اتوار, 12 جنوری 2025

ایمز ٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک) سونی نے اپنا فلیگ شپ فون ایکسپیریا ایکس زی پریمئیم متعارف کرا دیا ہے جو کہ دنیا کا پہلا اسمارٹ فون ہے جس میں 4 کے ایچ ڈی آر اسکرین کو دیا گیا ہے۔
جی ہاں سونی نے ڈیڑھ سال پہلے ایکسپیریا زی فائیو پریمئیم کی شکل میں دنیا کا پہلا اور اب تک واحد اسمارٹ فون متعارف کرایا تھا جس میں فور کے ڈسپلے دیا گیا تھا اور اب اس نئی ڈیوائس کی شکل میں فور کے ایچ ڈی آر اسکرین والا فون پیش کیا ہے۔
اور ایکسپیریا ایکس زی پریمئیم میں صرف ڈسپلے ہی واحد چیز لوگوں کی توجہ حاصل کرنے والا فیچر نہیں بلکہ کمپنی نے اسے دنیا کا سب سے 'بہترین اسمارٹ فون کیمرے' والی ڈیوائس بھی قرار دیا ہے۔
یہ کیمرہ 960 فریم فی سیکنڈ کی رفتار سے سلو موشن ویڈیو ریکارڈ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے جسے موشن آئی ٹیکنالوجی کا نام دیا گیا ہے۔
موبائل ورلڈ کانگریس کے دوران سونی کی جانب سے اسے پیش کیا گیا جو کہ گزشتہ سال کے ایکسپیریا ایکس زی کے مقابلے میں زیادہ بہتر فون ہے۔
5.5 انچ کی 4 کے ایچ ڈی آر اسکرین (3840s2160) دوسروں سے بالکل مختلف ہے کیونکہ کواڈ ایچ ڈی اسکرین کا ریزولوشن 2560x1440 ہوتا ہے جس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔
اس سے ہٹ کر فون میں اینڈرائیڈ 7.1 نوگیٹ آپریٹنگ سسٹم، کوالکوم کا طاقتور اسنیپ ڈراگون 835 پراسیسر، 4 جی بی ریم، 64 جی بی اسٹوریج جسے مائیکرو ایس ڈی کارڈ سے 256 جی بی تک بڑھایا جاسکتا ہے اور 3230 ایم اے ایچ بیٹری موجود ہے۔
سونی کے بیشتر فونز کی طرح یہ بھی واٹر اور ڈسٹ پروف ڈیوائس ہے مگر اس میں ایک انفرادیت یہ ہے کہ اس پر چکنے ہاتھوں کے نقش ثبت نہیں ہوتے۔
سونی نے اس میں اب تک کا سب سے بہترین کیمرہ اپ گریڈ کیا ہے۔
19 میگا پکسلز کا موشن آئی رئیر کیمرہ ' Predictive Capture ' موڈ کے ساتھ ہے جو اس وقت بھی فوٹو کھینچ لیتا ہے جب آپ نے شٹر کو ہٹ نہ کیا ہو جبکہ Predictive آٹو فوکس کو پہلے سے بہتر کیا گیا ہے۔
کمپنی کے مطابق کیمرے کا لینس اگرچہ 19 میگا پکسلز کا ہے مگر اسے بڑا کیا گیا ہے تاکہ زیادہ روشنی جذب کرکے کم روشنی میں بھی بہترین فوٹوز لے سکے، جبکہ فور کے الٹر ایچ ڈی ریکارڈ بھی اس کی مدد سے کی جاسکتی ہے۔
اس کا فرنٹ کیمرہ گزشتہ سال کے ماڈل کی طرح 13 میگا پکسلز کا ہے۔
یہ فون دو رنگوں میں رواں سال کی دوسری سہ ماہی کے دوران دنیا بھر میں فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا تاہم فی الحال اس کی قیمت کا اعلان نہیں کیا گیا۔
اسی طرح کمپنی نے گزشتہ سال کے ایکسپیریا ایکس زی کا اپ ڈیٹ ورژن ایکس زیز بھی متعارف کرایا جس میں موشن آئی ٹیکنالوجی کو پیش کیا گیا۔
کمپنی نے دو درمیانے درجے کے اسمارٹ فون ایکسپیریا ایکس اے 1 اور ایکس اے 1 الٹرا بھی ایونٹ کے دوران پیش کیے۔
 

