بدھ, 15 جنوری 2025

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس) آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی فاتح پاکستان کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا گیا، اسکواڈ میں شامل تمام کھلاڑیوں کو 10,10 لاکھ روپے جب کہ کپتان سرفراز احمد اور فخر زمان کو پلاٹ بھی دیئے گئے۔ بحریہ ٹاؤن میں منعقدہ تقریب میں کپتان سرفراز احمد، فخر زمان، اظہر علی، بابر اعظم، وہاب ریاض، شاداب خان، عماد وسیم، حسن علی، فہیم اشرف، حارث سہیل، احمد شہزاد، چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی نجم سیٹھی، چیف سلیکٹر انضمام الحق، مشتاق احمد اور دیگر آفیشلز نے شرکت کی۔ کپتان اور اسکواڈ میں شریک تمام پلیئرز کو 10,10 لاکھ روپے کے چیک دیئے گئے جب کہ کپتان سرفراز احمد کو 135 گز اور فخر زمان کو کراچی میں ایک کنال کا پلاٹ بھی دیا گیا۔ جنید خان، محمد عامر، محمد حفیظ اور شعیب ملک بیرون ملک ہونے کی وجہ سے تقریب میں شرکت نہ کر سکے، ان کے انعامی چیک پی سی بی کو دیئے گئے۔ نجم سیٹھی، انضمام الحق اور مشتاق احمد کو شیلڈز پیش کیے گئے۔

 

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس) جنوبی افریقی کپتان فاف ڈو پلیسی نے ورنون فلینڈر کو ٹیم کیلیے نیا جیک کیلس قرار دے دیا۔ فلینڈر نے ساتویں نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے 54 اور 42 رنز بنانے کے ساتھ دوسری اننگز میں صرف 24 رنز دے کر تین وکٹیں بھی لی تھیں، اس وجہ سے انھیں مین آف دی میچ قرار دیا گیا تھا۔ فاف ڈو پلیسی نے کہا کہ جس طرح فلینڈر نے بیٹنگ کی اس سے اندازہ ہو گیا کہ وہ ہمارے لیے نئے جیک کیلس بن گئے ہیں، وہ ایک شاندار کرکٹر ہیں۔ واضح رہے کہ ان کی شاندار کارکردگی نے پروٹیز کو انگلینڈ پر دوسرے ٹیسٹ میں 340 رنز سے فتح دلائی تھی۔

 

ایمز ٹی وی (تعلیم) اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ نے کاپیاں جانچے جانے کا مرکزی نظام ختم کرکے انٹر کی امتحانی کاپیاں جانچ کے لئے اساتذہ کے گھروں پر بھیجنا شروع کردی ہیں جس کی وجہ سے نتائج غیر شفاف ہونے کے امکانات پیدا ہوگئے ہیں ۔ گھروں پر کاپیاں غیر پیشہ وارانہ طور پر جانچنے کے عمل کی وڈیو وائرل ہوگئی ہے جس میں نظر آتا ہے کہ سیکنڈوں میں پڑھے بغیر کئی امتحانی کاپیاں جانچی جارہی ہیں، واضح رہے کہ سندھ کے تمام تعلیمی بورڈز کی صورتحال انتہائی خراب ہے، کسی بورڈ میں نہ تو مستقل ناظم امتحانات ہے نہ ہی سکریٹری۔جس کی وجہ سے سندھ بھر کے تعلیمی بورڈز کے تحت انٹر اور میٹرک کے امتحانات میں خوب نقل کی گئی پرچے آوٹ ہوتے رہے لیکن کسی کے خلاف کوئی ایکشن نہیں لیا گیا اور کراچی میں تو اتنی صورتحال خراب ہوئی امتحانی پرچے وٹس اپ پر مسلسل آوٹ ہوتے رہے جس کے بعد وزیر اعلیٰ سندھ کو اہم دفتری امور چھوڑ کر امتحانی مراکز کے دورے کرنے پڑے مگر نہ بورڈ میں مستقل ناظم امتحانات کا تقرر ہوا نہ ہی سکریٹری مقرر کیا گیا۔

