ایمزٹی وی (حیدرآباد/تعلیم)مہران ےونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی جامشورو میں نئے آنے والے 17ویں بیچ کے طلبہ کی تعارفی تقریب اور ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی 15سالہ تقریبات کے حوالے سے اختتامی تقریب 23اکتوبر کو اسپورٹس جمناز یم میں منعقد ہوگی۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد اسلم عقیلی، پروفیسر ڈاکٹر طحہٰ حسین علی، پروفیسر عبدالوی حید عمرانی، سہیل احمد کھٹیاں خطاب کرینگے،بعدازاں ہائیر ہائر ایجوکیشن کمیشن کی 15سالہ تقریبات کے حوالے سے اختتامی تقریب منعقد ہوگی۔
ایمز ٹی وی(کراچی)میٹرک بورڈ 2015,2016اور2017کے انرولمنٹ فارم یکم ستمبر سے جمع ہوں گے۔ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے چیئر مین پروفیسر ڈاکٹر سعید الدین کی خصوصی ہدایت کی روشنی میں ایسے طلبہ وطالبات جو سالانہ وضمنی امتحانات برائے سال 2016,2015اور2017جماعت دہم سائنس وجنرل گروپ (ریگولر)،میں شریک ہوئے مگر اپنے انرولمنٹ فارم جمع کروانے کا خصوصی موقع فراہم کیا جا رہا ہے۔ ایسے امید وار اپنے انرولمنٹ فارم لیٹ فیس کے ساتھ یکم ستمبر2017سے آخری تاریخ آنے تک جمع کرواسکتے ہیں۔
ایمز ٹی وی ( تجارت ) آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن نے سیلز ٹیکس کے خلاف پنجاب میں اتوار سے پیٹرولیم مصنوعات کی ترسیل روکنے کا اعلان کردیا ہے۔ آئل ٹینکرز کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن نے پنجاب کے لیے تیل کی ترسیل روکنے کافیصلہ کرلیا جس کے باعث پنجاب میں پٹرول کی قلت کا خدشہ پیدا ہوگیا۔ رہنما ایسوسی ایشن کے مطابق آج سے تیل بھرنے کی لسٹ میں پنجاب کی گاڑیاں شامل نہیں ہوں گی، جب کہ سیکریٹری جنرل کنٹریکٹرزایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ پنجاب کے لیے آئل ٹینکرز کی روانگی اتوار سے بند ہوجائے گی۔ چیئر مین ٹینکرزایسو سی ایشن یوسف شہوائی کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت نے دیگر صوبوں کی طرح سیلز ٹیکس موخر کرنے کا نوٹی فکیشن جاری نہیں کیا اور نہ ہی ہڑتال میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا لہٰذا آئل ٹینکرزایسوسی ایشن کے ایک دھڑے نے پیرسے ہڑتال کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ایمز ٹی وی( تجارت) سونے کی عالمی قیمت میں کمی کے باوجود مقامی نرخ برقرار رہے۔ بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں سونے کی قیمت 3 ڈالر گھٹ کر 1283 ڈالر فی اونس ہو گئی تاہم مقامی صرافہ مارکیٹس میں سونے کی تولہ قیمت 53ہزار اور 10 گرام 45 ہزار 428 روپے پر برقرار رہی، چاندی کی تولہ قیمت بھی بغیر ردوبدل 770 اور 10گرام 660 روپے رہی۔
ایمز ٹی وی ( تجارت )محکمہ آب پاشی کے 19 اور محکمہ ورکس اینڈ سروسز کے 6 افسران کو عہدوں سے ہٹانے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے کرپشن کا اعتراف کر کے قومی احتساب بیورو کو رضاکارانہ رقوم واپس کرنے والے سندھ کے سرکاری افسران کو عہدوں سے ہٹانے کا سلسلہ جاری ہے تاہم محکمہ آب پاشی اور ورکس اینڈ سروسز کے25 افسران کو عہدوں سے ہٹا دیا گیا۔ محکمہ آب پاشی کے 19 اور محکمہ ورکس اینڈ سروسز کے 6 افسران کو عہدوں سے ہٹانے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے جب کہ ان افسران کو عہدوں سے ہٹا کر محکمے کو رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ جاری نوٹیفکیشن کے مطابق محکمہ آب پاشی کے ہٹائے گئے افسران میں گریڈ18 کے9، گریڈ 17 کے 6 جبکہ گریڈ16کے 3افسران شامل ہیں۔ اسی طرح محکمہ ورکس اینڈ سروسزکے عہدوں سے ہٹائے گئے افسران میں 4 افسران گریڈ17 اور ایک گریڈ 18کا افسرشامل ہے۔