 

 

ایمز ٹی وی(کراچی) شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پولیس نے غیرقانونی تارکین وطن کیخلاف کریک ڈاون کرتے ہوئے183افراد کو گرفتار کر لیا۔
ملک کے مختلف علاقوں میں آپریشن ردالفساد کے سلسلے میں فورسز کی کارروائی ،راولپنڈی سے 15 مشتبہ افراد گرفتار
تفصیلات کے پولیس نے کراچی کے مختلف علاقوں میں مقیم غیر قانونی تارکین وطن کیخلاف کارروائی کے دوران 183افغان باشندوں کو حراست میں لیاہے ۔پولیس نے گرفتار افراد سے ابتدائی تحقیقات کے بعد ان کیخلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے انہیں نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے ۔
واضح رہے کہ ملک میں جاری آپریشن ردالفساد کو مزید موثر بنانے کیلئے ایسی کارروائیاں عمل میں لائی جا رہی ہیں۔

 

 

ایمزٹی وی (تعلیم /کراچی)ِ انجمن اساتذہ جامعہ کراچی کا اجلاس صدر ڈاکٹر شکیل فاروقی کی صدارت میں ہوا ۔مجلس ِ عاملہ نے سلیکشن بورڈ اور اسکروٹنی کے عمل میں سست روی کو برداشت نہ کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے ان معاملات کو فی الفور پایۂ تکمیل تک پہنچانے پر زور دیا۔ مزید برآں جن شعبہ جات میں نے این ٹی ایس ٹیسٹ نہ ہونے کے باعث سلیکشن بورڈ رکے ہوئے ہیں وہاں فوری طور پر ٹیسٹ کرانے کا مطالبہ کیا ہے اور اس امر کی نشاندہی بھی کی ہے کہ جامعہ کو اپنے ٹیسٹ کا انعقاد شفاف اور مساوی بنیادوں پر خود کرنا چاہیئے۔ اسکروٹنی کے حوالے سے متاثر شعبہ جات بالخصوص شعبہ خردحیاتیات، شعبۂ طبیعات ، شعبہ کیمیا اور دیگر شعبہ جات کے لیے ہنگامی بنیادوں پر قاعدے کے مطابق فیصلہ کرنے کا اور سلیکشن بورڈ کا انعقادکرنے کو ناگزیر قرار دیا۔ اجلاس میں کہا گیا کہ جامعہ کو اپنے ٹیسٹ کا انعقاد شفاف اور مساوی بنیادوں پر خود کرنا چاہیئے۔

 

 

 

ایمز ٹی وی(واشنگٹن) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی کوشش ہے کہ امریکہ کے 2018 کے بجٹ میں دفاعی اخراجات 54 ارب ڈالرتک کا اضافہ کیا جائے۔
مختلف سرکاری ایجنسیوں کو بجٹ کا مسودہ بھیجا گیا تھا، تجویز کردہ مسودے میں ماحولیاتی بجٹ اور غیر ملکی امداد میں کمی کی گئی ہے،تاہم ٹرمپ کے پلان میں بڑے فلاحی پروگراموں جیسے سوشل سکیورٹی اور میڈی کیئر کو نہیں چھیڑا گیا جبکہ ریپبلکن پارٹی نے ان میں اصلاحات کا مطالبہ کیا ہے۔
صدر ٹرمپ نے وائٹ ہاو¿س میں گورنز کی ایک ملاقات میں کہا ہے کہ ہم نے کم (وسائل) کے ساتھ زیادہ کام کرنا ہے، اور حکومت کو کم خرچ پر چلانا ہے اور احتساب کرنا ہے،صدر ٹرمپ نے بتایا ہے آج ملک کے انفراسٹرکچر (تعمیری ڈھانچے) کے بارے میں کانگریس کے سامنے اپنی تقریر میں بتاﺅں گا، ہمیں انفراسٹرکچر پر بہت توجہ دینی ہے۔
واضح رہے کہ صدر ٹرمپ نے اپنی انتخابی مہم میں کہا تھا کہ وہ دفاعی اخراجات میں اضافہ کریں گے اور فلاحی پروگراموں کو محفوظ رکھیں گے۔ اس دوران ان کا کہنا تھا کہ ان کا بجٹ ’ملٹری، تحفظ، اور اقتصادی ترقی‘ پر توجہ دے گا،توقع ہے کہ صدر ٹرمپ اپنے مجوزہ بجٹ کا حتمی مسودہ مارچ کے وسط میں پیش کریں گے

