ایمز ٹی وی(صحت) شہر میں بارشوں کے بعد جلدی امراض میں اضافہ ہوا ہے جس پر ماہرین امراض جلد نے ہدایت کی ہے کہ صفائی کا خاص خیال رکھا جائے ،صاف پانی زیادہ پیا جائے ، صاف کپڑے پہنے جائیں ، دن میں ایک سے دو بار غسل کیا جائے اور خود کو گرمی سے دور رکھا جائے تو ان امراض سے محفوظ رہا جاسکتا ہے ۔ انسٹیٹیو ٹ آ ف اسکن ڈیزیز سندھ کے ڈائریکٹر اور ماہرامراض جلدڈاکٹر اقبال نبی سومرو نے بتایا کہ شہر میں بارشوں کے بعد اسپتال میں مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے اور زیادہ تر وہ مریض آرہے ہیں جنہیں فنگس اور بیکٹیریل انفیکشن ہور ہاہے ۔ انہوں نے بتایا کہ بارش سے قبل شدید گرمی کے باعث شہریوں کوگرمی دانے ہو رہے ہیں جس میں اضافے سے انفیکشن ہو جاتاہے اور انفیکشن میں اضافے سے پھوڑیاں نکل آتی ہیں ۔
انہوں نے بتایا کہ بارش اور ہیومیڈٹی سے فنگس کا مرض بھی بڑھ گیا ہے ۔ جو ایک سے دوسرے کو منتقل ہوتاہے اور اس کا علاج 6ہفتوں تک جاری رہتا ہے لیکن شہری صرف ایک ہفتے کی دوا لے کر چلے جاتے اور مکمل علاج نہیں کراتے جس سے یہ مرض ان کے گھر کے دیگر افراد کو بھی لگ جاتا ہے ۔ ان کا کہنا تھاکہ یہ جلدی امراض قابل علاج ہیں اور مرہم اور ادویات کے استعمال سے ٹھیک ہوجاتے ہیںتاہم شہریوں کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ صفائی ستھرائی کا خیال رکھیں ، صاف کپڑے پہنیں ، دن میں ایک سے دوبار نہائیں،صاف پانی زیادہ سے زیادہ پئیں ، اینٹی بیکٹیریل صابن استعمال کریں اور گرمی میں کام نہ کریں ۔ ان کا کہنا تھا کہ محکمہ صحت کے تحت اسکن ڈیزیز اسپتال میں تمام ادویات اور مرہم مریضوں کو مفت فراہم کیے جاتے ہیں جلدی امراض کی صورت میں شہری اسپتال سے رجوع کریں ۔
ایمز ٹی وی(تعلیم) میٹرک کے امتحانات میں ہر قسم کی کرپشن کے امکانات ختم کردیئے جائیں گے ، امتحانی کاپی میں صفحات کی تعداد بڑھا کر کاپی کو سی دیا جائے گا تاکہ نقل شدہ صفحات نہ جوڑیں جاسکیں۔
ان خیالات کا اظہار چیئرمین میٹرک بورڈ ڈاکٹر سعید الدین نے پرائیویٹ اسکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن (پسما) کے ایک وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔ وفد میں چیئرمین (پسما) شرف الزماں ، سیکرٹری سید اسرار علی ، سید حسان شہید ، اختر آرائیں ، غلام ربانی ، محمد شکیل ، شعیب قیوم اور محمد عمر شامل تھے ۔ چیئرمین پسما شرف الزماں نے چیئرمین میٹرک بورڈ کے اقدامات کوسراہتے ہوئے کہا کہ امسال امتحانات میں بوٹی مافیا کا مکمل خاتمہ کردیا جائے گا۔