ھفتہ, 18 جنوری 2025

 

ایمزٹی وی(صحت)شہر میں رواں ماہ ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد 244 ہوگئی ہے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انسداد ڈینگی سیل کے سربراہ ڈاکٹر رشید شیخ نے بتایا کہ شہر میں رواں ماہ ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد 244 ہوگئی ہے اور رواں سال ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 1131 تک جا پہنچی ہے۔
جب کہ رواں سال کراچی میں ڈینگی بخار سے 6 افراد انتقال کرچکے ہیں۔
طبی ماہرین کا کہنا ہےکہ ڈینگی مچھر کی افزائش شہر میں گندگی کی وجہ سے ہورہی ہے لہٰذا شہری احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے طلوع اور غریب آفتاب کے وقت جسم کو ڈھانپ کر رکھیں اور ساتھ ہی گھروں میں مچھر مار ادویات کا بھی استعمال کریں۔

 

 

ایمزٹی وی(فاٹا)حکومت نے فاٹا میں ملک کے دیگر صوبوں کی طرح پولیس اور عدالتی نظام نافذ کردیا۔
ذرائع کے مطابق حکومت نے پولیس کا دائرہ اختیار وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقے فاٹا تک بڑھاتے ہوئے علاقے میں پولیس ایکٹ 1861 نافذ کردیا ہے جس کے تحت علاقے میں پاکستان کے دیگر صوبوں کی طرح پولیس نظام کا نفاذ ہوگیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ فاٹا میں لیویز کے نظام کو پولیس کے نظام سے بدل دیا گیا ہے، فاٹا کے لیویز کے دفاتر پولیس سے تبدیل کردیئے گئے ہیں اور اب لیویز کمانڈنٹ کے بجائے آئی جی پولیس سربراہ ہوں گے جب کہ نائب تحصیلدار سے کم عہدے کے شخص کو پولیس افسرتعینات نہیں کیا جا سکے گا اور نائب تحصیلدار کی جگہ سب انسپکٹر کا عہدہ ہوگا۔
ذرائع نے بتایا کہ فاٹا کے بنیادی عدالتی نظام میں بھی تبدیلیاں کردی گئی ہیں جس کے بعد فاٹا میں پاکستان کے دیگرعلاقوں کی طرز کا عدالتی نظام لاگو ہوگا۔
ذرائع کے مطابق صدر مملکت ممنون حسین نے اہم تبدیلیوں کی منظوری دے دی ہے اور اس کا نوٹی فکیشن بھی وزارت سیفران جلد جاری کرے گی۔
دوسری جانب اس معاملے پر جیونیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سینئر تجزیہ کار بریگیڈیئر (ر) محمود شاہ نے کہا کہ حکومت نے یہ فیصلہ جلد بازی میں کیا ہے، اس چیز پر غوروخوض کے بعد یہ کام ہونا چاہیے تھا۔
محمود شاہ نے کہا کہ فاٹا میں کوئی پولیس اسٹیشن نہیں ہے، وہاں پولیس کے رہنے کی جگہ بھی بنانا ہوگی، اتنے بڑے علاقے میں ایک دم اس قسم کا فیصلہ کرنا سمجھ سے بالا ترہے، اس کے لیے تیاری بہت ضروری ہے، کاغذپر اس طرح کے فیصلے کرنے سے بدنامی پھیلنے کا شبہ ہے۔
واضح رہے12 ستمبر کو وفاقی کابینہ کے اجلاس میں فاٹا اصلاحات کے حوالے سے اہم پیشرفت ہوئی تھی جس میں حکومت نے ایف سی آر کے خاتمے کے لیے نیا بل لانے کا فیصلہ کیا تھا۔

 

 