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس) بھارت کے نئے کوچ روی شاستری کو اپنی پرانی سپورٹ ٹیم واپس مل گئی تاہم بی سی سی آئی کمیٹی اور شاستری میں میٹنگ کے بعد بورڈ نے بھارت ارون کو بولنگ کوچ اور سنجے بنگار کواسسٹنٹ کوچ مقرر کرنے کا اعلان کردیا۔ شاستری جب ٹیم ڈائریکٹر تھے تب بھی یہ دونوں اور فیلڈنگ کوچ سری دھر ان کے ساتھ کام کرتے تھے، اب وہ ایک بار پھر اسی ٹیم کے ساتھ کام کریں گے، بنگر اور ارون کو بھی 2،2 برس کیلیے کوچ مقرر کیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ شاستری نے ایڈوائزری کمیٹی کی جانب سے نامزد کیے جانے والے بولنگ کوچ ظہیر خان اور بیٹنگ کنسلٹنٹ راہول ڈریوڈ کو قبول کرنے سے انکار کردیا تھا، جس کے بعد ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دی گئی تھی جس نے ان کے تمام مطالبات مان لیے ہیں، شاستری کا ظہیر خان کے بارے میں کہنا تھا کہ ضرورت پڑنے پر بطور کنسلٹنٹ ان کی خدمات بھی لی جائیں گے۔

 

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس)سابق بھارتی اوپنر وریندر سہواگ نے ہیڈ کوچ کی پوسٹ کیلیے نظر انداز ہونے کے بعد چپ سادھ لی۔ وریندر سہواگ روی شاستری کی انٹری سے قبل ہیڈ کوچ کی ذمہ داری کیلیے مضبوط امیدوار قرار دیے جارہے تھے لیکن بعد میں یہ عہدہ روی شاستری کو دے دیا گیا، جب وریندر سہواگ میڈیا کے سامنے آئے تو ان سے اس بارے میں سوالات کیے گئے تاہم انھوں نے گھما پھرا کر پوچھے جانے والے ان سوالات کا جواب دینے کے بجائے صرف اتنا کہا کہ اگر مجھ سے کوئی سوال کرنا ہے تو صرف ٹی وی پروگرام ’امید انڈیا‘ کے بارے میں کیا جائے جس کی میں تشہیر کررہا ہوں۔

 

 

 

ایمزٹی وی (اسپورٹس)پی سی بی ہائی پرفارمنس کیمپ میں بیٹنگ اور بولنگ پریکٹس کا بھی آغاز ہوگیا، کرکٹرز کی مہارت بہتر بنانے کیلیے انڈور سیشنز کرائے جا رہے ہیں، کھلاڑیوں کو ذہنی طور پر مضبوط بنانے کیلیے خصوصی لیکچر بھی دیا گیا۔
مستقبل کے چیلنجز کو پیش نظر رکھتے ہوئے پی سی بی ہائی پرفارمنس کیمپ کا آغاز 3جولائی کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ہوا تھا، گزشتہ ہفتے تک مسلسل کرکٹرز کی جسمانی اور ذہنی استعداد بہتر بنانے کیلیے کام کیا گیا، کھلاڑیوں نے صبح اور شام کے سیشنز میں جم ٹریننگ اور میدان میں سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رکھا،انفرادی سیشنز میں پلیئرز کے مسائل اور حل پر بات ہوئی،پیر سے بیٹنگ اور بولنگ پریکٹس کا بھی آغاز ہوگیا، کوچز نے بڑی باریکی بینی سے کرکٹرز کی صلاحیتوں کو پرکھتے ہوئے انھیں خامیوں سے آگاہ کیا، ساتھ بہتری لانے کیلیے مفید مشورے بھی دیے۔
فخرزمان، شاداب خان، حارث سہیل، رومان رئیس اور فہیم اشرف کو لاہور میں فاتح چیمپئنز ٹرافی اسکواڈ کے اعزاز میں ہونے والی تقریب کیلیے دوسرے سیشن سے رخصت دی گئی تھی،انھیں بدھ کو راولپنڈی میں اسی نوعیت کی ایک تقریب میں شرکت کیلیے جانا ہے جسکے بعد دوبارہ کیمپ جوائن کرلیں گے۔

