جمعرات, 16 جنوری 2025

 

ایمزٹی وی(تعلیم) انسٹیٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن میں نجی بینک اور سینٹر آف ایکسلینس ان جرنلزم کے اشتراک سے نیشنل فنانشل اینڈ بزنس کے موضوع پر سہ روزہ ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا،ورکشاپ میں ترینر خرم حسین نے شرکاء کو بزنس اسٹوریز لکھنے، خبر کے ذرائع کی اقسام اور ان کے استعمال کے طریقے، معاشی رپورٹس اور دستاویز سمجھنے، لیکویڈیٹی اینڈ بزنس مارکیٹ، پاکستانی معاشی سیکٹر کی کامیابیاں اوراکنامک انٹرویوز لینے کے طریقہ کار کی معلومات فراہم کیں۔ سہہ روزہ ورکشاپ میں سی ای جے کے ڈائریکٹر کمال صدیقی، معاشی ماہر شبر زیدی، نجی بینک کے لیگل ڈپارٹمنٹ کے سربراہ،اسٹیٹ بینک کے سابق گورنر سلیم رضا سمیت متعدد معاشی ماہرین نے اپنے تجربات سے شرکاء کو مستفید کیا۔،

خرم حسین نے معاشی شعبہ میں صحافت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ شعبہ دیگر صحافتی شعبوں سے مختلف ہے کیونکہ اس کیلئے صحافی میں کاروبار اور معیشت کے حوالے سے مخصوص تیکنیکی صلاحیتوں کا حامل ہونا ضروری ہے، اس شعبہ میں بنیادی معلومات کے بغیر کامیابی ناممکن ہے۔

کمال صدیقی نے ورکشاپ سے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان میں مناسب تربیت نہ ہونے کی وجہ معیشت کے شعبہ میں معیاری صحافت کا فقدان پایا جاتا ہے،جس کو مدنظر رکھتے ہوئے اس ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ معیشت کے شعبہ میں ہماارے سامنے بہت کم تحقیقاتی رپورٹس سامنے آتی ہیں۔ورکشاپ کے اختتام پر شرکاء میں سرٹیفکیٹ تقسیم کئے گئے اور نجی بینک کے شعبہ مارکیٹنگ اینڈ پبلک افیئر پاکستان کے سربراہ عدیل شاہد نے معلوماتی ورکشاپ کے انعقاد پر آئی بی اے میں سینٹر آف ایکسلینس ان جرنلزم کا شکریہ ادا کیا۔

 

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس) اسپاٹ فکسنگ کیس میں معطل کرکٹر شرجیل خان کے کیس کا فیصلہ 30 اگست کو سنایا جائے گا۔
قومی کرکٹر شرجیل خان اور خالد لطیف کو پاکستان سپر لیگ میں اسپاٹ فکسنگ کے الزامات کا سامنا ہے جس کے تحت پی سی بی نے دونوں کرکٹرز کو معطل کیا ہوا ہے جب کہ کرکٹرز کے خلاف کیس بھی چل رہا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے قانونی مشیر تفضل رضوی کے مطابق اسپاٹ فکسنگ کیس میں شرجیل خان سے متعلق فیصلہ 30 اگست کو سنایا جائے گا جب کہ اینٹی کرپشن ٹریبونل نے کیس کا فیصلہ سنانے کے لیے آگاہ کردیا ہے۔
اسپاٹ فکسنگ کیس میں شرجیل خان پر 5 شقوں کی خلاف ورزی کا الزام ہے اور انوہں نے 29 جولائی کو حتمی تحریری جواب جمع کرایا تھا جس پر فیصلہ تین رکنی اینٹی کرپشن ٹریبونل سنائے گا۔

 

 

ایمز ٹی وی(کراچی)وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے افغانستان کے سیاسی حل کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی نئی افغان پالیسی ناکام ثابت ہوگی۔ کراچی میں امریکی خبررساں ادارے کو انٹرویو میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی افغانستان کی طویل ترین جنگ کیلئے نئی حکمت عملی پہلے کے امریکی صدور کی پالیسیوں کی طرح ناکام ثابت ہوگی، ہم پہلے دن سے واضح طور پر کہہ رہے ہیں کہ افغانستان میں فوجی حکمت عملی کامیاب نہیں ہوئی اور مستقبل میں بھی نہیں ہوگی لہذا اس مسئلہ کا سیاسی حل نکالنا ہوگا۔

