ھفتہ, 18 جنوری 2025

 

ایمزٹی وی(دبئی)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے دبئی کے حکمران اور متحدہ عرب امارات کے وزیر اعظم شیخ محمد بن راشد المختوم سے دبئی میں ملاقات کی ہے۔
ملاقات کے دوران پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے اسٹریٹجک تعلقات، دونوں ملکوں میں دفاعی تعاون بڑھانے اور خطے کی مجموعی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیاگیا۔آرمی چیف جنرل باجوہ نے پاکستانیوں کی انسانی بنیادوں پر امداد کرنے اور پاکستان میں ترقیاتی کاموں میں حصہ لینے پر شیخ راشد المختوم کا شکریہ ادا کیا۔
آرمی چیف نے خلیجی ملک کی تمام شعبوں میں ترقی کو سراہا ، انہوں نے متحدہ عرب امارات کی قیادت کی خطے اور عالمی سطح پر متوازن پالیسی کی بھی تعریف کی۔ملاقات کے دوران شیخ محمد بن راشد المختوم نے متحدہ عرب امارات کی ترقی میں پاکستانیوں کے مثبت کردار کی تعریف کی ۔اس ملاقات میں دبئی کے کراﺅن پرنس ہمدان بن محمد المختوم، دبئی کے نائب حکمران مختوم بن محمد المختوم اور یو اے ای کے وزیر خارجہ انور محمد قرقاش بھی موجود تھے۔
سفارتکار اس ملاقات کو اہم خیال کر رہے ہیں کیونکہ گزشتہ دنوں پاناما اسکینڈل منظر عام پر آنے کے بعد سابق وزیر اعظم نواز شریف دبئی کے حکمران سے ملاقات کر نا چاہ رہے تھے لیکن انہوں نے ملاقات کرنے سے انکار کردیا تھا، اس حوالے سے ایک خط بھی منظر عام پر آیا تھا۔ سفارتکاروں کا کہنا ہے کہ آرمی چیف کی دبئی کے حکمران سے ملاقات کے بعد نہ صرف دونوں ممالک مزید قریب آئیں گے بلکہ دیگر خلیجی ممالک کے ساتھ بھی پاکستان کے تعلقات مزید بہتر ہوں گے۔
 

 

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس)پاکستان کے محموداحمدلودھی نے ایشین سینئرشطرنج چیمپین شپ جیت لی
تفصیلات کے مطابق چیمپین شپ نیوزی لینڈ کے شہرآکلینڈ میں 7تا15اکتوبر ہوئی جس میں مختلف ممالک کے شطرنج بازوں نے حصہ لیا،پاکستان کے محمود احمد لودھی نے ایشین سینئر شطرنج چیمپین شپ میں کامیابی حاصل کر لی انہوں نے بے سوئس لیگ سسٹم کے تحت 9 میں سے 6 میچز جیتے،2 ڈرا ہوئے جبکہ ایک میں شکست ہوئی،محمود احمد لودھی 2015 میں ایران میں ہونے والی سینئر ایشین چیمپین شپ بھی جیت چکے ہیں۔

 

 

ایمزٹی وی(صحت)پنجاب میں ڈینگی کے 19 مریض سامنے آگئے،رواں سیزن میں ڈینگی بخار سے 552افراد متاثر ہوئے جبکہ مزید افراد میں ڈینگی بخار ہونے کا خدشہ ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق ڈینگی کے سامنے آنے والے 19 مریضوں میں سے 10 کا تعلق راولپنڈی،4 کا تعلق اسلام آباد سے ہے جبکہ اٹک ،فیصل آباد ،لاہور سے ایک ایک مریض ،چکوال سے 2افراد ڈینگی بخار میں مبتلا ہوئے،یہ مریض مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔
 
اسلام آباد میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد 190 تک جا پہنچی۔
 

 

 

ایمزٹی وی(جرمنی)جرمنی کی کرسچن ڈیموکریٹک یونین نے ملک کے اندر مسلمانوں کے مذہبی تہواروں میں سے کسی ایک تہوار پر سرکاری تعطیل دینے پر غور شروع کردیا ہے، اتحادی جماعتوں سے مشاورت کے بعد تعطیل دینے کا فیصلہ کیا جائے گا۔
جرمن میڈیا کے مطابق جرمنی کی حکمران جماعت کرسچن ڈیموکریٹک یونین کے وزیر داخلہ نے مسلمانوں کے مذہبی تہواروں میں سے کسی ایک پر سرکاری تعطیل دینے کے معاملے پر غور شروع کردیا ہے جبکہ اس حوالے سے اپنی سسٹر آرگنائزیشن کرسچن سوشل یونین سے گفتگو کا آغاز بھی کردیا ہے۔
فی الحال سوشل یونین اس تجویز کی مخالفت کررہی ہے تاہم تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ حکمران جماعت سی ایس او کو قائل کرنے میں کامیاب ہوجائے گی۔
 

