بدھ, 15 جنوری 2025

 

ایمزٹی وی (اسپورٹس) پی سی بی کے قانونی مشیر تفضل رضوی نے دعوٰی کیا ہے کہ شرجیل خان اور خالد لطیف نے چند الزامات تسلیم کرلیے،ان کا کہنا ہے کہ دونوں کرکٹرز نے مشکوک افراد سے ملنے اور فکسنگ کی بات ہونے کا اعتراف کرلیا،شاہ زیب حسن نے محمد عرفان، عمر امین اور کرنل اعظم سے جرح کرنے کی اجازت مانگی ہے۔ تفصیلات کے مطابق جسٹس (ریٹائرڈ ) اصغر حیدر کی سربراہی میں پی سی بی کا 3رکنی ٹریبیونل پی ایس ایل کے آغاز پر سامنے آنے والے اسپاٹ فکسنگ کیس کی سماعت کررہا ہے۔

بی بی سی سے بات چیت کرتے ہوئے بورڈ کے قانونی مشیر تفضل حیدر رضوی نے بتایا کہ اسکینڈل میں ملوث کرکٹرز شرجیل خان اور خالد لطیف کے کیس کی سماعت مکمل ہوچکی، فریقین کو صرف تحریری دلائل داخل کرنے ہیں جس کے بعد ٹریبونل کو 30روز میں فیصلہ سنانا ہوگا۔انھوں نے دعویٰ کیاکہ دونوں کرکٹرز 80 سے 90 فیصد یہ اعتراف کرچکے کہ مشکوک فرد سے ملے تھے اور اس ملاقات میں فکسنگ کی بات ہوئی، دونوں کھلاڑی یہ بھی مانتے ہیں کہ اس ملاقات میں پیسوں اور پیشکش کی بات بھی ہوئی۔

نھوں نے بتایا کہ شاہ زیب حسن کے وکیل نے ٹریبیونل سے استدعا کی کہ انھیں کرکٹرز محمد عرفان، عمر امین اور پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ کے سربراہ کرنل(ر) اعظم سے جرح کرنے کی اجازت دی جائے،ان کے کیس کی سماعت 24 جولائی تک ملتوی کردی گئی ہے۔

 

 

ایمزٹی وی (اسلام آباد)الیکشن کمیشن نے پی ایس 114 کے ضمنی انتخاب میں مبینہ دھاندلی اور ووٹوں کی دوبارہ گنتی سے متعلق کیس الیکشن ٹربیونل کو بھجوادیا۔
الیکشن کمیشن نے پی ایس 114 کے ضمنی انتخاب میں مبینہ دھاندلی اور ووٹوں کی دوبارہ گنتی سے متعلق کیس الیکشن ٹربیونل کو بھجوا دیا ہے جس کے بعد حلقے سے سعید غنی کی کامیابی کے نوٹیفیکیشن کے لیے جاری حکم امتناع بھی ختم ہوگیا ہے۔
 
 
گزشتہ روز چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان کی سربراہی میں پی ایس 114 میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست پر سماعت ہوئی جس کے بعد الیکشن کمیشن نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
واضح رہے کہ 9 جولائی کو کراچی میں سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 114 میں ضمنی انتخاب ہوا تھا جس میں پیپلز پارٹی کے سعید غنی کامیاب قرار پائے تھے تاہم ایم کیوایم پاکستان نے ضمنی انتخاب کے نتائج کو چیلنج کیا تھا۔

 

 

ایمزٹی وی (اسلام آباد)الیکشن کمیشن کے پی ایس 114 میں دوبارہ گنتی کا کیس الیکشن ٹربیونل کو بھیجنے کے فیصلے کے بعد ایم کیوایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ انتہائی افسوسناک ہے جس پر دلی دکھ ہوا اس فیصلے میں انصاف کے تقاضے پورے نہیں کئے گئے الیکشن کمیشن چاہتا تو صاف، شفاف اور منصفانہ انتخابات کی ذمہ داری پوری کرتا لیکن موقع ہاتھ سے گنوا دیا گیا۔
فاروق ستار نے کہا کہ الیکشن کمیشن پیپلزپارٹی کے نامزد امیدوار سعید غنی کی کامیابی کا نوٹی فکیشن جاری کرنے کے بجائے ووٹوں کا نادرا سے آڈٹ کرالیتا لیکن ادارے نے پی ایس 114 کے انتخابات کو تنازع قرار دیتے ہوئے متاثرہ فریق کو الیکشن ٹربیونل میں جانے کا کہا ہے، ہم اس فیصلے کے خلاف ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ میں قانونی چارہ جوئی کا حق رکھتے ہیں اور الیکشن ٹربیونل سے بھی رجوع کیا جائے گا۔
سربراہ ایم کیوایم پاکستان کا کہنا تھا کہ پی ایس 114 میں منشیات فروشی اس وقت صرف ایک یوسی چنیسر گوٹھ تک محدود ہے، لیکن اگر پیپلز پارٹی کو الیکشن کا فاتح قرار دے دیا گیا تو پورے 114 میں منشیات فروشی گھر گھر عام ہوجائے گی۔ پیپلز پارٹی نے چنیسر گوٹھ کے معصوم نوجوانوں کو منشیات کی لعنت میں مبتلا کیا ہوا ہے لیکن بعد میں پورے حلقے کے نوجوان نشے کے عادی ہوجائیں گے۔