شاہدخاقان عباسی نے کہا کہ افغان جنگ کو پاکستان نہیں لانے دیں گے، ہم کسی کو بھی افغانستان کی جنگ پاکستان کی سرزمین پر لڑنے کی اجازت نہیں دیں گے، پاکستان دہشت گردوں کو پناہ نہیں دیتا اور خطے میں قیام امن کیلئے بھارت سمیت تمام ملکوں کے ساتھ ملکر کام کرنے کا خواہاں ہے، افغانستان کو طالبان سے خود نمٹنا چاہیے اوراس سلسلے میں انہیں کسی مدد کی ضرورت ہوئی تو ہم اس کیلئے تیارہیں۔

وزیراعظم نے فوری طور پر روپے کی قدر میں کمی کا امکان مسترد کرتے ہوئے کہا کہ حکومت آئی ایم ایف سے مزید کوئی بیل آؤٹ پیکج نہیں لے گی بلکہ سخت ٹیکس اصلاحات کرے گی، نواز شریف کی نااہلی سے کاروبار کو نقصان ہوا لیکن زیرتکمیل منصوبے جاری رہیں گے، سیاسی اتار چڑھاؤ سے نظام محفوظ ہے، یہ الیکشن کا سال ہے جس کے باعث بہت کشیدہ صورت حال ہے۔

 

 

ایمز ٹی وی(تعلیم) بیسک ایجوکیشن کمیونٹی اسکولز کی خاتون اساتذہ نے مستقل کرنے، اسکیل بنانے اور تنخواہوں میں اضافہ کرنے اور نکالی جانے والی ٹیچرزکی بحالی بارے پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا جس کی قیادت اساتذہ رہنماؤں یاسمین کوثر، راشدہ بی بی، روبینہ رسول، عذرا پروین، مہ جبیں ،شہر بانو نے کی ۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے 1996 میں نان فارمل اسکولز کا قیام عمل میں لایا گیا اور پنجاب میں بھی 1674اسکولز گھروں میں بنائے گئے جہاں پر خواتین اساتذہ اپنے گھر کے ایک کمرہ میں 50 سے 60 بچوں کو تعلیم دے رہی ہیں اور بچوں کو بجلی، پینے کے صاف پانی، باتھ روم ، صحن کی سہولت تک کی ذمہ داری پوری کرتی ہیں لیکن

ان کی تنخواہ صرف پانچ ہزار تک ہے ۔ظلم یہ ہے کہ ا س سال بچوں کو ابھی تک کتابیں بھی نہیں دی گئی ہیں اور کئی اساتذہ کو نکال دیا گیا ہے ۔6,6ماہ تک انہیں تنخواہیں نہیں ملتی ۔ انہوں نے حکومت پنجاب، محکمہ تعلیم پنجاب سے مطالبہ کیا کہ خواتین اساتذہ کی تنخواہوں کو مزدور کی تنخواہوں کے برابر کیا جائے اوراسکیل دے کرمستقل کیا جائے ،بجلی کا بل ادا کیا جائے ، نکالی گئی خواتین اساتذہ کو بحال کیا جائے تنخواہوں کی بروقت فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور بچوں کی کتابیں جلد فراہم کی جائیں۔

 

 

ایمز ٹی وی (اسلام آباد)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے حدیبیہ پیپرمل کیس میں اپیل دائر نہ کرنےپر نیب کےخلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا ۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ میڈیا رپورٹس کے مطابق نیب نے اپیل دائر نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، اپیل دائر نہ کرکےعدالتی فیصلےپرعملدرآمد میں رکاوٹیں پیدا کی جارہی ہیں ۔ عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ نیب کو اپیل دائر کرنے کی یقین دہانی پرعملدرآمد کا حکم دیا جائے ۔ درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ21 جولائی کو ایک ہفتےمیں اپیل دائر کرنےکی یقین دہانی کرائی گئی تھی ۔