ایمز ٹی وی (ٹیکنالوجی) 3 اور 4 جی کے بعد اب پاکستانی صارفین 5 جی سروس سے بھی مستفید ہوں گے جس کے لئے باقاعدہ طور پر تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت کی منظوری کے بعد وزارت انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی نے پی ٹی اے کو 5 جی سروس کا فریم ورک تیار کرنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔ پی ٹی اے فریم ورک تیار کرکے محدود تجرباتی سروس شروع کرے گی جب کہ اس حوالے سے پاکستان میں موجود تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت بھی کی جائے گی۔ 2018 میں پاکستان 5 جی سروس مہیا کرنے والے دنیا کے چند ممالک کی فہرست میں شامل ہوجائے گا۔ واضح رہے کہ پاکستان میں اس وقت تھری جی اور فور جی استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد 4 کروڑ 40 لاکھ تک پہنچ چکی ہے۔
ایمز ٹی وی (بین الاقوامی) اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ آزادفلسطینی ریاست کا قیام مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن کی ضمانت ہے۔عالمی برادری دنیامیں امن کے لیےکوششوں کا آغاز مشرق وسطیٰ سے کرے،اسرائیل غزہ کا محاصرہ فوری طور پر ختم کرے۔ پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی مشرق وسطیٰ کے معاملے پرسلامتی کونسل میں خطاب کر رہی تھیں ۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ فلسطین کے حل کی سست پیش رفت نےفلسطینیوں کی امیدوں کوزک پہنچائی۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی غیرقانونی تعمیرات اورفلسطینیوں کی بےدخلی قابل مذمت ہے ،مقبوضہ بیت المقدس کی حیثیت میں اسرائیل کی یک طرفہ تبدیلی کوشش قبول نہیں ، رکنی چاہیے ۔ ملیحہ لودھی کا کہنا تھا مقبوضہ بیت المقدس میں یک طرفہ تبدیلی اربوں مسلمانوں کواشتعال دلانےکا باعث ہوگی،انہوں نے زور دے کر کہا کہ عالمی برادری فتح اورحماس میں مفاہمت سے پیدامثبت رجحان کوبرقراررکھے۔ عراق کے معاملے پر ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ عراق کے مسئلےکاحل متحد عراقی ریاست میں ہی ڈھونڈاجانا چاہیے ۔ شام سے متعلق پاکستان کی مستقل مندوب نے کہا کہ دیرپاامن مقامی قیادت کےتحت سیاسی عمل سےممکن ہے، انہوں نے مزید کہا کہ یمن میں سفارتکاری بڑھانےاورلاکھوں افرادکو امداد کی ضرورت ہے۔
