ایمزٹی وی(اسلام آباد)پاکستان تحریک انصاف کے منحرف رکن قومی اسمبلی عائشہ گلالئی نے پارٹی چیرمین عمران خان پر ایک اور سنگین الزام لگادیا۔
عائشہ گلالئی نے عمران خان پر تیزاب حملے کا حکم دینے کا نیا الزام لگادیا۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ بیان میں عائشہ گلالئی نے کہا کہ پی ٹی آئی کے چیرمین عمران خان نے کارکنان کو مجھ پر تیزاب حملہ کرنے کا حکم دیا تھا۔
سوشل میڈیا پر خواتین پر جنسی حملوں کے خلاف ’’می ٹی‘‘ (میں بھی) کے نام سے مہم شروع ہوئی ہے۔ اس مہم پر جنسی حملوں کا شکار خواتین ٹوئٹ کرکے خود پر ہونے والے جنسی حملوں کی تفصیلات بیان کررہی ہیں۔ عائشہ گلالئی نے بھی ’’می ٹو‘‘ کے ہیش ٹیگ سے ٹوئٹ کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اپنے کارکنان کو مجھ پر تیزاب پھینکنے کا حکم دیا تھا۔
عائشہ گلالئی نے کہا کہ میری پارٹی کے سربراہ عمران خان نے مجھے جنسی طور پر ہراساں کیا تھا اور یہ حقیقت سامنے لانے پر میرے خلاف کارروائی کا حکم دیا اور اب وہ تحقیقات سے بھاگ رہے ہیں۔
ایمزٹی وی(اسلام آباد)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے بعد ڈاکٹر طاہرالقادری کے خلاف وارنٹ گرفتاری کے احکامات جاری کردیئےگئے۔
تفصیلات کت مطابق دائمی وارنٹ گرفتاری ایس ایس پی عصمت اللہ جونیجو تشدد کیس میں انسداد دہشت گردی عدالت نے جاری کیے۔
انسداد دہشت گردی عدالت میں ایس ایس پی عصمت اللہ جونیجو تشدد کیس کی سماعت ہوئی، انسداد دہشت گردی عدالت نمبر 2 کے جج شاہ رخ ارجمند نے عمران خان اور طاہرالقادری کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے حکم دیا کہ ملزمان جب اور جہاں ملیں انہیں گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا جائے۔
عدالت نے پولیس کو ملزمان کی جائیداد کی تفصیل پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ جائیداد کی تفصیل پیش کی جائے تاکہ ان کی جائیدادوں کی قرقی کا عمل شروع کیا جاسکے۔
ایمزٹی وی(اسپورٹس)مسلسل ناقص کارکردگی کے سبب احمد شہزاد کی ٹیم میں جگہ خطرے میں پڑ گئی۔
احمد شہزاد نے ابوظبی میں سری لنکا کیخلاف میچ کیلیے میدان میں اترنے سے قبل رواں سال 17کی اوسط سے رنز بنائے،ان میں صرف ایک ففٹی شامل تھی، اسٹرائیک ریٹ بھی 59 رہا جب کہ گزشتہ 11 اننگز میں انھوں نے 18، 12، 32، 13، 13، 12، 67، 5، 3، 12اور0رنز بنائے۔
اوپنر ابوظبی میں ایک بار پھر ناکام ہوئے اور صرف 8تک محدود رہے تاہم سیلفی بوائے کو سوشل میڈیا پر ہدف تنقید بنایا جاتا رہا تو دوسری جانب مبصرین بھی انھیں ٹیم سے ڈراپ کرنے کی صلاح دیتے نظر آئے۔
ایمزٹی وی(تجارت)سونے کی قیمتوں میں اضافے کا رجحان رواں ہفتے کے آغاز پر بھی برقرار رہا۔
بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں سونے کی تولہ قیمت 2 ڈالر بڑھ کر 1305 ڈالر فی اونس ہوگئی جس کے نتیجے میں مقامی صرافہ مارکیٹوں میں پیر کو سونے کی تولہ قیمت 150 روپے کے اضافے سے 53 ہزار 200 اور 10 گرام 129 روپے بڑھ کر45 ہزار 600 روپے ہوگئی۔
ایمزٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک)سام سنگ پاکستان نے سام سنگ کیو ایل ای ڈی ٹی وی مہم کا اعلان کر دیا جو 31 اکتوبر تک منتخب ریٹیلرز اور ای ریٹیلرز کے لیے جاری رہے گی۔