 

 

ایمزٹی وی(کراچی)کراچی میں پورٹ قاسم پر پاکستان انٹرنیشنل بلک ٹرمینل کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوام کی جیب میں پیسے ڈالتی ہے نکالتی نہیں ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ جمہوریت کے بغیر ملک ترقی نہیں کرسکتا، جب بھی آمریت آئی ملک نے ترقی نہیں کی، جمہوریت میں خرابیاں ضرور ہوں گی لیکن یہ ایک عمل کا نام ہے جو چلے گا تو اس میں بہتری آئے گی۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ فیصلے کا اختیار عوام کے پاس ہونا چاہئیے، عوام فیصلہ کریں گے کہ کون حکومت میں آئے گا اور کون کارکردگی نہیں دکھائے گا تو گھر چلا جائے گا، پہلے بھی جس حکومت نے عوامی مسائل حل نہ کیے اسے گھر بھیج دیا گیا, تمام مسائل جمہوریت سے ہی حل ہوں گے۔
امید ہے چیلنجز کے باوجود ملک میں جمہوریت بڑھے گی، ہمیں مل جل کر ان چیلنجز کا مقابلہ کرنا ہوگا۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ (ن) لیگ تاریخ کی وہ واحد حکومت ہے جس نے کام شروع کرکے اپنے ہی دور میں مکمل بھی کیے، اس حکومت نے تعطل کا شکار پرانے منصوبے بھی مکمل کیے، باتیں کرنے والی اور کام کرنے والی حکومتوں میں یہی فرق ہوتا ہے۔

 

 

ایمزٹی وی(تجارت)پاکستان آئل فیلڈز لمیٹڈ (پی او ایل) نے ضلع اٹک کے اخلاص بلاک میں تیل اور گیس کا ایک بڑا ذخیرہ دریافت کیا۔ یہ پچھلے پانچ برسوں میں پنجاب میں تیل اور گیس کی ایک بہت بڑی دریافت ہے۔ پی او ایل کی یہ دریافت اسلام آباد سے تقریباً 83 کلومیٹر جنوب مغرب میں شمالی پوٹھوہار ضلع اٹک میں جھنڈیال کنویں سے ہوئی ہے۔
اس میں پی او ایل 80 فیصد اور اٹک آئل کمپنی 20 فیصد بیرل اور گیس کی پیداوار 21 ملین کیوبک فٹ تک ہے۔ اس گیس میں 86 فیصد میتھین، 7.2 فیصد ایتھین اور 2.9 فیصد پروپین ہے اور اس کے ہر ملین کیوبک فٹ گیس سے تقریباً 2.5 میٹرک ٹن ایل پی جی حاصل ہوگی
۔ ڈھرنال فیلڈز کے شمال میں واقع منڈیال کے ذخیرہ کا رقبہ تقریباً 15 مربع کلومیٹر ہے۔ ابتدائی تخمینہ کے مطابق یہ دریافت تقریباً 292 بلین اسٹینڈرڈ کیوبک فٹ گیس اور تقریباً 23 ملین بیرلز تیل کا ذخیرہ لئے ہوئے ہے۔
 

 

 

ایمزٹی وی(راولپنڈی)ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور باجوہ نے آج اہم پریس کانفرنس کرنے کا اعلان کردیا ۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور باجوہ آج شام 5بجے اہم پریس کانفرنس کریں گے جس میں ملکی امور پر بات کی جائے گی ۔
واضح رہے کہ میجر جنرل آصف غفور باجوہ نے ایک ٹی وی پروگرام کے دوران ملکی معیشت کے حوالے سے تحفظات کا اظہار کیا تھا جس کا وفاقی وزیر داخلہ و ترقی و منصوبہ بندی احسن اقبال نے برا منایا اور کہا تھا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کو معیشت سے متعلق بیان دینے سے گریز کرنا چاہیے ۔
اس سے قبل آرمی چیف بھی کراچی میں کاروباری افراد کے ساتھ خطاب میں معیشت پر بات کرچکے ہیں۔ شیخ رشید نے احسن اقبال کی ڈی جی آئی ایس پی آر پر تنقید کو ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے آرمی چیف پر تنقید قرار دیا تھا۔

 

