایس کا ابتدائی نتیجہ ویب سائٹ پر جاری کیا جائے گا جس کے بعد امیدواروں کو 2دن اعتراضات کے دیے جائیں گے، 29اکتوبر تک حتمی میرٹ لسٹ آویزاں کردی جائیں گی۔

 

 

 

ایمز ٹی وی (کراچی) کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں پولیس نے خاتون کے اغوا کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق کرائی جانے والی خاتون اورنگی ٹاؤن بلال کالونی کی رہائشی ہے جب کہ گرفتار اغوا کاروں میں ضمیر ، فراز ، محمد ابراہیم اور محمود عالم شامل ہیں۔ پولیس نے بتایا کہ اورنگی ٹاؤن بازیاب سے خاتون کو ایمبولینس میں اغوا کیا جارہا تھا کہ سیکورٹی اہلکاروں نے کارروائی کرتے ہوئے واردات کو ناکام بنادیا

 

 

ایمز ٹی وی (عمرکوٹ) شاہ محمود قریشی نے پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے دیوالی کے موقع پر عمرکوٹ کے لامبا گراؤنڈ میں جلسے سے خطاب کے دوران پیپلز پارٹی کے آصف علی زرداری کو تھر اور عمرکوٹ سے عام انتخابات میں الیکشن لڑنے کا چیلنج دیا ہے اور کہا ہے کہ آصف علی زدارری اقتدار میں ہیں اور پیسہ بھی بہت ہے، لیکن تھرپارکر سے اگر وہ انتخابات میں حصہ لیں گے تو میں پی ٹی آئی کے ایک ورکر کی حیثیت سے ان کا مقابلہ کروں گا۔ پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ جو کام ضیا اور آمریت نہ کرسکے،

وہ آصف علی زرداری نے اپنی کرپشن کے ذریعے کردکھایا ہے اور ذوالفقار علی بھٹو کے فلسفے کا جنازہ نکال دیا ہے۔ اب پیپلز پارٹی تباہ و برباد ہوگئی ہے، پنجاب سے پہلے ہی پیپلزپارٹی کا نام و نشان مٹ گیا تھا، کے پی کے میں پیپلزپارٹی کا کوئی نام لیوا نہیں اور بلوچستان پیپلزپارٹی کو پہلے ہی فارغ کرچکا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اب عمران خان نے فیصلہ کیاہے کہ اب سندھ سے بھی پیپلزپارٹی کو فارغ کرنا ہے۔

جلسے میں پی ٹی آئی کے صوبائی صدر ڈاکٹر عارف علوی، حلیم عادل شیخ، لال مالہی، نذہت پٹھان، سردار غلام مصطفی خاصخیلی،ملتان سے ایم این اے ملک عامر ڈوگراور کنری تھانہ حملہ کیس سے شہرت پانے والے نواب زید تالپور سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حق اور باطل کی لڑائی چلی آرہی ہے اوریہ لڑائی جاری رہے گی۔ مجھے جیتنے کی فکر اور ہارنے کاکوئی خوف نہیں ہے۔

انھوں نے آصف علی زرداری کو عمر کوٹ سے اپنے مقابلے میں الیکشن لڑنے کاچیلنج دیتے ہوئے کہا کہ آصف علی زرداری دولت، پی پی پی اور اقتدار تمہارے پاس ہے، تم یہاں سے کھڑے ہو میں تمہارا مقابلہ کروں گا۔ ڈاکٹر عارف علوی نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قیام پاکستان کے وقت قائد اعظم نے کہا تھا کہ مسلمان مساجد اور ہندو مندروں میں جائیں، حکومت کے لیے سب برابر ہیں، حلیم عادل شیخ نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چور ڈاکو لٹیرے ایم این اے ایم پی اے عمرکوٹ میں ہیں،مظلوم اور غریب لوگوں کا پانی بند کرنے والے یزیدکے خاندان کے لوگ ہیں،یہاں عوام کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کا بدلہ لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے آنے میں اب صرف چند ماہ رہ گئے ہیں،پھر شاہ محمود قریشی کے ہاتھ میں ڈنڈا ہوگا جو سب کو سیدھا کریں گے اور پھر عوام کی زندگی میں تبدیلی آئے گی۔