عدالت نے نیب کی یقین دہانی کوفیصلے میں بھی تحریر کیا ۔ سات روز گزرنے کے بعد چیئرمین نیب کو یقین دہانی سے متعلق نوٹس بھیجا، لیکن چیئرمین نیب نے نوٹس کا جواب نہیں دیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ ایسی افواہیں ہیں کہ ایک اور این آراو پرکام ہورہا ہے،انہوں نے کہا کہ جب تک اسمبلی ہے آرٹیکل 62،63 موجود رہے گا ۔

انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی نے حدیبیہ ملزکیس کی تفصیلی تحقیقات کیں،تحقیقات میں نوازشریف اوراسحاق ڈار منی لانڈرنگ میں ملوث پائے گئے، نیب نے21جولائی کوایک ہفتےمیں اپیل دائرکرنےکی یقین دہانی کرائی تھی، سپریم کورٹ سےکہاہےکہ ریفرنس دائر کرنےکی نیب کو تنبیہ کی جائے۔ شیخ رشیدنے مزید کہا کہ امریکا کے معاملے میں ساری قوم ایک ہے۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)سپریم کورٹ نے خیبرپختون خواہ کی پشاور ہائی کورٹ کے فیصلوں کے خلاف اپیلیں مسترد کرتے ہوئے صوبے میں خواتین کے کرائسز سینٹر بحال کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
میڈیاذرائع کے مطابق سپریم کورٹ نے خیبرپختون خواہ میں خواتین کے کرائسز سینٹر بحال کرنے کا حکم دے دیا ہے اور صوبائی حکومت کی جانب سے پشاور ہائی کورٹ کے فیصلوں کے خلاف دائر کی گئی 2 درخواستیں بھی مسترد کردی ہیں۔
جسٹس دوست محمد خان نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ خواتین کے کرائسز سینٹر بند کرنا گورننس کی بدترین مثال ہے، 50 فیصد آبادی کے لئے قائم سینٹرز کو بند کیا جارہا ہے اور وہی جماعت خواتین کو ملازمت کرنے سے محروم کرنا چاہتی ہے جس میں خواتین کی بڑی اکثریت ہے۔
جسٹس دوست محمد خان کا کہنا تھا کہ حکومت نے عالمی معاہدوں پر دستخط کئے ہوئے ہیں اور انہی معاہدوں کی بدولت سالانہ کروڑوں ڈالرز وصول کئے جاتے ہیں، اگر خواتین کو بااختیار نہیں بنانا تو پہلے ان معاہدوں سے باہر آئیں۔ عدالت نے حکم دیا کہ خواتین کو غلام بنانے کے بجائے انہیں بااختیار بنانا ہوگا، حکومت ملک میں خواتین کو بااختیار بنانے کے لئے مزید ٹھوس اور مربوط اقدامات کرے۔

 

 

ایمز ٹی وی (بھارت )بھارت کی ریاست ہریانہ میں کشیدہ حالات کے پیش نظر دوستی بس سروس آج بھی معطل ہے۔ حکام کا کہنا ہے بس سروس بھارت کی درخواست پر معطل کی گئی، سمجھوتہ ایکسپریس سروس معمول کے مطابق جاری ہے۔ سکھوں کے روحانی پیشوا گرو گرمیت سنگھ کی گرفتاری کے بعد ہریانہ میں کشیدہ حالات کے پیش نظر بھارت کی درخواست میں معطل کی گئی دوستی بس سروس آج بھی نہیں چلے گی۔ حکام کے مطابق نئی دلی بس سروس بھارتی درخواست پر 25 اگست کو معطل کی گئی تھی ۔ دوسری جانب ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ سمجھوتا ایکسپریس سروس معمول کے مطابق جاری ہے۔