 

 

ایمزٹی وی (اسلام آباد) مسلم لیگ (ن) کے رہنما دانیال عزیز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مخالفین کیس کو ٹرائل میں لے جانے کے لیے ایڑی چوٹی کا زور لگا رہے ہیں لیکن وہاں کیا ہوگا جب وزیراعظم نواز شریف کیخلاف کوئی ثبوت ہی نہیں۔ تحریک انصاف کے وکیل عدالت میں بیرونی فنڈنگ کا اعتراف کرچکےہیں، لیکن نیازی سروسز لمیٹڈ چھپانے پر عمران خان کے خلاف کارروائی نہیں ہورہی، یوں لگ رہا ہے جیسے قانون صرف ایک خاندان کے لیے بنا ہے، درحقیقت 2018 کے الیکشن سے پہلے مسلم لیگ (ن) کا میڈیا ٹرائل ہورہا ہے۔
مسلم لیگ کے رہنما کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی رپورٹ میں مشینری سے متعلق غلط بیانی کی گئی کیونکہ دبئی میں مشینری کی نقل و حمل کا کوئی ریکارڈ ہی نہیں ہوتا، (ن) لیگ کے وکلاء نے دوران جرح جے آئی ٹی کی کارروائی کی دھجیاں اڑادیں، جلد نمبر ایک میں درج ہے کہ دستاویزات تصدیق شدہ اور قابل استعمال نہیں، کیا واجد ضیاء کے کزن کی لاء فرم کوئسٹ کی تحقیقات کی جائیں گی۔
اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کی رہنما مائزہ حمید نے کہا کہ عمران خان اشتہاری ہیں اور ان پر بیرون ملک سےفنڈنگ لینے کا الزام ہے، جب کہ وزیراعظم اور ان کے خاندان کا کوئی قصور نہیں۔

 

 

ایمز ٹی وی (تعلیم)ثانوی و اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ سکھر کے کنٹرولر امتحانات کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ سال 2017کے دسویں جماعت (میٹرک)کے سپلیمنٹری امتحانات کے تمام اہل امیدوار 17اگست تک اپنا فارم بغیر لیٹ فیس جمع کرا سکتے ہیں، جبکہ آخری تاریخ گزرنے کے بعد 30اگست تک500 روپے لیٹ فی اور 30 اگست سے 14ستمبر کے درمیان 1000روپے لیٹ فی کے ساتھ فارم جمع کرائے جا سکتے ہیں۔

 

 

ایمزٹی وی (کراچی)شہر کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا جب کہ شہری بارش سے لطف اندوز ہوتے رہے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق کراچی میں آج صبح سے موسم شدید گرم تھا اور سورج بھی آگ برسا رہا تھا لیکن اچانک سے شہر پر کالی گھٹائیں چھاگئیں جس کے بعد مختلف علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگیا اور کچھ علاقوں میں موسلا دھار بارش جب کہ دیگر علاقوں میں ہلکی بارش دیکھنے میں آئی۔
شہر قائد میں ڈیفنس، کلفٹن، آئی آئی چندریگر روڈ، گلشن اقبال، اولڈ سٹی ایریا، گلبہار، ناظم آباد، لیاقت آباد، شارع فیصل، اورنگی ٹاؤن سمیت مختلف علاقوں میں بارش ہوئی جس سے شہر کا موسم انتہائی خوشگوار ہوگیا اور شہری بارش سے لطف اندوز ہوتے رہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے شہر میں مزید بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں 22 اور 23 جولائی کو تیز بارش کا امکان ہے۔

 

 

ایمزٹی وی (نئی دہلی) بھارت نے پاک چائنہ دوستی پرانگلی اٹھادی۔ بھارتی پارلیمنٹ کے ایوان زیریں (لوک سبھا) میں سماج وادی پارٹی کے سربراہ اور سابق وزیردفاع ملایم سنگھ یادیو نے الزام عائد کیا ہے کہ پاکستان اور چین مل کر بھارت پر حملہ کرنا چاہتے ہیں۔ بھارت اور چین کے درمیان بڑھتی تلخیوں پربات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حکومت پارلیمنٹ کو بتائے کہ پڑوسی ملک سے ہمیں کیا خطرات ہیں جب کہ اس حوالے سے حکومت کو برسوں سے آگاہ کررہا ہوں۔

ملایم سنگھ یادیو نے کہا کہ بھارت کو سب سے زیادہ خطرہ چین سے ہے، چین نے بھارت پرحملہ کرنے کے لیے پاکستان سے ہاتھ ملا لیا ہے، حکومت نے اس معاملے سے تاحال نمٹنے کے لیے کچھ نہیں کیا جب کہ چین بھارت پرحملہ کرنے کے لیے تیاربیٹھا ہے جس کے لیے چین کی جانب سے جوہری ہتھیارپاکستان میں چھپائے گئے ہیں