سام سنگ الیکٹرونکس پاکستان کے صدر وائے جے کم نے اس موقع پر کہا کہ ہم اپنے صارفین کو جدید ترین ٹیلی ویژن ٹیکنالوجی فراہم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جو انہیں بہترین تجربہ اور جدید ترین ڈیزائن فراہم کرے تاکہ وہ اپنی روزمرہ زندگیوں کو مکمل کر سکیں، اسٹیٹ آف دی آرٹ تصویری معیار، ڈیزائن اور جدید خصوصیات کے ساتھ ہمارے کیو ایل ای ڈی ٹی وی لائن اپ نہ صرف 100فیصد رنگوں پر مشتمل والیم پیش کرتے ہیں بلکہ یہ طویل زندگی کی مدت کے لیے برن۔ ان فری ٹیکنالوجی کے حامل ہیں۔
ایمزٹی وی(اسپورٹس) نوجوان مڈل آرڈر بیٹسمین بابر اعظم متحدہ عرب امارات میں مسلسل 5 میچز میں 5 سنچریاں بنانے والے دنیا کے پہلے کرکٹر بھی بن گئے۔
بابر اعظم نے نہ صرف سری لنکا کے خلاف دوسرے ون ڈے میں مسلسل دوسری سنچری اسکور کی بلکہ وہ متحدہ عرب امارات میں مسلسل 5 میچز میں 5 سنچریاں بنانے والے دنیا کے پہلے کرکٹر بھی بن گئے۔ 23 سالہ نوجوان بابر اعظم نے ایک بار پھر خود کو منوایا اور پاکستان کی ابتدائی 6 وکٹیں 101 رنز پر گرنے کے باوجود سری لنکن باؤلرز کا ڈٹ کر مقابلہ کرتے رہے اور شاداب خان کے ساتھ مل کر 109 کی شاندار شراکت قائم کی۔
اس مقابلے میں بابر اعظم 133 گیندوں پر 101 رنز بنا کر آوٹ ہوئے تو یہ ان کی سری لنکا کے خلاف دوسری اور کیریئر کی ساتویں جبکہ یو اے ای میں مسلسل پانچویں سنچری شمار ہوئی، واضح رہے کہ یہ دنیا کے کسی بھی بیٹسمین کا منفرد ریکارڈ بنا ہے، بابراعظم نے ویسٹ انڈیز کے خلاف میچز میں بالترتیب 117، 123 اور 120 کی اننگز کھیلیں تھیں۔
ایمزٹی وی(ملتان)ماڈل قندیل بلوچ قتل کیس کے ملزم مفتی عبدالقوی عدالت میں پیش ہوئے جبکہ سماعت کل تک ملتوی کردی گئی۔
ملتان میں سیشن جج چوہدری امیرمحمد خان نے قندیل بلوچ قتل کیس کی سماعت کی ۔ ملزم مفتی عبدالقوی عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے قتل کیس کی سماعت کل تک ملتوی کرتے ہوئے مفتی عبدالقوی کی ضمانت میں ایک روز کی توسیع کردی۔
قندیل بلوچ قتل کیس میں مفتی عبدالقوی نامزد ملزم ہیں اورعبوری ضمانت پرہیں۔ سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مفتی عبدالقوی نے کہا کہ پولیس سے تعاون کیا ہے عدلیہ سے بھی کریں گے، عدالت سے انصاف کی توقع ہے اور وہ جو بھی فیصلہ کرے گی قبول کریں گے۔
واضح رہے کہ 16 جولائی 2016 کو ماڈل قندیل بلوچ کواس کے بھائی وسیم نے غیرت کے نام پر گلا دبا کر قتل کردیا تھا جب کہ ملزم نے پولیس اور میڈیا کے سامنے اپنے جرم کا اعتراف بھی کیا تھا۔
ایمزٹی وی(مالٹا) یورپی ملک مالٹا میں کرپشن کو بے نقاب کرنے والی سینئر خاتون صحافی بم دھماکے میں ہلاک ہوگئی۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق بدعنوانی سے متعلق تحقیقاتی صحافت کی معروف خاتون صحافی ڈیفن کروآنا غالیزیا کی کار میں نصب کیا گیا بم زوردار دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں کار میں سوار خاتون موقع پر ہی ہلاک ہوگئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گاڑی سے خاتون کی جھلسی ہوئی لاش کو نکال کر پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیاگیا ہے ۔
مالٹا کے وزیراعظم جوزف موسکیٹ نے خاتون صحافی کی بم دھماکے میں ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندان سے اظہار تعزیت کیا ہے۔وزیراعظم نے واقعہ کو ظلم و بربریت کی بدترین مثال قرار دیتے ہوئے ملوث ملزمان کو کیفرکردار تک پہنچانے کا عزم کیا ہے۔
خاتون صحافی نے پاناما پیپرز میں انکشاف کیا تھا کہ وزیراعظم کی اہلیہ ایک آف شور کمپنی کی مالکہ ہیں لیکن انہوں نے اپنے اثاثوں کو خفیہ رکھا تھا۔ خاتون اول کی کمپنی منظر عام پر لانے کے بعد سے صحافی کو قتل کی دھمکیاں مل رہی تھیں اور انہوں نے متعلقہ حکام کو متعدد بار آگاہ بھی کیا تھا۔