 

 

ایمزٹی وی (اسلام آباد)وفاقی وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی انوشے رحمان نے کہا ہے کہ جے آئی ٹی کے چیئر مین پر یہ الزام ہے کہ انہوں نے برطانیہ میں کوئسٹ کے نام سے ایک کمپنی کی خدمات حاصل کیں وہ کمپنی واجد ضیا کے رشتے دار کی تھی اور یہ کمپنی غیر موثر ہے جس نے ایک سال سے کام نہیں کیا ۔ان کا کہنا تھا کہ واجد ضیا نے قوم کے ٹیکس کے پیسوں سے غیر قانونی طریقے سے اس کمپنی کی خدمات حاصل کیں ،۔انوشے رحمان نے کہا کہ جے آئی ٹی کے چیئر مین کو اس الزام پر وضاحت دینا ہو گی ،اگرانہوں نے الزام کی تردید نہ کی تو اس کا مطلب یہ ٹھیک بات ہے ۔انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی کی رپورٹ میں اگر ایسی کمپنی کا کردار موجود ہے تو یہ رپورٹ ایک ردی کی ٹوکری میں جانی چاہیے ۔
سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انوشے رحمان نے کہا کہ جے آئی ٹی پر اٹھنے والے سوالات سپریم کورٹ کے سامنے رکھ دئیے ہیں ،جے آئی ٹی اپنے مینڈیٹ سے باہر نکل گئی ۔ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ نے جے آئی ٹی کی رپورٹ کو پی ٹی آئی کی رپورٹ سے تشبہہ اس لیے دی کیونکہ اس رپورٹ میں ایسی زبان استعمال نہیں کی گئی جس کی کسی سرکاری افسر سے امید کی جا سکتی ہو ،جے آئی ٹی کی تشکیل ،کنڈکٹ ،طارق شفیع کے بیانات لینے کا طریقہ کار ،حسین نواز کی تصویر لیک اور فون ٹیپ کرنے پر جے آئی ٹی پر سوالات اٹھائے ۔
ان کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی کے سامنے جو لوگ پیش ہوئے ان کے بیانا ت کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا ،اس پر ن لیگ کے تحفظات ہیں ،جے آئی ٹی نے جو دستا ویزات خود سے حاصل کیں ،ان دستا ویزات کے حوالے سے شریف خاندان سے کچھ نہیں پوچھا گیا ۔

 

 