 

 

ایمز ٹی وی (مانیٹرنگ ڈیسک) اگر تو آپ سام سنگ کے اگلے فلیگ شپ اسمارٹ فون گلیکسی ایس ایٹ کو خریدنے کے خواہشمند اور انتظار کررہے ہیں تو اچھی خبر یہ ہے کہ اب اس کے سامنے آنے میں کچھ زیادہ دن نہیں رہ گئے۔
بارسلونا میں جاری موبائل ورلڈ کانگریس کے دوران سام سنگ نے گلیکسی ایس 8 کو متعارف کرانے کی تاریخ کا اعلان ایک ویڈیو کے لیے ذریعے کیا۔
اگرچہ اس جنوبی کورین کمپنی نے اس ایونٹ میں فون کی بجائے صرف ٹیبلیٹس اور دیگر ڈیوائسز متعارف کرائیں تاہم اس بار گلیکسی ایس سیریز کا فون دیکھنے میں نہیں آیا۔
مگر اس نے یہ ضرور اعلان کیا کہ 29 مارچ کو اس کا اب تک سب سے طاقتور اینڈرائیڈ فون نیویارک میں ایک ایونٹ کے دوران متعارف کرایا جائے گا۔
اگرچہ کمپنی نے اس کی مزید تفصیلات نہیں بتائیں مگر لیکس کی مہربانی سے اس کے متعدد فیچرز پہلے ہی سامنے آچکے ہیں۔
سام سنگ کے اس نئے فلیگ شپ فون میں ایسا فیچر پیش کیا جانے والا ہے جو اس وقت آئی فون یا کسی اور اینڈرائیڈ فون میں موجود نہیں۔
خود سوچیں کہ ایک بہترین اسمارٹ فون آپ کے ہاتھ میں ہو مگر اس کے ساتھ وہ ڈیسک ٹاپ کمپیوٹر کا کام بھی کرے تو کیا ہوگا؟
مختلف رپورٹس کے مطابق گلیکسی ایس 8 کسی ڈیسک ٹاپ کمپیوٹر کی طرح بھی کام کرسکے گا۔
گلیکسی ایس 8 میں DeX نامی خصوصی ڈوک ہوگا جو آپ کو اس فون کو بطور ڈیسک ٹاپ اینڈرائیڈ کمپیوٹر کے ساتھ کام کرنے میں مدد دے گا آپ کو بس مانیٹر، ماﺅس اور کی بورڈ کی ضرورت ہوگی۔
ایسا تجربہ مائیکروسافٹ نے اپنے لومیا 950 اسمارٹ فون میں کیا تھا مگر ونڈوز 10 موبائل لوگوں کو کچھ خاص پسند نہیں تو اس لیے یہ ناکام ثابت ہوا۔
اس فون میں کوالکوم کا نیا طاقتور اسنیپ ڈراگون 835 پراسیسر ہوگا جو کہ ڈیسک ٹاپ کمپیوٹر کے تجربے کے لیے کافی ثابت ہوگا۔
اسی طرح ایک اور بڑا فیچر انفینٹی اسکرین ہے جو کہ ورچوئل طور پر اس فون کے فرنٹ پینل کو کور کرے گی یا یوں کہہ لیں کہ مکمل طور پر فرنٹ پر بس پوری اسکرین ہوگی جسے ایج لیس اسکرین بھی کہا جاتا ہے اور فنگر پرنٹ اسکینر بیک پر چلا جائے گا۔
اس سے ہٹ کر مائیکرو ایس ڈی کارڈ سپورٹ، یو ایس بی سی اور گئیر وی آر ہیڈ سیٹ وغیرہ بھی اس کا حصہ ہوں گے۔
 

