ایمزٹی وی(اسلام آباد)پاک بھارت آبی تنازعات پربات چیت کے لیے بھارتی انڈس واٹر کمشنر کی سربراہی میں 10 رکنی وفد پاکستان پہنچ گیا ہے۔
پاک بھارت انڈس واٹرکمشنرز کے مابین مذاکرات کل اسلام آباد میں شروع ہوں گے جو 21 مارچ تک جاری رہیں گے، مذاکرات میں دریائے چناب پر بننے والے 3 منصوبے زیر بحث آئیں گے، دریائے چناب پر بننے والے متنازع منصوبوں میں مایار ڈیم، لوئر کلنائی ڈیم اور پاکل دل ڈیم شامل ہیں۔ 1960 میں طے پانیوالے سندھ طاس معاہدے کے بعد دونوں ملکوں کے مابین پانی کے تنازعہ پر یہ 113 ویں مذاکرات ہوں گے جب کہ مذاکرات میں فریقین متنازع امور کے حل کے لیے ثالثی کے قیام پر بات چیت کرسکتے ہیں۔
ذرائع انڈس واٹرکمیشن کے مطابق بھارت کی طرف سے زیر تعمیر کشن گنگا اور رٹلے ڈیمز پربات چیت ایجنڈے میں شامل نہیں۔ واضح رہے کہ سندھ طاس معاہدے کے تحت دونوں ممالک کے مابین مذاکرات 2 سال بعد ہو رہے ہیں۔
ایمزٹی وی(لاہور)لاہور میں منہاج القرآن کے زیراہتمام اجتماعی شادیوں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ میرے منہ میں خاک لیکن اگر انصاف نہ ملا تو ملک زندہ نہیں رہے گا، (ن) اور قانون میں سے کسی ایک کا جنازہ نہ نکلا تو پھر خون نکلے گا، لوگ موجودہ نظام سے تنگ آ گئے ہیں، یہاں جمہوریت کے نام پر ڈکٹیٹر شپ قائم ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جتنے بڑے کرپٹ لوگ پاکستاں میں آکر منہ صاف کر لیتے ہیں کہیں اور ایسا نہیں ہوتا، یہاں چوروں، ڈاکوں اور منافقوں نے اتحاد قائم کر لیا ہے اور اس گٹھ جوڑ کو توڑنے کے لیے سب کو اٹھنا ہو گا،2017 پاکستان کی سیاست کا اہم ترین سال ہے لہذا عوام ہوش اور سچائی سے کام لیں۔۔
شیخ رشید نے کہا کہ شرجیل میمن کی ائیرپورٹ پر گرفتاری کا ڈرامہ کیا گیا،شرجیل میمن کی گرفتاری اور رہائی ملٹری کورٹس کے پیچھے ڈیل کا نتیجہ ہے جب کہ شرجیل میمن کے بعد ڈاکڑ عاصم اور عزیر بلوچ کا بھی پتہ چل جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ نام اسلام کا لیتے ہیں لیکن چھاؤنی اسلام آباد میں ڈالنا چاہتے ہیں جب کہ ہمارے ملک میں دودھ، دوائی اور حکومت بھی خالص نہیں ہے، امریکی صدر اوبابا کی بیٹی باپ کے صدارت سے فارغ ہونے کے بعد نجی ہوٹل میں کام کرتی ہے لیکن ہماری بیٹی لندن میں 800 کروڑ کے فلیٹ رکھتی ہے۔
ایمزٹی وی (اسپورٹس)ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کے سلیکٹرز نے پاکستان کے خلاف ٹی 20 سیریز کیلئے کیرن پولارڈ، سنیل نارائن، لینڈل سیمنز اور سیمیول بدری کو ٹیم میں شامل کر لیا ہے۔
یہ چاروں کھلاڑی پاکستان کے خلاف ٹی 20 سیریز کے ابتدائی 2 میچوں کیلئے منتخب اسکواڈ میں شامل کئے گئے ہیں۔ ٹی 20 سیریز 26 مارچ کو بارباڈوس میں شروع ہو گی جس کے بعد باقی میچ ٹرینیڈاڈ میں 30 مارچ، یکم اپریل اور 2 اپریل کو کھیلے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق سلیکشن کمیٹی کے سربراہ کورٹنی براﺅن نے چاروں کھلاڑیوں کو آگاہ کر دیا ہے تاہم ابھی تک یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ یہ چاروں کھلاڑی باقی دو میچوں میں بھی ٹیم کا حصہ ہوں گے یا صرف ابتدائی 2 میچ ہی کھیلیں گے کیونکہ یہ سیریز ختم ہونے کے صرف 3 دن بعد ہی انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) شروع ہونے جا رہی ہے اور یہ چاروں کھلاڑی اس لیگ کے مختلف فرنچائز کے کھلاڑی ہیں۔