ایمز ٹی وی(کراچی )مجلس وحدت مسلمین کراچی کے سیکرٹری جنرل میثم عابدی نے کہا ہے کہ بارہا متوجہ کرنے کے باوجود کراچی بھر میں جلوس عزا کی گزرگاہوں اور امام بارگاہوں و مساجد کے اطراف کچرے، گندگی کے ڈھیر، سیوریج کے پانی کی موجودگی، ٹوٹی ہوئی سڑکیں، گڑھوں کی بھرمار جیسے مسائل تاحال حل نہیں کئے جا سکے۔ محرم الحرام کے دوران ضلع ملیر میں کالا بورڈ،ملیر پندرہ، جعفر طیار سوسائٹی،غازی ٹائون،عمار یاسر سوسائٹی سمیت کراچی کی متعدد شاہراہیں ٹوٹی ہوئی اور گندگی و غلاظت سے بھری پڑی ہیں،سندھ بلدیات و شہری حکومتوں نے محرم سے پہلے یقین دہانی کروائی تھی کہ محرم الحرام سے قبل مجالس و جلوس عزاءکی گزرگاہوں بشمول شہر کی اہم شاہرائوں سڑکوں کی ازسر نو تعمیرات و پیوند کاری سمیت صفائی ستھرائی اور لائٹنگ کے تمام مسائل حل کر دیے جائیں گے۔
ان خیا لات اظہار ایم ڈبلیو ایم کراچی کے سیکریٹری جنرل میثم عابدی سمیت عزاداری سیل میں شامل مولانا غلام محمد فاضلی،حسن عباس رضوی،احسن رضوی،عارف رضا سمیت دیگر رہنماوں نے نیشنل ہائی وے ملیر پندرہ پر احتجاجی مظاہرے وعلامتی دھرنے سے خطاب میں کیا۔ رہنمائوں نے کہا کہ بلدیہ اور کے ایم سی کی اس عدم توجہی کے باعث یکم محرم الحرام سے مختلف علاقوں سے نکلنے والے جلوسوں میں شریک مستورات، بزرگوں اور بچوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے،
رہنمائوں نے حکومت سندھ سے مطالبہ کیا کہ کمشنر کراچی انتظامی حوالے سے نااہل ہیں، انہیں فوری طور پر عہدے سے برطرف، فرائض سے پیشہ وارانہ غفلت کے مرتکب افراد کے خلاف بھی کارروائی کی جائے۔
ایمز ٹی وی (سکھر) اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا ہے کہ عمران خان کہتے ہیں کہ اپوزیشن لیڈر کو ہٹانا میرا حق ہے، جو صوبہ نہیں سنبھال سکا وہ ملک کو کیا سنبھالے گا، جس سیاستدان کے قول و فعل میں تضاد ہو وہ قوم کی کیا قیادت کرےگا۔ سکھر میں پریس کانفرنس سے خطاب میں خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ نیا اپوزیشن لیڈر لانے کے لیے ایم کیوایم سے بات کرکے تحریک انصاف نے تھوکا ہوا چاٹا۔ اگر ایم کیوایم ملک دشمن تھی تو ان کیساتھ کیوں بیٹھ رہے ہیں؟ تو عمران خان ٹھیک تھے یا ایم کیوایم؟
انہوں نے کہا کہ ملک میں افراتفری ہے، سیاسی جماعتیں اندر سے کھوکھلی اور گتھم گتھا ہیں، پیپلزپارٹی گڈا گڈی کا کھیل نہیں کھیلے گی، پیپلزپارٹی جمہوریت کیلئے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔
اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ایم کیوایم کے بارے میں جو کہا اس پر وہ ان سے معذرت کریں، تحریک انصاف نے کراچی والوں کی جو دل آزاری کی اس پر معذرت کرنی چاہیے۔ پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن پولیٹیکل پارٹیز آرڈر کے آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کررہا ہے، جو سیاستدان عدالتوں اور انصاف سے بھاگتاہے وہ سسٹم سے غائب ہوجاتا ہے۔