 

 

ایمز ٹی وی(لاہور) شریف خاندان کی شوگر ملزکی منتقلی کیخلاف درخواستوں کی سماعت آج ہو گی ۔
شریف خاندان کی تین شوگر ملز کو جنوبی پنجاب میں منتقل کر نے کے خلاف دائر درخواستوں کی سماعت آج لاہور ہائی کورٹ میں ہو گی ۔2رکنی بینچ کے سربراہ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ ہیں۔
قبل ازیں لاہور ہائی کورٹ نے شریف خاندان کی شوگر ملز میں کرشنگ پر جاری حکم امتناعی میں توسیع کرتے ہوئے سماعت 28 فروری تک ملتوی کردی تھی۔
وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف پر الزام ہے کہ انہوں نے قوائد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے نئی شوگر ملوں کے قیام پر پابندی کے باوجود3 نئی شوگر ملز قائم کی۔ سپریم کورٹ نے اتفاق، چودھری اور حسیب وقاص شوگر ملز کا کیس واپس ہائیکورٹ کو بھجوایا تھا۔

 

 

ایمز ٹی وی(نئی دہلی) بھارت میں انتہا پسند تنظیم کے خلاف آواز اٹھانے پر سابق فوجی کی بیٹی کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کی دھمکیاں ملنے لگیں ۔
دہلی یونیورسٹی میں انتہا پسند تنظیم کے خلاف آواز بلند کرنے پر مودی کی تنظیم نے کارگل جنگ میں ہلاک ہونے والے سابق فوجی کی بیٹی کو ریپ کرنے کی دھمکی دے ڈالی ۔
سوشل میڈیا پر چلائی جانے والی اس مہم نے انتہا پسند ہندوو¿ں کے تن بدن میں آگ لگا دی ہے۔ انتہا پسند اور تنگ نظر ہندوسابق فوجی کی بیٹی گرمہر کور کی جان کے دشمن اس لیے بھی ہوئے ہیں کہ انہوں نے اکھل بھارتیہ ودیارتھی پریشد نامی انتہا پسند تنظیم کی یونیورسٹی میں لڑکیوں کے ساتھ چھیڑ خانی اور غنڈا گردی کے خلاف آواز اٹھائی تھی اور ساتھ ساتھ وہ یہ سمجھتی ہیں کہ جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں جس کے لیے انہوں نے سوشل میڈیا پر باقاعدہ مہم بھی چلائی ہے۔
دہلی یونیورسٹی کی گرمہر کور کو بھارتی جنتا پارٹی کی طلبہ تنظیم اکھل بھارتیہ ودیارتھی پریشد دھمکیاں دے رہی ہے۔ گر مہر کور بھی ڈٹ گئیں ان کا کہنا ہے وہ ان گیڈر بھھکیوں سے ڈرنے والی نہیں۔

 

 

ایمز ٹی وی(واشنگٹن) جنوبی کیلیفورنیا میں چھوٹا طیارہ گھروں پر گر کرتباہ ہونے سے 4 افراد ہلاک جبکہ 5 زخمی ہوگئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق چھوٹا طیارہ 310 ریورسائیڈ ایئرپورٹ سے ٹیک آف کے کچھ ہی دیر بعد حادثے کا شکار ہوگیا۔
گھروں پر گرنے کے بعد طیارے میں آگ لگ گئی۔عینی شاہد نے بتایا کہ ”میں نے ایک دھماکہ سنا جس کے بعد منظر دھویں کے بادلوں سے ڈھک گیا۔طیارے میں 4 افراد سوار تھے جبکہ طیارے کی زد میں آنے سے 4 افراد ہلاک ہوگئے ۔حکام کے مطابق حادثے کے بارے تفتیش کی جارہی ہے کہ کس وجہ سے طیارہ تباہ ہوا۔