ملتان سے ایم این اے ملک عامر ڈوگر نے اپنے خطاب میں کہا کہ سندھ میں تبدیلی کی بارگشت پورے پاکستان میں سنی جارہی ہے،سندھ میں بھی پی ٹی آئی کی حکومت بنے گی،صوبائی رہنما چیلا رام نے کہا کہ عمرکوٹ اب پاکستان تحریک انصاف کا قلعہ بن گیا ہے، نزہت پٹھان نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو اوربے نظیر بھٹو نے عوام کی بات کی مگر آج سندھیوں کی بات کرنے کے لیے کوئی موجود نہیں جبکہ سردار غلام مصطفیٰ خاصخیلی نے کہا کہ جمہوریت کو نون لیگ اور پیپلزپارٹی سے خطرہ ہے۔

 

 

ایمز ٹی وی (لاہور) لاہور میں ڈولفن فورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ ہوئی جس میں 696 جوانوں نے حصہ لیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے کہا کہ ڈولفن فورس کا آئیڈیا ترکی سے لیا اور ترک حکومت نے اس کے لیے بھرپور مدد کی، ہم چاہتے ہیں ترکی کی ڈولفن فورس جیسا معیار یہاں بھی قائم کریں. پنجاب پولیس میں ہزاروں اہل کاروں کو بھرتی کرکے تربیت دی گئی اور امید ہے کہ ڈولفن فورس پنجاب پولیس کا امیج بہتربنائے گی۔

وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ پنجاب پولیس نے دہشتگردوں کے خاتمے کیلیے جانوں کا نذرانہ پیش کیا، ڈولفن فورس کا امیج بہتربنانےمیں جوان اپناکردارادا کریں، ڈولفنز خود کواہل ثابت کریں اورحسن سلوک سے عوام کا دل جیتیں، حکومت فنڈز اس لیےخرچ کرتی ہے تاکہ عوام کوبہترین ماحول ملے. لاہورمیں ڈولفن فورس کی لانچنگ ہوچکی، اب باقی شہروں میں بھی جانا ہے جبکہ چور لٹیروں سے پنجاب کومکمل پاک کیا جائے گا۔

 

 

ایمز ٹی وی (کراچی) مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی پاکستان کے چیرمین مفتی منیب الرحمٰن نے اعلان کیا ہے کہ ماہ ِصفر المظفر1439؁ء کا چاندجمعہ کو نظر نہیں آیااور یکم صفر المظفراتوار22اکتوبر کو ہوگی،دریں اثناآج مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان کا اجلاس دفتر محکمۂ موسمیات(میٹ کمپلیکس) مفتی منیب الرحمٰن کی زیرِ صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں زونل رویتِ ہلال کمیٹی کے اراکین مولانا اسد دیوبندی، مولانا حافظ محمد سلفی ،قاری نذیراحمد نعیمی، مولاناصابر نورانی،مولانا فیروزالدین رحمانی اور علامہ سید علی کرار نقوی نے شر کت کی۔

 

 

ایمزٹی وی (حیدرآباد )امانی شاہ کالونی ےونٹ نمبر 11لطیف آباد کے رہائشی قوت بصارت سے محروم شخص محمد جاوید نے بیت المال سے امداد نہ ملنے کے خلاف پریس کلب کے سامنے جمعہ کو پانچویں روز بھی احتجاج جاری رکھا۔

 

 

ایمز ٹی وی (کراچی) پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہ اکہ گزشتہ دنوں ہماری وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ملاقات ہوئی جس میں کراچی پیکیج سمیت سندھ کے دیگر شہروں کیلیے ترقیاتی پیکیجزکے حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی۔ یہ ملاقات وزیراعظم اور ان کے رفقاکی خواہش پر ہوئی، ہم وزیراعظم کی جانب سے کراچی، حیدرآباد، نواب شاہ سمیت سندھ کے دیگر شہروں کے عوام کیلیے واضح نوید لائے ہیں۔ فاروق ستار نے مزید کہا کہ وزیراعظم نے یقین دہانی کرائی ہے کہ اکتوبرکے آخرتک کراچی پیکیج پرکام شروع کردیا جائے گا۔