ایمزٹی وی(تعلیم/ ریاض)سعودی عرب میں اسکول کی نصابی کتب میں شاہ فیصل مرحوم کی خلائی مخلوق کے ساتھ جعلی تصویر شائع ہونے پر ہنگامہ مچ گیا اور وزیرتعلیم نے معافی مانگ لی ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق سعودی عرب میں تاریخ کے مضمون کی کتاب میں ایک تصویر شائع ہوئی جس میں مرحوم شاہ فیصل کو امریکی ڈرامہ سیریل ’اسٹار وارز‘ کے کردار یوڈا کے ساتھ بیٹھے دکھایا گیا ہے اور شاہ فیصل 1945 میں اقوام متحدہ کے قیام کے میثاق پر دستخط کررہے ہیں۔ یہ تصویر 26 سالہ سعودی مصور عبداللہ الشیری نے بنائی جس کی اشاعت پر مملکت میں حیرانی و پریشانی کی لہر دوڑ گئی۔ وزیرتعلیم احمد عیسیٰ نے اسے بڑی غلطی قرار دیتے ہوئے معافی مانگ لی اور کتابوں کو واپس لینے کے احکامات جاری کردیے۔ احمد عیسی نے کہا کہ کتابوں کو درست کرنے کے بعد دوبارہ شائع کیا جارہا ہے جب کہ غلطی کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کے لیے قانونی کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔
 
سعودی مصور عبداللہ الشیری نے امریکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ تصویر تو انہوں نے بنائی ہے لیکن نصابی کتاب میں شائع نہیں کی۔ عبداللہ الشیری نے بتایا کہ وہ عرب تاریخ کے اہم لمحات کی تصاویر میں فلمی کرداروں کو شامل کرتے رہتے ہیں اور انہی میں سے ایک یہ تصویر بھی تھی تاہم اس کا مقصد شاہ فیصل کی توہین کرنا نہیں تھا۔ الشیری نے وضاحت کی کہ وہ شاہ فیصل کی عزت کرتے ہیں جنھوں نے سعودی عرب کو بدل کر رکھ دیا اور عالمی سطح پر ایک اہم ملک بنایا۔

 

 