جس کے بارے میں ایجنسیوں کو بہترعلم ہوگا۔ واضح رہے کہ چین اور بھارت کے درمیان متنازع علاقے سکم میں گزشتہ کئی ہفتوں سے دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی ہے۔ بھارت کی جانب سے الزام تراشیوں اور اشتعال انگیزی کے بعد چین نے بھی سرحدی علاقے میں مشقیں شروع کردی ہیں۔

 

 

 

ایمزٹی وی(انٹر ٹینمنٹ)ڈسپیسیٹو گانے نے یوٹیوب پر تمام اگلے پچھلے ریکارڈز توڑ دیے جسے اب تک 4.6 بلین سے زائد مرتبہ سنا جاچکا ہے۔
گلوکار لوئس فونسی اور ڈیڈی ینکی کے گائے جانے والے گانے نے یوٹیوب پر سب سے زیادہ سنے جانے والے جسٹس بیبر کے گانے کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔
جسٹن بیبر کے 2015 میں مشہور ہونے والے گانے "سوری" کو یوٹیوب پر 4.38 بلین صارفین نے سنا لیکن ڈسپیسیٹو نے ریلیز کے صرف چند ہفتوں میں ہی نہ صرف دنیا کے 100 مقبول ترین گانوں میں جگہ بنائی بلکہ اب اسے سب سے زیادہ سنے جانے والے گانے کا اعزاز بھی حاصل ہوگیا ہے۔
گلوکار فونسی کے مطابق یوٹیوب اور دیگر گانے کو پھیلانے والے ذرائع نے گانے کو دنیا بھر میں سننے اور مقبول کرنے میں خوب مدد کی جن کے شکر گزار ہیں۔
فونسی نے معاون گلوکار ڈیڈی ینکی کا بھی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ینکی نے رواں سال ہی "ایڈ شیرن" کو پیچھے چھوڑتے ہوئے پہلے لیٹینو آرٹسٹ بننے کا اعزاز حاصل کیا اور ڈسپیسیٹو گانے کا حصہ بننے پر ان کا خصوصی طور پر مشکور ہوں۔
دوسری جانب میوزک ریکارڈنگ کمپینی "یونیورسل میوزک لیٹن انٹرٹینمنٹ" کے مطابق ڈسپیسیٹو گانا حال ہی میں سب سے زیادہ پوری دنیا میں مقبول اور شہرت پانے والا گانا بن گیا ہے جسے یوٹیوب پر اب تک کسی بھی گانے کے مقابلے میں سب سے زیادہ سنا گیا ہے۔

 

 

 

ایمزٹی وی (سیالکوٹ) وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ ہم پر ایک پائی کی کرپشن کا داغ نہیں لیکن سمجھ نہیں آتا کہ کس منصوبے میں کرپشن ہوئی ہے جس کا آج احتساب ہورہا ہے۔
سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی تقریب سے خطاب کے دوران وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ سی پیک کو ناکام بنانے کی کوشش کی جارہی ہے جب کہ ملک بھر میں موٹرویز تیزی سے بن رہی ہے، کے پی میں مخالف سیاسی جماعت کی حکومت ہے لیکن وہاں بھی ہزارہ موٹرویزہم بنارہےملک سے لوڈشیڈنگ ختم ہوتی دکھائی دے رہی ہے جب کہ حکومت کے پہلے 2 سال وسائل مہیاکرنے میں گزرگئے۔
وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ ہم پر ایک پائی کی کرپشن کا داغ نہیں لیکن سمجھ نہیں آتا کہ کس منصوبے میں کرپشن ہوئی ہے جس کا آج احتساب ہورہا ہے مجھے اس کا جواب نہیں مل سکا، یہ کس چیز کا حساب ہورہا ہے، ہمارے کاروباری معاملات کا حساب ہورہا ہےیا پھر حکومتی منصوبوں میں کرپشن کا تاہم ہم سرخروں ہوں گے اور قوم بھی جانتی ہے کہ یہ تماشا لگانے والے کون لوگ ہیں۔

 

 

 ایمزٹی وی (اسلام آباد)پاکستان نے کنٹرول لائن سیزفائرمعاہدے کی خلاف ورزی پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کر لیا،ڈی جی ساوتھ ایشیا ڈاکٹر فیصل نے احتجاجی مراسلہ بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کے حوالے کرتے ہوئے کہا ایل او سی پر شہری آبادی کو نشانہ بنانا قابل مذمت ہے بھارت جان بوجھ کر شہری آبادی کو نشانہ بنا رہا ہے ۔

اس حوالے سےڈی جی ساﺅتھ ایشیا کا کہنا تھا گزشتہ روز کنٹرول لائن کے رہائشی علاقوں میں بھارت نے بلااشتعال فائرنگ کی جس سے 2 شہری شہید اور 6 زخمی ہوئے تھے۔ بھارت ایل او سی سیز فائر معاہدے کی پابندی کرے ۔