کراچی پیکیج کے حوالے سے گزشتہ ماہ سے میئر کراچی وسیم اختر اور گورنر سندھ محمد زبیرعمر کے مابین تفصیلی گفت وشنید چل رہی تھی۔ اس حوالے سے بھی وزیراعظم نے وزارت خزانہ کوہدایت جاری کی ہے کہ کراچی کیلیے فنڈ فوری جاری کیے جائیں تاکہ کراچی پیکیج پر رواں ماہ کے آخرتک کام شروع ہوسکے۔

مزید براں میئر کراچی وسیم اختر اور گورنر سندھ کے مابین جن منصوبوں پر بات چیت ہوئی ہے ان کو حتمی شکل دے کر اکتوبر کے آخر تک فنڈزجاری کیے جائیں۔ سربراہ ایم کیو ایم پاکستان نے کہا کہ کراچی کے عوام کے کیلیے یہ انتہائی خوشگوار خبر ہے کہ اکتوبر کے آخر تک کراچی کی تعمیر نو کے پیکیج میں شامل منصوبوں کے فنڈ کا اجرا ہورہا ہے اور ان منصوبوں پر کام بھی شروع ہوجائے گا۔ انھوں نے کہا کہ اگلے ماہ نومبر میں حیدرآباد پیکیج کے فنڈ کے اجرا کا بھی آغاز اور ان کے منصوبوں پر بھی عمل شروع ہورہا ہے۔ فاروق ستار نے مزید کہا کہ حیدرآباد میں اعلیٰ تعلیمی درس گاہ کے قیام کا دیرینہ مطالبہ بھی جلد پورا ہونے جارہا ہے، وزیراعظم نومبر میں حیدرآباد میں میں وفاقی جامعہ کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔

انہوں نے نے مزید کہا کہ سندھ کے شہری علاقے وفاق کو سب سے زیادہ ٹیکس دیتے ہیں صرف کراچی ہی 80 تا 85 فیصد ٹیکس وفاق کو دیتا ہے لیکن اس کے عوض ہمیں بمشکل 4 سے 8 فیصد ترقیاتی فنڈملتے ہیں۔ سربراہ ایم کیو ایم پاکستان نے کہا کہ کراچی میں مہاجر، سندھ، پنجابی، بلوچی، سرائیکی اور کئی دیگر زبانیں بولنے والے افراد رہتے ہیں۔ ایک منصوبہ جو میئر کراچی اور رابطہ کمیٹی نے دیا تھا اسے بھی کراچی پیکج میں شامل کرلیا گیا ہے اور اس کیلیے اضافی فنڈ بھی فراہم کیے جائیں گے۔ کراچی کو65 ایم جی ڈی اضافی پانی کی فراہمی کے منصوبے پر بھی جلد کام کا آغاز ہوگا۔

حیدرآباد پیکیج کی تفصیل نومبر میں حیدرآباد کے میئر طیب اور کراچی پیکیج سے میئر کراچی وسیم اختر آگاہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم جب کراچی و حیدرآباد کا دورہ کریں گے، نواب شاہ، دادو، سانکھڑ، سکھر، سمیت سندھ کے دیگر شہروں کیلیے بھی ہم نے پیکیج مانگے ہیں۔ ہماری کوشش ہے کہ بلا امتیاز رنگ ونسل پورے سندھ کی ترقی ہو۔ وزیراعظم سے ملاقات کی مزید تفصیلات بتاتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ کراچی میں غیرملکی تارکین وطن اور مشرقی پاکستان سے آنے والے پاکستانیوں کے مسائل کو علیحدہ علیحدہ کرکے حل کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مشرقی پاکستان سے آئے ہوئے لاکھوں نفوس کے شناختی کارڈ فوری جاری کیے جائیں ورنہ پاکستان سٹیزن ایکٹ 1951کے سیکشن 16میں ترمیم کی جائے۔ سیاسی جبر کی بنیاد پر کارکنان کی وفاداری تبدیل کرانے کے عمل سے بھی وزیراعظم کا آگاہ کیاگیا اوراس کے سدباب کا مطالبہ بھی کیا۔ فاروق ستار نے کہا کہ ایم کیوایم میں کو ئی ترجمان نہیں۔
 