ایمزٹی وی(تجارت)فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے دنیاکی تاریخ میں پہلی بار انکم ٹیکس و سیلز ٹیکس رجسٹریشن کا آڈٹ کرنے کا اصولی فیصلہ کیا ہے جس کیلیے باقاعدہ نظام متعارف کروایا جائے گا اور رُولز بھی متعارف کروائے جائیں گے۔
اس ضمن میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) ذرائع نے گزشتہ روزمیڈیا کو بتایا کہ چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے اپنی زیر نگرانی اعلی سطح کی کمیٹی قائم کردی ہے۔ کمیٹی کے ارکان میں ممبر ان لینڈ ریونیو پالیسی ڈاکٹر اقبال، ممبر ان لینڈ ریونیو آپریشن خواجہ تنویر کے علاوہ ڈائریکٹر جنرل براڈننگ آف ٹیکس بیسڈ اور ڈائریکٹر جنرل ودہولڈنگ ٹیکس شامل ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) تاریخی کام کرنے جارہا ہے، اس سے قبل دنیا میں کبھی ٹیکس پیئرز رجسٹریشن کا آڈٹ نہیں ہوا ہے۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو اس منصوبے میں کامیاب ہوگیا تو یہ دنیا کیلیے رول ماڈل ثابت ہوگا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین ایف بی آر کی جانب سے قائم کی جانے والی یہ کمیٹی ٹیکس پیئرز رجسٹریشن آڈٹ کا نظام اور رُولز کا مسودہ تیار کرنے کے حوالے سے اپنی رپورٹ تیار کریگی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس نظام کی تیاری کے لیے قائم کی جانیوالی کمیٹی کی نگرانی چیئرمین ایف بی آر طارق پاشا خود کریں گے۔ ذرائع نے بتایا کہ اس نظام کے متعارف کروانے سے جعلی انوائسز اور جعلی ریفنڈز کے اجرا کے ساتھ ساتھ دیگر نوعیت کی ٹیکس چوری روکنے میں مدد ملے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس وقت ملک بھر میں نیشنل ٹیکس نمبر (این ٹی این) رکھنے والے انکم ٹیکس رجسٹرڈ ٹیکس دہندگان کی مجموعی تعداد 32 لاکھ ہے جن میں سے انکم ٹیکس گوشوارے سترہ لاکھ کے لگ بھگ جمع کروارہے ہیں۔ اسی طرح سیلز ٹیکس رجسٹریشن رکھنے والوں کی مجموعی تعداد ڈیڑھ لاکھ کے لگ بھگ ہے مگر سیلز ٹیکس گوشوارے و اسٹیٹمنٹس جمع کروانے والوں کی تعداد بہت کم ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیکس دہندگان کی اکثریت این ٹی این اور سیلز ٹیکس رجسٹریشن نمبر لینے کے بعد کاروباری یونٹ غیر فعال کردیتے ہیں یا کاروبار ایک جگہ سے کسی دوسری جگہ منتقل کرلیتے ہیں اور پھر کچھ عرصے بعد ان نمبرز سے جعلی انوائسز جاری کرتے ہیں جنہیں غیر قانونی و جعلی ریفنڈز کیلیے استعمال کیا جاتا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ انکم ٹیکس و سیلز ٹیکس رجسٹریشن کے آڈٹ سے یہ معلوم ہوسکے گا کہ جنہوں نے انکم ٹیکس و سیلز ٹیکس رجسٹریشن کروارکھی ہے ان میں سے کتنے لوگ ہیں جو کاروبار جاری رکھے ہوئے ہیں اور کتنے حقیقی معنوں میں کاروبار بند کرچکے ہیں اور کتنے ایسے لوگ ہیں جنہوں نے ٹیکس رجسٹریشن کے لیے جو اڈریس دیا تھا وہ کاروباری یونٹ اس اڈریس کے بجائے کسی دوسری جگہ پر چل رہا ہے اور یہ بھی معلوم ہوسکے گا کہ کونسے لوگ سیلز ٹیکس سے چھوٹ لے رہے ہیں اور ان کی جانب سے لی جانے والی یہ چھوٹ جائز ہے۔

 

 

ایمزٹی وی(کراچی)پاک بحریہ نے شمالی بحیرہ عرب میں سی کنگ ہیلی کاپٹر سے کھلے سمندر میں اپنے ہدف کو نشانہ بنانے والے اینٹی شپ میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق شمالی بحیرہ عرب میں فائر پاور کے مظاہرے کے دوران پاکستان نیوی کے سی کنگ ہیلی کاپٹر نے فضا سے سطح آب میں مار کرنے والے اینٹی شپ میزائل فائر کیا، کھلے سمندر میں فائر کئے گئے میزائل نے اپنے ہدف کو پوری کامیابی کے ساتھ نشانہ بنایا، اس موقع پر چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد ذکااللہ بھی موجود تھے۔
ایڈمرل ذکا اللہ کا کہنا تھا کہ پاکستان نیوی فلیٹ کی جنگی تیاریوں پر فخر ہے اور پاک بحریہ کے ہیلی کاپٹر سی کنگ سے کامیاب فائرنگ پاکستان نیوی فلیٹ کی جنگی تیاری اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں کا واضح ثبوت ہے۔
 
ان کا کہنا تھا کہ بحری مشقوں میں شامل افسران اور جوانوں کی پیشہ وارانہ صلاحیتیں قابل ستائش ہیں پاک بحریہ وطن عزیز کی بحری سرحدوں اور مفادات کا ہرقیمت پر تحفظ کرے گی۔

 

 