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس)لاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس شمس محمود مرزا نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی کی تقرری کے خلاف درخواست پر سماعت سے انکار کر دیا اور فائل واپس چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کو بھجوادی۔
گزشتہ روز مسٹر جسٹس شمس محمود مرزا کے روبرو درخواست گزار بیرسٹر جاوید اقبال جعفری نے موقف اختیار کیا کہ عدالت عظمیٰ کی طرف سے نااہل کیے گئے سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف نے ذاتی پسند پر نجم سیٹھی کا بطور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ تقرر کیا، نجم سیٹھی اس عہدے پر تقرری کی اہلیت نہیں رکھتے تھے۔ انھوں نے عدالت سے استدعا کی کہ نجم سیٹھی کی بطور چیئرمین بورڈ تقرری کالعدم قرار دی جائے اور درخواست گزارکو اہلیت کی بنا پر چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ تقرر کرنے کا حکم دیا جائے۔
فاضل جج نے ریمارکس دیے کہ وہ ذاتی وجوہات کی بنیاد پر کیس نہیں سننا چاہتے، فاضل جج نے فائل مزید کارروائی کیلیے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کوبھجوادی ہے۔

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس)سری لنکن کرکٹ ٹیم کے دورئہ پاکستان کے امکانات روشن ہو گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ میں ہونے والے آئی سی سی اجلاس کے دوران سری لنکن کرکٹ چیف سے ملاقات کی جس میں انھوں نے دورئہ پاکستان پر آمادگی ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پلیئرز کو اعتماد میں لینے کی کوشش کریں گے، گرین سگنل ملنے کے بعد پی سی بی کو انتظامات کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔
واضح رہے کہ سری لنکا اور پاکستان کا تیسرا ٹی ٹوئنٹی29 اکتوبر کو لاہور میں شیڈول ہے جبکہ ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ نے نومبر میں اپنی ٹیم کے دورہ پاکستان کو آئی لینڈرز کے کامیاب دورہ سے مشروط کر رکھا ہے۔
یاد رہے کہ چند سری لنکن کرکٹرز نے دورئہ پاکستان کے حوالے سے تحفظات کا اظہار کیا تھا، آئی لینڈرز انکار کرنے والے کھلاڑیوں کی جگہ متبادل نوجوان پلیئرزکا انتخاب کرسکتے ہیں، سری لنکن بورڈ کی طرف سے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلیے اپنا نمائندہ 15 اکتوبر کے بعد بھجوائے جانے کا امکان ہے۔

 
ایمزٹی وی(تجارت)عالمی جریدے دی اکانومسٹ نے دنیا کے 60 محفوظ ترین شہروں کی لسٹ جاری کردی جس میں کراچی آخری نمبر پر رہا تاہم فہرست میں موجود واحد پاکستانی شہر ہے۔
جریدہ کے انٹیلی جنس یونٹ نے شہروں کو ڈیجیٹل، ہیلتھ، انفراسٹرکچر اور سکیورٹی کے پیمانوں پر پرکھا جبکہ ہر شعبے کے ذیلی شعبے بنا کر انکی نمبرنگ کی گئی، نتیجتاً ٹوکیو 89.80 پوائنٹس کیساتھ دنیا کا محفوظ ترین شہر قرار پایا، سنگاپور 89.64 پوائنٹس کیساتھ دوسرے اور اوساکا 88.87 پوائنٹس کیساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔ لندن 82.10 پوائنٹس کیساتھ 20 ویں، نیو یارک 81.01 پوائنٹس کیساتھ 21 ویں، پیرس 79.71 پوائنٹس کیساتھ 24 ویں جبکہ امریکی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی 80.37 پوائنٹس کیساتھ 23 ویں نمبر پر رہا۔
بھارتی دارالحکومت نئی دہلی 62.34 پوائنٹس کیساتھ 43 ویں اور ممبئی 61.84 پوائنٹس کیساتھ 45 ویں جبکہ واحد پاکستانی شہر کراچی38.77 پوائنٹس کیساتھ 60 ویں نمبر پر رہا، میانمار کا دارالحکومت ینگون 59 ویں اور بنگلہ دیش کا دارالحکومت ڈھاکہ 58 ویں نمبر پر ہے۔ رپورٹ کے مصنفین کا کہنا تھا اگرچہ کراچی کو سب سے آخری نمبر پر رکھنے کی مختلف وجوہات ہیں تاہم سب سے بڑی وجہ سکیورٹی خطرات ہیں کیونکہ وہاں سب سے زیادہ اور خطرناک دہشتگرد حملے ہوئے۔