 

 

ایمز ٹی وی (کراچی )انسانی خدمت کے جذبے سے سرشار بین الاقوامی سماجی شخصیت مرحوم عبدالستار ایدھی کی 89 ویں سالگرہ کے موقع پردنیا کے سب سے بڑے سرچ انجن گوگل نے ان کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اپنے صفحہ اول پر ان کا ڈوڈل جاری کیا ہے۔
دنیا بھر میں انسانیت کی خدمت کرنے والے مرحوم عبدالستار ایدھی کی 28 فروری کو89 ویں سالگرہ منائی جارہی ہے۔ دنیا بھر میں بابائے انسانیت اور ان کے کاموں کو خراج عقیدت پیش کرنے کا سلسلہ ہوگیا ہے جس میں دنیا کا سب سے بڑا سرچ انجن گوگل بھی پیش پیش ہے۔
گوگل نے عبدالستار ایدھی کو ان کی خدمات کی بنا پر خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے اپنے سرورق کو ہی تبدیل کردیا ہے اور صفحہ اول پر عبدالستار ایدھی کی تصویر اور فلاحی کاموں کو آویزاں کرکے ان کی سماجی خدمات کا اعتراف کیا ہے۔
گوگل آسٹریلیا سرچ انجن نے اپنا ہوم پیج تبدیل کرکے ایدھی صاحب کو خراج عقیدت پیش کرنے کا آغاز کردیا ہے جس کے بعد یہ سلسلہ پوری دنیا میں جاری رہے گا۔

 

 

ایمز ٹی وی (راولپنڈی) نئے بلدیاتی نظام کے نفاذ کے بعد شہر بھر میں پلازوں کی قانونی اور غیر قانونی تعمیرات کا لامتناہی سلسلہ شروع ہو گیا ہے جبکہ دو ماہ کا عرصہ گزرنے کے باوجود6 ماہ کا ماسٹر پلان تیار ہوا نہ ہی کوئی انتظامی حکمت عملی سامنے آئی۔ میونسپل بائی لاز کی کھلم کھلا خلاف ورزی سے شہر کا حسن بگڑنے لگا۔ سینکڑوں رہائشی و کمرشل عمارتوں کی دن رات غیرقانونی تعمیر کا سلسلہ جاری ہے۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف راولپنڈی میں غیرقانونی تعمیرات کا نوٹس کیوں نہیں لیتے؟ سکستھ روڈ، صادق آباد، 8نمبر چونگی، بند کھنہ روڈ، ہولی فیملی روڈ، ڈگری کالج روڈ، کمرشل مارکیٹ، بی اور ای بلاک سٹلائٹ ٹائون، سکستھ روڈ، پل شاہ نذر، جامع مسجد روڈ، لیاقت روڈ، گنجمنڈی، کشمیری بازار، ڈھوک رتہ روڈ اور سرسید چوک سمیت دیگر علاقوں میں غیرقانونی تعمیرات لگاتار جاری ہیں۔ ہولی فیملی روڈ پر صفا مسجد کے سامنے اور سکس روڈ پروجیکشن لائن پر بھی تعمیرات ہو رہی ہیں۔ ادہر معلوم ہوا ہے کہ میونسپل کارپوریشن نے مشروط طور پر رہائشی و کمرشل نقشے جمع کرنا شروع کر دیئے ہیں۔

 