 

 

ایمزٹی وی (اسپورٹس)بکیز کی جانب سے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کو جال میں پھنسانے کی کوشش ناکام ہوگئی۔
ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ دنوں کپتان سرفراز احمد کو بکیز نے جال میں پھنسانے کی کوشش کی مگرانھوں نے انکار کرتے ہوئے ٹیم مینجمنٹ کو فوری رپورٹ کردی، اس سے حکام خواب غفلت سے جاگے اوربظاہر انتظامات سخت کردیے ہیں۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ بورڈ حکام نے ماضی کی غلطیوں سے کوئی سبق نہیں سیکھا، حالات اگر ایسے ہی برقرار رہے تو مستقبل میں کوئی اور اسکینڈل بھی سامنے آ سکتا ہے۔
واضح رہے کہ رواں برس دبئی میں ہی پی ایس ایل کے دوران اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل سامنے آیا تھا جس میں شرجیل خان اور خالد لطیف سمیت کئی کرکٹرز ملوث نکلے، معاملے کی تحقیقات تاحال جاری ہیں، پی سی بی نے مسئلے کا حل ہوٹل کی تبدیلی سے نکالا، سری لنکا سے حالیہ سیریز میں قومی ٹیم دوسرے ہوٹل میں قیام پذیر ہے، ابوظبی میں میچز کے دوران بھی ایک گھنٹے سے زائد وقت کا سفر کر کے دبئی سے جایا جاتا ہے۔

 

 

 

ایمز ٹی وی(انٹرٹینمنٹ)ہالی وڈ کی اداکارہ جولیا رابرٹس کی نئی فلم ونڈر کا نیا ٹریلر جاری کر دیا گیا ہے۔ اسٹیفن چبوسکی کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم کی کہانی اس ہی نام کے بیسٹ سیلنگ ناول پر مبنی ہے جو ایک ایسے بچے کے گرد گھم رہی ہے جس کا چہرہ پیدائشی طور پر دوسرے بچوں سے الگ ہوتا ہے۔اس فلم کی کاسٹ میں شامل ہونے والی اداکار جولیا رابرٹس کی علاوہ جیکب ٹریمبلے،اوون ولسن،مینڈی پیٹنکن،سونیا براگا ،ڈینیل روز اور برائس گھیسر سمیٹ دیگر اداکاروں نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ فلم17نومبر کو سینما گھروں کی زینت بنے گی

 

 

 

ایمز ٹی وی (کراچی) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ کراچی کی تعمیر و ترقی میں ہندو کمیونٹی نے اہم کردار ادا کیا ہے، کراچی کی طرح ملک کے مختلف شہروں میں ہندو برادری کے لوگ بستے ہیں جو صرف پاکستانی ہیں ۔

میئر کراچی کی حیثیت سے مختلف مذاہب اور عقائد سے تعلق رکھنے والے شہریوں کے مابین مذہبی رواداری ، بھائی چارگی ، اخوت و مساوات بڑھانا میرا فرض ہے جبکہ آئین پاکستان کے تحت مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو مکمل آزادی اور شہری حقوق حاصل ہیں،یہ بات انہوں نے سنت سترام دھام(Sant Satram Dham )کراچی میں دیوالی کی تقریب میں شرکت کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر مکھی ہری لال، پنڈت شام لال شرما، سٹی کونسلر منگلا شرما، سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز مسعود عالم، ڈائریکٹر میڈیا مینجمنٹ علی حسن ساجد اور دیگر بھی موجود تھے۔ میئر کراچی نے کہا کہ آج دیوالی کے موقع پر ہندو برادری کے لوگ خوشیاں منا رہے ہیں اور ہم ان کی خوشیوں میں شریک ہیں۔