ایمزٹی وی (اسلام آباد)پاکستان بار کونسل اور سپریم کورٹ بار ایسو سی ایشن کی جانب سے ہڑتال کی کال کے بعد پورے ملک میں وکلا نے عدالتوں کا بائیکاٹ کردیا ہے ۔ پاکستان بار کونسل نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف فوری طور پر استعفیٰ دے دیں ورنہ ملک گیر ہڑتال زور پکڑ لے گی۔
تفصیل کے مطابق پہلے تو پاکستان بار کونسل نے وزیراعظم کے استعفے کے مطالبے پر وکلا کی نیشنل ایکشن کمیٹی کے اقدامات سے لاتعلق ظاہر کی تھی تاہم 5مئی 2017کی قرار داد کی روشنی میں پاکستان بار کونسل نے نہ صرف وزیراعظم سے استعفے کا مطالبہ کیا ہے بلکہ پاکستان بھر کے وکلاءکو ہڑتال کی کال بھی دی تھی جس پر ملک بھر میں وکلا نے عدالتوں کا بائیکاٹ کردیا ہے ۔
واضح رہے کہ وکلا کی نیشنل ایکشن کمیٹی پاناما لیکس پر جے آئی ٹی تشکیل دیئے جانے کے بعد پہلے دن سے ہی وزیراعظم کے استعفیٰ کا مطالبہ کررہی ہے جبکہ پاکستان بار کونسل نے 5مئی کو فیصلہ کیا تھا کہ اگر جے آئی ٹی کی رپورٹ وزیراعظم کے خلاف آئی تو وزیراعظم کے خلاف تحریک چلائی جائے گی اور ان سے استعفیٰ کا مطالبہ کیا جائے گا۔
پاکستان بار کونسل کے وائس چیئرمین نے پنجاب بار کونسل کے وائس چیئرمین ملک عنائت اللہ اعوان اوردیگر ممبران کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جے آئی ٹی کی رپورٹ وزیراعظم اور ان کے خاندان کی کرپشن کے خلاف چارج شیٹ ہے ،احسن بھون نے مزید کہا کہ افسوسناک بات ہے پورا خاندان کرپشن میں ملوث ہے ، جے آئی ٹی رپورٹ کے بعد ہم وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کے علاوہ اسحاق ڈار ،کیپٹن (ر)صفدر اور وزیراعلیٰ پنجاب کے استعفیٰ کا بھی مطالبہ کرتے ہیں۔

 

 

ایمزٹی وی (اسلام آباد)قطرکے وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمان الثانی دورہ پاکستان مکمل کر کے واپس روانہ ہو گئے ۔
دورے کے دوران قطر کے وزیرخارجہ نے وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی اور وزیر اعظم کو خلیجی ممالک کے بحران پر تفصیل سے آگاہ کیا اور مشرق وسطیٰ بحران کے حل کےلئے پاکستان سے بحران کے حل میں کردار ادا کرنے کی اپیل کی ، وزیر اعظم نے اس موقع پر کہا قطر سے پاکستان کے دیرینہ تعلقات ہیں، پاکستان کو خلیج کی صورتحال پر تشویش ہے۔
ہم خلیج بحران کے حل کےلئے کی جانب والی مخلصانہ کوششوں کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔

 

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس)بھارت میں انتہا پسند ہندوؤں نے معروف مسلمان کرکٹر محمد شامی پر حملہ کردیا۔
بھارتی ریاست مغربی بنگال کے شہر کولکتہ میں انتہا پسند ہندوؤں نے اپنی قومی ٹیم کے کرکٹر محمد شامی کے گھر پر حملہ کرکے ان کے چوکیدار کو تشدد کا نشانہ بنایا۔
محمد شامی کاٹجو نگر کے علاقے میں اپنے گھر کے باہر کار پارک کررہے تھے کہ اسی اثنا میں موٹرسائیکل سوار 3 نوجوانوں نے ان کے ساتھ بدتمیزی کی اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں۔ محمد شامی کی بلڈنگ کا چوکیدار ان کی مدد کو آیا تو تینوں نوجوانوں نے اسے تشدد کا نشانہ بنایا اور فرار ہوگئے۔ 15 منٹ بعد تینوں نوجوان واپس آئے اور عمارت میں گھس گئے۔
انہوں نے محمد شامی ے فلیٹ پر لاتیں گھونسے مارے اور اندر گھسنے کی کوشش کی۔ کرکٹر نے فون کرکے پولیس طلب کرلی جس کے پہنچنے تک انتہا پسند نوجوان فرار ہوگئے۔
بھارتی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے تینوں افراد کو گرفتار کرلیا جن کی شناخت جیانتا سرکار، سورپ سرکار اور شیوا پرامانک کے نام سے ہوئی ہے۔ ملزمان کے خلاف ضابطہ فوجداری کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ انتہا پسند ہندو اس سے پہلے بھی محمد شامی کو دھمکیاں دے چکے ہیں۔