ایمزٹی وی(راولپنڈی)خیبر ایجنسی کے علاقے راجگال میں پاک فوج کی سرحدی چوکی پر افغانستان سے ہونے والی فائرنگ کے نتیجے میں لیفٹیننٹ ارسلان شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک افغان سرحد کے قریب خیبرایجنسی میں راجگال چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کی فائرنگ سے پاک فوج کے لیفٹیننٹ ارسلان عالم شہید ہوگئے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 22 سالہ ارسلان عالم اگلےمورچوں پرفرائض سرانجام دے رہے تھے کہ سرحد پار سے ہونے والی فائرنگ کا نشانہ بن گئے۔

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ ورکنگ باؤنڈری کی رہائشی آبادیوں کو نشانہ بنا کر رعب جمانا بھارت کی بھول ہے،وہ جس زبان میں بات کرے گا اسی زبان میں جواب دینا جانتے ہیں۔
وزارت داخلہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال نے ورکنگ باؤنڈری کے چارواہ سیکٹر میں بھارتی فوج کی جانب سے ہونے والی فائرنگ سے زخمی ہونے والے شہریوں کی سی ایم ایچ سیالکوٹ میں عیادت کی اور ان کی جلد صحت یابی کے لئے دعا بھی کی۔
اس موقع پر وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ جب بھی مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کیا جاتا ہے تو بھارت بزدلانہ کارروائیاں کرکے عالمی برادری کی توجہ ہٹانے کی کوشش کرتا ہے اور نہتے لوگوں کو نشانہ بنایا جاتا ہے لیکن بھارت یہ جان لے کہ کسی بھی ظلم کے ذریعے کشمیریوں کی آواز کو دبایا نہیں جاسکتا، پاکستان مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے بھارتی مظالم کے خلاف آواز فرض سمجھ کر اٹھاتا رہے گا۔
احسن اقبال نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر یا ورکنگ باؤنڈری پر نہتے شہریوں پر رعب جمانا بھارت کی بھول ہے بھارت جس زبان میں بات کرے گا ہم اسی زبان میں جواب دینا جانتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت متاثرین کا تمام نقصان پورا کرنے کے لئے جائزہ لے رہی ہے

 

ایمز ٹی وی(تعلیم/کراچی)عدالتی حکم کے تناظر میں عائشہ با وانی گور نمنٹ کالج محکمہ کالج ایجوکیشن کے حوالے کیے جانے کے بعد کالج میں تدریسی سلسلہ بحال ہوگےااورانٹر سال اول کی کلاسز کا آغاز ہوگیا ہے،
جمعہ کو کالج میں کلاسزکاباقاعدہ انعقاد کےاگےااور کالج میں تدریسی وغیرتدریسی عملے کی حاضریاں نمایاں رہی،تاہم تدریسی سلسے کی بحالی کے موقعے پرپہلے روز طلبہ کی حاضری معمول سے کم رہی،کالج کے پرنسپل پروفیسرمحمد سلیم کے مطابق بعض حلقوں کی جانب سے یہ تاثر پھیلایا جارہا تھاکہ عائشہ باوانی گورنمنٹ کالج میں داخلے نہیں ہوتے تا ہم کالج میں صرف صبح کی شفٹ میں انٹر سال اول کے1850داخلہ فارم موصول ہوچکے ہیں،انٹر سال دوئم اور شام کی شفٹ کے طلبہ اس کے علاوہ ہیںجس سے یہ تاثر زائل ہوتا ہے کہ کالج میں طلبہ داخلہ نہیں لیتے۔
یاد رہے کہ عائشہ باوانی گورنمنٹ کالج میں ایک ہفتہ قبل جمعہ کے روز ہی کالج کے دعویدارمتعلقہ ٹرسٹ نے ایک عدالتی حکم نامے کے بعد اسے اپنی تحویل میں لے لیا تھااور گزشتہ ایک ہفتے سے کالج میںتدریسی سلسلہ رکا ہوا تھا جبکہ کچھ اساتذہ اور طلبہ نے کالج کے باہر کلاسز کے انعقاد کی بھی کوشش کی تھی۔

 