ایمزٹی وی(نیویارک)امریکا و بھارت کی مخالفت کے باوجود پاکستان اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کا رکن منتخب ہوگیا۔
پاکستان دو تہائی سے زیادہ ووٹ حاصل کرکے اگلے 3 سال کے لیے انسانی حقوق کونسل کا رکن منتخب ہوگیا ہے۔ پاکستان نے امریکا اور بھارت کی مخالفت کے باوجود کامیابی حاصل کی۔
اقوام متحدہ میں مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے پاکستان پر اعتماد کرنے پر عالمی برادری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انسانی حقوق کونسل کا رکن بننا اعتماد کا ووٹ ہے اور بین الاقوامی برادری میں پاکستان کی تنہائی کے دعوے جھوٹے ثابت ہوگئے ، ہماری فتح اقوام متحدہ میں انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے پاکستان کے کردار کی توثیق ہے۔
ملیحہ لودھی نے کہا کہ پاکستان انسانی حقوق کونسل کے رکن کے طور پر اپنے قومی مفادات کا تحفظ کرے گا اور مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو بےنقاب کرے گا ۔اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں 151 ووٹ حاصل کر کے پاکستان چوتھی بار ایشیا بحرالکاہل ریجن سے انسانی حقوق کونسل کا رکن منتخب ہوا۔
پاکستان کے ہمراہ دیگر 11 ممالک بھی انسانی حقوق کونسل کے رکن منتخب ہوئے جن میں آسٹریلیا، افغانستان، نیپال، قطر، کونگو، سلوواکیا، اسپین، یوکرین، چلی، میکسیکو اور پیرو شامل ہیں۔ یاد رہے کہ پچھلی بار 2015 میں پاکستان اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کونسل کی ایشیائی نشست کا انتخاب ہار گیا تھا۔
ایمزٹی وی(تعلیم/ کراچی)جامعہ کراچی کی انتظامیہ نے شہر کے کالجوں میں جاری 2 سالہ ڈگری پروگرام کے رواں سیشن کی مدت اچانک مختصر کردی اور سیشن کو 10 ماہ پر ہی ختم کرتے ہوئے ڈگری کلاسز (بی کام ریگولر اور بی ایس سی) کے امتحانات دو ماہ قبل دسمبر 2017 میں ہی لینے کا فیصلہ کیاہے۔
بی اے کے امتحانات جنوری میں ہوں گے اس بات کا فیصلہ الحاق شدہ کالج پرنسپلز کے منعقدہ اجلاس میں کیا گیا جس میں جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹرمحمد اجمل خان خود بھی شریک ہوئے، اجلاس میں کیے گئے فیصلے کے مطابق بی کام ریگولراوربی ایس سی کے سالانہ امتحانات رواں سیشن میں دسمبر کے پہلے ہفتے میں منعقدہ ہونگے جبکہ بی اے کے امتحانات جنوری کے پہلے ہفتے میں لیے جائیں گے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل گزشتہ سیشن میں بی کام ریگولرکے سالانہ امتحانات رواں برس ہی 24 فروری اور بی ایس سی کے 21جنوری سے شروع ہوئے تھے جبکہ بی اے ریگولر کے امتحانات 6 فروری سے شروع کیے گئے تھے، اس فیصلے سے کراچی کے کالجوں میں ڈگری کلاسز کا سیشن 10ماہ کا ہو گیا ہے تاہم سیشن مختصر کرتے ہوئے امتحانات جلد منعقدکرانے کا فیصلہ سیشن کی ابتدا کے بجائے سیشن کے آخرمیں کیا گیا ہے، فیصلے کے مطابق ڈگری کلاسز کے امتحانات دوپہرکے اوقات میں ہی ہوں گے۔
علاوہ ازیں اجلاس میں ڈگری کلاسز میں کالج اساتذہ پر مشتمل ٹیموں کی ویجلنس ایک بار پھر بحال کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا، یہ فیصلہ کالج پرنسپلزکی سفارش پر کیا گیا کالج اساتذہ کے ذریعے امتحانات کی ویجلنس کا سلسلہ سابق ناظم امتحانات پروفیسر ڈاکٹر ارشد اعظمی کے دورمیں بند کر دیا گیا تھا۔