ایمزٹی وی(نئی دلی)بھارتی وزیرخارجہ سشما سوراج نے پاکستان سے ایک بار پھر مطالبہ کیا ہے کہ جاسوس کلبھوشن یادو کی سزائے موت کے حوالے سے نظرثانی کی جائے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر سہیل محمود سے بھارتی وزیرخارجہ سشما سواج نے ملاقات کی۔ نئی دہلی میں ہونے والی ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، سرحدی کشیدگی اور خطے کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق وزیرخارجہ سشما سوراج نے پاکستانی سفیر سے مطالبہ کیا ہے کہ پاکستانی حکومت بھارتی جاسوس کلبھوشن یادو کی سزائے موت کے فیصلے پر نظرثانی کرے جب کہ کلبھوشن یادو کی والدہ کو پاکستان جانے اور بیٹے سے ملاقات کی اجازت دی جائے۔ بھارتی اخبار میں کہا گیا ہے کہ آئندہ چند روز میں اس حوالے سے بھارتی مشیر قومی سلامتی اجیت دوال اورسیکریٹری خارجہ جےشنکر بھی پاکستانی ہائی کمشنر سہیل محمود سے ملاقات کریں گے۔
ایمز ٹی وی (تجارت) مقامی کرنسی کی قدر میں کمی کی افواہوں کے بعد امریکی ڈالر نے ایک بار پھر سراٹھا لیا ہے۔ اوپن مارکیٹ میں 2روز کے اندر ڈالر کی قدر 40 پیسے کے اضافے سے 107 روپے 40پیسے پر جا پہنچی جو منگل کو 107روپے تھی تاہم اس وقت ڈالر کے انٹربینک ریٹ 105روپے47 پیسے ہیں، 2روز قبل انٹربینک ریٹ 105 روپے 46 پیسے تھے۔ دوسری طرف برطانوی پاؤنڈ کی بھی قدر بڑھ گئی ہے، اوپن مارکیٹ میں گزشتہ روز پاؤنڈ کی قدر بڑھ کر 142روپے25 پیسے ہوگئی جو بدھ کو 142 روپے تھی جبکہ یورو کی قدر بھی 1روپے کے اضافے سے 127.75روپے ہوگئی جو بدھ کو 126.75 روپے تھی۔ واضح رہے کہ امریکی ڈالر کی قدر میں اضافے کے بعد گزشتہ ہفتے مرکزی بینک نے منی چینجرز کے ساتھ ہنگامی اجلاس طلب کیاتھا جس میں صورتحال پر غور کے بعد سینٹرل بینک نے روپے کی قدر میں کمی کا امکان مسترد کرتے ہوئے فاریکس ڈیلرز کو ضرورت پڑنے پر ڈالر فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی تاہم رواں ہفتے ڈالر کی قدر میں پھر سے قیمتیں بڑھنے لگی ہیں اور ایک ہفتے کے اندر ڈالر کی قدر 40 پیسے بڑھ کر 107.4 روپے ہوگئی مگر انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں معمولی ردوبدل ہواہے۔
ایمزٹی وی(تعلیم/ لندن)روہنگیا مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف آواز نہ آٹھانے پر آکسفورڈ یونیورسٹی سے آنگ سانگ سوچی کا نام بھی ہٹا دیا گیا۔ یونی ورسٹی کے کالج سینٹ ہیوز کے طلبہ آنگ سانگ سوچی کی جانب سے روہنگیا مسلمانوں پر جاری مظالم کے خلاف آواز نہ اٹھانے پر خاموش نہیں بیٹھے ۔ آکسفورڈ کے طلبہ نے سوچی کا نام اپنے کالج کے کامن روم سے احتجاجاً ہٹا دیا۔ میانمار کی نوبل انعام یافتہ رہنما آنگ سانگ سوچی کا نام ہٹانے کے لیے باقائدہ طلبہ کی جانب سے ووٹنگ کی گئی، جس میں زیادہ تر طالب علموں نے سوچی کے خلاف ووٹ ڈالا جس کے بعد ان کا نام کامن روم سے ہٹادیا گیا۔ طلبہ نے قرارداد میں کہا کہ آنگ سانگ سوچی کا میانمار کی ریاست راکھائن میں روہنگیا افراد کے قتل عام، اجتماعی زیادتی اور انسانی حقوق کی دیگر پامالیوں کی مذمت نہ کرنا ناقابل قبول ہے۔ قراردار میں مزید کہا گیا کہ سوچی نے ان اصولوں کا ہی پاس نہیں رکھا جس کے لئے وہ کبھی آواز اٹھایا کرتی تھیں اس لیے ہم سوچی کی خاموشی اور ان کے ملک میں انسانی حقوق کی پامالیوں پر سخت مذمت کرتے ہیں۔ اس سے قبل اسی کالج نے اپنے مرکزی دروازے سے میانمارمیں جاری مسلمانوں کی نسل کشی پرمنافقت کا مظاہرہ کرنے اورخاموشی اختیار کرنے پر خاتون رہنما آنگ سان سوچی کا پورٹریٹ اتار دیا تھا۔ واضح رہے کہ آنگ سانگ سوچی نے اسی کالج سے 1967 میں تعلیم حاصل کی تھی جب کہ یونیورسٹی نے 2012 میں انہیں اعزازی ڈاکٹریٹ دی تھی۔