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس)جنوبی افریقہ کرکٹ بورڈ کی درخواست پر زمبابوے سے مجوزہ چار روزہ مقابلے کو آئی سی سی کی جانب سے ٹیسٹ اسٹیٹس دینے کا فیصلہ کر لیا گیا،البتہ اسے بطور ’آزمائشی مشق‘ ہی تصور کیا جائے گا۔
پورٹ ایلزبتھ میں26 دسمبرسے شیڈول میچ پر پروٹیز بورڈ کی درخواست پر آئندہ ماہ آکلینڈ میں شیڈول آئی سی سی بورڈ میٹنگ میں مزید غورکیا جائیگا، طویل فارمیٹ کو زیادہ متحرک اور پُرکشش بنانے کیلیے 4 روزہ تک محدود کرنے کی تجویز اس سے قبل بھی سامنے آچکی ہے، سردست تین گھنٹوں پر محیط ٹوئنٹی20 فارمیٹ دنیا بھر میں شائقین کی توجہ حاصل کیے ہوئے ہے،آئی سی سی کرکٹ کمیٹی ٹیسٹ میچز کی طوالت 5 سے4 روز کرنے کی حامی نہیں ہے، 2015 میں اسکی چیئرمین شپ انیل کمبلے کے ہاتھوں میں تھی، اس وقت انھوں نے چار روزہ ٹیسٹ میچز کی مخالفت کردی تھی، دوسری جانب آئی سی سی چیف ایگزیکٹیو کمیٹی اور ٹاپ انتظامیہ چار روزہ ٹیسٹ کی حمایت میں آواز بلند کرچکی ہے۔
رواں برس جون میں کرکٹ کمیٹی کا کہنا تھا کہ ہمارا بنیادی دھیان کرکٹ نظام کو بہترکرنے پر ہے، ہم چار روزہ ٹیسٹ کا تجربہ کرنے کے مخالف نہیں ہیں، ماضی میں آئی سی سی سے وابستہ رہنے والے اور اب جنوبی افریقی بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ہارون لورگاٹ بھی چار روزہ ٹیسٹ کے حامی ہیں، وہ ہائی رینکڈ ٹیموں کے زیریں درجوں پر موجود ممالک سے میچز کھیلے جانے کی بھی حمایت کرتے ہیں، انھوں نے کہاکہ مجھے پوری امید ہے کہ آزمائش کے بعد ہم اس پر آئی سی سی سے مستقل معاہدہ بھی کرنے میں کامیاب ہوجائینگے

 

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس)سری لنکا کے خلاف پاکستان کے 16 رکنی ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا۔
سری لنکا کیخلاف متحدہ عرب امارات میں ٹیسٹ سیریز کیلیے پاکستان کے 16 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا۔ فٹنس پر شکوک کے باوجود یاسر شاہ کو شامل کرلیا گیا جبکہ گھٹنے کی انجری سے مکمل بحالی کیلیے کوشاں اظہر علی بھی ٹیم کے ہمراہ ہونگے۔ احمد شہزاد اور محمد رضوان کو ڈراپ کردیا گیا ہے۔
چیف سلیکٹر انضمام الحق نے قذافی اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کے دوران اسکواڈ کا اعلان کیا جس میں کپتان سرفراز احمد، اظہر علی، شان مسعود، سمیع اسلم ، بابر اعظم، اسد شفیق، حارث سہیل، عثمان صلاح الدین، یاسر شاہ، محمد اصغر، بلال آصف شامل ہیں۔ کیمپ میں موجود چاروں پیسرز میر حمزہ، محمد عامر، محمد عباس، وہاب ریاض اور حسن علی بھی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کی ٹیموں کے درمیان 2 ٹیسٹ، 5 ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز متحدہ عرب امارات میں کھیلی جائے گی۔ آخری ٹی ٹوئنٹی میچ لاہور میں شیڈول کیا گیا ہے لیکن اس کا انحصار سکیورٹی کی صورتحال پرپوگا۔