ایمز ٹی وی(کراچی/تعلیم)داؤد یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کی انتظامیہ نے حکومت سندھ کے ہدایت پر عمل کرتےہوئے سال برائے 2017-2018ء کےلئے داخلہ ٹیسٹ این ٹی ایس سے کرانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ جامعہ کی داخلہ کمیٹی کے اعلامیئے کے مطابق یونیورسٹی کے نئے سیشن برائے 2017-2018ء کیلئے آئندہ ماہ اکتوبر میں داخلوں کا اعلان کیا جائے گا ،
داؤد انجینئرنگ یونیورسٹی میں داخلے کے خواہشمند طلبہ و طالبات جامعہ کی ویب سائٹ اور اشتہارات کے ذریعے معلومات سے مستفید ہوسکیں گے ۔ داخلہ کمیٹی کے مطابق این ٹی ایس ٹیسٹ منفی مارکنگ کی بنیاد پر لئے جائیں گےجس کےمطابق طلبہ و طالبات کو پاس ہونے کے لئے 20؍ نمبر حاصل کرنا ضروری ہوں گے اور انہیں ٹیسٹ کے دوران سوالات کے جوابات دینے کیلئے انتہائی احتیاط سے کام لینا ہوگا ۔
یونیورسٹی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جامعہ میں داخلوں کے دوران انتہائی شفافیت پر مبنی عمل اور میرٹ کو ملحوظ خاص رکھنے کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا ۔
ایمز ٹی وی (کراچی/تعلیم) جامعہ کراچی کے باہر ٹریفک حادثے کا شکار ہونے والی ایم اے اسلامک لرننگ کی غریب طالبہ کے خواب اَدھورے رہ گئے اور اس کی متاثرہ ٹانگ کاٹ دی گئی۔ مردان سے تعلق رکھنے والی طالبہ میمونہ کو اس وقت ایک تیز رفتار موٹرسائیکل نے یونیورسٹی گیٹ کے باہر ٹکر مار دی جب وہ گرلز ہاسٹل جا رہی تھی۔ شدید چوٹ کے باعث پہلے اسے ڈائو انٹرنیشنل اسپتال لے جایا گیا لیکن ڈاکٹر موجود نہیں تھے پھر سول اسپتال لے جایا گیا لیکن بستر نہ ہونے کی وجہ سے اسے وہاں داخل نہیں کیا گیا اور آخر میں اسے نجی اسپتال لے جایا گیا مگر اس وقت تک دیر ہو چکی تھی،
تاہم ڈاکٹرز نے اس کی جان بچانے کے لئے اس کی متاثرہ ٹانگ کاٹ دی اور یوں میمونہ کے اپنے خاندان کی مدد کرنے کے خواب چکنا چور ہو گئے۔
دلچسپ اَمر یہ ہے کہ جامعہ کراچی جس کے سب سے بڑے اسٹیک ہولڈر طالبعلم ہیں لیکن ان کا کوئی پرسان حال نہیں۔ جامعہ کراچی کی جانب سے طالبہ کی کوئی مالی مدد نہیں کی گئی نہ ہی علاج و معالجے کے اخراجات برداشت کئے گئے۔
اگر یہ حادثہ جامعہ کراچی کے کسی اُستاد کے ساتھ ہوتا تو یونیورسٹی میں ہنگامہ ہوتا۔ علاج و معالجے کے لئے بہترین اسپتال میں داخل کر دیا جاتا اور تمام اخراجات جامعہ کراچی برداشت کرتی لیکن جامعہ کراچی میں طالبعلم کی شنوائی کہاں ہے۔
ایمز ٹی وی (کراچی/تعلیم) سندھ پروفیسر اینڈ لیکچرار ایسو سی ایشن کراچی ریجن نے جامعہ کراچی کی سینیٹ کے لیے کالج پرنسپلز کی تین نشستوں پروفیسر ریاض احسن پینل کا اعلان کردیا، اس پینل میں پروفیسر شاہد اقبال پرنسپل گورنمنٹ سراج الدولہ کالج، پروفیسر ندیم حیدر پرنسپل گورنمنٹ اسلامیہ سائنس کالج اور پروفیسر ذکاء اللہ پرنسپل گورنمنٹ جامعہ ملیہ کالج (شام) کے نام شامل ہیں۔ اس بات کا اعلان سپلا کے مرکزی صدر پروفیسر فیروز الدین صدیقی نے کراچی ریجن کی مشاورتی اجلاس میں کیا۔
اس اجلاس میں پروفیسر علی مرتضیٰ،ریجنل صدرکراچی پروفیسرعامرالحق،جنرل سیکرٹری پروفیسر منور عباس ،پروفیسر غلام رسول لاکھو، پروفیسر مطیع اللہ سہارن، پروفیسر عصمت، پروفیسر آنسہ بدوی ،پروفیسر عزیز میمن، پروفیسر امیر علی لاشاری ، پروفیسر رسول بخش قاضی ودیگر موجود تھے۔