سمجھوتا ایکسپریس لاہور سے 40 مسافروں کو لے کر واہگہ بارڈر روانہ ہوئی جو بھارت کے علاقے اٹاری تک جاتی ہے۔ واضح رہے کہ گرو گرمیت سنگھ کو دو خواتین کو زیادتی کا نشانہ بنانے کے مقدمے میں آج سزا سنائی جائے گی جس کے باعث کشیدگی پائی جاتی ہے۔

 

 

ایمز ٹی وی (موسم ) شہر قائد میں محکمہ موسمیات نے بڑی عید سے قبل شدید گرمی اور پھر بارش کی پیش گوئی کردی ہے۔ کراچی سمیت سندھ اور بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں گرمی کی لہر ایک مرتبہ پھر بڑھ گئی ہے جب کہ محکمہ موسمیات نے منگل کے روز کراچی کا درجہ حرارت 40 ڈگری تک پہنچنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کراچی کا موسم گرم اور خشک رہے گاجب کہ کراچی کا درجہ حرارت زیادہ سے زیادہ 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے ، کراچی میں جنوب مغربی علاقوں میں ہوا 18 سے 24 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہےاورہوا میں نمی کا تناسب 78 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔

ڈائریکٹرمحمکہ موسمیات عبدالرشید کا کہنا ہے کہ آج سے اگلے دوروز تک کراچی کے درجہ حرارت میں اضافہ متوقع ہےجب کہ کل کراچی کا درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ کو بھی چھوسکتا ہے لہٰذا شہری احتیاط کریں، بلا ضرورت گھر سے باہر نہ نکلیں اور پانی کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں۔ عبدالرشید نے مزید کہا کہ سندھ اور بلوچستان کے جنوبی علاقوں میں شدید گرمی کی اس لہر کی وجہ بارش برسانے والا وہ سسٹم ہے جو اس وقت بھارت کی جنوب مغربی ریاستوں میں موجود ہے، یہ سسٹم منگل تک کراچی سمیت سندھ اور بلوچستان کے مختلف علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے لے گا ، جس سے جمعے تک شدید بارشیں ہوسکتی ہیں۔

ڈائریکٹر محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بارش برسانے والے اس سسٹم کے باعث کراچی میں سیلابی صورت حال بھی پیدا ہوسکتی ہے۔ اس دوران تیز ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے لیکن شہر میں سمندری طوفان کا کوئی خطرہ نہیں۔

 

 

ایمزٹی وی (بنوں)ایف آر بنوں میں انٹیلی جنس اداروں کی اطلاعات پر کئے گئے آپریشن کے دوران دو دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق ملک بھر میں آپریشن رد الفساد کامیابی سے جاری ہے، ایف آر بنوں کے علاقے جانی خیل میں خفیہ اطلاعات پر کارروائی کی گئی جس کے دوران جھڑپ میں 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
فورسز کی جانب سے علاقے کا گھیراؤ کرتے ہی دہشت گردوں نے فائرکھول دیا تاہم فائرنگ کے تبادلے میں دو دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی شناخت رحیم اللہ اور زاہد اللہ کے نام سے ہوئی۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد) الیکشن کمیشن نے عمران خان ، شیخ رشید اور طاہرالقادری کے خلاف نااہلی کی درخواست عدم پیروی پر خارج کردی ہے۔
ذرائع کے مطابق چیرمین تحریک انصاف عمران خان، سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید اور پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری کے خلاف نااہلی کی درخواست پر سماعت ہوئی۔
درخواست گزار شاہ جہان نے تینوں رہنماؤں کے خلاف درخواست میں مؤقف اپنایا تھا کہ تینوں فریقین نے 2002 میں اپنے کاغذات نامزدگی میں حقائق پرجھوٹ سے کام لیا اور درست حقائق کو چھپایا گیا لہذٰا الیکشن کمیشن تینوں فریقین کو نااہل قرار دے۔
تاہم درخواست گزار اپنی درخواست کی پیروی کے لئے الیکشن کمیشن میں پیش نہ ہوا جس پر الیکشن کمیشن نے درخواست کی عدم پیروی پر شاہ جہان کی درخواست خارج کردی۔