ذرائع کا کہنا ہے کہ میونسپل کارپوریشن نے یکم جنوری سے نقشے جمع کرنا بند کر دیئے تھے‘ اب نئی شرط رکھی گئی ہے کہ نئے رولز بزنس آنے پر نئی ٹرم اینڈ کنڈیشن لاگو ہونگی۔ سکستھ روڈ پر گاڑیوں کے شوروم کیلئے الاٹ جگہ پر مزار کے ساتھ ایک پلازہ زیرتعمیر ہے۔ میونسپل کارپوریشن حکام کا کہنا ہے کہ پلازے کی تعمیر رکوا کر مالکان کو نقشہ سمیت طلب کر لیا ہے۔ سکستھ روڈ پر ایک زیرتعمیر پلازہ میں سیٹ بیک کیلئے جگہ نہیں چھوڑی گئی‘ سیدپور روڈ پر ہولی فیملی روڈ کے بالمقابل ایک پلازے کی آڑھی ترچھی دیواریں انتظامیہ کو نظر نہیں آ رہیں۔ نئے بلدیاتی نظام کے نفاذ کے بعد وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے ہدایت کی تھی کہ راولپنڈی شہر سے تجاوزات کے خاتمے کے ساتھ ساتھ شہر کی ترقی کیلئے چھ ماہ اور دو سالہ مدت کے ماسٹر پلان تیار کئے جائیں لیکن کوئی عملی کوشش نظر نہیں آئی۔

 

ذرائع کے مطابق لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ کے جسٹس عبادالرحمٰن لودھی کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر سے انفورسمنٹ انسپکٹروں تک کو اپنی آمدن کے گوشوارے محکمہ اینٹی کرپشن کو جمع کرانے تھے لیکن لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی کے جسٹس مامون رشید شیخ اور جسٹس خالد ملک پر مشتمل ڈویژن بنچ نے سنگل بنچ کے حکم کیخلاف حکم امتناعی جاری کر دیا تھا‘ جس سے انتظامی افسران کو تو ریلیف مل گیا لیکن شہر بھر میں میونسپل بائی لاز کی خلاف ورزی کا کھلم کھلا سلسلہ جاری ہے۔ بلڈنگ مافیا اور میونسپل کارپوریشن کے کرپٹ اہلکاروں کی ملی بھگت سے شہر میں رہائشی نقشوں پر کمرشل تعمیرات ہو رہی ہیں جبکہ خلاف نقشہ کمرشل تعمیرات بھی جاری ہیں۔ بلڈنگ مافیا سیٹ بیک اور کمپائونڈ کی جگہ تو چھوڑ دیتا ہے لیکن چھوڑی ہوئی سیٹ بیک کی جگہ پر شیڈ بڑھا کر شیڈ کنارے دیواریں تعمیر کر لی جاتی ہیں۔ اگر شیڈ کی2 فٹ تعمیر کی اجازت ہے تو شیڈ ساڑھے تین فٹ سے پانچ فٹ تک بڑھا لیا جاتا ہے‘ اسی طرح کمپائونڈ ایریا بھی کور کر لیا جاتا ہے جس کی فیس ادائیگی کیلئے بعد میں ملی بھگت سے میونسپل کارپوریشن میں درخواست جمع کرا دی جاتی ہے۔ بلڈنگ بائی لاز کے مطابق بیسمنٹ پلس2 یا3 منزل کا نقشہ پاس ہو تو ایک یا دو منزلیں فالتو بنا لی جاتی ہیں حالانکہ آرکیٹیکٹ رپورٹ، سوائل رپورٹ اور نقشہ کی منظوری کی شرائط کو مدنظر رکھا جائے تو بائی لاز کی خلاف ورزی ممکن ہی نہیں ہے۔ قبضہ مافیا نے رشوت خوری کیلئے خود ساختہ پروجیکشن لائن کنسٹرکشن طریقہ کار ایجاد کر لیا ہے جس کے باعث نقشہ کی منظوری، انجینئر رپورٹ، آرکیٹیکٹ رپورٹ اور سوائل ٹیسٹ رپورٹ، بیسمنٹ، سیٹ بیک اور کمپائونڈ ایریا کے بارے میں رولز اینڈ ریگولیشن کی پرواہ کئے بغیر تعمیرات کا سلسلہ جاری ہے۔